کوئی خاندان بلاعیب نہیں ہوتا
خاندان میں جھگڑا ہوتا ہے لڑائی ہوتی ہے
بعض اوقات آپس میں بول چال بھی بند ہو جاتی ہے
لیکن آخر کار خاندان خاندان ہی ہوتا ہے
ان میں باہمی محبت ختم نہیں ہوتی
اسی لئے کسی نے لکھا ہے
اپنا ہے پھر بھی اپنا ۔ بڑھ کر گلے لگا لے
اچھا ہے یا بُرا ہے ۔ اپنا اسے بنا لے
Category Archives: طور طريقہ
ایہہ پُتَر ہَٹاں تے نئیں وِکدے
ستمبر 1965ء میں صوفی تبسم صاحب کی لکھی اور ملکہ ترنم نور جہاں کی گائی یہ نظم مجھے بہت کچھ یاد دلاتی ہے
تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے بھارت نے 6 ستمبر 1965ء کو آدھی رات کے بعد پاکستان پر اچانک حملہ کر دیا
صبح صدرِ پاکستان جنرل محمد ایوب خان کی ریڈیو پر تقریر “پاکستان کے جوان جن کے لبوں پر کلمہ لا الہ الاللہ کا ورد ہے اپنے ملک کی حفاظت کیلئے سرحدوں کی طرف روانہ ہو چُکے ہیں”۔
پاکستانی قوم کا مثالی اتحاد ۔ یگانگت اور جذبہءِ حُب الوطنی
پاکستان آرڈننس فیکٹری میں دن رات کام ۔ میری فیکٹری کے ورکرز کا چھٹی کرنے سے انکار ۔ میرا اُن کو بار بار سمجھانا کہ”بھائیو ۔ کل بھی کام کرناہے ۔ جاؤ اور چند گھنٹے آرام کر کے واپس آؤ“۔ بڑی مُشکل سےمیں نے اُنہیں منایا تھا
کام کے دنوں میں صبح 7 بجے سے سہ پہر 5 بجے تک میں اسسٹنٹ ورکس منیجر تھا ہی ۔ شام 6 بجے سے اگلے دن صبح 7 بجے تک مجھے سب سیکٹر کمانڈر بنا دیا گیا ۔ میں 15 دن رات فیکٹری میں رہا اور روزانہ ایک وقت کا کھانا کھایا ۔ پہلے 4 دن اور 3 راتیں نہ سویا ۔ چوتھی رات کو ایک فورمین اور ایک اسِسٹنٹ فورمین نے مجھے پکڑ کر میرے دفتر میں سٹریچر پر لٹا کر باہر سے دروازہ بند کر دیا اور فجر سے پہلے کھولا
بازاروں کا یہ حال تھا کہ دودھ والے جو پانی ملاتے تھے اُنہوں نے پانی ملانا بند کر دیا ۔ جو دودھ 10 آنے سیر بیچتے تھے اُنہوں نے 8 آنے بیچنا شروع کر دیا ۔ کھانے پینے کی دوسری اشیاء بھی پہلے سے سَستی بِکنے لگیں
لاہوریئے پلاؤ کی دیگیں پکوا کر ریہڑوں پر رکھ کر واہگہ محاذ کی طرف جانے شروع ہو گئے کہ ہمارے بھائی فوجیوں نے کھانا نہیں کھایا ہو گا
میں سوچ میں پڑ جاتا ہوں اور دل ہی دل میں کہتا ہوں ”یا رب ۔ میرے وہ پاکستانی بھائی کہاں چلے گئے ؟ ؟ ؟“
اَے پُتَر ھَٹاں تے نئیں وِکدے ۔ ۔ ۔ کی لَب نِیں ایں وِچ بازار کُڑے
اَے دین اے میرے داتا دی ۔ ۔ ۔ نا ایویں ٹکراں مار کُڑے
اَے پُتَر ھَٹاں تے نئیں وِکدے
اَے پُتَر وِکاؤ چیز نئیں ۔ ۔ ۔ مُل دے کے جھولی پائیے نِیں
اَے اَیڈا سَستا مال نئیں ۔ ۔ ۔ کِتوں جا کے منگ لیا ئیے نِیں
اَے سَودا نَقَد وی نئیں مِل دا ۔ ۔ ۔ تُوں لَب دی پھِریں اُدھار کُڑے
اَے پُتَر ھَٹاں تے نئیں وِکدے
اَے شیر بہادر غازی نیں ۔ ۔ ۔ کِسے کولوں وی ہَر دے نئیں
اَینا دُشمناں کولوں کی ڈرنا ۔ ۔ ۔ اَے مَوت کولوں وی ڈردے نئیں
اَے اپنے دیس دی عزت تَوں ۔ ۔ ۔ جان اپنی دیندے وار کُڑے
اَے پُتَر ھَٹاں تے نئیں وِکدے
تَن بھاگ نیں اَوہناں ماواں دے ۔ ۔ ۔ جِنہاں ماواں دے اَے جائے نیں
تَن بھاگ نیں بہن بھراواں دے ۔ ۔ ۔ جِنہاں گودی وِیر کھڈائے نیں
اَے آن نیں ماناں والیَاں دی ۔ ۔ ۔ نئیں ایس دی تینوں سار کُڑے
اَے پُتَر ھَٹاں تے نئیں وِکدے
خاوند اور بیوی کا رشتہ
سب جانتے ہیں کہ خاوند اور بیوی کا رشتہ اہمیت کا حامل ہے ۔ جمہوریت کا زمانہ ہے اسلئے اُمید کرتا ہوں کہ اس قابلِ احترام رشتے کے فرائض اور ذمہ داریاں سمجھانے میں آسانی رہے گی ۔ خاوند گھرانے کا صدر ہوتا ہے اور بیوی وزیرِ اعظم
صدر کا ریاست میں بڑا احترام ہوتا ہے کیونکہ وہ ریاست کا سربراہ ہوتا ہے ۔ ریاست کے تمام قوانین حتٰی کہ آئین بھی صدر کی منظوری (دستخط) کے بغیر نافذ نہیں ہو سکتے
وزیرِ اعظم کا کام ریاست کا کار و بار چلانا ہوتا ہے ۔ داخلی امور کے ساتھ ساتھ خارجی امور اور تعلقاتِ عامہ بھی اُس کی ذمہ داری ہوتے ہیں ۔ وزیرِ اعظم جو بھی فیصلہ کرے یا قانون بنائے صدر کے پاس بھیجتا ہے اور صدر اُس پر منظوری کے دستخط کرنے کا پابند ہوتا ہے ۔ جو بھی فیصلہ کرنا ہوتا ہے وہ وزیرِ اعظم کرتا ہے لیکن وزیر اعظم صدر کے عہدے کا احترام کرتا ہے اسلئے فیصلہ لکھنے کے بعد صدر کو دیکھنے اور دستخط کرنے کیلئے بھیج دیتا ہے
صدر کا عہدہ ہے بہت قابلِ احترام گو صدر کے اخراجات کی منظوری بھی وزیرِ اعظم دیتا ہے ۔ صدر کوئی فیصلہ نہ از خود کر سکتا ہے اور نہ نافذ کر سکتا ہے ۔ یہ کام وزیرِ اعظم کے ذمہ ہے ۔ بے چارہ وزیرِ اعظم ۔ لیکن صدر کا عہدہ بہت قابلِ احترام ہے
سمجھ نہیں آیا تو ایک بار پھر پڑھیئے
کیا مذہب یہی سِکھاتا ہے ؟
آج میں ویب گردی کر رہا تھا تو اچانک ایک ویب سائٹ نظر آئی جس پر میری تحقیقاتی تحریر ” بنی اسراءیل اور ریاست اسرائیل“ کا کچھ حصہ ہُو بہُو نقل کیا ہوا نظر آیا لیکن میرے بلاگ کا حوالہ نہیں دیا ہوا
البتہ لکھا ہے کہ یہ عبارت فلاں جگہ سے نقل کی گئی ہے
دونوں ویب سائٹس پر عنوان ہے
حضرت اُستاد انصاریان کے دفتر کی ویب سائٹ
کیسے اُستاد اور کیسے شاگرد ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حیرت ہے
ملاحظہ ہو بلاگ کے سرِ ورق کی تصویر
تین سوال
پہلا سوال ۔ بُلَیٹ پروف جیکٹ ۔ آگ بجھانے والوں کے آگ سے بچنے والے کپڑے ۔ کار کے شیشے پر لگے وائیپر اور لیزر پرنٹر میں قدرِ مُشترک کیا ہے ؟
دوسرا سوال ۔ کھانے کی کونسی چیز ہے جو خراب نہیں ہوتی ؟
Third Qustion. If you were to spell out numbers, how far would you have to go until you would find the letter ‘A’ ?
۔
۔
۔
۔
۔
جوابات
1 ۔ سب عورتوں نے ایجاد کئے
2 ۔ قدرتی شہد
A 3. One thousand
ملازمین کو تحریک دلانا
ملازمین کو محنت سے کام کرنے کی تحریک دلانے کیلئے منیجر کی طرف سے استعمال کئے گئے مندرجہ ذیل الفاظ بہت کارگر ثابت ہوتے ہیں
مجھے آپ پر اعتماد یا بھروسہ ہے
شکریہ
اس بارے میں آپ کا کیا خیال ہے ؟
میں آپ کی کس طرح سے مدد کر سکتا ہوں
مجھے آپ پر فخر ہے
القاب و خطابات
میں اپنی ایک دہائی پرانی تحریر معمولی رد و بدل کے ساتھ دُہرانے لگا ہوں کیونکہ آج اس کی ضرورت 2006ء کی نسبت شاید زیادہ ہے
پيرس فرانس ميں رہنے والے خاور صاحب آئے دن ہميں ياد کراتے رہتے ہيں کہ وہ کميار (کُمہار) ہيں
(خاور صاحب کب کے جاپان منتقل ہو چکے ہیں)
کميار يا کُمہارجو کوئی بھی ہے ایک ایسا ہُنرمند اور کاريگر ہے جس نے انسان کو مہذب بنايا ۔ اگر کميار يا کُمہار برتن نہ بناتا تو انسان آج بھی جانوروں کی طرح کھانا کھا رہا ہوتا ۔ اِسی طرح بڑھئی ۔ لوہار ۔ درزی ۔ تيلی ۔ جولاہا وغيرہ سب ہُنرمند اور کاريگر ہيں ۔ اگر یہ نہ ہوتے تو انسان آج تک قدرتی غاروں میں یا درختوں پر رہ رہا ہوتا ۔ ننگ دھڑنگ پھر رہا ہوتا اور گھاس یا پتے کھا کر گذارہ کر رہاہوتا
بدقسمت ہيں وہ لوگ جو جھوٹی شان دِکھانے کے لئے اِن ہُنرمندوں کو اپنے سے کمتر سجھتے ہيں
ہمارے مُلک ميں بہت سے القاب و خطابات رائج ہيں
سردار ۔ خان ۔ نواب ۔ نوابزادہ ۔ ملک ۔ پير ۔ پيرزادہ ۔ رئيس ۔ صاحبزادہ وغيرہ
کُمہار ۔ دھوبی ۔ درزی ۔جولاہا ۔ لوہار ۔ تيلی ۔ ميراثی وغيرہ
اوْلالذکر اعلٰی سمجھے جاتے ہيں اور ان پر فخر و تکبّر کيا جاتا ہے اور يہ القاب و خطابات قابض برطانوی حُکمرانوں نے زيادہ تر اُن لوگوں کو ديئے جنہوں نے قابض برطانوی حُکمرانوں کی خوشنوُدی حاصل کرنے کيلئے اپنے ہموطنوں کے خلاف کام کيا
جبکہ آخر الذکر گھٹيا سمجھے جاتے ہيں ۔ اس رویّئے کو بھی برطانيہ کی غلامی کے دور ميں ہندوستان میں بسنے والے ہُنرمندوں کی تحقیر کیلئے رائج کیا گیا ۔ آج اِن لوگوں کو کمتر سمجھنے والوں کو فائيو سٹار ہوٹلوں ميں انسانيت کا پرچار کرتے شرم نہيں آتی
عبدالواحد کھوکھر صاحب انجیئرنگ کالج لاہور میں مجھ سے ایک سال آگے تھے مگر ایک ہی ہوسٹل میں رہنے کی وجہ سے دوستی ہو گئی تھی ۔ وہ ہنس کر کہا کرتے تھے ”ہم ہیں تو ترکھان ہی ۔ سچ میرے بڑے ترکھان کا کام کرتے تھے“۔ ان صاحب نے انجنیئر بننے کے بعد پڑھانے کا پیشہ اپنایا ۔ 1962ء میں وہ پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ راولپنڈی میں سِنیئر لیکچرر تھے ۔ وہ پروفیسر تک بنے مگر جب بھی ساتھیوں کے ساتھ بیٹھے ماحول پراگندہ ہوتا محسوس ہوتا کہتے ”ہم ہیں تو ترکھان ہی ۔ سچ میرے بڑے ترکھان کا کام کرتے تھے“۔
جب ميں ليبيا کی حکومت کا الخبير لِلمصانع الحربی (Adviser Defence Industry) تھا (مئی 1976ء تا فروری 1983ء) تو ايک بہت بڑے ادارے کے نائب رئيس (Vice Chairman) عبدالرحمٰن براملی ايک دن ميرے پاس آکر کہنے لگے ” آپ نے کبھی پوچھا نہيں کہ براملی کا کيا مطلب ہے ؟” سو ميں نے پوچھا تو کہنے لگے ” برمِيل (Barrel / Drum) کا ترجمہ ہے اور برامِل اس کی جمع ہے ۔ ميرے بزرگ برامِل بنايا کرتے تھے ۔ اُس زمانہ ميں برامِل لکڑی سے بنتے تھے چنانچہ ميرے آباؤاجداد بڑھئی يا ترکھان تھے” گويا ايم ايس سی انجنيئرنگ اور اعلٰی عہدے پر فائز شخص اپنے آباؤاجداد کے بڑھئی يعنی ہُنرمند ہونے پر فخر کر رہا تھا
يہ نام نہاد اعلٰی اور گھٹيا القابات و خطابات انگريزوں نے ہندوستانی مُسلمانوں ميں تفرقہ ڈال کر ہندوستان پر اپنی حکومت مضبوط کرنے کيلئے باقائدہ طور پر رائج کئے تھے جن سے ہماری قوم اب تک چِمٹی ہوئی ہے ۔ لوگ اِن القابات و خطابات کے معاشرہ پر بلکہ اپنی عاقبت پر مُضر اثرات سے بے خبر اِن کا اِستعمال کرتے ہيں ۔ نمعلوم کيوں لوگ بھول جاتے ہيں کہ سب انسان برابر ہيں اور اُن کی اچھائی اُن کے نيک اعمال ہیں نہ کہ پيشہ يا دولت يا بڑے باپ کی اولاد ہونا ۔ کتنے ہی انقلاب آئے مگر کسی کو سمجھ نہ آئی
مجھے ہُنر سیکھنے کا بچپن سے ہی شوق رہا ۔ ميں جب آٹھ نو سال کا تھا تو شہر کے کنارے ايک کُمہار صاحب کے پاس بيٹھ کر ديکھتا رہتا کہ وہ برتن کيسے بناتے ہيں ۔ ايک دن کُمہار صاحب نے مجھے پوچھا “برتن بناؤ گے ؟“ ميں تو کھِل گيا ۔ کُمہار صاحب نے تھوڑی سی مٹی چکّے پر لگائی اور ميرا ہاتھ پکڑ کر اُس سے لگايا اور اُوپر نيچے کيا تو چھوٹا سا گُلدان بن گيا
جب میں انجنیئرنگ کالج لاہور میں پڑھتا تھا تو میں نے بڑھئی کا کام سیکھ کر ایک لکڑی کی مسجد بنائی ۔ لوہار کا کام سیکھ کر ایک چھینی (Chisel) بنائی ۔ جب میں اسسٹنٹنٹ ورکس منیجر تھا (1963ء) تو میں نے گیس ویلڈنگ سیکھی ۔ میں نے درزی کا کام سیکھ کر اپنی قمیض اور شلوار سی ۔ میں نے کار کی ڈینٹنگ 1977ء میں سیکھی جب میں لبیا کی حکومت کا پاکستان کی حکومت کی طرف سے ایڈوائزر تھا اور ایک دوست کی کار کی ڈینٹنگ کی ۔ موٹر مکینک کا کام میں نے 1983ء میں سیکھا جب میں جنرل منیجر تھا