Category Archives: سبق

الزام ؟

دوسروں کو موردِ الزام ٹھہرانا غلط جائے پناہ ہے

کسی بھی خرابی کی وجہ معلوم کرنے کیلئے آدمی کو اپنے اندر جھانکنا چاہیئے اور اسے دُور کرنا چاہیئے

علامہ محمد اقبال نے کہا ہے
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نُوری ہے نہ ناری ہے

اہم معاشرتی اصول

اگر آپ کی نوازش کوئی بھُول جائے تو بھی اُسے اور دیجیئے
لوگوں سے توقع کم اور الله سے زیادہ کی اُمید رکھیئے
کیونکہ الله ہی ہے جو آپ کی خامیاں نہیں گِنے گا

صبَر اپنی مَوٹر اُس وقت ساکن کر نے کا نام ہے
جب آپ کا دل ساری چَرخِیاں بھی اُدھیڑنے کو چاہ رہا ہو

حقوق کیسے حاصل ہوں

دوسرے کی بات اچھے پس منظر میں سمجھنے کی کوشش کیجیئے
تو دوسرے بھی آپ کی بات درست پیرائے میں سمجھیں گے

اگر ہم اپنے فرائض ادا کرنا شروع کر دیں
تو
ہمارے حقوق کا مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا
کیونکہ
ہمارے فرائض دوسروں کے حقوق ہیں

چائے کی پیالی ۔ ایک منفرد واقعہ

پندرہ فوجی ایک میجر کی کمان میں ہمالیہ ک برف پوش چوٹی پر بنی پوسٹ پر ڈیوٹی کیلئے برف سے لدے دشوار گزار پہاڑ پر چڑھ رہے تھے ۔ چوکی پر اُنہوں نے 3 ماہ ڈیوٹی دینا تھی ۔ مزید برف باری وقفے وقفے سے جاری تھی ۔ نامساعد حالات کے ساتھ مکّار دُشمن کی چھیڑ خانی ۔ خاصی مُشکل ڈیوٹی تھی

متواتر 2 گھنٹوں سے وہ چڑھتے جا رہے تھے ۔ میجر نے دِل ہی دِل میں سوچا ” ایسے میں اگر گرم چائے کی ایک پیالی مل جائے تو کیا بات ہے“۔ پھر میجر خود ہی اپنے آپ پر ہنس دیا کہ کیسی بیوقوفانہ خواہش ہے ۔ وہ چڑھتے گئے ۔ مزید ایک گھنٹہ گزر گیا ۔ رات کا اندھیرا چھا چکا تھا کہ ایک شکستہ حال کمرہ نظر پڑا جو چائے کی دکان لگتا تھا ۔ قریب گئے تو دروازے پر تالا پڑا تھا ۔ میجر نے کہا ”جوانو ۔ قسمت نے یاوری نہیں کی ۔ چائے نہیں ملے گی ۔ لیکن آپ سب تھک گئے ہوں گے ۔ یہاں کچھ دیر آرام کر لیتے ہیں“۔

ایک سپاہی بولا ” سر ۔ چائے کی دکان ہے ۔ ہم خود چائے بنا لیں گے ۔ بس تالا توڑنا پڑے گا“۔
میجر مخمصے میں پڑ گیا ۔ تجویز غیر اخلاقی تھی ۔ دوسری طرف یہ بھی حقیقت تھی کہ چائے کی ایک پیالی تھکاوٹ سے چُور سپاہیوں میں نئی رُوح پھُونک دے گی ۔ بادلِ نخواستہ اُس نے اجازت دے دی ۔ سپاہیوں نے تالا توڑا تو اندر چائے بنانے کا پورا سامان موجود تھا اور بسکٹ بھی تھے ۔ اُنہوں نے چائے بنائی ۔ سب نے دو دو بسکٹ کے ساتھ گرم گرم چائے پی اور پھر چلنے کیلئے تیار ہو گئے

میجر نے سوچا کہ اُنہوں نے بغیر مالک کی اجازت کے چائے پی ۔ بسکٹ کھائے اور تالا بھی توڑا ۔ وہ مُلک و قوم کے محافظ ہیں ۔ کوئی چور ڈاکو تو نہیں ۔ چائے ۔ بسکٹ اور تالے کے علاوہ بھی کچھ معاوضہ دینا چاہیئے ۔ میجر نے اپنے بٹوے سے 1000 روپے کا نوٹ نکالا ۔ کاؤنٹر پر رکھا اور اُس پر چینی دانی رکھ دی تاکہ دکان والے کو فوراً نظر آ جائے ۔ اس طرح میجر کے ذہن پر بوجھ ہلکا ہو گیا ۔ سپاہیوں نے دکان کا دروازہ بند کیا اور چل پڑے

چوکی پر پہنچ کر وہاں موجود دستے کو فار غ کر کے اُن کا کام سنبھال لیا ۔ گاہے بگاہے دُشمن کے فوجی اور تربیت یافتہ دہشتگرد حملے کرتے رہے ۔ 3 ماہ گزر گئے لیکن خوش قسمتی سے اُن کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا ۔ ڈیوٹی نئے دستے کے حوالے کر کے واپسی کا سفر اختیار کیا ۔ راستے میں اُسی چائے کی دکان پر رُکے ۔ دن کا وقت تھا ۔ دکان کھُلی تھی اور اُس کا مالک موجود تھا جو بوڑھا تھا ۔ وہ اکٹھے 16 مہمانوں کو دیکھ کر خوش ہوا اور بخوشی چائے پیش کی ۔ میجر نے اُسے اپنے تجربات کا پوچھا ۔ وہ اپنے قصے سنانے لگا ۔ ہر قصے میں وہ الله کی موجودگی کا بار بار ذکر کرتا ۔ ایک سپاہی نے کہا ”بابا ۔ اگر الله ہر جگہ موجود ہے تو آپ کا یہ حال کیوں ہے ؟

بوڑھا دکاندار نے بڑے جوش سے کہا ” ایسے مت کہیئے صاحب ۔ الله ہر جگہ موجود ہے ۔ میرے پاس اس کا تازہ ثبوت ہے ۔ 3 ماہ قبل مجھے بہت مُشکلات کا سامنا تھا ۔ دہشتگرد میرے اکلوتے بیٹے سے کچھ معلومات حاصل کرنا چاہتے تھے جس کی وجہ سے میرے بیٹے کو بہت زد و کوب کیا ۔ میں نے دکان بند کی اور بیٹے کو شہر میں ہسپتال لے گیا ۔ کچھ دوائیاں خریدنا تھیں اور میرے پاس رقم نہ تھی ۔ دہشتگردوں کے ڈر سے کوئی قرض دینے کو بھی تیار نہ تھا ۔ میں نے اپنے الله سے مدد کی استدعا کی ۔ میں دکان پر آیا تو تالا ٹوٹا دیکھ کر دِل دھک سے رہ گیا کہ جو میری پونجی تھی وہ بھی کوئی تالا توڑ کر لے گیا ۔ اچانک میری نظر کاؤنٹر پڑی ۔ الله نے میری دکان میں چینی دانی کے نیچے 1000 روپے رکھ دیئے تھے ۔ وہ رقم میرے لئے سب کچھ تھی ۔ صاحب ۔ الله ہر جگہ ہے اور سب کچھ دیکھتا اور سُنتا ہے“۔

پندرہ کے پندرہ سپاہیوں کی کی نظریں اپنے کمانڈر (میجر) کی طرف اُٹھیں ۔ میجر کی آنکھیں اُنہیں کہہ رہی تھیں ”خبر دار ۔ خاموش ۔ ایک لفظ نہیں بولنا“۔

میجر اُٹھا ۔ بِل ادا کیا ۔ بوڑھے دکاندار سے بغل گیر ہوا اور بولا ”ہاں ۔ بابا جی ۔ میں جانتا ہوں ۔ الله ہر جگہ موجود ہے ۔ اور ہاں ۔ چائے بہت عمدہ تھی”۔

چلتے ہوئے سپاہیوں نے دیکھا کہ اُن کا کمانڈر کہ کبھی بُرے سے بُرے وقت میں جس کی آنکھیں نَم نہیں ہوئی تھیں ۔ اُن آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے تھے

مسجد نہیں جاؤں گا

بیٹے نے باپ سے کہا ” میں آج سے مسجد نہیں جاؤں گا “
باپ ” کیوں ؟ کیا ہوا ؟“
بیٹا ” ابا جی ۔ وہاں میں دیکھتا ہوں کہ کوئی موبائل فون پر لگا ہے ۔ کوئی گپ لگا رہا ہے اور کوئی کچھ اور ۔ سب منافق ہیں“۔
باپ نے کہا ” ٹھیک ہے لیکن حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے تم میری خاطر ایک کام کرو گے ؟“
بیٹا بولا ”وہ کیا ؟“
باپ نے کہا ” ایک گلاس میں پانی بھر کر ہاتھ میں پکڑ لو اور مسجد کے گرد 2 چکر لگاؤ لیکن خیال رہے کہ گلاس میں سے پانی بالکل نہ گرے“۔
بیٹا مان گیا اور گلاس لے کر چلا گیا ۔ کچھ دیر بعد لڑکے نے واپس آ کر بتایا کہ ہو گیا
باپ نے کہا ” اب میرے 3 سوالوں کا جواب دو“۔
”1 ۔ کیا تم نے کسی کو اپنے موبائل فون پر کچھ کرتے دیکھا ؟“
”2 ۔ تم نے کسی کو گپ لگاتے سُنا ؟“
”3 ۔ تُم نے کسی کو کچھ غلط کرتے دیکھا ؟“
بیٹا بولا ” ابا جی ۔ نہیں میں نے کسی کو نہ دیکھا نہ سُنا ۔ میری پوری توجہ تو گلاس کی طرف تھی کہ کہیں پانی نہ گرے“۔

باپ نے پھر کہا ” بیٹا ۔ اِسی طرح جب تُم مسجد میں جاتے ہو تو تمہاری پوری توجہ پیدا کرنے والے کی طرف ہونا چاہیئے جس کیلئے تُم مسجد جاتے ہو نہ کہ اُس کی مخلوق کی طرف پھر ہی تمہیں الله کے گھر جانے کا فائدہ ہو گا“۔

انسان اور کتا

شیخ سعدی نے گلستان لکھی ۔ یہ ذومعنی چھوٹی چھوٹی کہانیوں کی فارسی میں لکھی کتاب میں نے 66 سال قبل آٹھویں جماعت میں پڑھی تھی ۔ اِن میں سے 2 کا ترجمہ
(1) ایک درویش کے پاس سے ایک بادشاہ کا گذر ہوا ۔ درویش کے پاس اس کا کُتا بیٹھا تھا
بادشاہ نے مذاق کے طور پر پوچھا ” آپ اچھے ہیں یا آپ کا کُتا ؟ “۔
درویش نے جواب دیا ” یہ کُتا میرا کہنا مانتا ہے اور میرا وفادار ہے ۔ اگر میں اپنے مالک کا وفادار رہوں اور اس کا کہنا مانوں تو میں اچھا ورنہ یہ کُتا مجھ سے اچھا ہے“۔
(2) ایک آدمی کو کُتے نے کاٹ لیا ۔ درد سے اُس کے آنسو نکل آئے
اُس کی کمسِن بچی اُسے کہنے لگی ” بابا روتے کیوں ہو ۔ کُتا آپ سے بڑا تو نہیں تھا ۔ آپ بھی اُس کو کاٹ لیتے”۔
آدمی نے کہا ” بیٹی ۔ ٹھیک ہے کہ کُتا مجھ سے بہت چھوٹا ہے مگر میں انسان ہوں ۔ رو سکتا ہوں ۔ کُتے کو نہیں کاٹ سکتا “۔

آپ حاکم بننا چاہتے ہیں ؟ ؟ ؟

ایک ملک کا بادشاہ بیمار ہو گیا ۔ جب بادشاہ نے دیکھا کے اس کے بچنے کی کوئی اُمید نہیں تو اس نے اپنے ملک کی رعایا میں اعلان کروا دیا کہ ”وہ اپنی بادشاہت اس کے نام کر دے گا جو اس کے مرنے کے بعد اس کی جگہ ایک رات قبر میں گزارے گا“۔

سب لوگ بہت خوفزدہ ہوئے اور کوئی بھی یہ کام کرنے کو تیار نہ تھا ۔ ایک کُمہار جس نے ساری زندگی کچھ جمع نہ کیا تھا ۔ اس کے پاس سوائے ایک گدھے کے کچھ نہ تھا ۔ اس نے سوچا کہ اگر وہ ایسا کرلے تو وہ بادشاہ بن سکتا ہے اور حساب کتاب میں کیا جواب دینا پڑے گا ۔ اس کے پاس تھا ہی کیا ایک گدھا اور بس ۔ سو اس نے بادشاہ کے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ ایک رات بادشاہ کی جگہ قبر میں گزارنے کے لئے تیار ہے

بادشاہ کے مرنے کے بعد لوگوں نے بادشاہ کی قبر تیار کی ۔ وعدے کے مطابق کُمہار خوشی خوشی اس میں جا کر لیٹ گیا اور لوگوں نے قبر کو بند کر دیا ۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد فرشتے آئے اور کُمہار کو کہا کہ ” اُٹھو اور اپنا حساب دو“ ۔
اس نے کہا ”بھائی حساب کس چیز کا ؟ میرے پاس تو ساری زندگی تھا ہی کچھ نہیں سوائے ایک گدھے کے“۔

فرشتوں میں سے ایک نے کہا ” تُمہارے نامہءِ اعمال میں لکھا ہے کہ فلاں فلاں دن تم نے گدھے کو ایک وقت بھوکا رکھا تھا“۔
کُمہار نے جواب دیا ”ہاں“۔
فرشتے نے کہا ”اسے 100 دُرّے مارے جائیں“۔ 100 دُرّے مارے گے
اس کے بعد پھر فرشتے نے سوال کیا ”یہ بتاو فلاں فلاں دن تم نے زیادہ وزن لادا اور پھر گدھے کو مارا بھی تھا ؟“
کُہار نے کہا ”ہاں“۔
پھر حُکم ہوا ”اس کو 200 دُرّے مارے جائیں“۔ اُسے دو سو دُرّے مارے گئے
غرض صبح تک اس کی پٹائی ہوتی رہی

صبح سب لوگ اکھٹے ہوئے اور قبر کشائی کی تا کہ اپنے نئے بادشاہ کا استقبال کر سکیں ۔ جیسے ہی انہوں نے قبر کھولی تو کُمہار نے باہر نکل کر دوڑ لگا دی ۔ لوگوں نے بھاگ کر اُسے روکا اور مؤدبانہ کہا ”بادشاہ سلامت کدھر جا رہے ہیں ؟“
تو کُمہار نے جواب دیا ”بھائیوں ۔ مجھے نہیں چاہیئے بادشاہت ۔ پوری رات میں ایک گدھے کا حساب نہیں دے سکا تو ساری رعایا اور مملکت کا حساب کون دیتا پھرے“۔

کبھی سوچا ہے کہ ہم نے بھی حساب دینا ہے ۔ اور پتہ نہیں کہ کِس کِس چیز کا حساب دینا پڑے گا جو شاید ہمیں یاد بھی نہیں ہے