جن حضرات نے سائنس پڑھی ہے ل Litmus Test نہیں بھولے ہوں گے ۔ میں دُنیا دار آدمی ہوں چنانچہ مُسلم یا مُسلمان ہونے کے 6 Litmus Test بنا رکھے ہیں ۔ اِنہیں ابتدائی اسباق بھی کہا جا سکتا ہے
سورت 53 النّجم ۔ آیات 1 تا 4 ۔ قسم ہے تارے کی جبکہ وہ غروب ہوا ۔ تمہارا رفیق (محمد ﷺ) نہ بھٹکا ہے نہ بہکا ہے ۔ وہ اپنی خواہشِ نفس سے نہیں بولتا ۔ یہ تو ایک وحی ہے جو اس پر نازل کی جاتی ہے
سورت 3 آل عمران آیت 32 ۔ اُن سے کہو ” الله اور رسول ﷺ کی اطاعت قبول کرو“ پھر اگر وہ تمہاری یہ دعوت قبول نہ کریں ، تو یقینا یہ ممکن نہیں ہے کہ الله ایسے لوگوں سے محبت کرے جو اس کی اور اُس کے رسول کی اطاعت سے انکار کرتے ہوں
سورت 4 النّساء آیت 4 ۔ یہ الله کی مقرر کی ہوئی حدیں ہیں ۔جو الله اور اُس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرے گا اُسے الله ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور ان باغوں میں وہ ہمیشہ رہے گا اور یہی بڑی کامیابی ہے
سورت 4 النسآء آیت 59 ۔ اے لوگو جو ایمان لائے ہو ۔ اطاعت کرو الله کی اور اطاعت کرو رسول ﷺ کی اور اُن لوگوں کی جو تم میں سے صاحبِ امر ہوں ۔ پھر اگر تمہارے درمیان کسی معاملہ میں نزاع ہو جائے تو اسے الله اور رسول ﷺ کی طرف پھیر دو اگر تم واقعی الله اور روزِ آخر پر ایمان رکھتے ہو ۔ یہی ایک صحیح طریقِ کار ہے اور انجام کے اعتبار سے بھی بہتر ہے
سورت 4 النّسآء آیت 65 ۔ نہیں ، اے محمد ﷺ ۔ تمہارے رب کی قسم یہ کبھی مومن نہیں ہو سکتے جب تک کہ اپنے باہمی اختلافات میں یہ تم کو فیصلہ کرنے والا نہ مان لیں پھر جو کچھ تم فیصلہ کرو اس پر اپنے دلوں میں بھی کوئی تنگی نہ محسوس کریں بلکہ (رسول کے فیصلے کو ) سَر بسَر تسلیم کر لیں
سورت 8 الانفال آیت 1 ۔ تم سے انفال کے متعلق پُوچھتے ہیں ؟ کہو ”یہ انفال تو الله اور اُس کے رسُولؐ کے ہیں ۔ پس تم لوگ الله سے ڈرو اور اپنے آپس کے تعلقات درست کرو اور الله اور اُس کے رسولؐ کی اطاعت کرو اگر تم مومن ہو“۔
سورت 8 الانفال آیت 20 ۔ اے ایمان لانے والو، الله اور اُس کے رسُول کی اطاعت کرو اور حکم سُننے کے بعد اس سے سرتابی نہ کرو
سورت 8 الانفال آیت 46 ۔ اور الله اور اس کے رسُول کی اطاعت کرو اور آپس میں جھگڑو نہیں ورنہ تمہارے اندر کمزوری پیدا ہو جائے گی اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی۔ صبر سے کام لو، یقینًا الله صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے
سورت 24 النّور آیت 51 ۔ 52 ۔ ایمان لانے والوں کا کام تو یہ ہے کہ جب وہ الله اور رسولﷺ کی طرف بلائے جائیں تاکہ رسول ﷺ ان کے مقدمے کا فیصلہ کرے تو وہ کہیں کہ ہم نے سنا اور اطاعت کی۔ ایسے ہی لوگ فلاح پانے والے ہیں،
جو الله اور رسول ﷺکی فرماں برداری کریں اور الله سے ڈریں اور اس کی نافرمانی سے بچیں
سورت 33 الاحزاب آیت 21 ۔ درحقیقت تم لوگوں کے لئے الله کے رسول ﷺ میں ایک بہترین نمونہ ہے ہر اُس شخص کے لئے جو اللہ اور یومِ آخر کا اُمیدوار ہو اور کثرت سے الله کو یاد کرے
سورت 33 الاحزاب آیت 71 ۔ الله تمہارے اعمال درست کر دے گا اور تمہارے قصوروں سے در گزر فرمائے گا۔ جو شخص الله اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرے اس نے بڑی کامیابی حاصل کی
سورت 48 الفتح آیت 17 ۔ ہاں اگر اندھا اور لنگڑا اور مریض جہاد کے لئے نہ آئے تو کوئی حرج نہیں ۔جو کوئی الله اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کرے گا الله اسے ان جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی ، اور جو منہ پھیرے گا اسے وہ درد ناک عذاب دے گا۔
سورت 49 الحجرات آیت 14 ۔ یہ بدوی کہتے ہیں کہ ہم ایمان لائے ۔ ان سے کہو ”تم ایمان نہیں لائے بلکہ یوں کہو کہ ہم مطیع ہوگئے۔ ایمان ابھی تمہارے دلوں میں داخل نہیں ہوا ہے۔ اگر تم الله اور اس کے رسول ﷺ کی فرمانبرداری اختیار کر لو تو وہ تمہارے اعمال کے اجر میں کوئی کمی نہ کرے گا“۔ یقینا الله بڑا در گزر کرنے والا اور رحیم ہے۔
سورت 58 مجادلہ آیت 13 ۔ کیا تم ڈر گئے اس بات سے کہ تخلیہ میں گفتگو کرنے سے پہلے تمہیں صدقات دینے ہونگے؟ اچھا ، اگر تم ایسا نہ کرو۔ اور الله نے تم کو اس سے معاف کر دیا ۔ تو نماز قائم کرتے رہو ، زکوٰۃ دیتے رہو اور الله اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرتے رہو۔ تم جو کچھ کرتے ہو الله اُس سے باخبر ہے
اوّل یہ کہ الله کریم نے بڑے زور دار طریقہ سے سورت النّجم میں فرمایا کہ ”سیّدنا محمد صلی الله علیہ و آلہ و سلّم اپنی طرف سے کچھ نہیں کہتے بلکہ وہی کہتے ہیں جو الله کی طرف سے حُکم ہوتا ہے“۔
پھر الله سُبحانُہُ و تعالٰی نے کم از 13 بار فرمایا کہ ”سیّدنا محمد صلی الله علیہ و آلہ و سلّم کی تابعداری کی جائے“۔
پس الله کی تابعداری کے ساتھ ساتھ الله کے رسول سیّدنا محمد صلی الله علیہ و آلہ و سلّم کی حدیث و سُنت پر بلا کم و کاست یقین اور عمل اسلام کی بنیاد اور پہلا Litmus Test ہے ۔ اِس سے اِنحراف کرنے والا مُسلم یا مُسلمان نہیں ہو سکتا