Category Archives: سبق

حادثہ اور ہمارا کردار

عیدالفظر سے ایک دن قبل احمد پور شرقیہ کے پاس ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا جس میں 150 افراد لُقمہءِ اجل بن گئے اور 100 زخمی ہوئے ۔ وطنِ عزیز میں عام طور پر اختیار کئے جانے والے ردِ عمل جس میں ہر کوئی حکومت اور سرکاری اہلکاروں کو موردِ الزام ٹھہرا کر کوسنا شروع کر دیتا ہے سے ہٹ کر میں ایک خاص تکنیکی نقطہءِ نظر پیش کرنا چاہتا ہوں جو میرے زندگی بھر کے مشاہدات پر مبنی ہے

واقعات کا خلاصہ کچھ یُوں ہے ۔ صبح سویرے ساڑھے 5 بجے 25000 لیٹر پٹرول سے بھرا ٹینکر شاہراہ پر اُلٹ گیا ۔ پٹرول بہنے لگا ۔ قریبی دیہات کے لوگ بالٹیاں اور ڈبے لے کر پٹرول لُوٹنے پہنچ گئے ۔ ڈرائیور نے اُنہیں ٹوکا ۔ ٹریفک پولیس نے اُنہیں منع کیا لیکن بے سود ۔ شاہرہ پر سفر کرنے والے اپنی کاریں اور موٹر سائیکلیں روک کر حصہ وصول کرنے لگے ۔ اس طرح سینکڑوں لوگ اس لُوٹ میں شامل ہو گئے ۔ ایک لمحہ کیلئے بھی نہ سوچا کہ وہ آگ کے بم کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ بے فکری کا یہ عالم کہ سوا 6 بجے کے بعد کسی نے جلتا سگریٹ پھینکا پھر وہی ہوا جو متوقع تھا

اب اس سے مِلتے جُلتے حادثہ کا خلاصہ جو 4 دہائیاں قبل پیش آیا تھا
۔ میں طرابلس (لبیا) میں کہیں سے اپنی رہائشگاہ کی طرف آ رہا تھا ۔ مخالف سمت سے 2 پٹرول کے ٹینکر آگے پیچھے آ رہے تھے ۔ اگلے ٹینکر کے آگے سے ایک چھوٹا لڑکا بھاگ کر سڑک پار کر گیا ۔ بچے کو بچاتے ہوئے ٹینکر ڈرائیور نے یکدم بریک لگائی اور ٹینکر بائیں جانب موڑ کر درمیانی پٹڑی پر چڑھا دیا ۔ لڑکا تو بچ گیا لیکن پچھلا ٹینکر اگلے ٹینکر سے ٹکرایا گیا ۔ میں اگلے ٹینکر سے پانچ چھ میٹر کے فاصلے پر رُک گیا ۔ میری داہنی طرف ایک گاؤں تھا اور سڑک کے دونوں جانب گاؤں والوں کی دُکانیں تھیں

رُکنے کے بعد میں نے دیکھا کہ پٹرول سڑک پر بہنا شروع ہو گیا ہے ۔ دُکاندار اور گاؤں کے لوگ ٹینکروں کے گرد کم از کم 5 میٹر فاصلہ چھوڑ کر ایک دائرہ بنا چکے تھے دو تین آدمی دونو اطراف سے آنے والی ٹریفک کو روکنا شروع ہو گئے ۔ کچھ آدمی گینتیاں اور بیلچے لے کر آ گئے اور سڑک کے کنارے کچی جگہ پر گڑھا کھودنے لگ گئے ۔ کچھ بیلچوں والے کھودی ہوئی مٹی اُٹھا کر ٹینکر سے گھڑے تک ایک نہر بنانے لگ گئے ۔ جب پٹرول گڑھے کی طرف آنا شروع ہوا تو لوگ ایک اور گڑھا کھودنے لگ گئے ۔ پھر جو لوگ پہلے نہر بنا رہے تھے وہ دوسرے گڑھے کی مٹی اُس پٹرول پر ڈالنے لگ گئے جو چاروں طرف پھیل گیا تھا ۔ اس سارے عمل میں 15 منٹ لگے ہوں گے

اب میں نے سوچا کہ مجھے پچھلے جانا چاہیئے ۔ میں نے اپنی کار سے باہر نکل کر پچھلی طرف دیکھا تو کچھ لوگ تمام گاڑیوں کو پیچھے جانے کا اشارہ کر رہے ہیں اور گاڑیاں تیزی سے اُلٹی ہی پیچھے جانا شروع ہو چکی ہیں ۔ چند منٹ بعد میں بھی اپنی کار اُلٹی ہی پیچھے لے جا رہا تھا ۔ 10 منٹ اُلٹا جانے کے بعد ایک سڑک آئی جس پر سب لوگ مُڑ رہے تھے ۔ میں بھی مُڑ کر گاؤں کے اندر چلا گیا ۔ آہستہ آہستہ کار چلاتا کوئی 100 میٹر کے بعد پھر مُڑ کر اپنی رہائشگاہ کی سمت چل پڑا ۔ اپنی رہائش گاہ سے ایک کلومیٹر سے زائد آگے جا کر ایک سڑک پر مُڑ کر پھر رہائشگاہ کے پچھلی طرف گلی میں داخل ہو کر گھر پہنچا کیونکہ میری رہائشگاہ کا سامنے کا راستہ بھی بند تھا

قارئین کرام ۔ یہ وہ لوگ تھے جنہیں میرے ہموطن اَن پڑھ ۔ جاہل ۔ بیوقوف اور نجانے کیا کچھ خطابات دیا کرتے تھے

بہت دُکھ کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ فی زمانہ ہموطنوں نے بے تُکی باتیں اور حرکات بہت سیکھ لی ہیں مگر کام کی بات اور باہم ذمہ داریوں کی طرف توجہ نہیں دیتے ۔ عام طور پر اپنی کوتاہیاں وطن عزیز یا حُکرانوں کے سر تھوپ کر سرزنش کرتے رہتے ہیں ۔ ایک فقرہ عام طور پر بولا جاتا ہے ”اِس مُلک کا 70 سال سے بُرا حال ہے“۔ حالانکہ کہ ایسا کہنے والوں کو پچھلے 10 سال کے واقعات بھی یاد نہیں رہتے اور بار بار ایک ہی سوراخ سے ڈسے جاتے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ نہ صرف وطنِ عزیز پاکستان کے حُکمران بلکہ اس میں بسنے والے سب بھی 1966ء تک باہمی ذمہ داریوں کا احساس رکھتے تھے اور نظم و بُردباری کا مظاہرہ کرتے تھے ۔ پھر ایک نئی طرز کے شخص نے لیڈر بننے کی کوشش میں زہر گھولنا شروع کیا جس کے نتیجہ میں ہماری 1966ء تک والی خصوصیات جن کی بدولت اللہ سبحانُہُ و تعالٰی نے ہمیں پاکستان عطا فرمایا تھا اور اس کی تعمیر کی توفیق دی تھی وہ خصوصیات اب اپنے دیس میں ناپید ہو چکی ہیں ۔ صرف ایک چھوٹی سی مثال دیتا ہوں

فی زمانہ سب جانتے ہیں کہ دُشمن کے زر خرید ہموطن اپنے ہی وطن میں دہشتگردی کر کے ہزاروں شہریوں کو ہلاک کر چکے ہیں ۔ اس کے مقابلہ میں ۔ ۔ ۔

Extract from an article published on October 24, 1951 in an Indian magazine:
American minds set thinking re plot assassinate Liaquat. US wanted Muslim assassin to obviate international complications. US could not find traitor in Pakistan as had been managed Iran, Iraq, Jordan. Washington rulers sounded US Embassy Kabul. American Embassy contacted Pashtoonistan leaders, observing Liaquat their only hurdle; assured them if some of them could kill Liaquat, US would undertake establish Pashtoonistan by 1952. Pashtoon leaders induced Akbar undertake job and also made arrangements kill him to conceal conspiracy.

ترجمہ ۔ بھارت کے ایک رسالے میں 24 اکتوبر 1951 میں چھپنے والے مضمون سے اقتباس
امریکی دانشوروں نے لیاقت علی کے قتل کے منصوبہ پر غور شروع کر دیا ۔ امریکہ چاہتا تھا کہ قاتل مسلمان ہو تاکہ بین الاقوامی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے ۔ جس طرح کہ ایران ۔ عراق ۔ اُردن میں غدار مل گئے تھے امریکہ کو پاکستان میں ایک بھی غدار نہ مل سکا ۔واشگٹن سے حُکمرانوں نے کابل میں امریکی سفارتخانے سے رابطہ کیا ۔ امریکی سفارتخانے نے پختونستان کے لیڈروں سے رابطہ کیا اور بتایا کہ اُن کے راست میں لیاقت علی ہی ایک رکاوٹ ہے اور اُنہیں یقین دلایا کہ اگر وہ لیاقت علی کو ہلاک کر دیں تو 1952ء تک وہ پختونستان قائم کر دیں گے ۔ پختون لیڈروں نے اس کام کیلئے اکبر (سید اکبر) کو تیار کیا اور سازش کو چھُپانے کی خاطر سید اکبر کو بھی ہلاک کرنے کا بندوبست کر دیا

ایک کہانی ۔ ایک سبق

ایک خُوبرُو جوان کی شادی ایک بہت ہی حسیِن لڑکی سے ہو گئی ۔ شادی کے بعد دونوں پیار و احترام سے رہنے لگے ۔ زندگی ہنسی خوشی گذر رہی تھی کہ بیوی کو ایک جِلدی بیماری ہو گئی جس نے اُس کی خوبصورتی کو گہنانا شروع کر دیا ۔ جب اُس کے چہرے پر اثر بڑھنے لگا تو چند دنوں کیلئے خاوند دَورے پر چلا گیا ۔ واپس آنے پر اُس نے بتایا کہ ایک حادثے کے نتیجہ میں وہ بینائی سے محروم ہو گیا ہے ۔ بہر کیف میاں بیوی کی محبت میں کوئی فرق نہ آیا اور زندگی کی گاڑی حسبِ معمول چلتی رہی

وقت گذرتا گیا اور کچھ سال بعد بیوی اس دُنیا سے رُخصت ہو گئی ۔ بیوی کی موت سے خاوند کو بڑا صدمہ ہوا ۔ بیوی کے کفن دفن سے فارغ ہو کر اُس نے اعلان کیا کہ اس مکان اور اس شہر میں نہیں رہ سکتا کہ ان کی ایک ایک چیز اُسے بہت تڑپائے گی ۔ اس لئے وہ شہر چھوڑ کر جا رہا ہے

جنازے کے ساتھ آئے لوگوں میں سے ایک بولا ” دوسری جگہ جا کر آپ زندگی کیسے گذاریں گے ؟ جب سے آپ کی آنکھیں خراب ہوئیں مرحومہ آپ کو ہر جگہ لے کر جاتی تھی اور ہر کام مین آپ کی مدد کرتی تھی“۔
مرحومہ کے خاوند نے آنسو پونچھتے ہوئے جواب دیا ” میں نابینا نہیں ہوں ۔ مجھے بالکل درست نظر آتا ہے ۔ میں نے محسوس کیا تھا کہ اپنی خوبصورتی کو زائل ہوتا دیکھ کر مرحومہ غمگیں سی ہو گئی تھی ۔ وہ بہت اچھی بیوی تھی اور مجھ سے والہانہ محبت کرتی تھی ۔ اُس کی صحت کی خاطر میں نابینا بن گیا تھا جس کا اُس پر اچھا اثر پڑا“۔

سبق ۔ آپس کے تعلقات اچھے رکھنے کی خاطر دوسروں کی کمزوریوں کو نظر انداز کرنا پڑتا ہے یعنی سب کچھ دیکھتے ہوئے ہمیں نابینا بننا پڑتا ہے

اللہ کریم ہمیں دوسروں کی خامیوں سے درگذر کرنے کی توفیق عطا فرمائے

درگذر اور اتحاد کِسے کہتے ہیں

ہمارے دانت کئی بار ہماری زبان کو زخمی کر دیتے ہیں ۔ اس کے باوجود دونوں ہمارے منہ میں اکٹھے ہی رہتے ہیں
یہی درگذر کی روح ہے

ہماری دونوں آنکھیں ایک دوسری کو دیکھتی نہیں ہیں لیکن دونوں ہر چیز کو اکٹھے دیکھتی ہیں ۔ اکٹھے جھپکتی ہیں اور اکٹھے آنسو بہاتی ہیں
اِس کو باہمی اتحاد کہتے ہیں

اللہ کریم میرے ہموطنوں کو درگذر اور آپس میں اتحاد کی توفیق عطا فرمائے

یہ بھی رکشا چلاتا ہے

آدمی رزقِ حلال کمانے کیلئے %d8%b1%da%a9%d8%b4%d8%a7-%da%88%d8%b1%d8%a7%d8%a6%db%8c%d9%88%d8%b1-%da%a9%db%8c-%da%a9%d8%aa%d8%a7%d8%a8کوئی بھی پیشہ اختیار کرے اس میں کوئی عیب نہیں بلکہ اس سے انسان کا وقار قائم رہتا ہے بجائے اس کے کہ وہ حرام کام کرے یا جُرم کرے ۔ محنت کی ایک سوکھی روٹی اُس پراٹھے اور مُرغی سے بہتر ہے جس میں حرام شامل ہو
>

نہیں نا اُمید ۔ ۔ ۔

نہیں نا اُمید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی
علامہ محمد اقبال صاحب کے مندرجہ بالا قول کی عملی مثالیں گاہے بگاہے سامنے آتی رہتی ہیں ۔ آج ان میں سے ایک واقعہ نقل کر رہا ہوں جو آج کے نوجوانوں کے عِلم میں شاید آیا ہی نہ ہو اور بڑوں کی اکثریت شاید بھول چکے ہوں
یہ اچھوتا اور مغربی دنیا میں ناقابلِ یقین واقعہ آج سے 18 سال 5 ماہ اور 4 دِن قبل 25 اکتوبر 1998ء کو بلوچستان اور سندھ کی فضاؤں میں رونما ہوا تھا fokker

پی آئی اے کا چھوٹا ہوائی جہاز (فوکر فرینڈشپ 27) گوادر ایئر پورٹ سے کراچی روانہ ہونے کو تیار کھڑا تھا ۔ روانگی سے قبل جہاز میں معمول کے مطابق اعلان کیا گیا ”خواتین و حضرات اپنے حفاظتی بند باندھ لیجئے ۔ ہم اپنے سفر پر روانہ ہونے والے ہیں”۔
جہاز میں 33 مسافر اور عملہ کے 5 افراد سوار تھے ۔ شام ساڑھے 5 بجے جہاز منزل کی جانب روانہ ہوا ۔ زمین سے اُٹھنے کے 20 منٹ بعد ایک درازقد جوان اُٹھا اور کاک پِٹ کی جانب بڑھا ۔ ایئر ہوسٹس خالدہ آفریدی نے سامنے آتے ہوئے گذارش کی ”سر آپ تشریف رکھیں ۔کاک پٹ میں جانے کی اجازت نہیں“۔
وہ شخص اُسے دھکا دے کر کاک پِٹ میں داخل ہو گیا اور پستول پائلٹ عزیر خان کی گردن پر رکھتے ہوئے خبردار کیا کے وہ اسکے حکم کا پابند ہے ۔ اسی لمحے ہائی جیکر کے 2 ساتھیوں نے کھڑے ہو کر مسافروں پر پستول تان لئے ۔ اِن میں سے ایک نے خود کُش جیکٹ پہن رکھی تھی ۔ ہائی جیکر نے کیپٹن عزیر کو حکم دیا ” یہ جہاز کراچی نہیں دہلی جائے گا“۔
کیپٹن نے جہاز میں مسافروں کو آگاہ کیا ”معزز خواتین و حضرات جہاز ہائی جیک ہو چکا ہے اور اب یہ انڈیا جائے گا“۔

پھر ہائی جیکر نے کیپٹن عزیر کو انڈین ایئر بیس رابطہ کر کے اُترنے کی اجازت مانگنے کا کہا ۔ کیپٹن نے بظاہر اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی جہاز کی سِمت بدل دی ۔ راڈار پر جہاز کی سِمت بدلتے ہی پاکستانی ایئر پورٹ ہیڈ کوارٹر میں کھلبلی مچ گئی ۔ چند منٹ بعد پاکستان ایئر فورس کے 2 فائٹر جیٹ فضا میں بلند ہوئے اور فوکر کو گھیر لیا ۔ ایئر پورٹ ہیڈ کوارٹر میں اعلی حکام کا اجلاس ہوا جس میں لائحہءِ عمل تیار کیا گیا ۔ فیصلہ ہوا کہ فوکر کو حیدرآباد (سندھ) ایئرپورٹ پر اُتارا جائے ۔ تربیت یافتہ پولیس اور فوج کے کمانڈوز کے دستے منگوا لئے گئے ۔ رینجرز کا دستہ بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا

اب اصل ڈرامہ شروع ہونے کو تھا
کیپٹن عزیر خان جان چکے تھے 2 فائٹر جیٹ جہاز کو گھیرے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بہانہ بناتے ہوۓ کہا ”ہمارے پاس ایندھن اتنا نہیں ہے کہ ہمیں دہلی لے جاسکے ۔ ہمیں قریبی ائیر پورٹ سے ایندھن لینا پڑے گا“۔
ہائی جیکرز ہر صورت جہاز دہلی لے جانا چاہتے تھے ۔ ان کے پاس نقشہ تھا ۔ انڈیا کی بھوج ائیربیس کو نقشے میں دیکھ کر آپس میں باتیں کر رہے تھے جو سُن کر کیپٹن نے کہا ”انڈیا کا بھوج ائیر بیس قریب پڑتا ہے ۔ وہاں تک جہاز جا سکتا ہے لیکن اس کیلئے انڈین ہیڈ کوارٹر سے اجازت لینا ہوگی“۔
کیپٹن عزیر جانتے تھے قریبی ایئرپورٹ حیدرآباد (سندھ) کا تھا ۔ انہوں نے رابطہ کرتے ہوئے کہا ”کیا یہ بھوج ائیر پورٹ ہے ؟ کیا آپ مجھے سن سکتے ہیں ؟ “ جواب میں کسی نے ہندی زبان میں ہائی جیکروں کے ساتھ بات کرانے کا کہا اور ہائی جیکروں نے بات شروع کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بلوچستان کی طلباء تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جہاز میں 33 مسافر اور 5 عملہ کے لوگ ہیں ۔ وہ پاکستان کے انڈیا کے مقابلہ میں ایٹمی تجربہ کرنے کے خلاف ہیں اور پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہ تجربہ نہ کریں ۔ پھر جئے ہند کا نعرہ لگا کر کہا کہ وہ انڈیا کی مدد کریں گے اور پاکستان کا یہ جہاز دہلی لے جانا چاہتے ہیں ۔ انہیں بھوج ائیر بیس پر اُترنے دیں کیونکہ جہاز کو ایندھن چاہیئے

ہائی جیکروں کے ساتھ بات کرنے والا پاکستان ایئر فورس کا خصوصی تربیت یافتہ آفیسر تھا ۔ اُس نے ان کی شناخت پوچھی ۔ ہائی جیکر نے اپنے پورے نام اور پتے بتا دیئے ۔ کچھ وقفہ کے بعد ہائی جیکروں کو بتایا گیا ”پردان منتری سے بات کرنے کے بعد آپ کا مطالبہ منظور کر لیا گیا ہے اور بھوج ایئرپورٹ پر اُترنے کی اجازت ہے“۔ خوشی سے ہائی جیکروں نے جئے ہند کے نعرے لگائے ۔ دوسری جانب سے بھی جے ہند کے نعرے کی آواز آئی

کیپٹن عزیر یہ ظاہر کرنے کیلئے کہ اب وہ انڈیا کی طرف جا رہے جہاز کو حیدرآباد ایئر پورٹ پر گھماتے رہے ۔ پاکستان کے سیکورٹی افسران نے متعلقہ اداروں سے ہائی جیکروں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ۔ رات کا اندھیرہ چھا چکا تھا ۔ ہنگامی طور پر حیدرآباد ایئر پورٹ سے تمام جہاز ہٹا دیئے گئے ۔ پولیس نے ائیر پورٹ کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے ۔ حیدرآباد ایئر پورٹ پر لائٹس بند کر دی گئیں ۔ شہر کی بجلی بھی بند کر دی گئی تاکہ ہائی جیکر علاقہ نہ پہچان سکیں ۔ ایئر پورٹ کی عمارت سے پاکستان کا جھنڈا اُتار کر انڈیا کا جھنڈا لہرا دیا گیا

کچھ دیر بعد جہاز حیدر آباد ایئر پورٹ پر اُتر گیا ۔ وہاں انڈیا کا پرچم لہراتے دیکھ کر ہائی جیکروں نے پھر جئے ہند کا نعرہ لگایا ۔ کمانڈوز اور رینجرز تیار کھڑے تھے ۔ جہاز کھڑا ہوتے ہی گاڑیاں اس کے آگے کھڑی کر دیں گئیں کہ جہاز ٹیک آف نہ کرسکے ۔ ایئر پورٹ عملہ کے روپ میں انڈین آرمی کی وردی پہنے 3 پاکستانی کمانڈوز بغیر ہتھیاروں کے جہاز میں داخل ہوئے اور بات چیت کے دوران جہاز کے اندر کی صورتحال کا مکمل جائزہ لے لیا ۔ آخر ہائی جیکروں سے کہا ”آپ چِنتا نہ کریں ۔ آپ بھوج ایئر بیس پر ہیں اور محفوظ ہیں ۔ عورتوں ۔ بچوں اور ان کے ساتھی مردوں کو یہیں اُتار کر آپ دہلی پدھاریں“۔
مسافروں کے جہاز سے اُترنے کی دیر تھی کہ کمانڈوز ”اللہ اکبر“ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے ایک ہی ہلے میں دونوں دروازوں سے جہاز میں داخل ہو گئے اور ہائی جیکروں کو قابو کر کے باندھ دیا

کپیٹن عزیر اور باقی عملہ مسکراتے ہوئے جہاز سے اُتر گئے
کپیٹن عزیر کی ذہانت اور چُست فیصلہ سازی نے مُلک کو ایک عظیم نقصان سے بچا لیا
اس واقعہ کے بعد جب صحافیوں نےان سے پوچھا تو بولے ” اگر دشمن یہ سمجھتے ہیں کے ہم موت سے ڈرتے ہیں تو سُن لیں مسلمان موت سے نہیں ڈرتا اور شہادت تو مسلمان کے لئے انعام ہے“۔
ہائی جیکروں پر سول عدالتوں میں مقدمہ چلتا رہا اور پھانسی کا حُکم سنا دیا گیا لیکن حکومتِ وقت نے غیر ملکی طاقتوں کے دباؤ میں آ کر سزا روکے رکھی ۔ بالآخر ان ہائی جیکروں کو 28 مئی 2015ء کو پھانسی دے دی گئی

پاکستان کے دشمنوں کو خبر ہو کے جس وطن کے بیٹے اتنے دلیر اور جانثار ہوں اس سرزمین کو کوئی شکست نہیں دے سکتا
پاکستان اِن شاء اللہ ہمیشہ قائم و دائم رہنے کے لئے ہے