Category Archives: روز و شب

رمضان کریم

رمضان مبارک شروع ہونے  کو ہے

آپ سب کو اور آپ کے اہل و عیال کو رمضان کريم مبارک

الله الرحمٰن الرحيم سب کو اپنی خوشنودی کے مطابق رمضان المبارک کا صحیح اہتمام اور احترام کرنے کی توفیق عطاء فرمائے

روزہ صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک بھوکا رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ الله کے احکام پر مکمل عمل کا نام ہے

الله ہمیں دوسروں کی بجائے اپنے احتساب کی توفیق عطاء فرمائے اور ہمیں حِلم ۔ برداشت اور صبر کی عادت سے نوازے

الله سُبحانُهُ و تعالٰی کے احکام

سورة 2 ۔ البقرة ۔ آيات 183 تا 185
اے ایمان والو فرض کیا گیا تم پر روزہ جیسے فرض کیا گیا تھا تم سے اگلوں پر تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ
چند روز ہیں گنتی کے پھر جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا مسافر تو اس پر ان کی گنتی ہے اور دِنوں سے اور جن کو طاقت ہے روزہ کی ان کے ذمہ بدلا ہے ایک فقیر کا کھانا پھر جو کوئی خوشی سے کرے نیکی تو اچھا ہے اس کے واسطے اور روزہ رکھو تو بہتر ہے تمہارے لئے اگر تم سمجھ رکھتے ہو
‏ مہینہ رمضان کا ہے جس میں نازل ہوا قرآن ہدایت ہے واسطے لوگوں کے اور دلیلیں روشن راہ پانے کی اور حق کو باطل سے جُدا کرنے کی سو جو کوئی پائے تم میں سے اس مہینہ کو تو ضرور روزے رکھے اسکے اور جو کوئی ہو بیمار یا مسافر تو اس کو گنتی پوری کرنی چاہیئے اور دِنوں سےالله چاہتا ہے تم پر آسانی اور نہیں چاہتا تم پر دشواری اور اس واسطے کہ تم پوری کرو گنتی اور تاکہ بڑائی کرو الله کی اس بات پر کہ تم کو ہدایت کی اور تاکہ تم احسان مانو

الله سُبحانُهُ و تعالٰی نے رمضان کی فضيلت سورة ۔ 97 ۔ القدر ميں بيان فرمائی ہے
بیشک ہم نے اس (قرآن) کو شبِ قدر میں اتارا ہے
اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شبِ قدر کیا ہے
شبِ قدر (فضیلت و برکت اور اَجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے
اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حُکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اُترتے ہیں
یہ (رات) طلوعِ فجر تک (سراسر) سلامتی ہے

الله کا بندہ ہونے کے آٹھ اہم عمل

احترام  (Respect) ۔ دوسروں سے وہی سلوک کرنا جس کی خود توقع رکھتے ہوں

قدر دانی (Appreciation) ۔ زندگی میں جو بھی اچھی چیز ملے اس کیلئے احسان مند ہونا

مسرّت (Happiness) ۔ زندگی کے ہر لمحے سے لُطف اَندَوز ہونا یعنی بشاش چہرہ

درگذر (Forgiveness) ۔ ہر موقع پر غصہ پر قابو رکھنا

اشتراک (Sharing) ۔ دینے کی خوشی بغیر وصولی کی توقع کے

 دیانت (Honesty) ۔ ہر وقت سچ بولنا

سالمیت (Integrity) ۔ خواہ کچھ بھی ہو خالص طور پر صحیح عمل کرنا

ہمدردی (Compassion) ۔ دوسرے کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے اس کی تکلیف کو کم کرنا

دنیا اور آخرت ۔ دونوں ہی جنّت 

اگر ہم اپنے چھوٹے چھوٹے دکھ بھلا دیں

اور اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیاں یاد رکھیں

اگر ہم اپنے چھوٹے چھوٹے نقصان بھلا دیں

اور جو فائدے پائے ان سب کو یاد رکھیں

اگر ہم لوگوں میں عیب ڈھونڈنا چھوڑ دیں

اور ان میں خوبیاں تلاش کر کے یاد رکھیں

کتنی آرام دہ ۔ خوش کن اور اطمینان بخش

یہ دنیا بن جائے اس معمولی کوشش سے

اور اللہ کی مہربانی سے آخرت میں بھی جنّت مل جائے

نئے سال کے لئے مشورے

روزانہ چوتھائی پارہ قرآن شریف مع ترجمہ سمجھ کر پڑھیئے

اگر اپنے لئے نہیں تو دوسروں کے لئے مُسکرایئے

دوسروں کی بات ہمہ تَن گوش ہو کر سنیئے

بچوں کی نئی دریافت چوکسّی سے دیکھیئے

اپنی ناشادگی کا الزام دوسروں پر نہ رکھیئے

دوسروں کی تعریف کُشادہ دِلی سے کیجئے

جو مُشکِل میں ہو اُس کی حوصلہ اَفزائی کیجئے

دوسروں پر تنقید کم کیجئے

اچھے کام میں برغبت حصّہ لیجئے 

اپنے عمل کی ذمہ داری لیجئے

اثر و رسوخ کے سامنے نہ جھکيئے اور تعصّب سے بچیئے

دعا زیادہ مانگیئے اور پریشان کم ہویئے

دوسروں کے درگذر میں تاخیر نہ کیجئے اور خود ترسی سے باز رہیئے 

جو کام بھی کیجئے  بہترین طریقہ سے کیجئے

زندگی اس طرح گذاریئے کہ کبھی پچھتانا نہ پڑے

اپنی حیثیت کو قبول کیجئے اور دوسروں کی نقل نہ کیجئے

ناکامی کو تربیت کا موقع سمجھیئے

جسم اور دماغ دونوں سے بھرپور کام لیجئے

جو دوسرے کے پاس پسند آۓ اس پر خوش ہویئے ۔ چھِیننے کی خواہش نہ کیجئے