Category Archives: دین

قرآن شریف یا آپ ؟ ؟ ؟

اہم یہ نہیں ہے کہ آپ قرآن شریف کی تعلیم میں کہاں تک پہنچے ہیں
بلکہ اہم یہ ہے کہ قرآن شریف نے آپ کے اندر کتنا گھر کیا ہے

اہم یہ نہیں کہ آپ نے کتنی بار قرآن شریف پڑھا
اہم یہ ہے کہ لوگوں کو قرآن شریف آپ کے عمل میں نظر آئے
اور وہ اس طرح کہ
جن کے پاس کپڑے نہیں ہیں اُنہیں کپڑے پہنائیں
جو بھوکے ہیں ، اُنہیں کھانا کھلائیں
یتیموں اور مُفلِسوں کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں
جو آپ کو تکلیف پہنچائے اُسے معاف کر دیں
جو آپ کی مدد کرے اُسے یاد رکھیں
اپنے والدین کی خدمت کریں اور اُن کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں

غور کیوں نہیں کرتے ؟

قرآن شریف کی تلاوت کارِ ثواب ہے لیکن قرآن شریف کا مقصد اِسے سمجھنا اور اِس کے مطابق عمل کرنا ہے< سورت 39 الزُمَر ۔ آیت 9 ۔قُلۡ هَلۡ يَسۡتَوِى الَّذِيۡنَ يَعۡلَمُوۡنَ وَالَّذِيۡنَ لَا يَعۡلَمُوۡنَ‌ؕ اِنَّمَا يَتَذَكَّرُ اُولُوا الۡاَلۡبَابِ ۔ (کہو بھلا جو لوگ علم رکھتے ہیں اور جو نہیں رکھتے دونوں برابر ہوسکتے ہیں؟ (اور) نصیحت تو وہی پکڑتے ہیں جو عقلمند ہیں) دین کی بات نہ بھی کریں تو عِلم والے کا مطلب رَٹا لگانے والا نہیں ہے بلکہ سمجھ کر اُس پر عمل کرنے والا ہے

اللہ نے انسان کو غور کرنے کا سبق بار بار دیا ہے کیونکہ غور کرنے سے ہی درست سمجھ آ سکتی ہے

سورت 6 الانعام ۔ آیت 50 میں یہ کہا ہے
ہَلۡ یَسۡتَوِی الۡاَعۡمٰی وَ الۡبَصِیۡرُ ؕ اَفَلَا تَتَفَکَّرُوۡنَ
بھلا اندھا اور آنکھ والا برابر ہوتے ہیں؟ تو پھر تم غور کیوں نہیں کرتے؟
مزید 9 جگہ کا تو میرے عِلم میں ہے
سُوۡرَةُ 2 البَقَرَة آية 219
كَذٰلِكَ يُبَيِّنُ اللّٰهُ لَـكُمُ الۡاٰيٰتِ لَعَلَّکُمۡ تَتَفَكَّرُوۡنَۙ ۔ (اس طرح الله تمہارے لئے اپنے احکام کھول کھول کر بیان فرماتا ہے تاکہ تم سوچو)
سُوۡرَةُ 2 البَقَرَة آية 266
كَذٰلِكَ يُبَيِّنُ اللّٰهُ لَـكُمُ الۡاٰيٰتِ لَعَلَّكُمۡ تَتَفَكَّرُوۡنَ ۔ (اس طرح الله تم سے اپنی آیتیں کھول کھول کر بیان فرماتا ہے تاکہ تم سوچو اور سمجھو)
سُوۡرَةُ 10 یُونس آية 3
اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ ۔ (بھلا تم غور کیوں نہیں کرتے؟)
سُوۡرَةُ 11 هُود آية 24
اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ ۔ (پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟)
سُوۡرَةُ 11 هُود آية 30
اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ ۔ (بھلا تم غور کیوں نہیں کرتے؟)
سُوۡرَةُ 16 النّحل آية 17
اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ ۔ (پھر تم غور کیوں نہیں کرتے؟)
سُوۡرَةُ 23 المؤمنون آية 85
قُلۡ اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ ۔ (کہو کہ پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟)
سُوۡرَةُ 37 الصَّافات آية 155
اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ‌ۚ ۔ (بھلا تم غور کیوں نہیں کرتے؟)
سُوۡرَةُ 45 الجَاثیَة آية 23
اَفَلَا تَذَكَّرُوۡنَ ۔ (بھلا تم کیوں نصیحت نہیں پکڑتے؟)

ایک غیر مُسلم آئزک نِیوٹَن (1643ء ۔ 1727ء) جو مشہور ماہر طبیعات و ریاضی تھے اِن الفاظ میں غور کرنے کو اُجاگر کیا تھا
”ایک انگھوٹھے کی ایک پَور کا مطالعہ ہی یہ سمجھنے کیلئے کافی ہے کہ خدا ہے“۔

ہم سِینہ ٹھَونک کر مسلمان ہونے کا دعوٰی تو کرتے ہیں لیکن اللہ کا فرمان (قرآن شریف) احترام کی خاطر ہم مخمل میں لپیٹ کر اُونچی جگہ پر رکھتے ہیں لیکن اُسے سمجھنے اور اُس پر غور و فکر کرنے کا ہمارے پاس وقت نہیں ہوتا
حد تو یہ ہے کہ ہم دُنیاوی معاملات میں بھی صورتِ حال اور معاملہ کا مکمل جائزہ لئے بغیر فتوٰی صادر کر دیتے ہیں
اللہ ہمیں اپنے کلام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے

قابلِ توجہ

عام لوگ جن میں اچھے خاصے پڑھے لکھے بھی شامل ہیں آئے دن کچھ ایسے عمل کرتے رہتے ہیں جو گناہ ہیں لیکن اُنہیں احساس نہیں ہوتا کہ وہ گناہوں کے مرتکب ہو رہے ہیں
اِن عوامِل کو ایک اہلِ عِلم نے آسان زبان میں لکھا ہے تاکہ عوام کی سمجھ میں آ جائیں اور وہ اِن گناہوں سے بچ سکیں
1 ۔ ریا کاری ۔ ۔ ۔ عبادت یا نیکی کرتے ہوئے دِکھانا ۔ آج کل کئی لوگوں کا معمول بن گیا ہے کہ وہ حج یا عمرہ کیلئے جاتے ہیں تو احرام پہنے اور حرم شریف کے اندر تصاویر کھینچ کر عزیز و اقارب کو بھیجتے ہیں اور کچھ لوگ انہیں سوشل میڈیا جیسے فیس بُک پر لگا دیتے ہیں
2 ۔ بد گمانی ۔ ۔ ۔ کسی کیلئے غلط خیال دل میں لانا
3 ۔ دھوکہ ۔ ۔ ۔ عیب چھُپا کر مال بیچنا ۔ یا بیچتے ہوئے عیب دار مال کا عیب نہ دکھانا
4 ۔ ٹوہ میں رہنا ۔ ۔ ۔ دوسرے کی سرگرمی پر نظر رکھنا
5 ۔ غیبت ۔ ۔ ۔ کسی کی برائی کسی دوسرے کے سامنے بیان کرنا (خواہ وہ برائی اُس میں موجود ہو)
6 ۔ طعنہ دینا ۔ ۔ ۔ احسان کر کے جتانا
7 ۔ تکبّر ۔ ۔ ۔ اپنے آپ کو بڑا یا بہتر سمجھنا (کئی بڑے نمازی اور خیرات کرنے والے اپنے نوکروں یا حاجتمندوں کو سامنے کھڑا رکھتے یا زمین پر بٹھاتے ہیں جبکہ خود صوفہ پر بیٹھے ہوتے ہیں)
8 ۔ چُغلی ۔ ۔ ۔ ایک کی بات کسی دوسرے سے بیان کرنا
9 ۔ سازش ۔ ۔ ۔ دوسرے کے خلاف کوئی منصوبہ بنانا یا کسی کو منصوبہ بنانے کی ترغیب دینا
10 ۔ اسراف ۔ ۔ ۔ ضرورت سے زیادہ خرچ یا استعمال کرنا ۔ جیسے گلاس بھر کر پانی لینا لیکن سارا نہ پینا اور چھوڑ دینا
11 ۔ حسد ۔ ۔ ۔ کسی کی خوشی یا ترقی سے بُرا محسوس کرنا
12 ۔ کانا پھُوسی ۔ ۔ ۔ محفل میں کھُلی بات کرنے کی بجائے کسی ایک کے کان میں کہنا

کُلُ عَام اَنتُم بَخَیر

آنے والی عیدالاضحٰے مبارک
ذوالحجہ کا چاند نظر آنے سے لے کر عيد کے تيسرے دن نصف النہار تک يہ ورد رکھنا چاہیئے ۔ اگر زيادہ نہيں تو ہر نماز کے بعد ايک بار ۔ مزيد عيد کی نماز کو جاتے ہوئے اور واپسی پر بھی

اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَہَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَہُ
لَہُ الّمُلْکُ وَ لَہُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلہَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیراً والحمدُللہِ کثیِراً و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی سب مسلمانوں کو اپنی شريعت پر قائم کرے اور شيطان کے وسوسوں سے بچائے
جنہوں نے حج ادا کیا ہے اللہ کریم اُن کا حج قبول فرمائے
جنہوں نے سیّدنا ابراھیم علیہ السلام کی سُنّت کی پيروی کرتے ہوئے قربانی کرنا ہے ۔ اللہ عِزّ و جَل اُن کی قربانی قبول فرمائے
اللہ کریم ہم سب کو سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے
اللہ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم ہمارے مُلک کو ہر انسانی اور قدرتی آفت سے محفوظ فرمائے اور امن کا گہوارہ بنا دے ۔ آمین ثم آمین

بات ایک گورنر کی

عصرِ حاضر میں گورنر تو کیا ایک سیاستدان یا افسر کے نخرے ہی نہیں سنبھالے جاتے
جن اسلاف کے پیروکار ہونے کا ہم دعوٰی کرتے ہیں ان میں سے ایک کی جھلک
امیر المؤمنین عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ نے ابو عبیدہ بن الجراح رضی اللہ عنہ کو دمشق (شام) کا گورنر مقرر کیا
کچھ عرصہ بعد عمر رضی اللہ عنہ نے حسبِ معمول دمشق کا دورہ کیا
ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ نے سارے علاقے کا دورہ کرایا
آخر میں امیر المؤمنین عمر رضی اللہ عنہ نے کہا ” ابو عبیدہ مجھے اپنے گھر نہیں لے کر جاؤ گے“۔
ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ نے کہا ”وہاں آپ کے دیکھنے کی کوئی چیز نہیں“۔
امیر المؤمنین کے اصرار پر ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ اُنہیں شہر سے باہر ایک خیمے میں لے گئے
وہاں ایک بوریا ۔ ایک مشکیزہ اور ایک پیالہ تھا اور کچھ بھی نہیں تھا
عمر ابن الخطاب رضی اللہ عنہ نے کہا ” بس ۔ یہی کچھ ؟“
ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ نے کہا ” میں ہفتہ بھر کیلئے روٹیاں لے آتا ہوں ۔ جو کھانا ہوتی ہے ۔ اسے پیالے میں پانی ڈال کے بھگو دیتا ہوں اور کھا کر مشکیزے سے پانی پی لیتا ہوں ۔ بوریئے پر نماز پڑھتا ہوں اور اسی پر سو جاتا ہوں“۔

کیا غلط العام درُست ہوتا ہے ؟

کچھ ایسی چیزیں زبان زدِ عام ہو چکی ہیں کہ اُنہیں درست کرنا ناممکن نہیں تو بہت ہی مُشکل ضرور ہے ۔ جو میں لکھنے لگا ہوں اگر غلط ہو تو صاحبِ عِلم بہن یا بھائی میری درُستگی فرما دیں ۔ میں مشکور ہوں گا

(1) ایک دفعہ میں نے کسی کو مصیبت میں دیکھ کر اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ کہہ دیا تو سب اس طرح میری طرف دیکھنے لگے جیسے میں نے کسی بے قصور کو تھپڑ مار دیا ہو کیونکہ ہمارے ہاں صرف جب کوئی مر جائے تو کہا جاتا ہے اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ ۔ اب ملاحظہ ہو متعلقہ آیت اور ترجمہ سُورَۃُ البَقَرٰۃ ۔ آیۃ 156 ۔ الَّذِیۡنَ اِذَاۤ اَصَابَتۡہُمۡ مُّصِیۡبَۃٌ ۙ قَالُوۡۤا اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ

ترجمہ ۔ جنہیں جب کوئی مصیبت آتی ہے تو کہہ دیا کرتے ہیں کہ ہم تو خود اللہ تعالٰی کی ملکیت ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں

(2) کسی کی وفات پر (خاص کر اگر جوان ہو) اُس کے لواحقین سے افسوس کرتے ہوئے یا اس موت کا کسی سے ذکر کرتے ہوئے کہا جاتا ہے ”بے وقت موت کا بہت افسوس ہوا“۔ خاص کر انگریزی میں کہا اور لکھا جاتا ہے

Untimely death

سُورت آلِ عِمرَان ۔ آیت 145 ۔ بغیر اللہ کے حکم کے کوئی جاندار نہیں مر سکتا ۔ مقرر شدہ وقت لکھا ہوا ہے ۔ دنیا کی چاہت والوں کو ہم دنیا دے دیتے ہیں اور آخرت کا ثواب چاہنے والوں کو ہم وہ بھی دے دیں گے اور احسان ماننے والوں کو ہم بہت جلد نیک بدلہ دیں گے
سُورت المُناقِقُون آیت 11 ۔ اور جب کسی کا مقررہ وقت آجاتا ہے پھر اسے اللہ تعالٰی ہرگز مہلت نہیں دیتا اور جو کچھ تم کرتے ہو اس سے اللہ تعالٰی بخوبی باخبر ہے‏
سُورت الاعراف آیت 34 ۔ ہر گروہ کے لئے ایک معیاد معین ہے سو جس وقت انکی میعاد معین آجائے گی اس ایک ساعت نہ پیچھے ہٹ سکیں گے اور نہ آگے بڑھ سکیں گے۔
سُورت الانعام آیت 61 ۔ اور وہی اپنے بندے کے اوپر غالب ہے برتر ہے اور تم پر نگہداشت رکھنے والا بھیجتا ہے یہاں تک کہ جب تم میں سے کسی کی موت آپہنچتی ہے، اس کی روح ہمارے بھیجے ہوئے فرشتے قبض کر لیتے ہیں اور وہ ذرا کوتاہی نہیں کرتے