Category Archives: روز و شب

حقوق کیسے حاصل ہوں

دوسرے کی بات اچھے پس منظر میں سمجھنے کی کوشش کیجیئے
تو دوسرے بھی آپ کی بات درست پیرائے میں سمجھیں گے

اگر ہم اپنے فرائض ادا کرنا شروع کر دیں
تو
ہمارے حقوق کا مسئلہ خود بخود حل ہو جائے گا
کیونکہ
ہمارے فرائض دوسروں کے حقوق ہیں

اُردو قومی زبان کیسے بنی ۔ بہتان اور حقیقت

تقریباً 70 سال قبل 21 مارچ کو ایک واقعہ ہوا تھا جسے درست بیان کرنے کی بجائے نامعلوم کس مقصد کیلئے قوم کو خود تراشیدہ کہانیاں سنائی جاتی رہی ہیں اور اب تک سنائی جاتی ہیں ۔ جن صاحب نے سب سے پہلے خود تراشیدہ کہانی کو کتابی صورت میں پیش کیا وہ عطا ربانی صاحب (میاں رضا ربانی کے والد) تھے ۔ انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا
” قائداعظم نے مارچ 1948ء میں اپنے دورۂ مشرقی پاکستان کے دوران مشرقی بازو کی قیادت کو اعتماد میں لئے بغیر ڈھاکہ کے پلٹن میدان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اردو کو پاکستان کی قومی زبان قرار دیا جو محض 2 فیصد آبادی کی زبان تھی اور وہاں ہنگامہ ہوگیا جس میں 3 طلباء مارے گئے“۔
عطا ربانی صاحب نے جو لکھا وہ حقیقت کے منافی ہے ۔ وہ ڈھاکہ کے اس جلسے میں بطور اے ڈی سی قائداعظم کے ساتھ نہیں تھے ۔ وہ سات ماہ قائداعظم کے ساتھ رہے اور 19 مارچ 1948ء کو واپس ایئرفورس میں چلے گئے تھے جبکہ قائداعظم نے ڈھاکہ کے جلسہ سے 21 مارچ 1948ء کو خطاب کیا ۔ مزید یہ کہ اس جلسہ میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوا تھا

قائداعظم کی اس جلسہ میں تقریر کا پس منظر اور پیش منظر منیر احمد منیر صاحب نے اپنی کتاب ” قائداعظم ۔ اعتراضات اور حقائق“ میں بڑی تفصیل سے بیان کیا ہے ۔ قائداعظم نے ڈھاکہ میں جو اعلان کیا وہ پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کا اکثریتی فیصلہ تھا ۔ 25 فروری 1948ء کو کراچی میں دستور ساز اسمبلی میں مشرقی پاکستان سے کانگریس کے ہندو رُکن دھرنیدر ناتھ دتہ نے بنگالی کو پاکستان کی قومی زبان قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔ قائداعظم نے اسمبلی کے سپیکر کے طور پر اس مطالبے کو رد کرنے کی بجائے اس پر بحث کرائی ۔ کانگریسی رُکن اسمبلی نے کہا ”ریاست کے 6 کروڑ 80 لاکھ باشندوں میں سے 4 کروڑ 40 لاکھ باشندے بنگالی بولتے ہیں اس لئے قومی زبان بنگالی ہوگی“۔ ایک اور کانگریسی رُکن پریم ہری ورما نے اس مطالبے کی حمایت کی ۔ لیکن مشرقی پاکستان کے بنگالی ارکان مولوی تمیز الدین اور خواجہ ناظم الدین نے اس مطالبے کی مخالفت کی ۔ لیاقت علی خان نے وضاحت کی کہ ہم انگریزی کی جگہ اُردو کو لانا چاہتے ہیں ۔ اس کا مطلب بنگالی کو ختم کرنا نہیں ۔ کافی بحث کے بعد متذکرہ مطالبہ مسترد کردیا گیا ۔ یہ مطالبہ مسترد کرنے والوں میں بنگالی ارکان حسین شہید سہروردی ۔ نور الامین ۔ اے کے فضل الحق ۔ ڈاکٹر ایم اے مالک اور مولوی ابراہیم خان بھی شامل تھے ۔ چنانچہ اُردو کو قومی زبان بنانے کا فیصلہ قائداعظم کا نہیں دستور ساز اسمبلی کا فیصلہ تھا

قائداعظم نے 21 مارچ 1948ء کی تقریر میں یہ بھی کہا تھا آپ اپنے صوبے کی زبان بنگالی کو بنانا چاہتے ہیں تو یہ آپ کے نمائندوں کا کام ہے ۔ بعدازاں صوبائی حکومت نے اُردو کے ساتھ بنگالی کو بھی قومی زبان قرار دینے کا مطالبہ کیا تو یہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا لیکن تاخیر سے کیا گیا اور اس تاخیر کا پاکستان کے دشمنوں نے خوب فائدہ اٹھایا

بنگالی عوام قائداعظم سے ناراض ہوتے تو 2 جنوری 1965ء کے صدارتی انتخاب میں جنرل ایو ب خان کے مقابلے میں قائداعظم کی بہن محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت نہ کرتے ۔ محترمہ فاطمہ جناح ڈھاکہ میں جیت گئی تھیں جہاں اِن کے چیف پولنگ ایجنٹ شیخ مجیب الرحمان تھے“۔

قیمتی مشورہ

مصر کے مشہور عالم اور ادیب شیخ علی طنطاوی ایک جگہ بڑی قیمتی بات کہتے ہیں
فرماتے ہیں
جو لوگ ہمیں نہیں جانتے ۔ ان کی نظر میں ہم عام ہیں
جو ہم سے حسد رکھتے ھیں ۔ ان کی نظر میں ہم مغرور ہیں
جو ہمیں سمجھتے ھیں ۔ ان کی نظر میں ہم اچھے ہیں
جو ہم سے محبت کرتے ہیں ۔ ان کی نظر میں ہم خاص ہیں
جو ہم سے دشمنی رکھتے ہیں ۔ ان کی نظر میں ہم بُرے ہیں
ہر شخص کا اپنا ایک الگ نظریہ اور دیکھنے کا طریقہ ہے
لہٰذا دوسروں کی نظر میں اچھا بننے کے پیچھے اپنے آپ کو مت تھکایئے
الله تعالٰی آپ سے راضی ہو جائے ۔ یہی آپ کے لئے کافی ہے
لوگوں کو راضی کرنا ایسا مقصد ہے ۔ جو کبھی پورا نہیں ہو سکتا
الله تعالٰی کو راضی کرنا ایسا مقصد ہے ۔ جس کو چھوڑا نہیں جا سکتا
تو جو چیز مل نہیں سکتی ۔ اسے چھوڑ کر وہ چیز پکڑئے جسے چھوڑا نہیں جا سکتا
(عربی سے ترجمہ)

قائد اعظم اور قرآن

اکثر محفلوں میں یہ سوال پوچھا جاتاہے کہ قائداعظمؒ کی تقاریر میں جابجا قرآن حکیم سے رہنمائی کا ذکر ملتا ہے ۔ کیا انہوں نے قرآن مجید پڑھاہوا تھا اور کیا وہ قرآن مجید سے رہنمائی لیتے تھے؟ اگر جواب ہاں میں ہےتو اس کےشواہد یا ثبوت دیجئے

رضوان احمد مرحوم نے گہری تحقیق اور محنت سے قائداعظمؒ کی زندگی کے ابتدائی سالوں پر کتاب لکھی۔ اس تحقیق کے دوران انہوں نے قائداعظم ؒ کے قریبی رشتے داروں کے انٹرویو بھی کئے ۔ رضوان احمد کی تحقیق کے مطابق قائداعظمؒ کو بچپن میں قرآن مجید پڑھایا گیا جس طرح سارے مسلمان بچوں کو اس دور میں پڑھایا جاتا تھا

وزیرآباد کے طوسی صاحب کا تعلق شعبہ تعلیم سے تھا اور وہ اعلیٰ درجے کی انگریزی لکھتے تھے ۔ قیام پاکستان سے چند برس قبل انہوں نے بڑے جوش و خروش سے پاکستان کے حق میں نہایت مدلل مضامین لکھے جو انگریزی اخبارات میں شائع ہوتے رہے ۔ ملازمت کے سبب طوسی صاحب نے یہ مضامین قلمی نام سے لکھے تھے ۔ قائداعظمؒ ان کے مضامین سے متاثر ہوئے اور انہیں ڈھونڈ کر بمبئی بلایا ۔ قائداعظم ان سے کچھ کام لینا چاہتے تھے چنانچہ طوسی صاحب چند ماہ ان کے مہمان رہے جہاں وہ دن بھر قائداعظم ؒ کی لائبریری میں کام کرتے تھے ۔ انہوں نے اپنی یادداشتوں میں لکھا کہ قائداعظمؒ کی لائبریری میں قرآن حکیم کے کئی انگریزی تراجم، اسلامی و شرعی قوانین، اسلامی تاریخ اور خلفائے راشدین پر اعلیٰ درجے کی کُتب موجود تھیں اور وہ اکثر سیّد امیر علی کا قرآن کا ترجمہ شوق سے پڑھاکرتے تھے ۔ انہیں مولاناشبلی نعمانی کی ’’الفاروق‘‘ کا انگریزی ترجمہ بھی بہت پسند تھا جس پر کئی مقامات پر قائداعظمؒ نے نشانات لگا رکھے تھے ۔ کئی دہائیاں قبل طوسی صاحب کے مضامین لاہور کے ایک معاصر اخبار میں شائع ہوئے تھے ۔ مجھے معلوم نہیں کہ انہیں کتابی صورت میں شائع کیا گیا یا نہیں

اس حوالے سے عینی شاہدین کی یادیں ہی بہترین شہادت ہوسکتی ہیں ۔ ایک روز میں جنرل محمد اکبر خان، آرمی پی اے نمبر 1 کی سوانح عمری ’’میری آخری منزل‘‘ پڑھ رہا تھا تو اس میں ایک دلچسپ اور چشم کشا واقعہ نظر سےگزرا ۔ جنرل اکبر نہایت سینئر جرنیل تھے اور قیام پاکستان کے وقت بحیثیت میجر جنرل کمانڈر فرسٹ کور تعینات ہوئے ۔ جن دنوں قائداعظم ؒ زیارت میں بیماری سے برسرپیکار تھے انہوں نے جنرل اکبر اور ان کی بیگم کو 3 دن کے لئے زیارت میں بطور مہمان بلایا اور اپنے پاس ٹھہرایا۔

جنرل اکبر 25 جون 1948ء کو وہاں پہنچے ان کی قائداعظمؒ سے کئی ملاقائیں ہوئیں ۔ ایک ملاقات کاذکر ان کی زبانی سنیئے ۔”ہمارے افسروں کے سکولوں میں ضیافتوں کے وقت شراب سے جام صحت پیا جاتا ہے کیونکہ یہ افواج کی قدیم روایت ہے ۔ میں نے قائداعظمؒ سے کہا کہ شراب کے استعمال کو ممنوع کرنے کا اعلان فرمائیں ۔ قائداعظمؒ نے خاموشی سے اپنے اے ڈی سی کوبلوایا اور حُکم دیا کہ میرا کانفیڈریشن بکس لے آؤ ۔ جب بکس آ گیا تو قائداعظمؒ نے چابیوں کاگُچھا اپنی جیب سے نکال کر بکس کو کھول کر سیاہ مراکشی چمڑے سے جلد بند ایک کتاب نکالی اور اسے اس مقام سے کھولا جہاں انہوں نے نشانی رکھی ہوئی تھی اور فرمایا جنرل یہ قرآن مجید ہے اس میں لکھا ہوا ہے کہ ”شراب و منشیات حرام ہیں“۔ کچھ تبادلہ خیال کے بعد سٹینو کو بلوایا گیا ۔ قائداعظمؒ نے ایک مسؤدہ تیار کیا، قرآنی آیات کا حوالہ دے کر فرمایا شراب و منشیات حرام ہیں ۔ میں نے اس مسودے کی نقل لگا کر اپنےایریا کے تمام یونٹ میں شراب نوشی بند کرنے کاحُکم جاری کیا جو میری ریٹائرمنٹ تک موثر رہا“۔

جنرل اکبر مزید لکھتے ہیں ”میں نے قائداعظمؒ سے عرض کیا کہ ہم نے بنیادی طور پر آپ کی تقریروں سے رہنمائی حاصل کی ۔ آپ نے فرمایا ہے کہ ہم مسلمانوں کو زندگی کے ہر شعبے میں قرآن مجید سے رہنمائی لینی چاہئے ۔ ہم نے دفاعی نقطہ نظر پر تحقیق شروع کردی ہے اور کچھ موادبھی جمع کرلیا ہے ۔ قائداعظمؒ نے اس تحریک کو پسند فرمایا ۔ ہماری ہمت افزائی ہوگئی“۔ (صفحہ 282-281)

اس حوالے سے ایک عینی شاہد کا ا ہم انٹرویو منیر احمد منیر کی کتاب ” The Great Leader “ حصہ اوّل میں شامل ہے ۔ یہ انٹرویو عبدالرشید بٹلر کا ہے جو اُن دنوں گورنر ہائوس پشاور میں بٹلر تھا جب قائداعظمؒ گورنر جنرل کی حیثیت سے سرحد کے دورے پر گئے اور گورنر ہاؤس پشاور میں قیام کیا ۔ انٹرویو کے وقت عبدالرشید بٹلر بوڑھا ہو کر کئی امراض میں مبتلا ہوچکا تھا ۔ اس عینی شاہد کا بیان پڑھیئے اور غور کیجئے ”میری ڈیوٹی ان کے کمرے پر تھی اور قائداعظمؒ کے سونے کے کمرے کے سامنے میرا کمرہ تھا اس لئے کہ جب وہ گھنٹی بجائیں اور انہیں کسی چیز کی ضرورت ہو تو میں فوراً پہنچ جاؤں“۔
سوال: انہوں نے کوئی چیز طلب کی ؟
جواب: اس اثنا میں انہوں نے کبھی پانی اور کبھی چائے مانگی
سوال: جب آپ ان کے لئے پانی چائے لے کر گئے وہ کیا کر رہے تھے؟
جواب: وہ بیٹھے خوب کام کر رہے تھے ۔ دن بھر کی مصروفیات کے باوجود انہوں نےآرام نہیں کیا ۔ جب کام کرتے کرتے تھک جاتے توکمرے میں اِدھر اُدھر جاتے ۔ میں نےخود دیکھا کہ انگیٹھی (Mantle Piece) پر رحل میں قرآن پاک رکھا ہوا ہے ۔ اس پر ماتھا رکھ کر رو پڑتے تھے
سوال: قرآن کا مطالعہ کرتے ہیں ۔ رو پڑتے ہیں ۔ اس دوران کوئی دعا بھی مانگتے تھے؟
جواب: میری موجودگی میں نہیں
سوال: اس موقع پر ان کا لباس ؟
جواب: شلوار ۔ اچکن
سوال: لیکن میں نے جو سنا ہے کہ رات گئے ان کے کمرے سے ٹھک ٹھک کی آواز آئی ۔ شُبہ ہوا کوئی سُرخ پوش نہ کمرے میں گھس آیا ہو؟ جواب: اسی رات ۔ آدھی رات کا وقت تھا ۔ ہر کوئی گہری نیند سو رہا تھا ۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس اپنا فرض ادا کر رہی تھی کہ اچانک ٹھک ٹھک کی آواز گورنمنٹ ہاؤس کا سناٹا چیرنے لگی ۔ آواز میں تسلسل اور ٹھہراؤ تھا۔ میں فوراً چوکس ہوا ۔ یہ آواز قائداعظمؒ کے کمرے سے آرہی تھی ۔ ہمیں خیال آیا اندر شاید کوئی چورگھس گیا ہے ۔ ڈیوٹی پرموجود پولیس افسر بھی ادھر آگئے ۔ پولیس اِدھر اُدھرگھوم رہی تھی کہ اندر کس طرح جھانکا جائے؟ ایک ہلکی سی در شیشے پر سے پردہ سرکنے سے پیدا ہوچکی تھی ۔ اس سے اندر کی Movement دیکھی جاسکتی تھی ۔ ہم کیا دیکھتے ہیں کہ قائداعظم انگیٹھی پر رکھے ہوئے قرآن حکیم پر سر جھکائے کھڑے ہیں ۔ چہرہ آنسوؤں سے تر ہے ۔ تھوڑی دیر بعد وہ کمرے میں ٹہلنا شروع کردیتے ہیں ۔ پھر قرآن حکیم کی طرف آتے ہیں ۔ اس کی کسی آیت کا مطالعہ کرنے کے بعد پھر چلنے لگتے ہیں ۔ جب ان کے پاؤں لکڑی کے فرش پر پڑتے ہیں تو وہ آواز پیدا ہوتی ہے جس نے ہمیں پریشان کر رکھا تھا ۔ آیت پڑھ کر ٹہلنا یعنی وہ غور کر رہے تھے کہ قرآن کیا کہتاہے ۔ اس دوران میں وہ کوئی دعا بھی مانگ رہے تھے (صفحات 239، 240)۔

(بقیہ اِن شاء اللہ 19 فروری 2018ء کو)

جَبل حفِیت کی سیر

جَبل حفِیت کی سیر
ہم 30 دسمبر 2017ء بروز ہفتہ صبح ناشتہ کے بعد اِمپِرِئل ریزِیڈَینس (Imperial Residence) دبئی سے روانہ ہوئے ۔ 2 گھنٹے کی مسافت کے بعد جَبل حفِیت کی چوٹی پر پہنچے ۔ پہاڑوں کا یہ سلسلہ العین کا حصہ ہے جو امارت ابو ظہبی میں واقعہ ہے اور عمّان کی سرحد پر ہے
راس الخیمہ مین واقعہ جبَل جائس متحدہ عرب امارات کا سب سے اُونچا پہاڑ ہے اور اس کے بعد جبَل حفیت ہے
یہ سلسلہءِ کوہ شمالاً جنوباً تقریباً 26 کلو میٹر لمبا اور4 سے 5 کلو میٹر چوڑا ہے ۔ اِس کی اُنچائی 1249 میٹر (4098 فٹ) ہے

علاقہ کی مختصر تاریخ

دوسرے پہاڑ کی چوٹی کا منظر

نیچے وادی میں ایک رہائشی کالونی

ایک ہموطن کا ہم سے قبل کبھی اِس چوٹی پر آنے کا ثبوت

دجال کا خروج

دجال ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسلامی تعلیمات اور احادیث کی روشنی میں شخص (متعین) کا نام ہے ۔ جس کی فتنہ پردازیوں سے تمام انبیاء علیہم السلام اپنی اُمتوں کو ڈراتے آئے ۔ گویا دجال ایک ایسا خطرناک فتنہ پرور ہوگا جس کی خوفناک خدا دشمنی پر تمام انبیاء علیہم السلام کا اجماع ہے
وہ عراق و شام کے درمیانی راستہ سے خروج کرے گا
تمام دُنیا کو فتنہ و فساد میں مبتلا کردے گا
خدائی کا دعویٰ کرے گا
ممسوح العین ہوگا، یعنی ایک آنکھ چٹیل ہوگی (کانا ہوگا)
مکہ و مدینہ جانے کا ارادہ کرے گا۔ حرمین کی حفاظت پر مامور الله تعالیٰ کے فرشتے اس کا منہ موڑ دیں گے ۔ وہ مکہ و مدینہ میں داخل نہیں ہوسکے گا
اس کے متبعین زیادہ تر یہودی ہوں گے
ستّر ہزار یہودیوں کی جماعت اس کی فوج میں شامل ہوگی
مقام لد پر سیّدنا عیسیٰ علیہ السلام کے ہاتھوں قتل ہوگا
وہ سیّدنا عیسیٰ علیہ السلام کے حربہ (ہتھیار) سے قتل ہوگا
اسلامی نقطہءِ نظر سے سیّدنا عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مہدی علیہ الرضوان کی قریباً 180 علامات آنحضرتﷺ سے منقول ہیں
سیّدنا عیسیٰ علیہ السلام اور مہدی علیہ الرضوان کی تشریف آوری تواتر سے ثابت ہے

یہ اس سلسلہ کی آخری قسط تھی ۔ الحمدلله ۔ اُس باری تعالٰی کا جتنا بھی شُکر بجا لاؤں کم ہے جس نے مجھے اِس کام کی توفیق بخشی