Category Archives: روز و شب

کیا ؟ ؟ ؟

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی یہ نہیں پوچھیں گے کہ
” کتنا بچا کر جمع کیا تھا ؟ “
” کیا خواب دیکھے تھے ؟ “
” تمہارے منصوبے کیا تھے ؟ “
” تم کیا کہتے رہے تھے ؟“

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی یہ پوچھیں گے کہ
” تمہارا دوسروں سے سلوک کیسا تھا ؟ “
” کیا تم نے حقدار کو اُس کا حق پہنچایا ؟ “
” کیا لوگ تمہاری زبان سے محفوظ تھے ؟ “
” کیا پڑوسی تم سے خوش تھے ؟“

سوچ ۔ بُری اور اچھی

ایک بزرگ کہتے ہیں ”بازار میں چلتے ہوئے کسی نے میرے ٹخنے پر ڈنڈے سے چوٹ لگائی ۔ میں نے دَرد اور غُصے کی کیفیت میں پَلَٹ کر مارنے والے کو دیکھا تو وہ ایک نابینا شخص تھا جو اپنے ڈنڈے سے راستہ ٹٹول رہا تھا ۔ غُصے کی کیفیت جھَٹ سے شَفَقت اور تَرس میں تبدیل ہو گئی ۔ میں نے نابینا کا ہاتھ پکڑ لیا اور اُس کو اُس کی منزل تک پہنچا کر آیا ۔ ۔ ۔ اُس دِن مجھے احساس ہوا کہ جب انسان کا نُقطہءِ نظر تبدیل ہوتا ہے تو جذبات بھی تبدیل ہو جاتے ہیں“۔

ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں نقطہءِ نظر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ پھر جذبات خود ہی تبدیل ہو جائیں گے اور جو لوگ ہمں بُرے لگتے ہیں وہ اچھے لگنے لگیں گے

سوچنے کی بات

ایک فقیر ایک پھل والے کے پاس گیا اور کہا ” اللہ کے نام پر کچھ دے دو“۔
پھل والے نے فقیر کو گھورا اور پھر ایک گلا سڑا آم اُٹھا فقیر کی جھولی میں ڈال دیا
فقیر کچھ دیر وہیں کھڑا کچھ سوچتا رہا اور پھر 20 روپے نکال کر پھل والے کو دیئے اور کہا ”20 روپے کے آم دے دو“۔
دکاندار نے 2 بہترین آم اُٹھائے اور لفافے میں ڈال کر فقیر کو دے دیئے
فقیر نے ایک ہاتھ میں گلا سڑا آم لیا اور دوسرے ہاتھ میں بہتریں آموں والا لفافہ اور آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہنے لگا ”دیکھ اللہ تُجھے کیا دیا اور مجھے کیا دیا “۔

رسول اکرم سیّدنا محمد صلی اللہ علیہ و آلہِ و سلّم کا ارساد ہے ” تُم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مؤمن نہیں بن سکتا جب تک وہ اپنی پسندیدہ چیز اللہ کے راستے میں قربان نہ کرے“۔

سوچنے کی بات ہے کہ کیا ہم لوگ اللہ کے نام پر اپنی پہترین چیز دیتے ہیں ؟

یومِ استقلال مبارک

تمام ہموطنوں کو (دنیا میں جہاں کہیں بھی ہیں) یومِ استقلال مبارک my-id-pak
اللہ ہمیں آزادی کے صحیح معنی سمجھنے اور اپنے مُلک کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین
یہ وطن ہمارے بزرگوں نے استقلال کے ساتھ محنت کرتے ہوئےحاصل کیا تھا کہ مسلمان اسلام کے اصولوں پر چلتے ہوئے مِل جُل کر اپنی حالت بہتر بنائیں ۔ اللہ بہتر جانتا ہے کہ ہم مسلمان ہیں یا نہیں البتہ پاکستانی نہیں بنے ۔ کوئی سندھی ہے کوئی پنجابی کوئی بلوچ کوئی پختون کوئی سرائیکی کوئی پاکستان میں پیدا ہو کر مہاجر ۔ کوئی سردار کوئی مَلک کوئی خان کوئی وڈیرہ کوئی پِیر ۔ اس کے علاوہ مزید بے شمار ذاتوں اور برادریوں میں بٹے ہوئے ہیں
قائداعظم 1942ء میں الہ آباد میں تھے تو وکلاء کے ایک وفد کی ملاقات کے دوران ایک وکیل نے پوچھا ”پاکستان کا دستور کیسا ہوگا اور کیا آپ پاکستان کا دستور بنائیں گے ؟“
قائداعظم نے جواب میں فرمایا ”پاکستان کا دستور بنانے والا میں کون ہوتا ہوں ۔ پاکستان کا دستور تو تیرہ سو برس پہلے بن گیا تھا“۔

پانسے سب اُلٹ گئے دُشمن کی چال کے
مُدتوں کے بعد پھر اُڑے پرچم ہلال کے
ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
برسوں کے بعد پھر اُڑے پرچم ہلال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
دیکھو کہیں اُجڑے نہ ہمارا یہ باغیچہ
اِس کو لہو سے اپنے شہیدوں نے ہے سینچا
اِس کو بچانا جان مصیبت میں ڈال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
دنیا کی سیاست کے عجب رنگ ہیں نیارے
چلنا ہے مگر تم کو تو قرآں کے سہارے
ہر اِک قدم اُٹھانا ۔ ذرا دیکھ بھال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
تُم راحت و آرام کے جھُولے میں نہ جھُولو
کانٹوں پہ ہے چلنا میرے ہنستے ہوئے پھُولو
لینا ابھی کشمیر ہے ۔ یہ بات نہ بھُولو
کشمیر پہ لہرانا ہے جھنڈا اُچھال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
ہم لائے ہیں طوفان سے کشتی نکال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے
اِس ملک کو رکھنا میرے بچو سنبھال کے

میں جو بھی ہوں

my-id-pakہم لوگوں کی عادت بن چکی ہے کہ کبھی دوسرے کے کپڑوں پر تنقید
”یہ کون سے فیشن کے کپڑے پہنے ہیں “۔
کبھی کسی کے بالوں پر اعتراض
کبھی کسی کے بولنے پر ”بہت بولتا ہے“۔ یا ”نامعلوم کیا بولتا رہتا ہے“۔
کسی کو کہتے ہیں ” تم بات کیوں نہیں کرتے ؟ کیا بات کرنے سے تمہارے پیسے خرچ ہوتے ہیں ؟“
کبھی کسی کے کھانے پینے پر نقطہ بازی

یہ نہیں سوچتے کہ جیسے وہ اپنی مرضی سے سب کچھ کرتے ہیں ۔ ویسے ہی دوسرے کو بھی اپنی پسند پر چلنے کا حق ہے
کسی نے سچ کہا ہے
مجھے تُم سے کچھ بھی نہ چاہیئے
مجھے میرے حال پر چھوڑ دو

>

فیصلہ کا اختیار

کسی کو آپ کے متعلق فیصلہ دینے کا اختیار نہیں my-id-pak
کیونکہ حقیقت میں کوئی نہیں جانتا
کہ آپ کن حالات سے گذرے ہیں
اُنہوں نے آپ کے متعلق چہ می گوئیاں سُنی ہوں گی
لیکن اُنہوں نے وہ محسوس نہیں کیا ہو گا جو آپ کے دِل پر گذری
یہی اصول دوسروں پر فیصلہ دینے سے پہلے مدِ نظر رکھنا چاہیئے