ہمارا ملک دین اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا لیکن آزادی کے چھ سال بعد ہی ذہنی طور پر انگریز کے غلام ۔ شرابی اور مفاد پرست اس کے حکمران بننے میں کامیاب ہو گئے ۔ تعلیمی نصاب میں دینیات یا اسلامیات صرف خانہ پُری کیلئے شامل کیا گیا ۔ دین کی تعلیم کیلئے مناسب علم رکھنے والوں کو استاذ نہ رکھا گیا ۔ دینیات کے استاذ کی تنخواہ اتنی کم رکھی گئی کہ اگر دین کا علم رکھنے والا اُستاذ بننا بھی چاہے تو نہ بن سکے ۔
آج صورتِ حال یہ ہے کہ ہمارے پاکستانی مسلمان بہن بھائیوں میں سے اکثریت کو دین کا صحیح علم نہیں ۔ لگ بھگ ایک تہائی ایسے ہیں جن کو نماز نہیں آتی ۔ مگر میں آج صرف اُن پڑھے لکھے بہن بھائیوں کی بات کروں گا جو نماز پڑھتے ہیں ۔ نماز پڑھتے ہوئے چھوٹی چھوٹی غلطیاں کی جاتی ہیں جُن سے نماز ناقص ہو جاتی ہے ۔
1 ۔ ابو داؤد میں رقم حدیث کے مطابق سورت فاتحہ کی تلاوت کے دوران ہر آیت کے بعد وقفہ ضروری ہے ۔ اسے ایک ہی سانس میں پڑھنا غلط ہے ۔ نماز تو ساری ہی تسلّی اور تحمل کے ساتھ پڑھنا چاہئیے لیکن سورت فاتحہ کی ہر آیت کے بعد وقفہ دینا ضروری ہے ۔
2 ۔ صحیح مُسلم کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم نے رکوع اور سجدہ میں کوہنیاں جسم کے ساتھ لگانے سے منع فرمایا ہے ۔
3 ۔ حدیث مسلم کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم نے قیام کے دوران سامنے دیکھنے سے منع فرمایا ہے ۔ نظریں اُس جگہہ پر مرکوز ہونا چاہئیں جہاں سجدہ کے دوران ماتھا رکھا جاتا ہے ۔
4 ۔ سجدے میں صرف تھوڑا سا ماتھا زمین پر رکھنا غلط ہے ۔ صحیح مسلم کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم نے فرمایا مجھے حُکم دیا گیا ہے کہ میں سات ہڈیوں پر سجدہ کروں ۔ ماتھا مع ناک ۔ دونوں ہاتھ [ہتھلیاں] ۔ دونوں گھُٹنے اور دونوں پاؤں ۔
5 ۔ تسلّی کے ساتھ رکوع اور سجود نہ کرنا غلط ہے ۔ اس کے متعلق کئی احادیث ہیں ۔ ایک حدیث تقریباً سب مجموعوں میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلّم نے فرمایا ۔ جس نے رکوع و سجود مکمل نہ کئے اُس کی نماز باطل ہے ۔ رکوع میں آرام سے اس طرح جائیے کہ پُشت زمین کے متوازی ہو جائے پھر رُک رُک کر تسبیح پڑھنے کے بعد آرام سے سیدھے یعنی عموداً کھڑے ہونا ضروری ہے ۔ اسی طرح سجدہ میں کیجئے ۔ ایک سجدے کے بعد سیدھا یعنی عموداً بیٹھے بغیر دوسرا سجدہ کرنا غلط ہے ۔
سب سے لمبی نماز عشاء کی ہے جو تسلّی اور تحمل سے پڑھی جائے تو 10 منٹ سے زیادہ نہیں لگتے ۔ ہم لوگ فضولیات میں گھینٹے ضائع کر دیتے ہیں لیکن نماز اسطرح پڑھتے ہیں کہ کوئی ہمیں قتل کرنے کیلئے آ رہا ہے اور ہم نے جان بچانے کیلئے بھاگنا ہے ۔ شاید اسی کئے ہماری نمازیں ہمیں برائی سے نہیں بچاتیں ۔ اللہ سبحانہُ و تعالٰی کا یہ فرمان غلط نہیں ہو سکتا نماز برائی سے روکتی ہے ۔
6 ۔ تسبیح بائیں ہاتھ سے نہیں کرنا چاہئیے صرف داہنے ہاتھ کی انگلیوں پر یا داہنے ہاتھ سے موتی چلانا چاہئیں ۔
7 ۔ کوئی نماز پڑھ رہا ہو تو اس کے آگے سے نہیں گذرنا چاہئیے ۔ اس سے بچنے کیلئے ایک تو جسے جانا ہو اُسے صبر سے کام لینا چاہئیے دوسرے سنت یا نفل پڑھنے والے کو چاہئیے کہ با جماعت نماز ختم ہونے کے بعد تھوڑا وقفہ دے کر سنت یا نفل شروع کرے تاکہ جس نے فرض پڑھ کر جانا ہے چلا جائے ۔ اس کے علاوہ بالخصوص جماعت سے پہلے سنت یا نفل پڑھنے والا باہر سے آنے اور جانے کے راستہ کے پیچھے نماز نہ پڑھے ۔
8 ۔ جان بوجھ کر جماعت میں تاخیر سے شامل ہونا نماز کو ناقص کر دیتا ہے ۔ جب فرض نماز کیلئے تکبیر اقامت شروع ہو جائے تو پھر سنت یا نفل نماز شروع نہ کرنا چاہئیے اس خیال سے کہ جلدی پڑھ کے جماعت کے ساتھ شامل ہو جاؤں گا ۔ اگر فرض جماعت کھڑی ہونے میں اتنا کم وقت رہ گیا ہو کہ اس میں سنتیں نہ پڑھی جا سکتی ہوں تو پھر سنتیں نہیں پڑھنا چاہئیں ۔
9 ۔ نماز تراویح میں کئی حضرات 2 تراویح خود علیحدہ پڑھ کر جماعت میں شامل ہو جاتے ہیں اور یہ عمل دہراتے رہتے ہیں حتٰی کہ جب امام صاحب نے 10 تراویح پڑھی ہوتی ہیں تو وہ 20 پڑھ لیتے ہیں ۔ یہ غلط طریقہ ہے ۔ علماء کے مطابق ایسی تراویح ناقص ہے ۔ کچھ لوگ دیر سے آتے ہیں اور پھر بیچ میں اُوپر والا عمل دہرا کر تراویح کی تعداد پوری کرتے ہیں ۔ یہ بھی غلط ہے ۔ اگر کسی مجبوری کے تحت دیر ہو جائے تو جتنی تراویح امام کے ساتھ ہوں پڑھ لیجئے ۔ دل میں کمی کی کسک ہو تو وتر پڑھ کر گھر جائیں اور سو جائیں پھر سحری کا وقت شروع ہونے سے پہلے پہلے 8 یا اس سے زیادہ جتنی چاہیں رکعت پڑھ لیجئے ۔
10 ۔ چند ماہ قبل ایک اچھے خاصے تعلیم یافتہ مسلمان نے بتایا کہ وہ جمعہ کے 2 واجب کے علاوہ ظہر کی پوری نماز پڑھتے ہیں یعنی جمعہ کے وقت وہ 4 سنت ۔ 2 واجب ۔ 4 فرض ۔ 2 سنت اور 2 نفل پڑھتے ہیں ۔ یہ غلط ہے ۔ جمعہ کے وقت 4 سنت ۔ 2 واجب ۔ 2 یا 4 یا 6 سنت اور دو نفل پڑھے جاتے ہیں ۔
ہم لوگ جتنے ناول پڑھتے ہیں اور جتنی فلمیں یا ڈرامے دیکھتے ہیں اگر ان میں سے ایک ناول یا فلم یا ڈرامہ چھوڑ دیں اور اس کی بجائے اپنے دین کا کچھ علم حاصل کر لیں تو ہم مسلمان بن سکتے ہیں ۔
وما علینا الی البلاغ المبین ۔