Category Archives: روز و شب

خُودی

سُبحانَ اللَّهِ، والحمدُ للَّهِ، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ، واللَّهُ أَكْبرُ، ولا حَولَ ولا قوَّةَ إلَّا باللَّهِ العليِّ العظيمِ

خودی کا سر نہاں ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
خودی ہے تیغ، فساں ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
یہ دور اپنے براہیم کی تلاش میں ہے
صنم کدہ ہے جہاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
کیا ہے تو نے متاع غرور کا سودا
فریب سود و زیاں ، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
یہ مال و دولت دنیا، یہ رشتہ و پیوند
بتان وہم و گماں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
خرد ہوئی ہے زمان و مکاں کی زناری
نہ ہے زماں نہ مکاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
یہ نغمہ فصل گل و لالہ کا نہیں پابند
بہار ہو کہ خزاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
اگرچہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں
مجھے ہے حکم اذاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ

کہیں سے دیانتداری لے آئیں

ایک بزرگ عالمِ دین لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ہم ایک لمحے کے لئے نہیں سوچتے کہ جن کو ہم جہنمی سمجھتے ہیں، ان کی ترقی کا راز کیا ہے؟ مسلمان کی تمنا ہے کہ کافروں کو ترقی نہ ملے مگر یہ الله تعالٰی کا قانون نہیں کہ وہ دیانتداروں کو پیچھے کرے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک شخص ٹیکسی میں سوار ہوا ۔ زبان نہ جاننے کی وجہ سے زیادہ بات نہ کر سکا، بس اس اِنسٹیٹوٹ کا نام لیا جہاں اسے جانا تھا ۔ ٹیکسی ڈرائیور سمجھ گیا ۔ سفر کا آغاز ہوا تو ٹیکسی ڈرائیور نے میٹر آن کیا ۔ تھوڑی دیر کے بعد بند کر دیا اور پھر تھوڑی دیر بعد دوبارہ آن کر دیا ۔ مسافر حیران تھا مگر زبان نہ آنے کی وجہ سے چپ رہا ۔ جب اِنسٹیٹوٹ پہنچا تو اِستقبال کرنے والوں سے کہنے لگا ۔ آپ اس ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھیں کہ اس نے دورانِ سفر کچھ دیر گاڑی کا میٹر کیوں بند رکھا؟

ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھا گیا تو وہ بولا کہ راستے میں مجھ سے غلطی ہوئی ۔ مجھے جس جگہ سے مُڑنا تھا وہاں سے نہ مڑ سکا اگلا یُوٹرن کافی دور تھا ۔ میری غلطی کے باعث دو ڈھائی کلومیٹر سفر اضافی کرنا پڑا ۔ اس دوران میں نے گاڑی کا میٹر بند رکھا ۔ جو مسافت میں نے اپنی غلطی سے بڑھائی اس کے پیسے میں مسافر سے نہیں لے سکتا ۔ اس ڈرائیور نے نہ چلہ لگایا تھا ۔ نہ وہ نماز پڑھتا تھا ۔ نہ کلمہ مگر دیانتداری تھی ۔ ہمارے پاس سب کچھ ہے مگر دیانتداری اور ایمانداری نہیں ہے ۔ ہم مسلمان تو ضرور ہیں مگر ہمارے پاس اسلام نہیں ہے ۔ اسلام پگڑی کا نام نہیں ۔ اسلام کرتے پاجامے اور داڑھی کا نام نہیں ۔ اسلام سچ بولنے کا نام ہے ۔ اسلام دیانتداری کا نام ہے ۔ اسلام وعدہ پورا کرنے کا نام ہے ۔ اسلام صحیح ناپنے اور پورا تولنے کا نام ہے ۔ وقت کی پابندی کا نام ہے

میں سوچنے پر مجبور ہوں کہ ہمارے معاشرے میں جھوٹ کی عادت ہے ۔ ملاوٹ کا چلن ہے ۔ ہمارے ہاں چوری ہوتی ہے ۔ لوٹ مار ہوتی ہے مگر اس پر کوئی ندامت نہیں ہوتی ۔ پاکستان میں منشیات بیچنے والے ۔ جعلی ادویات تیار کرنے والے ۔ عوام کو حرام گوشت کھلانے والے کسی دوسرے ملک سے نہیں آئے ۔ ہمارے ایوانوں، دفتروں اور عدالتوں میں جھوٹ بولنے والے سب پاکستانی ہیں ۔ یہ تمام کسی دوسرے ۔ یہاں جتنے مافیاز کام کرتے ہیں ۔ تاجر سارا سال لوگوں کو لوٹ کر مقدس مقامات کا رخ کرتا ہے ۔ یہاں تو زکوٰۃ تک کھائی جاتی ہے ۔ ہر طرف بددیانتی اور بدعنوانی منہ کھولے کھڑی ہے

راوی کہتا ہے کہ مجھے تین چار سال پرانا واقعہ یاد آرہا ہے، قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہو رہا تھا، یہ اجلاس وزارت کے ایک ذیلی ادارے پی این سی اے پر بات کر رہا تھا، (ن) لیگ کی حکومت تھی اور (ن) لیگ ہی کی ایک رکن عارفہ خالد پرویز نے انکشاف کیا تھا کہ پی این سی اے میں صادقَین اور چُغتائی کی جعلی پینٹنگز لگی ہوئی ہیں، اصلی پینٹنگز غائب ہیں، اس انکشاف کے بعد پی این سی اے اور لوک ورثہ کے سربراہوں کے رنگ فق ہو گئے، کمیٹی کے دیگر اراکین بھی حیران ہوئے مگر یہ حیرت چند لمحوں کے لئے تھی، پھر مٹی ڈالنے والے بولنے لگے مگر عارفہ خالد کہنے لگیں کہ مجھے صادقین کی اصل اور نقل پینٹنگز کی پہچان ہے، پینٹنگز امیروں کا شوق ہے، غریبوں کا نہیں، جو پینٹنگز چوری ہوئی ہیں اس کے پیچھے یقیناً امیر طبقہ ہوگا ۔

کمیٹی کی اس رُکن کو ٹَرخانے کے لئے کہا گیا کہ اس سلسلے میں رپورٹ منگواتے ہیں، ان کا خیال تھا کہ اس بیان کے بعد خاموشی ہو جائے گی مگر ایسا نہ ہو سکا، ایک کے بعد دوسرا، دوسرے کے بعد تیسرا اور پھر تیسرے کے بعد کمیٹی کے کئی اجلاس ہوئے مگر وہ رپورٹ نہ آسکی، پینٹنگز چوری کرنے والے کتنے طاقتور ہوں گے کہ اس حکومتی رکن کو حکومت ہی کے دیگر اراکین سمجھانے لگے کہ آپ یہ معاملہ چھوڑ دیں لیکن وہ آخری اجلاس تک رپورٹ مانگتی رہیں، اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اسے بھی ایک سال سے زائد ہوگیا ہے، یہ حکومت بھی رپورٹ حاصل نہیں کر سکی، انہوں نے تو شاید پوچھا ہی نہ ہو

ایک صحافی کو پی این سی اے کے معمولی اہلکار نے بتایا کہ پینٹنگز آدھی رات کو ٹرکوں کے ذریعے چوری کی گئی تھیں اور ان کی جگہ دو نمبر پینٹنگز لگا دی گئیں۔ یعنی ہم صادقین سے بھی دو نمبری کرتے ہیں، ہم چغتائی سے بھی دو نمبری کرتے ہیں ایک طرف ان کی پینٹنگز چوری کرواتے ہیں تو دوسری طرف انہیں نکما فنکار ثابت کرنے کے لئے ان کے نام پہ تیار کردہ جعلی پینٹنگز بھی آویزاں کر دیتے ہیں۔
(ن) لیگ کے دور میں تو چوری کی یہ رپورٹ نہ آ سکی، پی ٹی آئی کے عہد ہی میں یہ رپورٹ منگوا لی جائے، مگر یہاں کون سنتا ہے؟ اکیلا عمران خان دیانتدار ہے مگر اس دیانتدار کے ساتھ بھی چوروں کی پوری بارات ہے

بشکریہ ۔ مظہر برلاس

بھارتی ردِ عمل اور حقیقت

پیش لفظ
میں نے آج سے سوا 9 سال قبل جو لکھا تھا وہ اپنی عملی صورت میں سامنے آ چکا ہے

میری 31 جولائی 2010ء کو شائع شدہ تحریر کی تیسری قسط
(دوسری قسط 11 اکتوبر کو شائع کی تھی)

کمال یہ ہے کہ پاکستان کی دوستی کی دعوت کے جواب میں بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے گلگت اور بلتستان پر بھی اپنی ملکیت کا دعوی کر دیا تھا (اور یہ بھارتی دعوٰی ابھی تک قائم ہے) جبکہ گلگت اور بلتستان کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھے اور نہ یہاں سے کوئی راستہ بھارت کو جاتا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج کے زبردستی جموں میں داخل ہونے سے بہت پہلے گلگت اور بلتستان میں اپنی آزادی اور پاکستان سے الحاق کا اعلان کردیا تھا ۔ اس کی تفصیل بعد میں آئے گی

پاکستان کو بنجر کرنے کا منصوبہ
مقبوضہ جموں کشمیر میں متذکّرہ بالا ڈیمز مکمل ہو جانے کے بعد کسی بھی وقت بھارت دریائے چناب کا پورا پانی بھارت کی طرف منتقل کر کے پاکستان کے لئے چناب کو خشک کر سکتا ہےاور دریائے جہلم کا بھی کافی پانی روک سکتا ہے جس کا کچھ نمونہ ميری تحرير کے 5 سال بعد سامنے آ چکا ہے ۔ اس طرح پانی کے بغیر پاکستان کی زمینیں بنجر ہو جائیں گی اور زندہ رہنے کے لئے پاکستان کو بھارت کے سامنے گھُٹنے ٹیکنا پڑیں گے ۔ چنانچہ بغیر جنگ کے پاکستان بھارت کا غلام بن جائے گا ۔ اللہ نہ کرے کہ ايسا ہو ۔

قحط اور سیلاب (یہ ہو چکا ہے)
حقیقت یہ ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں کشمیر میں 7 ڈیم بنانے کا منصوبہ ہے جن میں سے بھارت دریائے جہلم اور چناب پر 3 ڈیم 2005ء تک مکمل کر چکا تھا ۔ 2 دریاؤں پر 7 ڈیم بنانے کے 2 مقاصد ہیں
اول یہ کہ دریاؤں کا سارا پانی نہروں کے ذریعہ بھارتی پنجاب اور دوسرے علاقوں تک لیجایا جائے اور پاکستان کو بوقت ضرورت پانی نہ دے کر قحط کا شکار بنا دیا جائے
دوم جب برف پگلے اور بارشیں زیادہ ہوں تو اس وقت سارا پانی جہلم اور چناب میں چھوڑ دیا جائے تاکہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب آئے ۔ ماضی ميں بھارت یہ حرکت دو بار کر چکا ہے ۔ بھارت کا اعلان کہ ڈیم بجلی کی پیداوار کے لئے بنائے جا رہے ہیں سفید جھوٹ اور دھوکا ہے ۔ کیونکہ جموں کشمیر پہاڑی علاقہ ہے ہر جگہ دریاؤں کے راستہ میں بجلی گھر بنائے جا سکتے ہیں اور بڑے ڈیم بنانے کی بالکل بھی ضرورت نہیں

قوم کو بیوقوف بنانے کے لئے پرويز مشرف کی حکومت نے منگلا ڈیم کو 10 میٹر اونچا کرنے کا ملٹی بلین پراجیکٹ شروع کیا جس پر موجودہ حکومت بھی عمل پيرا ہے ۔ چند سال بعد دریائے جہلم میں اتنا بھی پانی ہونے کی توقع نہیں کہ ڈیم کی موجودہ اُونچائی تک جھیل بھر جائے پھر یہ اتنا روپیہ ضائع کرنے کی منطق سمجھ میں نہیں آتی اور نہ اس کا جواز کسی کے پاس ہے

ایک ضمنی بات يہ ہے کہ پہلی پلاننگ کے مطابق منگلا ڈیم کی اونچائی موجودہ اونچائی سے 10 میٹر زیادہ تجویز کی گئی تھی 1962ء میں کا م شروع ہونے سے پہلے ڈیم کی محافظت اور پانی کی مماثل مقدار کی کم توقع کے مدنظر اونچائی 10 میٹر کم کر دی گئی تھی ۔ اس لئے اب اونچائی زیادہ کرنا پہلے سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔ اس سلسلہ میں میں اور کئی دوسرے حضرات جن میں زیادہ تر انجنیئر ہیں 2004ء سے 2006ء تک اخباروں میں خط اور مضامین لکھ چکے ہیں مگر ہماری حکومت کو عقل کی بات سمجھ ميں نہيں آتی

اخلاقی قدریں جو نفرت میں گل سڑ گئی ہیں

جب بھی سفاکیت کے مظاہر دیکھنے میں آتے ہیں ۔ اس کی زجر و توبیخ کرنے کی بجائے یہ کہہ کر توثیق کر دی جاتی ہے کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا ۔ مانا کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا لیکن دماغ میں تعفن زدہ خیالات کے سبب اُٹھ رہے بدبو کے بھبھوکے سماجی آلودگی میں اضافے کا سبب نہ بنیں ۔ اس کا اہتمام اور بندوبست تو کیا جا سکتا ہے۔ اگر نفرت کے تیزاب میں گل سڑ جانے والی اخلاقیں قدریں آلائشوں میں تبدیل ہوچکی ہیں تو انہیں ٹھکانے لگانے کی تدبیر کرناچاہیئے اور اگر باوجوہ یہ بھی ممکن نہیں تو جابجا قے کرنے سے گریز کریں تاکہ معاشرہ آپ کے دماغ کی غلاظت سے محفوظ رہ سکے

ممکن ہے آپ عمران خان کے چاہنے والے ہوں یا پھر محمود اچکزئی کے مداح ۔ ہو سکتا ہے آپ جماعت اسلامی کے کارکن ہوں یا پھر آپ کا تعلق جے یو آئی(ف) سے ہو ۔ عین ممکن ہے آپ بھٹو کے جیالے ہوں یا پھر نوازشریف کے متوالے ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بانی ایم کیو ایم کو اپنا قائد مانتے ہوں یا پھر باچا خان کے پیروکار ہوں مگر اس وابستگی کا ہرگز یہ مطلب نہیں آپ مخالفین کو نیچا دکھانے کے لئے انسانیت کی بنیادی قدروں کو ہی روند ڈالیں

بھٹو کیخلاف پی این اے کی تحریک عروج پر تھی تو ایک روز وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو جماعت اسلامی کے بانی سید ابوالاعلیٰ مودودی سے ملنے ان کی رہائشگاہ اچھرہ پہنچے۔ دونوں ایک دوسرے کے بدترین مخالف تھے ۔ پی این اے کی تحریک میں جماعت اسلامی ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی تھی لیکن نہ تو بھٹو نے یہ سوچا کہ مودودی کے در پر حاضر ہونے سے میری شان میں کوئی کمی آجائے گی اور نہ ہی مولانا مودودی نے آدابِ مہمان نوازی سے پہلو تہی کی

بینظیر کے ہاں بختاور کی پیدائش ہوئی تو نوازشریف وزیراعظم تھے۔ دونوں میں سیاسی محاذ آرائی عروج پر تھی لیکن نواز شریف نے بینظیر کو نہ صرف مبارکباد دی بلکہ گلدستہ بھی بھجوایا۔ آصف زرداری جیل میں تھے تو ان کی بینظیر بھٹو سے ملاقاتوں پر کبھی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ اسی طرح 27 دسمبر 2007ء کو جب بینظیر بھٹو شہید ہوئیں تو نواز شریف انتخابی مہم ترک کرکے ہاسپٹل پہنچے اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو پُرسا دیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ بینظیر بھٹو نے بھی شہادت سے چند منٹ قبل ناہید خان کو کہا تھا کہ نوازشریف سے رابطہ کریں کیونکہ اس روز مسلم لیگ (ن) کی ریلی پر فائرنگ سے چند کارکن مارے گئے تھے

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان انتخابی مہم کے دوران گر کرزخمی ہوگئے تو تمام تر سیاسی مخالفت کے باوجود نواز شریف ان کی عیادت کرنے گئے اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ مجھے نہیں یاد کہ کسی سیاسی کارکن نے عمران خان کی بیماری کا مذاق اُڑایا ہو یا پھر شکوک و شہبات کا اظہار کرتے ہوئے یہ کہا ہو کہ جو اتنی بلندی سے گرا ہو، وہ تو اُٹھ کر نہیں بیٹھ سکتا

لیکن گزشتہ چند برس کے دوران ہمارے ہاں ایسی بیہودگی کو فروغ دیا گیا کہ حزن و ملال کی گھڑی میں بھی بدبودار سیاست سے گریز نہیں کیا جاتا اور سیاسی مخالفین کی بیماری کو ڈھونگ کہہ کر کنفیوژن پیدا کردی جاتی ہے۔ نوازشریف کے پلیٹ لیٹ سیل کم ہونے کی خبر ملنے پر انہیں اسپتال لے جایا گیا تو ایک حکومتی ترجمان نے ایسا بیان دیا کہ اسے دہرایا بھی نہیں جا سکتا۔ کئی لوگوں نے براہ راست بات کرنے کی بجائے معنی خیز انداز میں کہا کہ پلیٹ لیٹ سیلز ایک لاکھ سے کم ہونے پر لوگ بیہوش ہو جاتے ہیں، چالیس ہزار سے کم ہونے پر زندہ رہنا ممکن نہیں ہوتا تو نوازشریف پلیٹ لیٹ سیلز 16000کی کم ترین سطح پر آجانے کے باوجود خود گاڑی سے اتر کر اسپتال کیسے پہنچے؟

آپ کتنے ہی رجائیت پسند کیوں نہ ہوں مگر ان سوالات سے مثبت نتائج اخذ نہیں کئے جا سکتے اور صاف معلوم ہوتا ہے کہ سوال کرنے والے کے دماغ میں کہیں نہ کہیں یہ بات موجود ہے کہ میاں صاحب ٹھیک ٹھاک ہیں اور یہ سب ناٹک ہے۔ مجھ سے بھی یہ سوال کیا گیا تو عرض کیا، یہ ٹیسٹ سرکار کی زیر نگرانی میں اسی پرائیویٹ لیبارٹری میں کئے گئے ہیں جس نے نواز شریف کی رپورٹ پر ایک نہایت قابل اعتراض جملہ لکھ دیا تھا اگر کسی قسم کا کوئی شک ہے تو دوبارہ ٹیسٹ کروایا جا سکتا ہے۔ اس سے پہلے کلثوم نواز صاحبہ کی علالت سے متعلق بھی اسی نوعیت کی بیہودہ باتیں کی گئیں اور انہیں اپنی بیماری کا ثبوت دینے کے لئے مرنا پڑا ۔ نواز شریف کا لندن میں بائی باس آپریشن ہوا تو تب بھی کہنے والوں نے اسی انداز میں سوالات اُٹھائے

ہاں البتہ بعض افراد کو استثنیٰ حاصل ہے اور ان کی نیت پر کسی قسم کے شک و شبے کا اظہار نہیں کیا جاتا۔ پرویز مشرف نے کہا کہ ان کی کمر میں درد ہے تو سب نے مان لیا۔ ان کی رقص کرنے کی وڈیو سامنے آنے کے باوجود کسی کو کوئی سوال اُٹھانے کی ہمت نہ ہوئی۔ چند ماہ قبل جب سپریم کورٹ نے حاضر ہونے کا آخری موقع دیا تو بتایا گیا کہ انہیں دنیا کی خطرناک ترین بیماری ہے اور وہ سخت علالت کے باعث سفر کرنے سے قاصر ہیں مگر کوئی یہ پوچھنے کی جسارت نہیں کرتا کہ بستر مرگ پر پڑا بیمار آدمی انٹرویو دینے کے لئے کیسے تندرست ہو جاتا ہے
تحریر ۔ محمد بلال غوری

پاکستان کو تباہ کرنے کا منصوبہ

میری 31 جولائی 2010ء کو شائع شدہ تحریر کی دوسری قسط
اتفاق کی بات ہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر پر فوج کی مدد سے مکمل قبضہ کر لیا اور ہم صرف تقریریں کر کے بھنگڑے ڈال رہے ہیں کہ ہم جیت گئے

جو کھیل پرويز مشرف کی حکومت نا جانے کس مقصد کے لئے کھیل گئی پاکستان کے صرف ارباب اختیار کو اس کا ذاتی فائدہ اور بھارت کو سیاسی فائدہ ہوا ۔ نہ صرف جموں کشمیر کے لوگ بلکہ پاکستانی عوام بھی خسارے میں ہیں ۔ پرويز مشرف حکومت نے یک طرفہ جنگ بندی اختیار کی جس کے نتیجہ میں بھارت نے پوری جنگ بندی لائین پر جہاں دیوار بنانا آسان تھی وہاں دیوار بنا دی جس جگہ کانٹے دار تاریں بچھائی جاسکتی تھیں وہاں کانٹے دار تاریں بچھا دیں یعنی جو سرحد بین الاقوامی طور پر عارضی تھی اسے مستقل سرحد بنا دیا ۔ سرحدوں سے فارغ ہو کر بھارتی فوجیوں نے آواز اٹھانے والے کشمیری مسلمانوں کا تیزی سے قتل عام شروع کر دیا اور روزانہ دس بارہ افراد شہید کئے جاتے رہے ۔ معصوم خواتین کی عزتیں لوٹی جاتی رہیں اور گھروں کو جلا کر خاکستر کیا گيا ۔ کئی گاؤں کے گاؤں فصلوں سمیت جلا دیئے گئے ۔ بگلیہار ڈیم جس پر کام رُکا پڑا تھا جنگ بندی ہونے کے باعث بڑی تیزی سے مکمل کيا گيا اور تین اور ڈیموں کی بھی تعمیر شروع کر دی جو مکمل ہو چکے ہیں

ستم بالائے ستم یہ ہے کہ اپنے آپ کو مسلمان اور انسانیت کا علمبردار کہنے والے جموں کشمیر کے ان ستم رسیدہ لوگوں کو دہشت گرد کہتے ہیں ۔ ان نام نہاد روشن خیال اور امن پسند لوگوں سے کوئی پوچھے کہ اگر ان کے بھائی یا جوان بیٹے کو اذیّتیں دے کر مار دیا جائے اور کچھ دن یا کچھ ہفتوں کے بعد اس کی مسخ شدہ لاش ملے يا کچھ سالوں بعد قبر ملے جس پر کتبہ لگا ہو کہ يہ پاکستانی دہشت گرد تھا ۔ اگر ان کی ماں ۔ بہن ۔ بیوی ۔ بیٹی یا بہو کی آبروریزی کی جائے اگر ان کا گھر ۔ کاروبار یا کھیت جلا د ئیے جائیں ۔ تو وہ کتنے زیادہ روشن خیال اور کتنے زیادہ امن پسند ہو جائیں گے ؟

پرويز مشرف حکومت کا فارمولا

میں اپنی 31 جولائی 2010ء کو شائع شدہ تحریر کو 3 اقساط میں شائع کروں گا ۔ آج پہلی قسط

پہلے یہ جاننا ضرور ی ہے کہ ہمارے مُلک کا آئین کیا کہتا ہے ۔ آئین کی شق 257 کہتی ہے

Article 257. Provision relating to the State of Jammu and Kashmir
When the people of State Jammu and Kashmir decide to accede to Pakistan, the relationship between Pakistan and the State shall be determined in accordance with the wishes of the people of that State.

ڈائریکٹر پالیسی پلاننگ امریکی دفتر خارجہ ڈاکٹر سٹیفن ڈی کراسز اور آفیسر ڈاکٹر ڈینیل مارکسی 2005ء کی دوسری سہ ماہی ميں اسلام آباد کے دورہ پر آئےتھے ۔ انہوں نے جنرل پرویز مشرّف ۔ وزیر اعظم شوکت عزیز ۔ حریت کانفرنس کے سربراہ عباس انصاری اور آزاد کشمیر اور پاکستان شاخ کے کنوینر سیّد یوسف نسیم وغیرہ سے ملاقاتیں کيں ۔ با خبر ذرائع کے مطابق امریکی حکام یونائیٹڈ سٹیٹس آف کشمیر اور سرحدیں نرم کرنے وغیرہ کے منصوبہ می‍‍ں دلچسپی رکھتے تھے ۔ میر واعظ عمر فاروق کو پاکستان کے دورہ کے درمیان حریت کانفرنس کا سربراہ بنا دیا گیا اور انہوں نے سری نگر پہنچتے ہی یونائیٹڈ سٹیٹس آف کشمیر فارمولا کی بات کی تھی ۔ اس سے واضح ہو گیا کہ جموں کشمیر کو 7 ریاستوں میں تقسیم کر کے ان کی یونین بنانے کا جو فارمولا امریکہ کے دورہ سے واپس آ کر جنرل پرویز مشرف نے پیش کیا تھا وہ دراصل امریکی حکومت کی خواہش و تجویز تھی
جبکہ تقسیم ہند کے فارمولا کے مطابق ریاست کے پاکستان یا بھارت سے الحاق کا فیصلہ ریاست کی مجموعی آبادی کی بنیاد پر ہونا تھا ۔ اس لئے امریکہ کی ایماء پر پرویز مشرف کا پیش کردہ 7 ریاستوں والا فارمولا ديگر وجوہات کے علاوہ بنیادی طور پر بھی غلط تھا ۔ مزید یہ کہ اس فارمولا کے نتیجہ میں جموں پورے کا پورا بھارت کو چلا جاتا اور دریاؤں کا کنٹرول بھارت کو حاصل ہوتا

پروپیگنڈہ اور حقیقت

جب سال 1964ء میں پاکستان میں ٹی وی کی ابتداء ہوئی تو کسی سیانے نے کہا تھا کہ ”شیطانی چرخا آ گیا“۔ اس پر مُسکرایا تو میں بھی تھا لیکن میں ٹھہرا 2 جماعت پاس ۔ پڑھے لکھے لوگوں نے اُس سیانے کو جاہل قرار دیا تھا ۔ وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ شخص واقعی سمجھدار اور دُور اندیش تھا ۔ شیطان غیرمحسوس طور پر انسان کے دل و دماغ پر قبضہ جماتا ہے اور جس کے دل و دماغ کو قابو کر لے اُس کیلئے بُرائی اور بھلائی کی پہچان مُشکل ہو جاتی ہے ۔ ٹی وی کے بعد انٹر نیٹ نے شیطان کا کام اور بھی آسان بنا دیا ہے ۔ لوگ جو کچھ ٹی وی پر اور انٹر نیٹ پر دیکھتے ہیں اُسے صرف حقیقت ہی نہیں حرفِ آخر سمجھنے لگ گئے ہیں ۔ اب تو سیاسی شعبدہ بازوں نے بھی انٹرنیٹ کو اپنا تختہءِ مشق بنا لیا ہے جس کے نتجے میں لوگ حقائق سے بے بہرا ہو چکے ہیں

اب ملاحظہ کیجئے قائد اعظم کی تقاریر اور خطابات سے صرف ایک درجن اقتباسات اور دیکھیئے کہ قائد اعظم کیسا پاکستان بنانا چاہتے تھے اور قوم کس ڈگر پر چل نکلی ہے

1 ۔ آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے اجلاس منعقدہ 15 نومبر 1942ء میں قائد اعظم نے وہ بصیرت افروز اور چشم کشا خطاب کیا جس کی ضیا باری سے آج بھی تاریخ پاکستان روشن ہے۔ قائد اعظم نے فرمایا ”مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ پاکستان کا طرز حکومت کیا ہوگا ؟ پاکستان کے طرز حکومت کا تعین کرنے والا میں کون ہوتا ہوں ۔ مسلمانوں کا طرز حکومت آج سے تیرہ سو سال قبل قرآن کریم نے وضاحت کے ساتھ بیان کر دیا تھا ۔ الحمد للہ ، قرآن مجید ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے اور قیامت تک موجود رہے گا

2 ۔ 6 دسمبر 1943ء کو کراچی میں آل انڈیا مسلم لیگ کے 31 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران قائد اعظم نے فرمایا ”وہ کون سا رشتہ ہے جس سے منسلک ہونے سے تمام مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں ، وہ کون سی چٹان ہے جس پر ان کی ملت کی عمارت استوار ہے ، وہ کون سا لنگر ہے جس پر امت کی کشتی محفوظ کر دی گئی ہے ؟”
پھر خود ہی جواب دیا ”وہ رشتہ ، وہ چٹان ، وہ لنگر اللہ کی کتاب قرآن کریم ہے ۔ مجھے امید ہے کہ جوں جوں ہم آگے بڑھتے جائیں گے ، قرآن مجید کی برکت سے ہم میں زیادہ سے زیادہ اتحاد پیدا ہوتا جائے گا۔ ایک خدا ، ایک کتاب ، ایک رسول ، ایک اُمت“۔

3 ۔ قائد اعظم نے 17 ستمبر 1944ء کو گاندھی جی کے نام اپنے ایک خط میں تحریر فرمایا ”قرآن مسلمانوں کا ضابطہ حیات ہے ۔ اس میں مذہبی اور مجلسی ، دیوانی اور فوجداری ، عسکری اور تعزیری ، معاشی اور معاشرتی سب شعبوں کے احکام موجود ہیں۔ یہ مذہبی رسوم سے لے کر جسم کی صحت تک ، جماعت کے حقوق سے لے کر فرد کے حقوق تک ، اخلاق سے لے کر انسدادِ جرائم تک ، زندگی میں سزا و جزا سے لے کر آخرت کی جزا و سزا تک غرض کہ ہر قول و فعل اور ہر حرکت پر مکمل احکام کا مجموعہ ہے۔ لہٰذا جب میں کہتا ہوں کہ مسلمان ایک قوم ہیں تو حیات اور مابعد حیات کے ہر معیار اور پیمانے کے مطابق کہتا ہوں“۔

4 ۔ 10 ستمبر 1945 ء کو عید الفطر کے موقع پر قائد اعظم نے فرمایا ”ہمارا پروگرام قرآنِ کریم میں موجود ہے ۔ تمام مسلمانوں پر لازم ہے کہ قرآن غور سے پڑھیں ۔ قرآنی پروگرام کے ہوتے ہوئے مسلم لیگ مسلمانوں کے سامنے کوئی دوسرا پروگرام پیش نہیں کر سکتی“۔

5 ۔ 1947ء میں انتقالِ اقتدار کے موقع پر جب حکومت برطانیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے لارڈ ماونٹ بیٹن نے اپنی تقریر میں کہا
”میں امید کرتا ہوں کہ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ویسا ہی سلوک ہوگا اور ویسے ہی اصول پیش نظر رکھے جائیں گے جن کی مثالیں اکبر اعظم کے دور میں ملتی ہیں“۔
تو اس پر قائد اعظم نے برجستہ فرمایا ”وہ رواداری اور خیر سگالی جو شہنشاہ اکبر نے غیر مسلموں کے حق میں برتی کوئی نئی بات نہیں ۔ یہ تو مسلمانوں کی تیرہ صدی قبل کی روایت ہے ۔ جب پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم یہودیوں اور عیسائیوں پر فتح حاصل کرنے کے بعد ان کے ساتھ نہ صرف انصاف بلکہ فیاضی کا برتاو کرتے تھے ۔ مسلمانوں کی ساری تاریخ اس قسم کے واقعات سے بھری پڑی ہے ۔ ہم پاکستانی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں ہی پاکستان کا نظام چلائیں گے“۔

6 ۔ 2 جنوری 1948 ء کو کراچی میں اخبارات کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قائد اعظم نے ارشاد فرمایا ”اسلامی حکومت کے تصور کا یہ امتیاز پیش نظر رہنا چاہیے کہ اس میں اطاعت اور وفا کا مرکز اللہ تعالی کی ذات ہے جس کی تعمیل کا عملی ذریعہ قرآن کے احکام و اصول ہیں ۔ اسلام میں اصلاً نہ کسی بادشاہ کی اطاعت ہے نہ پارلیمنٹ کی نہ کسی شخص یا ادارے کی ۔ قرآن کریم کے احکام ہی سیاست و معاشرت میں ہماری آزادی اور پابندی کی حدیں مقرر کر سکتے ہیں ۔ دوسرے لفظوں میں اسلامی حکومت قرآنی احکام و اصولوں کی حکومت ہے“۔

7 ۔ 14 فروری 1948 ء کو قائد اعظم نے بلوچستان میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا ”میرا ایمان ہے کہ ہماری نجات کا واحد ذریعہ اس سنہری اصولوں والے ضابطہ ء عمل میں ہے جو ہمارے عظیم واضع قانون پیغمبر اسلام نے ہمارے لیے قائم کر رکھا ہے ۔ ہمیں اپنی جمہوریت کی بنیادیں سچے اخلاقی اصولوں اور تصورات پر رکھنی چاہئیں۔ اسلام کا سبق یہ ہے کہ مملکت کے امور و مسائل کے بارے میں فیصلے باہمی بحث و تمحیص اور مشوروں سے کیا کرو”۔

8 ۔ 13 اپریل 1948 ء کو اسلامیہ کالج پشاور میں تقریر کرتے ہوئے بانی پاکستان نے فرمایا ”ہم نے پاکستان کا مطالبہ زمین کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کے لیے نہیں کیا بلکہ ہم ایسی جائے پناہ چاہتے تھے جہاں ہم اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی بسر کر سکیں

9 ۔ یکم جولائی 1948 ء کو سٹیٹ بنک آف پاکستان کا افتتاح کرتے ہوئے قائد اعظم نے فرمایا ”میں اشتیاق اور دل چسپی سے معلوم کرتا رہوں گا کہ آپ کی ریسرچ آرگنائزیشن بینکاری کے ایسے طریقے کس خوبی سے وضع کرتی ہے جو معاشرتی اور اقتصادی زندگی کے اسلامی تصورات کے مطابق ہوں ۔ مغرب کے معاشی نظام نے انسانیت کے لیے بے شمار مسائل پیدا کر دیے ہیں اکثر لوگوں کی یہ رائے ہے کہ مغرب کو اس تباہی سے کوئی معجزہ ہی بچا سکتا ہے ۔ یہ تباہی مغرب کی وجہ سے ہی دنیا کے سر پر منڈلا رہی ہے ۔ مغربی نظام انسانوں کے مابین انصاف اور بین الاقوامی میدان میں آویزش اور چپقلش دور کرنے میں ناکام رہا ہے“۔
مغرب کے اقتصادی نظام پر تنقید کرتے ہوئے
اسی خطاب میں آپ نے فرمایا ”اگر ہم نے مغرب کا معاشی نظریہ اور نظام ہی اپنا لیا تو عوام کی خوشحالی حاصل کرنے کے لیے ہمیں کوئی مدد نہ ملے گی ۔ اپنی تقدیر ہمیں اپنے منفرد انداز میں بنانا پڑے گی ۔ ہمیں دنیا کے سامنے ایک مثالی معاشی نظام پیش کرنا ہے جو انسانی مساوات اور معاشی انصاف کے سچے اسلامی تصورات پر قائم ہو ۔ ایسا نظام پیش کر کے ہم بحیثیت مسلمان اپنا مشن پورا کریں گے ۔ انسانیت کو حقیقی امن کا پیغام دیں گے ۔ صرف ایسا امن ہی انسانیت کو جنگ سے بچا سکتا ہے ۔ صرف ایسا امن ہی بنی نوع انسان کی خوشی اور خوشحالی کا امین و محافظ ہے

25 جنوری 1948 ء کراچی بار ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا ”آج ہم یہاں دنیا کی عظیم ترین ہستی حضرت 10 ۔ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو نذرانہءِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی عزت و تکریم کروڑوں عام انسان ہی نہیں کرتے بلکہ دنیا کی تمام عظیم شخصیات آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سامنے سر جھکاتی ہیں ۔ وہ عظیم مصلح تھے ، عظیم رہنما تھے ، عظیم واضع قانون تھے ، عظیم سیاستدان تھے اور عظیم حکمران تھے ، ہم ان کی تعلیمات پر عمل کرتے رہے تو کسی میدان میں کبھی بھی ناکامی نہ ہوگی

11 ۔ میں آخر میں قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا وہ خطاب آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں جو ان کے کردار کی سچائی کی سچی اور کھری شہادت کے طور پر تاریخ کے سینے پر چمک رہا ہے۔ یہ خطاب آپ نے 30 جولائی 1948 ء کو لاہور میں اسکاؤٹ ریلی سے کیا تھا۔ آپ نے فرمایا ”میں نے بہت دنیا دیکھ لی۔ اللہ تعالی نے عزت ، دولت ، شہرت بھی بے حساب دی ۔ اب میری زندگی کی ایک ہی تمنا ہے کہ مسلمانوں کو باوقار و سر بلند دیکھوں ۔ میری خواہش ہے کہ جب مروں تو میرا دل گواہی دے کہ جناح نے اللہ کے دین اسلام سے خیانت اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی امت سے غداری نہیں کی۔ مسلمانوں کی آزادی ، تنظیم ، اتحاد اور مدافعت میں اپنا کردارٹھیک ٹھیک ادا کیا اور میرا اللہ کہے کہ اے میرے بندے بے شک تو مسلمان پیدا ہوا۔ بے شک تو مسلمان مرا“۔

12 ۔ یہاں کلِک کر کے پڑھیئے ” قائد اعظم کا خطاب ۔ 15 اگست 1947ء“