Category Archives: طور طريقہ

قومی زبان اور ہم

پیش لفظ از بلاگر
ہم کیسے لوگ ہیں کہ ہمیں اپنی کوئی چیز پسند نہیں ۔ اپنے مُلک میں بنی اشیاء کو ہم حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔ کمال یہ کہ اپنے مُلک کی بنی اشیاء دھوکہ کھا کر مہنگے داموں خریدتے ہیں ۔ اپنی قومی زبان بولنا شاید ہتک خیال کرتے ہیں ۔ قومی زبان بولتے ہوئے انگریزی کا تڑکا لگانا شاید ترقی کا نشان سمجھا جاتا ہے

1973ء میں اُردو کو 20 سال میں مُلک کے تمام اداروں میں ہر سطح پر رائج کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہوا یہ کہ وعدہ کرنے والوں نے اس پر پہلا قدم بھی نہ اُٹھایا ۔ ضیاء الحق کی آمریت کے دوران اس پر زور دیا گیا اور تمام قوانین اور دستاویزات کا اُردو میں ترجمہ کرنے کیلئے مقتدرہ قومی زبان کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا گیا ۔ پاکستان کی یونیورسٹیوں کے سینیئر پروفیسر صاحبان کی ایک کمیٹی بنائی گئی جس کے ذمہ تمام غیر مُلکی زبانوں میں موجود تدریسی کُتب کا اُردو میں ترجمہ کرنا لگایا گیا ۔ جنہوں نے احسن طریقہ سے کام شروع کر دیا
میں نے 1984ء میں دائرہ معارف الاسلامیہ اور فقہ اربعہ مذاہب خریدی تھیں اور میرے پاس ہیں یہ دو مجموعے اس کمیٹی کی قابلیت اور محنت کا ثبوت ہیں ۔ دائرہ معارف الاسلامیہ جو اینسائیکلوپیڈیا آف اسلام کا ترجمہ تھا کو مکمل بھی کیا گیا تھا چنانچہ 8 جلدوں کی 22 جلدیں بن گئیں تھیں
ضیاء الحق کی حکومت کے بعد تدریسی کُتب کا ترجمہ کرنے والی کمیٹی کو ختم کر دیا گیا ۔ مقتدرہ قومی زبان کا ادارہ یتیم کر دیا گیا اور اب شاید موجود ہی نہیں ہے

اب پڑھیئے تازہ خبر
سپریم کورٹ کے جج جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اُردو اور مقامی زبانوں میں قوانین اورزبانوں کی ترویج سے متعلق مقدمے کی سماعت کی
وفاق کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ
صدر، وزیر اعظم اور وفاقی وزراء سرکاری تقریبات میں اندرون اور بیرونِ مُلک اُردو زبان میں تقاریر کریں گے،
تمام سرکاری ادارے 3 ماہ کے اندر اپنی پالیسیوں اور قوانین کا اُردو ترجمہ شائع کریں گے
الیکشن کمیشن، ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی کےفارم ا اوریوٹیلیٹی بلوں سمیت اس نوع کی تمام تر دستاویزات 3 ماہ کے اندر صارفین کو اُردو میں فراہم کی جائیں گی
پاسپورٹ کے تمام تر مندرجات انگریز ی کے ساتھ ساتھ اُردو میں بھی منتقل کئے جائیں گے
تمام وفاقی ادارے اپنی ویب سائٹس بھی 3 ماہ کے اندر اندر اُردو میں منتقل کریں گے
پورے ملک میں تمام شاہراہوں پر نصب سائن بورڈ بھی انگریزی کے ساتھ اُردو میں لکھے جائیں
تمام سرکاری تقریبات، استقبالیوں کی کارروائی بھی مرحلہ وار اُردو میں شروع کی جائے
اُردو کے نفاذ و ترویج کے سلسلہ میں ادارہ فروغ قومی زبان کو مرکزی حیثیت دی جائے گی تاکہ اس قومی مقصد کی بجا آوری کے راستے میں رکاوٹوں کو مؤثر طریقے سے جلد از جلد دور کیا جاسکے

بات ہے سوچ کی

سوچ آدمی کو انتہائی بلندیوں پر پہنچا سکتی ہے
اور
پستی کی گہرائیوں میں بھی پہنچا سکتی ہے
سوچ
درست ہو تو دُشمن بھی دوست بن سکتا ہے
اور
بیمار ہو تو اچھی چیز بھی بُری لگتی ہے
سوچ ایسی نازک چیز ہے جس کے بیمار ہو جانے کا بہت زیادہ خدشہ ہوتا ہے