Category Archives: صحت و زندگی

ہم کیا کھاتے ہیں ؟

مہمان آئے ۔ میری طبیعت ٹھیک نہ تھی ۔ ملازم کو بھیجا ۔ وہ ایک لیٹر والے والز آئس کریم کے دو ڈبے لے آیا ۔ میرے سوا سب نے کھائی ۔ کچھ بچ گئی تھی ۔ دوسرے دن بیگم کھانے کیلئے ڈبے کے ساتھ باریک تہہ کو چمچہ سے اُتارنے لگی تو وہ آئس کریم عجیب طرح کی سخت ہو چکی تھی اور نہ اُتری نہ گرم ہونے سے پگلی ۔ حقیقت یہ ہے کہ والز آئس کریم میں نہ کریم ہوتی ہے اور نہ دودھ ۔ نجانے کن چیزوں کو ملا کر اسے دودھ کی نقلی شکل دی جاتی ہے ۔ ایسی اشیاء انسانی صحت کیلئے مضر ہوتی ہیں

میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ میں کوئی مصنوئی چیز نہ کھاؤں نہ پیئوں ۔ مصنوئی سے مراد ہے جو قدرتی نہ ہو مگر قدرتی چیز کی نقل بنائی گئی ہو جیسے ایوری ڈے مِلک جسے لوگ خالص دودھ سمجھتے ہیں ۔ والز آئس کریم اور چھوٹی ڈبیوں میں ڈرِنک جسے بیچنے اور خریدنے والے دونوں جوس (juice) کہتے ہیں ۔ میں ہیکو (Hico) آئس کریم کھاتا ہوں جو دودھ سے بنائی جاتی ہے اور اصلی جوس پیتا ہوں

دوسرے ممالک میں جو بھی صنعتی چیز بیچی جاتی ہے اس کی ڈبیہ یا بوتل پر اس کے مکمل اجزاء لکھنا لازم ہوتا ہے ۔ ایسا نہ کرنے والے کو اچھی خاصی سزا دی جاتی ہے ۔ ہمارے ہاں کوئی جو چاہے بیچے ۔ پوچھنے والا کوئی نہیں اور خرید کرنے والے بھی غیرملکی کمپنی یا ٹی وی کا اشتہار دیکھ کر خرید کرتے ہیں ۔ ایسا صرف اَن پڑھ نہیں کرتے ۔ پڑھے لکھے بھی برابر کے شریک ہیں بلکہ پڑھے لکھے غیر ملکی نام دیکھ کر عقل بند کر کے خرید لیتے ہیں ۔ انہیں لاہوری دیگی چرغہ والوں کا باورچی خانہ گندا لگتا ہے مگر کے ایف سی ۔ پیزا ہَٹ ۔ میکڈانلڈ وغیرہ کا صاف ستھرا ۔ حالانکہ وہ کسی کے باورچی خانہ میں کبھی گئے نہیں ہوتے

13 دردوں کے علاج آپ کے گھر موجود

1 ۔ ڈنمارک کے محققین کے مطابق پٹھوں کی سوزش اور جوڑ درد کیلئے ہنڈیا میں روزانہ 2 چائے کے چمچے کُتری ہوئی ادرک یا ایک چائے کا چمچہ خُشک ادرک کا سفوف ڈال کر کھانے سے 60 فیصد افاقہ ہوتا ہے
.
.
.
.
.
.
2 ۔ دانت میں درد سے عارضی سکون پانے کیلئے درد والے دانت پر ایک الونگ رکھ کر آہستہ آہستہ چبائیے 2 گھنٹہ تک آرام رہے گا
.
.
.
.
.
.
3 ۔ کھانے میں لہسن کا استعمال ہائی بلڈ پریشر سے بچاتا ہے ۔ ھائی بلڈ پریشر ہو تو کچے لہسن کی ایک پھانک یا تُری روزانہ کھایئے ۔ بلڈ پریشر میں کمی آئے گی ۔
University of New Mexico School of Medicine کے ماہرین کے مطابق کان میں درد کیلئے لہسن کے تیل کے دو قطرے صبح شام 5 دن کان میں ڈالنے سے کان درد سے چھٹکارا مل سکتا ہے
.
.
.
.
.
.
4 ۔ East Lansing ‘s Michigan State University کے محققین کے مطابق روزانہ 20 دانے گلاس (Cherries) کھانے سے جوڑوں اور سر کے درد میں افاقہ ہو سکتا ہے
.
.
.
.
.
5 ۔ آنتوں کی سوزش ۔ پیٹ درد اور بل پڑتے ہوں تو کورٹی سٹیرائیڈز کی بجائے ہفتے میں ایک کیلو گرام مچھلی کھایئے ۔ افاقہ ہو گا ۔ مچھلی میں سالمن ۔ سارڈینز ۔ ٹُونا ۔ میکریل ۔ ٹراؤٹ اور ھَیرِنگ بہتر ہیں
.
.
.
.
.
.
.
6 ۔ خواتین کو قدرتی نظام کے تحت ماہانہ تکلیف سے گذرنا پڑتا ہے New York Columbia University کی گائناکالوجی کی پروفیسر Mary Jane Minkin, M.D. کے مطابق روزانہ 2 کپ قدرتی دہی کھانے سے ان کی تکلیف میں 48 فیصد کمی آ سکتی ہے
.
.
.
.
.
.
.
7 ۔ غذا کے ماہر محقق Julian Whitaker, M.D. کے مطابق روزانہ پسی ہوئی ہلدی چائے کا چوتھائی چمچہ ہنڈیا میں ڈال کر پکا کھانا کھانے سے دائمی درد میں افاقہ ہو گا ۔ یہ نسخہ اسپرین ۔ بروفین یا ناپروکسن کھانے سے بہتر ہے
.
.
.
.
.
8 ۔ Ohio State University کے مطابق روزانہ ایک بھرا ہوا کپ انگور کھانے سے کمر کے درد میں افاقہ ہوتا ہے
.
.
.
.
.
9 ۔ جرمن محققین کے مطابق سُہانجنا یا مُنگا کی جڑ سے sinusitis کا علاج ہو سکتا ہے ۔ ایک چائے کا چمچہ صبح شام ایسے ہی یا گوشت پر یا سینڈ وِچ پر لگا کر جب تک آرام نہ آئے کھاتے ریئے
.
.
.
.
.
.
10 ۔ Rutgers University کی سائنسدان Amy Howell, Ph.D. کے مطابق اگر ایک کپ تازہ نیلے بیر (blueberries) یا جمے ہوئے روزانہ کھانے یا ان کا رَس (juice) پینے سے urinary tract infection سے 60 فیصد بچاؤ ہو سکتا ہے
.
.
.
11 ۔ منہ اندر سے پک جائے تو خالص شہد دن میں 4 مرتبہ لگایئے
.
.
.
.
.
.
.
.
.
12 ۔ اگر ٹانگ کی رگ چڑھ جاتی ہو جسے انگریزی میں cramps کہتے ہیں جو کہ بہت تکلیف دہ ہوتی ہے تو روزانہ 250 ملی لیٹر یعنی چوتھائی لیٹر ٹماٹروں کا رَس پیجئے

13 ۔ امریکا کی National Headache Foundation کے مطابق تو تیز کافی پینے سے مِیگرین (migraine) کے علاج کی دواؤں کا اثر 40 فیصد تیز ہو جائے گا
لیکن
میرا ذاتی تجربہ مِیگرین کا مکمل اور پائیدار علاج ہے جس کیلئے نہ ڈاکٹر کی فیس دینا پڑے اور نہ مہنگی دوائیاں خریدنا پڑیں ۔ کوئی 17 سال قبل مجھے شدید سر درد کی شکائت ہوئی جو مہینے میں 2 بار ہونا شروع ہوئی ۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ مِیگرین ہے اور دوا دے دی لیکن سر درد بڑھتے بڑھتے ایک سال بعد مہینے میں 4 بار ہونے لگی ۔ نیورو سرجن کے بعد نیورو فزیشن کے پاس پہنچا ۔ اس نے دوا دی اور چاکلیٹ ۔ کیلا اور چاول کھانا اور کافی ۔ پیپسی اور کوکا کولا پینا منع کر دیا ۔ لیکن بمِثل ” مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی” 2 سال بعد مجھے ہفتہ میں دو بار مِیگرین ہونا شروع ہو گئی ۔ اتفاق سے دفتر کے ایک پرانے ساتھی سے ملاقات ہو گئی جسے کسی زمانہ میں مِیگرین نے بہت تنگ کیا ہوا تھا ۔ اس سے احوال دریافت کیا تو اس نے جواب دیا “الحمدللہ اب ٹھیک ہوں ۔ بہت علاج کر کے مایوس ہو چکا تھا کہ کسی نے دیسی نُسخہ بتایا جس کے استعمال سے سر درد ہمیشہ کیلئے جاتا رہا”۔

وہ نسخہ یہ ہے ۔ برابر مقدار میں سفید زیرہ اور سؤنف علیحدہ علیحدہ پیس کر اچھی طرح ملا لیجئے ۔ اس کا ایک چائے کا بھرا ہوا چمچہ ہر کھانے کے بعد 6 ماہ تک کھایئے ۔ میں نے سفید زیرہ اور سؤنف 3 ماہ متواتر کھایا پھر کبھی کبھی کھاتا رہا کیونکہ چَسکا پڑ گیا تھا اللہ کے فضل سے مِیگرین ایسی گئی کہ یاد نہیں ہوئی بھی تھی

جوانی گر چلے راہ پہ

”جوانی نے ڈھلنا ہی ہوتا ہے۔ جذبات کے منہ زور طوفانوں کو ایک دن تھمنا ہی ہوتا ہے لیکن کتنے خوش بخت ہیں وطن عزیز کے وہ جوان جن کی جوانیاں انسانی فلاح و بہبود کے کسی خوبصورت سانچے میں ڈھل جاتی ہیں”

یہ اقتباس ہے ایک مضمون کا
جس میں ذکر ہے ایک خاص قسم کی جراحی کے پاکستان میں واحد ہسپتال کا
ایک اور خصوصیت کے لحاظ سے بھی یہ ہسپتال اپنی مثال صرف آپ ہی ہے کہ یہاں جراحی کروانے والے کا ایک پیسہ خرچ نہیں ہوتا

موضوع اور ہسپتال کا تعلق دیکھنے کیلیئے یہاں کلک کیجئے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ سوچیئے

دیکھنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو بینائی سے محروم ہیں
سُننے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو قوتِ سماع سے محروم ہیں
خوشبو سُونگھنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو سونگھنے کی حس سے محروم ہیں
بولنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو قوتِ گویائی سے محروم ہیں
چلنے والے سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو چلنے سے محروم ہیں
جو سوچ کے ماضی میں دیکھی یا پڑھی باتیں یا کر سکتے ہیں وہ سوچیں کہ ایسے بھی ہیں جو سوچنے کی طاقت سے محروم ہیں

میری یاد داشت جو سوچنے کا نتیجہ ہوتی ہے میرے ساتھیوں ۔ دوستوں اور کچھ قارئین میں بھی مشہور تھی ۔ میری سونگھنے کی حس بھی خاصی تیز تھی ۔ میں 28 ستمبر 2010ء کے حادثہ میں اللہ کی ادا کردہ ان دونوں نعمتوں سے محروم ہو چکا ہوں ۔ میں سمجھتا تھا کہ بوڑھا ہونے پر سوچنے کی قوت کم ہو جاتی ہے ۔ اس حادثہ سے معلوم ہوا کہ سوچنے کی قوت کسی وقت بھی ختم ہو سکتی ہے ۔ سب جانتے ہیں کہ باقی قوّتوں سے آدمی کسی وقت بھی محروم ہو سکتا ہے

دعا کی درخواست

میری بڑی بہن جس نے میری ماں کی 1980ء میں وفات کے بعد میرے ۔ میری بیوی بچوں اور پوتیاں اور پوتے کیلئے میری ماں کا سایہ فراہم کئے رکھا ۔ وہ کچھ دنوں سے سخت نگہداشت کے کمرے میں آکسیجن کے سہارے لیٹی ہے

اے میرے مالک و خالق الرّحمٰن و الرّحیم و قادر و کریم ۔ میرا تیرے سِوا کوئی نہیں ہے ۔ میں کس کے پاس جاؤں اور کس سے فریاد کروں ؟
اے اللہ گناہوں کی بخشش دینے والے ۔ میرے کردار کی طرف نظر کرنے کی بجائے اپنی رحمت کی طرف نظر کر کہ تیری تو صفت ہی یہی ہے
ہم سب کی دعاؤں کو قبولیت بخش دے اور میری بہن کو جس نے میرے علم اور مشاہدے کے مطابق کبھی کسی کا بُرا کرنا تو کیا کبھی بُرا سوچا بھی نہیں اُسے صحت عطا کر دے

اے میرے پیارے اللہ سب تیرے علم میں ہے کہ میری یہ بہن یتیم بچیوں کی شادیوں کے پورے پورے اخراجات اُٹھاتی رہی ۔ ناداروں کی امداد کرتی رہی اور میرے سمیت سب چھوٹے بہن بھائیوں کو ان کاموں پر اُکساتی رہی ۔ آج وہ ہسپتال میں بے بس پڑی ہے
میرے اچھے اللہ ۔ مرنا تو بر حق ہے کہ جو اس دنیا میں آیا ہے اُس نے واپس لوٹنا ہے ۔ میری صرف اتنی استدعا ہے کہ میری پیاری بہن کے عضؤ اور احساسات بحال کر دے

تمام قارئین سے دعا کی درخواست ہے