Category Archives: سیاست

جل تو جلال تو آئی بلا کو ٹال تو

ہمارے ہاں عام تاءثر یہی ہے کہ پڑھائی کی بنیاد اور عقل کی نشانی انگریزی ہے ۔ ایک سیاسی لیڈر نے زندگی کا بہتر حصہ ولائت میں گذارا تھا اور شادی بھی ولائتی گوری سے کر کے گویا سونے پر سوہاگہ مل دیا تھا ۔ اُس نے لاہور سونامی کو اپنا رہبر بنایا ۔ اس کی چکا چوند نے بہت لوگوں کی نظروں کو خیرا کر دیا ۔ عوام پیچھ چل پڑی ۔ ہر طرف بالخصوص فیس بُک پر خان خان بلا بلا ہونے لگا ۔ لیڈر صاحب بھی موج میں آ کر سمجھ بیٹھے بلکہ اعلان کر بیٹھے کی پاکستان کا اگلا وزیرِ اعظم وہی ہوں گے ۔ جب انتخابات ہوئے تو سارے خواب چکنا چور ہو گئے

وزارتِ عُظمٰی ہاتھ سے گئی تو احتجاج کا دامن ایسا پکڑا کہ چھوڑنے کا نام نہیں لیتے ۔ ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں افغانستان کو جانے والے ٹرکوں کے راستہ میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک دھرنا دیتے ہیں جسے چِلّہ ہونے کو ہے ۔ سُنا ہے کہ باقی راستوں سے تو ٹرک معمول کے مطابق جا رہے ہیں اور خیبر پختونخوا میں سے بھی رات کے وقت جاتے ہیں ۔ خیبر پختون خواہ کے وزیرِ اعلٰی صاحب نہیں جانتے کہ وزیرِ اعلٰی وفاق کا نمائیندہ اور وفاق کے ماتحت ہوتا ہے اور اس لحاظ سے وہ آئین کی خلاف ورزی کے مُرتکب ہو رہے ہیں

لیڈر صاحب جس جمِ غفیر کو لے کر چلے تھے سمجھتے رہے کہ شاید اُن سب کی ڈور انہی کے ہاتھ میں ہے ۔ سینہ تان کے آگے آگے چلتے رہے اور لوگ اپنے اپنے دھندوں کی طرف رخصت ہوتے رہے ۔ سُنا تھا کہ ”اپنی گلی میں کتا بھی شیر ہوتا ہے“۔ لیکن شاید یہ ضرب المثل ولائت میں نہیں پڑھائی جاتی اسلئے لیڈر صاحب کے عِلم میں نہ تھی ۔ ترنگ میں مہنگائی کے خلاف دُشمن کے گڑھ لاہور میں جلوس جلسہ کی ٹھان لی ۔ جب سردی سے کچھ زیادہ ہی سُکڑا ہوا جلسہ دیکھا تو جوش میں کہہ دیا ”خیبر پختونخوا کی بجلی سپلائی کی کمپنی خیبر پختونخوا کی حکومت کے حوالے کر دی جائے تو ہم سب ٹھیک کر دیں گے“۔ بُرا ہو میڈیا کا کہ جھٹ پٹ بات دشمن کو پہنچا دی ۔ بجلی اور پانی کے وزیر کا جواب آیا ”بصد شوق لیجئے“۔ 29 دسمبر کو وزیرِ اعظم نے بھی اس کی منظوری دے دی

اب لیڈر صاحب کے چیلے کہتے پھر رہے ہیں کہ خان صاحب نے تو کہا تھا کہ بجلی کی پیداوار کا محکمہ خیبر پختونخوا کی حکومت کے حوالے کیا جائے ۔ وزیرِ اعلٰی خیبر پختونخوا نے فرما دیا ہے ”وزیرِ اعظم ہمارے ساتھ مذاق نہ کریں ۔ یہ تو پہلے ہی آئین کی اٹھارہویں ترمیم کے مطابق ہمارا حق ہے ۔ ہمیں جنریشن اور ڈسٹریبیوشن بھی دی جائے“۔ محترم نے شاید آئین کا مطالعہ کرنے کی تکلیف گوارہ نہیں کی ۔ اٹھارویں ترمیم کے مطابق وفاق کسی صوبے کو اپنے کوئی اختیارات تفویض کر سکتا ہے ۔ یہ نہیں لکھا کہ بجلی کمپنی صوبے کو دے دی گئی ۔ خیر ۔ وہ جو چاہے کہتے رہیں بادشاہ ہیں ۔ بلاول بھی تو بہت کچھ کہتا ہے

مگر میں اس سوچ میں پڑا ہوں کہ اگر بجلی اور پانی کے وزیر نے کہہ دیا ”وہ بھی لے لیجئے“ تو لیڈر صاحب پھر کیا کریں گے ؟ میں ڈر رہا ہوں کہ کہیں لیڈر صاحب اپنے دل کی بات کہہ اُٹھے کہ ”وزارتِ عظمٰی مجھے دے دیں تو میں سب کچھ ٹھیک کر دوں گا“۔
اگر خدا نخواستہ ایسا ہو گیا تو یہ ملک نہ تو پاکستان کی کرکٹ ٹیم ہے جو کبھی کپتان اور کبھی پی سی بی کے رحم و کرم پر ہوتی ہے اور نہ لوگوں کی زکٰوۃ اور خیرات پر چلنے والا شوکت خانم میموریل ہسپتال
کہیں ملک کو چلاتے چلاتے خدا نخواستہ چلتا ہی نہ کر دیں

جَل تُو جلال تُو آئی بلا کو ٹال تُو

سانحہ مشرقی پاکستان کی بنیادی وجہ

سوال یہ ہے کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے سانحے کا ’’ڈائریکٹر‘‘ کون تھا مشرقی پاکستان کی علیحدگی کس کی سرپرستی مدد اور مداخلت سے عمل میں آئی؟ اس کا ہرگز مطلب اپنی سیاسی غلطیوں، کوتاہیوں، مختلف حکومتوں، حکمرانوں اور فوجی راج کے پیدا کردہ احساس محرومی پر پردہ ڈالنا نہیں کیونکہ وہ سب کچھ بہرحال تلخ حقیقتیں ہیں اور انہیں تسلیم کرنا پڑے گا

اسی سے دوسرا سوال جنم لیتا ہے کہ کیا اس قسم کی محرومیاں ،کوتاہیاں، غیر دانشمندانہ پالیسیاں اور بے انصافیاں صرف پاکستان میں ہی روا رکھی گئیں؟ کیا صوبائی کشمکش علاقائی آزادی کی تحریکیں اور نفرتیں صرف پاکستان کی سیاست کا ہی حصہ تھیں؟ نہیں ہرگز نہیں،

اسی طرح کی صورتحال بہت سے نوآزاد یا ترقی پذیر ممالک کے علاوہ بعض ترقی یافتہ ممالک میں بھی موجود ہے۔ وہاں بھی وفاقی یا مرکزی حکومت پر بے انصافی کے الزامات لگے رہتے ہیں، بہت سے نو آزاد ممالک کے صوبوں میں رسہ کشی اور نفرت بھی رنگ دکھاتی ہے، بعض اوقات حکمران اور حکومتیں غلط فیصلے بھی کرتی ہیں لیکن ان تمام عوامل کے باوجود وہ ممالک اندرونی طور پر تقسیم ہونے کے باوجود ٹوٹتے نہیں۔ ان کے کچھ علاقے یا صوبے آزادی کا نعرہ بھی لگاتے ہیں، علیحدگی کا مطالبہ بھی کرتے ہیں جیسا کہ خود ہندوستان میں کوئی درجن بھر علیحدگی کی تحریکیں جاری و ساری ہیں لیکن کبھی یہ نہیں ہوا کہ کسی علاقے کو فوجی قوت کی بناء پر الگ ہونے کی اجازت دی جائے۔ ہندوستان کے کئی صوبوں میں علیحدگی پسندی اور آزادی کی تحریکوں کے ساتھ ساتھ گوریلا جنگ بھی جاری ہے، حکومت کی بعض علاقوں میں رٹ بھی موجود نہیں لیکن اس کے باوجود وہاں کوئی صوبہ یا علاقہ نہ ہندوستان سے علیحدہ ہوا ہے اور نہ ہی آزاد۔ سکھوں نے آزادی کی تحریک چلائی تو ہندوستان نے اسے کچل کر رکھ دیا مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ تو ڑے جارہےہیں پھر پاکستان ہی کو کیوں اس قیامت صغریٰ سے گزرنا پڑا؟

ایک بار پھر میں ببانگ دہل تسلیم کرتا ہوں کہ مشرقی پاکستان سے بے انصافیاں ہوئیں، ان کا معاشی حصہ انہیں اس قدر نہ ملا جس قدر ان کا حق تھا،مشرقی پاکستان آبادی میں 56 فیصد تھا اس لئے جمہوری اصولوں کی روشنی میں پیرٹی یا برابری بھی ان کے ساتھ زیادتی تھی۔
یہ الگ بات کہ ہمارے وہ دانشور جو آئین میں پیرٹی پر احتجاج کرتے اور اسے ہمالیہ جیسی غلطی قرار دیتے ہیں جذبات کی رومیں بہہ کر یہ بھول جاتے ہیں کہ جغرافیائی فاصلے کو حقیقت تسلیم کرتے ہوئے برابری یا پیرٹی کا اصول سب سے پہلے محمد علی بوگرہ کے آئینی فارمولے میں آیا تھا جس کی بنیاد پر 1954ء میں دستور بنایا جانا تھا لیکن غلام محمد نے اسمبلی برخاست کرکے دستور سازی کی بساط لپیٹ دی

اس سے قبل خواجہ ناظم الدین فارمولے میں بھی برابری کا مقصد ایک اور طریقے سے حاصل کیا گیا تھا جس کی تفصیل میری کتاب ”پاکستان تاریخ و سیاست“ میں موجود ہے۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ آئین میں برابری کا اصول بنگالی سیاستدانوں نے خوش دلی سے تسلیم کیا تھا۔ سولہ دسمبر کے حوالے سے پروگراموں میں1956ء کے آئین میں طے کردہ پیرٹی کے اصول کو خوب رگڑا دیا گیا۔ رگڑا دینے والوں کو علم نہیں تھا کہ1956ء کا آئین جناب حسین شہید سہروردی کا کارنامہ تھا اور وہ نہ ہی صرف بنگالی تھے بلکہ شیخ مجیب الرحمن کے استاد، سیاسی رہنما اور گُرو بھی تھے

دراصل اب یہ ساری باتیں خیال رفتہ (After thought) ہیں، اگر مشرقی پاکستان بنگلہ دیش نہ بنتا پھرتو یہ باتیں کسی کو یاد بھی نہ ہوتیں اور نہ ہی موضوع گفتگو ہوتیں۔ یہ بھی درست ہے کہ مشرقی پاکستان میں سیاسی احساس محرومی کو ایوبی مارشل لاء اور فوجی طرز حکومت نے ابھارا اور اسے باقاعدہ ایک تحریک کی شکل دی۔ پارلیمانی جمہوریت میں بنگالیوں کو اقتدار ملنے کی توقع تھی، وہ جانتے تھے کہ کسی بھی چھوٹے صوبے کو ساتھ ملا کر پیرٹی کے باوجود وہ اقتدار حاصل کرسکیں گے لیکن ایوبی مارشل لاء نے ان کی امید کی یہ شمع بھی بجھا دی اور انہیں یقین دلادیا کہ اب کبھی بھی ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، پھر ایوبی مارشل لاء کی آمرانہ سختیوں، میڈیا، سوچ اور اظہار پر شدید پابندیوں اور سیاسی مخالفوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کی کارروائیوں نے بنگالیوں پر یہ بھی واضح کردیا کہ ان کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔’’پاکستان سے بنگلہ دیش‘‘ نامی کتاب میں سابق بنگالی سفیر اور کرنل شریف الحق نے بالکل درست لکھا ہے کہ شیخ مجیب الرحمن نے1969ء میں علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تھا۔ کرنل شریف الحق بنگلہ دیش کی تحریک آزادی اور 1971ء کی جنگ کے ہیرو ہیں۔ وہ بنگلہ دیش کے سابق سفیر اور شیخ مجیب الرحمن کے خلاف بغاوت کرنے والوں میں شامل تھے، چنانچہ ان کا لکھا ہوا مستند ہے ۔ شیخ مجیب الرحمن جب 1972ء میں رہائی پاکر لندن پہنچا تو اس نے بی بی سی کے انٹرویو میں یہ تسلیم کیا کہ وہ عرصے سے بنگلہ دیش کے قیام کے لئے کام کررہا تھا

16 نومبر2009ء کو بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ مجیب الرحمن کی بیٹی حسینہ واجد نے انکشاف کیا کہ وہ 1969ء میں لندن میں اپنے والد کے ساتھ تھی جہاں شیخ مجیب الرحمن نے ہندوستانی ایجنسی’’را‘‘ کے افسران سے ملاقاتیں کیں اور بنگلہ دیش کے قیام کی حکمت عملی طے کی۔ حسینہ واجد کا بیان عینی شاہد کا بیان ہے۔ اس پر تبصرے کی ضرورت نہیں، اس الجھی ہوئی کہانی کو سمجھنے کے لئے اس پہلو پر بھی غور کرنا ضروری ہے کہ جب 1956ء کے آئین میں بنگالی لیڈر شپ نے پیرٹی کا اصول مان لیا تھا تو پھر یحییٰ خان نے اقتدار پر قبضہ کرتے ہی اس اصول کو کیوں ختم کردیا اور کس اتھارٹی کے تحت ون یونٹ ختم کرنے اور ون مین ون ووٹ کا اصول نافذ کرنے کا اعلان کیا کیونکہ یہ فیصلے تو نئی دستور ساز اسمبلی نے کرنے تھے۔ دراصل یحییٰ خان صدارت پکی کرنے کے لئے مجیب الرحمن سے ساز باز کرنے میں مصروف تھا اور یہ دو بنیادی فیصلے اسی ہوس اقتدار کے تحت کئے گئے تھے

یہ بات بھی سو فیصد درست ہے کہ انتخابات کروانے کے بعد اقتدار منتقل نہ کرنا پاکستان کو توڑنے کے مترادف تھا۔سیاسی بصیرت اور ملکی اتحاد کا تقاضا تھا کہ اقتدار اکثریتی پارٹی کے حوالے کیا جاتا۔ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کے نتیجے کے طور پر مشرقی پاکستان میں بغاوت ہوئی جسے کچلنے کے لئے آرمی ایکشن کیا گیا۔ گولی سیاسی مسائل کا کبھی بھی حل نہیں ہوتی ،چاہے وہ مشرقی پاکستان ہو یا بلوچستان۔ سیاسی مسائل ہمیشہ سیاسی بصیرت سے ہی حل ہوتے ہیں۔ آرمی ایکشن نے بظاہر پاکستان کو بہت کمزور کردیا تھا

16 دسمبر کے سانحے کا تجزیہ کرتے ہوئے ہم ایک بنیادی پہلو اور اہم ترین فیکٹر کو پس پشت ڈال دیتے ہیں ”وہ بنیادی حقیقت ہے۔ بھارت کی ہمسائیگی اور بھارت کے ساتھ دو تہائی بارڈر کا مشترک ہونا“۔

فرض کیجئے کہ مشرقی پاکستان بھارت کا ہمسایہ نہ ہوتا تو کیا بنگالی برادران کو کہیں سے اتنی مالی اور سیاسی مدد ملتی، اگر وہ بڑی تعداد میں ہجرت بھی کر جاتے تو کیا دوسرا ہمسایہ ملک انہیں وہاں جلا وطن حکومت قائم کرنے دیتا، ان کے نوجوانوں کو مکتی باہنی بنا کر رات دن فوجی تربیت اور اسلحے سے لیس کرکے گوریلا کارروائیاں کرنے کی اجازت دیتا، آرمی ایکشن کی زیادتیوں کو نہایت طاقتور میڈیا کے ذریعے پوری دنیا میں پھیلاتا اور پاکستان کی کردار کشی کرتا، روس جیسی سپر پاور کو اندرونی معاملے میں شا مل کرتا اور روس سے بے پناہ فوجی اسلحہ لے کر اپنے ہمسایہ ملک پر چڑھ دوڑتا۔ اگر یہ مکتی باہنی کی فتح تھی تو پھر پاکستان کی فوج نے ہندوستان کے سامنے ہتھیار کیوں ڈالے؟ ظاہر ہے کہ یہ سب کچھ ہندوستان کا کیا دھرا تھا، ہندوستان نے بنگالیوں اور مکتی باہنی کی آڑ میں اپنے انتقام کی آگ ٹھنڈی کی ورنہ آرمی ایکشن سری لنکا میں بھی ہوتے رہے، ہندوستان میں بھی سکھوں کا قتل عام ہوا کیا وہ علاقے اپنے ملکوں سے الگ ہوئے؟ اسی لئے سولہ دسمبر 1971ء کو اندرا گاندھی نے کہا تھا کہ ہم نے ہندوستان ماتا کی تقسیم کا بدلہ لے لیا اور نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبو دیا

بلاشبہ غلطیاں، زیادتیاں اور بے انصافیاں ہوئیں جن کا جتنا بھی ماتم کیا جائےکم ہے۔ اس طرح کی غلطیاں اور بے انصافیاں بہت سے ممالک میں ہوتی رہی ہیں لیکن ان کے استحکام پر زد نہیں پڑی۔ دراصل ہمارے اس سانحے کا ڈائریکٹر ہندوستان تھا اور یاد رکھیئے اسے آئندہ بھی موقع ملا تو باز نہیں آئے گا ۔ یہ بھی یقین رکھیئے میں نے یہ الفاظ کسی نفرت کے جذبے کے تحت نہیں لکھے بلکہ میرے ان احساسات و خدشات کے سوتے ملک کی محبت سے پھوٹے ہیں۔ میں ہمسایہ ممالک بشمول ہندوستان سے اچھے دوستانہ روابط قائم کرنے کے حق میں ہوں جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں۔ امن ہماری ضرورت ہے لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں کہ تاریخ کو بھلادیا جائے کیونکہ جو قومیں اپنی تاریخ فراموش کردیتی ہیں ان کا جغرافیہ انہیں فراموش کردیتا ہے

تحریر ۔ ڈاکٹر صفدر محمود

آدھی بیوہ

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے ستائے شہریوں کی ایک نئی داستان سامنے آئی ہے۔ یہاں 1500 سے زائد خواتین ایسی ہیں جن کے خاوند تو مر چکے ہیں، لیکن انہیں سرکاری سطح پر بیوہ نہیں قرار دیا جا رہا۔ قطر کے نشریاتی ادارے نے کشمیریوں کی دکھ بھری داستان بیان کرتے ہوئے کہا کہ 1989ء کے بعد سے 70 ہزار سے زائد کشمیری نوجوان شہید کردئیے گئے ، 10000 سے زائد کشمیر ی نوجوان غائب ہیں، جن کے بارے کچھ معلوم نہیں کہ وہ زندہ ہیں یا مردہ ۔ 1500سے زائد ایسی خواتین جن کے شوہروں کو غائب کردیا گیا، وہ سرکاری سطح پر بیوہ نہیں کہلا سکتیں کیونکہ ان کے خاوندوں کو مردہ قرار نہیں دیا گیا، معاشی مسائل اور ذہنی صدمات نے ان کی زندگیوں کو اجیرن کردیا ہے، سماج انہیں دوسری شادی کرنے نہیں دے رہا، مذہبی اسکالروں کی اس کے متعلق مختلف رائے ہے ۔ تفصیلی رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیر میں کئی دہائیوں سے جاری جدو جہد آزادی میں ایسی خواتین کی دل ہلا دینے والی داستانیں ہر جگہ ملیں گی جن کے شوہر غائب ہیں اور وہ انہیں مردہ سمجھ کر کہیں شادی بھی نہیں کرسکتیں ۔ 1989ء کی مسلح جدو جہدکے بعد کشمیری نوجوانوں پر بھارتی فوج نے ظلم کے پہاڑ توڑے ۔ کبھی مجاہدین کشمیر نوجوانوں کو گائیڈ کے طور پر استعمال کرتے ہیں کبھی بھارتی فوجی ان کو جنگلوں میں سرچ آپریشن کے لئے استعمال کرتی ہے ۔ کئی ان میں سے واپس گھروں کو نہیں لوٹے ۔ خواتین اپنے شوہروں کا آج بھی انتظار کرتی ہیں کہ شاید وہ زندہ ہوں

2009ء میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے کشمیر کو ”کرہ ارض کا سب سے بڑا فوجی علاقہ“ قرار دیا تھا، غیرحل طلب تنازعات نے کئی دکھ بھری داستانیں چھوڑیں ہیں ۔ ان میں سب سے بد قسمت صورت ایسی خواتین کی ہے جن کے شوہر غائب کردیئے گئے اور ان کے زندہ یا مردہ ہونے کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل پایا ۔ تاہم مقامی سطح پر انہیں آدھی بیوہ سمجھا جاتا ہے ۔ حکومت کے پاس آدھی بیوہ کے کوئی اعداد وشمار نہیں، ایک تھنک ٹینک کے مطابق ایسی خواتین کی تعداد 1500 سے زائد ہے،

تھنک ٹینک نے کشمیر کے 22 اضلاع میں سے صرف ایک ضلع بارمولا میں 2700 گمنام اور اجتماعی قبروں کی نشاندہی کی تھی، رپورٹ کے مطابق ان خواتین کے غائب شوہروں کی قبریں ان میں سے ہو سکتیں ہیں ۔ تھنک ٹینک نے بھارتی حکومت سے ان قبروں میں مدفون افرادکے ڈی این اے ٹیسٹ کا مطالبہ کیا تھا ۔ ان نصف بیواؤں کے علاوہ ایسے ڈی این اے ان 10000 غائب ہونے والے کشمیریوں کے خاندانوں کو مدد دے گا

حکومت نے ایسی خواتین کو ریلیف دینے کی اسکیمیں جاری کرنے کا اعلان کیا، تاہم انہیں حکومت کی طرف سے ماہانہ صرف 200 روپے دیئے گئے ۔ نصف بیوائیں معاشی اور ذہنی صدمات سے دو چار ہیں اور ان کا انحصار سسرال یا والدین پر ہے ۔ انہیں جائداد یا بینک اکاوٴنٹ کے لئے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ چاہیے جو ایک بیوہ کے لئے ضروری ہے تاہم نصف بیواؤں کے شوہروں کو سرکاری سطح پر مردہ قرار نہیں دیا گیا۔

اسلامی شریعت کے مطابق بچوں کے ساتھ بیوہ کو آٹھواں اور بغیر بچوں کے چوتھا حصہ ملتا ہے لہٰذا نصف بیوہ کو تو کچھ نہیں ملتا، کشمیر یونیورسٹی کے قانون کے پروفیسر کا کہنا ہے کہ دوسری شادی کو معاشرے میں معیوب سمجھا جاتا ہے ،سری نگر کے ایک دیو بند مکتبہ فکر کے اسکالر مفتی عبدالرشید کا کہنا ہے کہ ایسی خواتین جن کے شوہر غائب ہو ں وہ کسی مسلمان جج سے ایک سال تک اپنے شوہر کی تلاش میں مدد لے سکتی ہے، اگر جج ناکام رہے تو وہ شادی ختم کرکے اس خاتون کو کسی دوسری جگہ نکاح کی اجازت دے سکتا ہے ، اگر دوسری شادی کے بعد پہلا شوہر سامنے آجائے تو دوسری شادی ختم ہو جائے گی ۔ حنفی فقہ کے مطابق ایسی خاتون جس کا شوہر غائب ہو جائے وہ 90 سال تک اس کا انتظار کرے (میرا نہیں خیال کہ یہ درست ہے)، اگر نہ آئے تو پھر وہ شادی کرسکتی ہے ۔ ایک اور اسلامی اسکالر مفتی قمر الدین کا کہناتھا کہ شوہر کے انتظار کم کرکے 4 سال دس 10 ہے ۔ اس عرصہ کے بعد خاتون دوسری شادی کرسکتی ہے

انسانی حقوق گروپ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 سے غائب ہونے والا کسی کا شوہر واپس نہیں آیا ۔ 52 سالہ بیگم جان کا شوہر 1998 ء کی ایک شام نماز کے لیے گھر سے نکلا اور آج تک واپس نہیں آیا ۔ بی بی فاطمہ کا شوہر 1993ء میں مزدوری کے لئے گھر سے نکلا پھر واپس نہیں لوٹا ،آرمی کیمپوں کے علاوہ اس نے اسے ہر جگہ تلاش کیا اور اب اس کی واپسی کی امید توڑ دی

آپریشن جبرالٹر

48 سال قبل آج کے دن بھارت نے پاکستان پر بھرپور حملہ کیا تھا ۔ اس حملے کے پیش رو ”آپریشن جبرالٹر“ اور اس کی ناکامی کی وجوہات پر میں پہلے لکھ چکا ہوں ۔ 1965ء میں افواجِ پاکستان کے کمانڈر انچیف جنرل موسٰی کی تحریر اُس وقت میری نظر سے نہ گذرنے کے باعث رہ گئی تھی ۔ پڑھتے ہوئے یہ ذہن میں رہے کہ 1965ء میں وزیرِ خارجہ ذوالفقار علی بھٹو تھے جو جنرل ایوب خان کے بہت قریب تھے یہاں تک کہ ایوب خان کو ڈَیڈ کہہ کر مخاطب کرتے تھے ۔ ذوالفقار علی بھٹو ہی نے جنرل ایوب خان کو باور کرایا تھا کہ اِدھر سے حملہ ہوتے ہی جموں کشمیر کے لوگ اُٹھ کھڑے ہوں گے اور بھارت گھُٹنے ٹیک دے گا

جنرل موسٰی لکھتے ہیں

“After the Government finally decided that deep raids should be launched in Indian-held Kashmir, I directed Commander 12 Division, Major-General Akhtar Husain Malik, to prepare a draft plan for the operation, code- named ‘GIBRALTAR’, in consultation with GHQ and within the broad concept we had specified.

“It was not due to lack of valour or determination on the part of all those who took part in the operation, or their capacity to sustain great physical hardships nor to faulty planning and ineffective leadership at the various levels of command that the raids eventually petered out. Primarily, the reason was lack of necessary preparations in the valley for the extremely difficult tasks before they were undertaken. GHQ had clearly and repeatedly highlighted this vital aspect of it and their opposition to the Foreign Office proposal was based, mainly, on it.

“We hadn’t even consulted the public leaders across the cease-fire line about our aims and intention, let alone associating them with our planning for the clandestine war. They had to have a proper organization in the valley, which should have jointly planned the operation with us and should have remained in touch with us after it was started, so as to coordinate their activities with ours.

As GHQ had assessed, and the operation proved, the Muslim population there, although, by and large, willing to help were unable to cooperate with us fully. Firstly, because they were not mentally prepared for it and, secondly, due to the presence of nearly five Indian infantry divisions and strong civil armed forces in occupied Kashmir they could not embark on such missions. In the circumstances in which we went in, it was pure wishful thinking on anyone’s part to expect them to risk their lives by trying to give us more than very limited support for a vague purpose in which they had practically no say.

“Because of the haste with which the operation was launched, even Azad Kashmir leaders were not taken into confidence by the advocates of guerilla raids. Helplessly, they remained in the background. Their co-operation was also very necessary and would have been very helpful. They could have assisted the Mujahidin in various ways by themselves and in conjunction with the Kashmiris of the valley.

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ پہچان

کسی چیز کی قدر دو وقت ہوتی ہے
ملنے سے پہلے اور کھونے کے بعد

لیکن

اس کا اصل مقام وہ ہے
جب وہ پاس ہوتی ہے

میرا دوسرا بلاگ ”حقیقت اکثر تلخ ہوتی ہے ۔ Reality is often Bitter “ گذشتہ پونے 9 سال سے معاشرے کے مختلف پہلوؤں پر تحاریر سے بھرپور چلا آ رہا ہے اور قاری سے صرف ایک کلِک کے فاصلہ پر ہے ۔
بالخصوص یہاں کلک کر کے پڑھیئے ”ڈرون حملوں میں مرنے والے کون ہوتے ہیں

حکمرانوں کی عیاری و مکاری

کل صبح میں ایک خبر پڑھ کر پریشان تھا کیونکہ ان لوگوں میں ایک ایسا شخص بھی شامل تھا کہ لوگ جس کی دیانت کے دعویدار ہیں ۔ یہی پریشانی کیا کم تھی کہ عصر کی نماز کے بعد کمپیوٹر چلایا تو ایک اور خبر پڑھنے کو مل گئی

پہلی خبر ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اُن اراکین قومی اسمبلی کو سرکاری رہائش گاہ دینے سے انکار کر دیا ہے جن کے اپنے مکان اسلام آباد یا راولپنڈی میں ہیں ۔ چنانچہ مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل اور ملک ابرار کو پچھلے دور میں دی گئی سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی ہے اور عمران خان کی طرف سے سرکاری رہائش گاہ کی الاٹمنٹ کیلئے دی گئی درخواست بھی نامنظور کر دی ہے

پریشانی اسلئے ہوئی کہ تحریکِ انصاف کی طرف سے ببانگِ دُہل اعلان کیا گیا تھا کہ عمران خان سمیت تحریکِ انصاف کا کوئی رکن اسمبلی سرکاری رہائش گاہ نہیں لے گا ۔ یہ اعلان عمران خان کی درخواست نامنظور ہونے کے بعد کیا گیا ؟ یا عمران خان نے اپنے ساتھیوں کو دھوکہ دیا ؟

دوسری خبر ۔ چیف جسٹس پا کستان جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت انکشاف ہوا کہ عدالتِ عظمٰی کی ھدائت کے مطابق سوئس حکام کو 5 نومبر 2012ء کو لکھے گئے خط کے بعد سابق حکومت کی جانب سے ایک اور خط 22 نومبر 2012ء کو لکھا گیا تھا جو سابق سیکریٹری قانون یاسمین عباسی نے تحریر کیا تھا ۔ اس خط میں لکھا گیا تھا کہ صدر زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کا کوئی کیس نہیں ہے اور نہ ہی حکومتِ پاکستان کوئی کیس کھولنا چاہتی ہے اسلئے مقدمہ بند کرکے خط لکھ دیں ۔ اس کے زیرِ اثر سوئس حکام نے 4 فروری کو مقدمات بند کردیئے

یعنی سابقہ حکومت نے نہ صرف عدالتِ عظمٰی بلکہ پوری قوم کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ۔ اس جُرم اور گناہ میں صرف زرداری اور یاسمین عباسی ہی نہیں اور لوگ بھی شامل ہوں گے

دعوے اور حقیقت

انتخابات سے پہلے انتخابات کے دن سیاسی جماعتوں کے سربراہان بہت سے دعوے کرتے ہیں ۔ ہارنے والوں کے دھاندلی کے دعوٰی کے علاوہ بھی دو دعوے ایسے ہیں جو کہ بار بار کئے گئے

1970ء کے انتخابات میں آؤٹ ٹرن 60 فیصد رہا تھا ۔ ایک سیاسی جماعت سربراہان کا دعوٰی تھا کہ اُن کشش کے باعث 11 مئی 2013ء کے انتخابات میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ آؤٹ ٹرن رہا
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار شائع کرنے پر معلوم ہوا کہ کُل ایک 4 کروڑ 62 لاکھ سے کچھ اُوپر ووٹ ڈالے گئے جو 55.02 فیصد بنتا ہے

ایک سیاسی جماعت 12 مئی 2013ء سے زور دے رہی ہے کہ پنجاب کے 25 حلقوں میں لگائے گئے انگوٹھے کے نشانات کا متعلقہ ووٹرز کے شناختی کارڈز پر لگے انگوٹھے کے نشانات کا موازنہ کیا جائے تو معلوم ہو جائے گا کہ کس اُمیدوار نے دھندلی کی ہے ۔ میں نہیں کہہ سکتا کہ ایسا مطالبہ کرنے والے اتنے ہی ناواقف یا بھولے ہیں کہ وہ نہیں جانتے کہ بیلٹ پیپر پر انگوٹھے کا نشان نہیں لگایا جاتا اور نہ کوئی ایسی نشانی ہوتی ہے جس سے معلوم ہو سکے کہ یہ ووٹ کس نے ڈالا ۔ انگوٹھے کا نشان کاؤنٹر فائل پر ہوتا ہے ۔ اگر کاؤنٹر فائل پر لگا انگوٹھے کا نشان شناختی کارڈ پر لگے انگوٹھے کا نشان سے مختلف ہو تو پریزاڈنگ آفیسر کا قصور تو بن سکتا ہے اور مزید کچھ نہیں ہو سکتا

ایک سیاسی جماعت کا دعوٰی تھا کہ 11 مئی 2013ء کو اُنہیں سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں لیکن ہیرا پھیری سے دوسری جماعت اکثریت لے گئی ہے
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار شائع کرنے پر مندرجہ ذیل صورتِ حال سامنے آئی ہے
272 میں سے 266 نشستوں کا اعلان ہوا ہے

سیاسی جماعت ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ووٹ ملے ۔ ۔ نشستیں حاصل کیں

مسلم لیگ ن ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 14794188 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 125

تحریکِ انصاف ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 7563504 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 27

پی پی پی پی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 6822958 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 31

آزاد اُمیدوار ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 5773494 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 32

ایم کیو ایم ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 2422656 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 18

جے یو آئی (ف) ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1454907 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 10

مسلم لیگ ق ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1405493 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 2

مسلم لیگ ف ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1007761 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 5

جماعتِ اسلامی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 949394 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 3

اے این پی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 450561 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

پختون خوا ملی عوامی پارٹی ۔ ۔ ۔ 211989 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 3

این پی پی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 196828 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 2

مسلم لیگ ضیاء ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 126504 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

عوامی مسلم لیگ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 93051 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

عوامی جمہوری اتحاد ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 71175 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

بی این پی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 64070 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

نیشنل پارٹی ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 61171 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

مسلم لیگ مشرّف ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 54617 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1

قومی وطن پارٹی شیرپاؤ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 46829 ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ 1