Category Archives: خبر

وقتِ دعا

آج پی سی او ججوں نے نواز شریف کو الیکشن کیلئے نا اہل قرار دے دیا ۔

یہ فیصلہ نواز شریف کے سپورٹروں کیلئے تو بُراہے ہی لیکن اس سے بڑھ کر پورے ملک کیلئے بُرا ہے کیونکہ اس وقت نواز شریف کی جماعت قومی سطح دوسری سب سے بڑی جماعت ہے اور اس جماعت کے ساتھ تمام وکلاء ۔ سِول سوسائٹی ۔ تحریکِ انصاف اور جماعتِ اسلامی ملک میں انصاف قائم کرنے کی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

ان باقی گروہوں کی آواز اسمبلی میں اُٹھانے والی جماعت مسلم لیگ نواز ہی ہے اور اعلٰی ترین سیاسی سطح پر انصاف کا مقدمہ نواز شریف ہی لڑ رہا ہے ۔ چنانچہ ظاہر ہے کہ اس فیصلہ کا جھٹکا ان سب گروہوں کو لگے گا ۔

اگر یہ سب گروہ سڑکوں پر نکل آئے تو پھر [خاکم بدہن] ہمارے ملک کا بہت نقصان ہو سکتا ہے ۔ اس لئے دعا ہے کہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی اس مسئلہ کو بخیر و خوبی سُلجھا دے ۔

ایک بات جو اس فیصلہ سے کھُل کر سامنے آ گئی ہے یہ ہے کہ پی سی او کا حلف اُٹھانے والے جج قابلِ اعتبار نہیں ہیں ۔

یہ دوستی اور تابعداری

منگل 10 جون اور بدھ 11 جون کی درمیانی رات امریکہ کے زیرِ اثر افغانی اور دوسری فوج نے پاکستان کی سرزمین پر مُہمند کے علاقہ چوپارا میں قائم فوجی چوکی پر حملہ کیا ۔ حملہ میں خودکار اور بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا ۔ افغانستان سے 2 ہوائی جہازوں نے پاکستان کی حدود میں داخل ہو کر بہادُو قلعہ اور گولونو قلعہ کے علاقہ پر بمباری بھی کی ۔

اطلاعات کے مطابق ایک میجر [اکبر] سمیت 13 پاکستانی فوجی اس حملہ میں شہید ہوئے اور 40 فوجی لاپتہ ہیں ۔ اس علاقہ میں کل 63 فوجی تھے جن میں سے صرف 10 سے رابطہ ہو سکا ہے ۔

پرویز مشرف کے امریکہ سے یہ ناجائز تعلقات نمعلوم قوم کو کتنا اور نقصان پہنچائیں گے ۔

واقعی ؟

سُنا ہے کہ ایک اخبار ہے ۔ خبریں ۔ اُس میں خبریں کم اور افواہیں زیادہ ہوتی ہیں ۔ حقیقت اس اخبار کو پڑھنے والے جانتے ہوں گے ۔ مجھے یہ اخبار پڑھنے کا موقع ابھی ہاتھ نہیں لگا ۔ خیر ۔ چھوڑئیے اخبار کو ۔ آمدن بر سرِ مطلب ۔ ۔ ۔

آج صبح کوئی گیارا بجے میرے موبائل کی گھنٹی بجی ۔ اُٹھا کر چابی دبائی اور کان کو لگایا
“کوئی خبر سُنی ہے ؟”
“کیا خبر ؟”
“سنا ہے بادشاہ مستعفی ہو گئے اور گرفتار کر لئے گئے”
“نہیں بھائی ۔ مجھے ابھی خبروں کی فرصت نہیں ملی”
“کچھ پتہ تو کیجئے”

اچھا کہہ کر ٹی وی لگایا ۔ جیو ۔ اے آر وائی ۔ آج ۔ ایکسپریس ۔ مگر ایسی کوئی افواہ بھی نہ پائی گئی ۔

پھر دو ٹیلیفون کھڑکا دئیے اور کہا ” شہر میں بادشاہ کی رُخصتی کی افواہ ہے ۔ میاں ۔ کچھ پتہ تو کیجئے ”
آخر بعد دوپہر ایک ٹیلیفون آیا
“اچھا ہو رہا ہے ”
” اُس کیلئے یا ہمارے لئے ؟”
“سب کیلئے”

اس دوران ٹی وی پر تازہ ترین خبر آئی ” چیئرمین سینیٹ ۔ محمد میاں سومرو کو جرمنی سے واپس بُلا لیا گیا ہے

جون 2008ء کا سورج آرمی ہاؤس پر چڑھے گا یا صدر کے کیمپ آفس پر ۔ کون جانے ۔
سمجھ میں آیا ؟ اگر نہیں تو 60 گھنٹے انتظار کیجئے

وہ بھی چل بسے

اِنّا لِلہِ وَ اِنّا اِلَہِ راجِعُون ۔ نعرہ تو کب کا چل بسا تھا ۔ نعرہ دینے والا بھی چل بسا ۔

کیسے کیسے اللہ کے بندے آئے اور چلے گئے ۔
اُس نے اپنی زندگی کو جس قوم کیلئے وقف کیا اُس قوم نے اُس کو سہارا دینا تو کیا اُس کا دیا ہوا سب سے زیادہ معروف نعرہ بھی کب کا بھُلا دیا

تحریکِ پاکستان کا وہ سرگرم کارکُن جس نے بابائے قوم کا گن مین بننے کو اپنے لئے باعثِ عزت سمجھا ۔
وہ مردِ مجاہد جس نے پہلی بار سیالکوٹ آمد پر فرطِ جوش میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بابائے قوم محمد علی جناح کی کار کو کندھوں پر اُٹھا لیا تھا
وہی شخص اپنے بڑھاپے میں پچھلے نو سال کَسمپُرسی کی حالت میں بیمار پڑا رہا اور کسی حکومتی اہلکار کو اُس کی عیادت کی توفیق نہ ہوئی
نہ کسی اخبار والے نے کبھی اُس کا حال پوچھا اور نہ اُس کی آپ بیتی کو اپنے اخبار کے قابل سمجھا ۔

کیا خوب نعرہ دیا تھا کہ برِّ صغیر ہند و پاکستان کے مسلمانوں میں ایک نیا جذبہ بیدار ہوا جو پاکستان کی صورت میں نمودار ہوا ۔

پاکستان کا مطلب کیا
لا اِلَہَ اِلا اللہ

یہ تھے پروفیسر اصغر سودائی جنہوں نے پہلی بار یہ نعرہ 1944ء میں لگایا تھا ۔ پروفیسر اصغر سودائی گورنمنٹ علامہ اقبال کالج کے پرنسپل اور ڈائریکٹر ایجوکیشن پنجاب بھی رہے ۔ ریٹائرمنٹ کے بعد سیالکوٹ کالج آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن کی ایڈوائزری کونسل میں رہے ۔ ان کی شاعری کا مجموعہ چلن صباح کی طرف کافی مشہور ہوا

پروفیسر اصغر سودائی 26 ستمبر 1926ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور 17 مئی 2008ء کو اپنے گھر سودائی منزل ۔ کریم پورہ سیالکوٹ سے راہیٔ مُلکِ عدم ہوئے ۔ ان کی نمازِ جنازہ آج یعنی 18 مئی 2008ء کو پڑھا کر ان کے جسدِ خاکی کو سیالکوٹ کے شاہ جمال قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا ۔ اِنّا لِلہِ وَ اِنّا اِلَہِ راجِعُون

لمحۂِ فکریہ

لمحۂِ فکریہ
پچھلے پانچ دنوں میں جو ناگہانی واقعات دیکھنے میں آئے ہیں انہوں نے سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ ہر طرف سے پِٹے ہوئے پاکستانی عوام کو جو جمہوریت اور یکجہتی کا سندیسہ دیا گیا تھا اُس کی تعبیر کو روکنے کیلئے سازشیں زور شور سے جاری ہیں ۔

سندھ کی نئی اسمبلی کے ابتدائی اجلاس میں دروازے کا شیشہ توڑ کر اس میں ہاتھ ڈال کر کُنڈی کھول کر زبردستی داخل ہونا ۔
اسمبلی کے اجلاس کے دوران بے جا نعرے اور ہُلڑبازی
سابق وزیرِ اعلٰی کے ساتھ بدتمیزی
دوبارہ سابق وزیرِ اعلٰی کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی بلکہ اُن کی پٹائی جس میں جوتیاں بھی استعمال کی گئیں
منگل 8 اپریل کو لاہور میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر شیر افگن پر تشدد
بُدھ 9 اپریل کو پورے کراچی میں بلوے ہوئے

اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں سابق وزراء کا کردار بہت ہی غلط رہا اور وہ ناپسندیدہ اشخاص میں شامل ہو گئے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ جو کچھ ہوا کیا وہ انسانیت کے کسی کھاتے میں ڈالا جا سکتا ہے ؟
یا اسے ابھی تک نا مکمل سیاسی حکومت یا وکلاء کے کھاتہ میں ڈالا جا سکتا ہے ؟

کراچی میں سندھ اسمبلی کے واقعات

کراچی ارباب غلام رحیم کے ساتھ پہلے دن کے واقعہ پر تو کہا جا سکتا ہے کہ بہت سے لوگ اسمبلی کی عمارت میں گھُس آئے تھے اور اُن میں سے کچھ نے بدتمیزی کی لیکن دوسرے دن جس طرح منصوبہ بندی کے ساتھ بدتمیزی اور غُنڈاگردی کی گئی اُس کا سوائے اسکے کیا جواز ہے کہ کوئی طاقت ہے جو رنگ میں بھنگ ڈالنے کا جامع منصوبہ رکھتی ہے ۔

لاہور کے 8 اپریل کا واقعہ

کیا 18 فروری کے بعد اور 8 اپریل سے قبل ڈاکٹر شیر افگن لاہور نہیں آئے تھے ؟
وہ ایک ذاتی کام کے سلسلہ میں اپنے وکیل سے ملنے گئے اس کا علم مخالفین کو کیسے ہوا ؟
لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر انور کمال اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر منظور قادر کی ہاتھ جوڑ کر التجائیں ہجوم پر اثر نہ کر سکیں تو اعتزاز احسن کو بلایا گیا ۔
وہ وکلاء جو انور کمال ۔ منظور قادر اور اعتزاز احسن کا ہر مشکل سے مشکل مشورہ خندہ پیشانی سے مانتے چلے آرہے تھے ۔ اُن کے کپڑے پھٹتے رہے جسم لہو لہان ہوتے رہے اوراپنے رزق کو داؤ پر لگا کر انور کمال ۔ منظور قادر اور اعتزاز احسن کے ماتحت متحد رہے اور کسی املاک کو یا انسان کو نقصان نہ پہنچایا ۔ پھر یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ اعتزاز آحسن سمیت اپنے تینوں رہنماؤں کی ہاتھ جوڑ کر کی گئی التجائیں ٹھُکرا دیں ؟
اعتزاز احسن نے پاکستان بار ایسوسی ایشن کی صدارت سے اور منظور قادر نے لاہور بار ایسوسی ایشن کی صدارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا مگر تشدد کرنے والوں پر کوئی اثر نہ ہوا ۔ اسلئے کہ وہ وکلاء نہیں تھے ۔

سوال پیدا ہوتاہے کہ
پولیس کو جائے واردات پر پہنچنے میں 3 گھنٹے کیوں لگے جب کہ یہ واقعہ لاہور شہر کے وسط میں ہوا اور کوئی سڑک بند نہ تھی ؟
تین گھنٹے بعد بھی پولیس کی بہت کم نفری بھیجی گئی ۔
اعتزاز احسن کی زیادہ پولیس بُلانے کی درخواست پر کوئی عمل نہ کیا گیا ۔
سابق وزیرِ اعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کی بنوائی ہوئی اِیگل سکواڈ کہاں تھی جو مخالف سیاسی جماعتوں اور وکلاء مظاہرین پر تشدد کرنے کیلئے پندرہ بیس منٹ میں پہنچ جایا کرتی تھی ؟
ریسکیو 1122 یا ایگل سکواڈ کی بجائے ڈاکٹر شیر افگن کو لیجانے کیلئے ایدھی ٹرسٹ کی ایمبولنس کیوں بلائی گئی جس کی حفاظت کا کوئی بندوبست نہیں ہوتا اورجسے آسانی سے نقصان پہنچایا جا سکتا ہے ؟
جس آدمی نے ایدھی ایمبولنس کے اندر ڈاکٹر شیر افگن کی پٹائی کی وہ ایمبولنس کے ڈرائیور والے حصہ میں تھا ۔ ڈرائیور کہاں تھا اور ڈرائیور والے حصہ کو کھُلا کیوں چھوڑا گیا تھا ؟
پولیس افسروں کی یقین دہانی پر کہ پولیس کی کافی نفری سادہ کپڑوں میں موجود ہے اور یہ کہ کوئی شخص ڈاکٹر شیر افگن کو گزند نہیں پہنچا سکے اعتزاز احسن ڈاکٹر شیر افگن کو لے کر آئے ۔
جن لوگوں نے ڈاکٹر شیر افگن پر تشدد کیا وہ سب سادہ کپڑوں میں تھے ۔ ڈاکٹر شیر افگن کو بچانے کی کوشش میں اعتزاز احسن ۔ دوسرے دو رہنما اور دیگر وکلاء خود بھی دھکے اور تھپڑ کھاتے رہے ۔ ان کی مدد صرف دو پولیس والوں نے کی ۔
کیا ڈاکٹر شیر افگن پر تشدد کرنے والے سادہ کپڑوں میں لوگ ہی ایجنسیوں کے آدمی تھے ؟
کیا پولیس بھی اس سازش کا حصہ تھی ؟

یہ حقیقت کھُل کر سامنے آ چکی ہے کہ جو ہجوم لاہور میں جمع ہوا اُس میں کم از کم آدھے لوگ وکیل نہیں تھے کیونکہ جب اعتزاز احسن نے کہا کہ سب وکلاء حلف کیلئے ہاتھ اُوپر اُٹھائیں کہ وہ ڈاکٹر شیر افگن کو کوئی گزند نہیں پہنچائیں گے تو ہاتھ اُٹھانے والوں کی تعداد ہجوم کے 50 فیصد سے زیادہ نہ تھی ۔

کراچی کے 9 اپریل کا واقعہ

سٹی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی جانب سے جنرل باڈی کا اجلاس ہو رہا تھا کہ ایم کیو ایم کے لوگوں نے مظاہرہ کیا اور نعرے لگاتے ہوئے بار میں گھُس گئے جہاں وکلاء کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی ۔ میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ کورٹس جاتا رہتا ہوں ۔ وہاں بار روم کے باہر جلی حروف میں لکھا ہے کہ وکلاء کے علاوہ کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ۔ مظاہرہ کرنے والے ایم کیو ایم کے لوگ ایل ایل بی ہونگے لیکن وکیل نہیں تھے کیونکہ وہ ملازمت پیشہ تھے اور کسی وکیل کو ملازمت کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ۔ وکلاء نے ایم کیو ایم کے آدمیوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی جس پر جھگڑا ہوا اور ہاتھا پائی بھی ۔ بعد میں پولیس پہنچ گئی اور احتجاج کرنے والوں کو باہر نکال دیا ۔ سمجھا گیا کہ معاملہ ختم ہوگیا ۔

تھوڑی ہی دیر بعد نقاب پوش کہیں سے وارد ہوئے اور بار پر فائرنگ شروع کر دی ۔ وکلاء نے بھاگ کر جانیں بچائیں ۔ ان حلمہ آوروں نے بار اور لائبریری کو آگ لگا دی ۔ اس کے بعد سٹی کورٹس کے قریب طاہر پلازہ جس میں کئی وکلاء کے دفتر ہیں میں کچھ وکلاء کے دفاتر کو آگ لگا دی جس کے نتیجہ میں 2 خواتین سمیت 6 لوگ زندہ جل کر مر گئے ۔ ملیر کورٹس پر بھی حملہ ہوا اور کراچی میں پرانے شہر سے لے کر نارتھ کراچی تک فائرنگ ۔ بلوے اور آگ لگانے کی وارداتیں شروع ہو گئیں ۔ ایک بنک ۔ کئی دوسری عمارتوں کے علاوہ سٹی بار ایسوسی ایشن کے ایک رہنما نعیم قریشی کی ملکیت ایک گھر اور گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی ۔ درجن بھر انسان ہلاک اور دو درجن کے قریب زخمی ہوئے ۔ 4 درجن کے قریب گاڑیاں جلا دی گئیں ۔
کیا یہ سٹی کورٹ میں ہونے والی وکیلوں کی جھڑپ تھی ؟

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے اس سارے غدر کو وکلاء کے سر منڈنے کی کوشش کی ۔ کیا اس سب کو وکیلوں کی لڑائی کہا جا سکتا ہے ؟
کیا یہ مانا جا سکتا ہے کہ سال سے زائد عرصہ ریاستی تشدد کے باوجود منظم تحریک چلانے والے وکلاء آن کی آن میں ایسے بگڑ جائیں کہ تصادم تو سٹی کورٹس میں ہو اور پورا کراچی بلوائیوں کا اکھاڑا بن جائے ؟
وکلاء اتنی سُرعت کے ساتھ سارے کراچی میں کیسے پھیل گئے اور کیا وہ اتنا سازو سامان رکھتے ہیں ؟

نقاب پوش کہاں سے آئے اور کس نے بھیجے تھے ؟
سٹی ایڈمنسٹریشن کہاں تھی جو زیادہ تر ایم کیو ایم ہے ؟
جل کر مرنے والے اور گولیوں سے مرنے والوں میں ایک بھی ایم کیو ایم کا نہیں ۔ زخمیوں میں بابر غوری اور فاروق ستار نے 6 ایم کیو ایم کے بتائے جس کی دوسرے ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ۔ اگر اسے درست مان بھی لیا جائے تو باقی لوگوں کو کس نے مارا اور زخمی کیا ؟
کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ ماریں بھی وہی اور مریں بھی وہی ؟

کیا مندرجہ بالا واقعات سے آنے والی حکومت یا وکلاء کو کسی قسم کا فائدہ پہنچتا ہے ؟
نہیں بالکل نہیں ۔ بلکہ وکلاء کی ساکھ کو دھچکا لگنے کا اندیشہ ہے ۔
وکلاء کے نظم و ضبط کا ثبوت پچھلے ایک سال میں وکلاء کی منظم تحریک ہے ۔

پھر کون ہو سکتا ہے جو بدتمیزی اور تشدد کے یہ ڈرامے ڈائریکٹ اور پروڈیوس [direct and produce] کر رہا ہے ؟

ماضی قریب کا جائزہ لینے سے پتہ چلتا ہے کہ آخری دموں پر ہونے والی حکومت اعلان کرتی کہ فلاں علاقہ میں اتنے دہشت گرد گھُس گئے ۔ اُس کے بعد دھماکہ ہوتا اور اس کا ذمہ دار پاکستان کے قبائلیوں یا القاعدہ کو ٹھہرا دیا جاتا ۔
دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موزوں اسلحہ سے لَیس ایک لاکھ اَسی ہزار پاکستانی فوجی متعیّن ہیں ۔ انسان تو کیا چوپائے بھی بغیر پرویز مشرف کی اجازت کے نہ قبائلی علاقوں میں داخل ہو سکتے ہیں نہ وہاں سے باہر جا سکتے ہیں ۔

سندھ اسمبلی کی حلف برداری سے ایک دن قبل وزارتِ داخلہ کی طرف سے [بغیر نئے وزیرِ اعظم کی منظوری کے] اعلان کیا گیا کہ سابق وُزراء کی جان کو خطرہ ہے ۔ جو نام لئے گئے تھے ان میں ڈاکٹر شیر افگن اور ارباب غلام رحیم شامل تھے ۔

مندرجہ بالا حقائق ہر محبِ وطن پاکستانی کو دعوتِ غور و فکر دیتے ہیں کہ کون ہے جو پاکستانیوں کو محروم رکھنا چاہتا ہے اور پاکستان کے بخیئے اُدھیڑنے پر تُلا ہے ؟

صرف تین ہی نام ذہن میں آتے ہیں ۔ پرویز مشرف ۔ ایم کیو ایم اور گجرات کے چوہدی برادران ۔

تتمّہ

میں نے 15 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا تھا “ان 10 کے علاوہ 4 زخمی افراد نے پاکستانی ہسپتال جانے سے انکار کیا اور کہا کہ “ہمیں ہمارے سفارتخانہ پہنچا دو”۔ سو انہیں وہاں موجود لوگوں نے ان کے سفارتخانہ پہنچایا ۔ یہ امریکی تھے اور شاید ان میں کوئی برطانوی ہو “۔

مندرجہ بالا فقرہ لکھتے ہوئے میرے ذہن میں تھا کہ وہ لوگ امریکی ایف بی آئی کے ہوں گے ۔ اب یہ بات پوری طرح واضح ہو چکی ہے کہ وہ چاروں کے چاروں امریکی ایف بی آئی کے لوگ تھے ۔ مزید یہ کہ اُنہیں وہاں موجود لوگ امریکی سفارتخانہ نہیں لے کر گئے تھے کیونکہ اُنہوں نے کسی پاکستانی کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا تھا ۔ امریکی سفارتخانہ سے گاڑیاں بہت جلد پہنچ گئی تھیں جو اُن کو لے کر چلی گئیں تھیں ۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اُن چار امریکی زخمیوں کا علاج کہاں ہو رہا ہے ۔ باقی 7 امریکی زخمی جو سروسز ہسپتال اسلام آباد میں تھے کو بھی 15 اور 16 مارچ کی درمیانی رات امریکی سفارتخانہ والے لے گئے تھے ۔

یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ لاہور ایف آئی اے کی عمارت کے جس حصہ سے خودکُش بمبار نے ٹرک ٹکرایا اور ماڈل ٹاؤن میں خودکُش بمبار نے جس کوٹھی کو نشانہ بنانا چاہا ان دونوں میں ایف بی آئی والے بیٹھتے تھے ۔ ان باتوں سے یہ تاثر اُبھرتا ہے کہ دو سال قبل جو خبر پاکستان میں گردش کر رہی تھی کہ پورے پاکستان میں ایف بی آئی موجود ہے وہ صحیح تھی ۔

دھماکہ ۔ سکیوریٹی سخت ۔ ذمہ داری ختم

آج رات 8 بج کر 40 منٹ پر اسلام آباد سیکٹر ایف ۔ 6 کے مرکز کے پاس ایک لَونا کیپرِس [Luna Capresse] نامی ریستوراں میں بم دھماکہ ہوا ۔ دھماکے کی جگہ ہمارے گھر سے 2 کلو میٹر یا کم فاصلہ پر ہے ۔ اس دھماکہ میں 19 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو ہلاک ہو چکے ہیں جو غیر مُلکی تھے ۔ مزید 3 شدید زخمی ہیں جن میں سے دو پاکستانی ہیں ۔ زخمیوں میں 7 امریکہ ۔ ایک کینیڈا اور ایک آسٹریلیا کا باشندہ ہےاور شائد ایک جاپان کا باشندہ ہے ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک عورت ہے جو امریکہ کے سفارتخانہ میں نرس تھی ۔ ان 10 کے علاوہ 4 زخمی افراد نے پاکستانی ہسپتال جانے سے انکار کیا اور کہا کہ “ہمیں ہمارے سفارتخانہ پہنچا دو”۔ سو انہیں وہاں موجود لوگوں نے ان کے سفارتخانہ پہنچایا ۔ یہ امریکی تھے اور شاید ان میں کوئی برطانوی ہو ۔

یہ افسوسناک واقعہ ہے ۔ اس سے چند دن قبل لاہور کے دھماکوں نے حشر کا سا سماں بنا دیا تھا ۔ جس کے بعد حکومت کے کی طرف سے بیان پر بیان آ رہا تھا کہ سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے ۔ لاہور دھماکوں کے بعد سیکیورٹی کی خاطر سیکڑوں افراد گرفتار کئے گئے ۔ 17 مارچ کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے سلسلہ میں سکیورٹی کے حوالے سے درجنوں افراد راولپنڈی اسلام آباد سے دہشتگرد یا مشکوک قرار دے کے گرفتار کئے گئے ۔ نتیجہ صفر کا صفر ۔

پرویز مشرف کی حکومت کا صرف اتنا فرض رہا کہ ہر دھماکے بعد اس کی مذمت کی جائے ۔ پھرکہا جائے کہ سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں اور مُجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ اس کے بعد اپنے کام میں لگ جاؤ جس کا آقا بُش نے حُکم دے رکھا ہے ۔ پرویز مشرف کی گُڈ گورننس نے یہ حال کر دیا ہے کہ مُلک کا کوئی حصہ محفوظ اور کوئی فرد نہیں سوائے پرویز مشرف اور اس کے چمچہ گیروں کے ۔