ایف آئی اے نے کروڑوں ڈالر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام میں منی ایکسچینج کمپنی کے مالک مناف کالیا . یوسف کالیا اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مناف کالیا اور ان کے ساتھیوں پر دس ارب ڈالر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کرنے کا الزام ہے ۔ ذرائع کے مطابق دیگر گرفتار شدگان میں کمپنی کے پارٹنر انیس راجپوت . ڈائریکٹر جاوید خانانی اور سلیم یوایس شامل ہیں ۔ مناف کالیا سے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں تفتیش کی جارہی ہے ۔ تاہم انتظامیہ اس بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کررہی ہے ۔
Category Archives: خبر
ہِپوکریسی کی جڑیں
ہِپوکریسی یا منافقت کا بیج یا جڑ یا بنیاد جھوٹ بولنا ہے ۔ سچ کو جھوٹ کہنا یا سچ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا بھی جھوٹ بونا ہی ہوتا ہے ۔
بہت سے لوگ ایسے ہیں جو بنیادی طور پر جھوٹے نہیں ہوتے لیکن کسی ذاتی مفاد کی خاطر سچ کو جزوی یا کُلی طور پر چھُپاتے ہیں یا جھوٹا بیان تراش لیتے ہیں ۔
ایسے لوگ جھوٹے یا منافق ہوتے ہیں ۔
دراصل جھوٹ اور منافقت میں بہت تھوڑا فرق ہے ۔
کچھ لوگوں کا کچھ منافق لوگوں کے متعلق خیال ہے کہ وہ دیانتدار یا قابلِ اعتماد ہیں ۔ یہ تو اسی طرح ہوا کہ چور چونکہ چوری کی گئی رقم آپس میں برابر تقسیم کرتے ہیں اسلئے وہ دیانتدار ہیں ۔ کچھ لوگ یوں بھی کہتے ہیں “ٹھیک ہے فلاں شخص جھوٹ بولتا ہے لیکن وہ دیانتدار ہے”۔ یہ درست ہے کہ جھوٹ بولنے والے ہمیشہ جھوٹ نہیں بولتے اور بعض ایسے ہیں کہ وہ عام حالات میں جھوٹ نہیں بولتے لیکن جہاں فائدہ نظر آتا ہو جھوٹ بول دیتے ہیں ۔
آخر ایسے لوگوں پر کیسے اعتماد کیا جا سکتا ہے ؟
اور اس کی کیا ضمانت ہے کہ وہ کسی خاص وقت بددیانتی نہیں کریں گے یا جھوٹ نہیں بولیں گے ؟
لگاہےمصرکابازار
لگا ہے مصر کا بازار دیکھو
نئی تہذیب کے یہ آثار دیکھو
سکنڈے نیوین ممالک کے متعلق تو عرصہ دراز سے سنتے آ رہے تھے لیکن کم از کم نام کے مسلمان ایک ملک کے متعلق جس نے سید قطب جیسے جید مسلمان پیدا کئے 3 روز قبل ایک خبر پڑھ کر جھٹکا کا سا لگا ۔
منگل 28 اکتوبر کے گلف نیوز میں صفحہ 18 پر خبر ہے کہ مصر میں ایک ایسے قحبہ خانہ کا انکشاف ہوا ہے کہ 44 باقاعدہ شادی شدہ جوڑے جس کے ارکان ہیں اور وہ جنسی تفریح کے طور پر ایک رات کیلئے ایک دوسرے سے اپنی بیویاں تبدیل کرتے ہیں ۔
پولیس نے ان کی باہمی منصوبہ بندی کی ای میلز پڑھنے کے بعد کھوج لگا کر اس قحبہ خانھ کے چلانے والے جوڑے کو گرفتار کر لیا تو انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر ان کا اتفاقیہ طور پر عراق میں اسی طرز پر قحبہ خانہ چلانے والے ایک یہودی کرد سے ہوا ۔ اس نے انہیں اس کے فوائد پر قائل کیا ۔
کمال تو یہ ہے کہ جب پولیس نے انہیں گرفتار کیا تو انسانی حقوق کے گروہ نے اس عمل کو ذاتی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا ۔
خیال رہے کھ مصر امریکی حکومت کے زیر اثر ہے اور وہاں کے قانون کے مطابق قحبہ خانہ چلانے کی سزا صرف 3 سال قید ہے
وائے جمہوریت
کہا جاتا ہے کہ جمہوریت جو ہوتی ہے وہ جمہور یا عوام کی حکومت ہوتی ہے وہ اس طرح کہ عوام مقررہ وقت پر اپنی پرچی کے ذریعے اپنے نمائندے کا انتخاب کرتے ہیں ۔ یہ نمائندے شورٰی میں جاتے ہے اور وہاں مل بیٹھ کر عوام کی خواہشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے صوبائی اور قومی سطح کے فیصلے کرتے ہیں ۔
آٹھ سالہ آمریت کے بعد جمہوریت قائم کرنے کیلئے انتخابات کا موقع 18 فروری 2008ءکو آیا ۔ دعوٰی ہے کہ اس کے نتیجہ میں جمہوری حکومت قائم ہو گئی ہے اور یہ دعوٰی 18 فروری 2008ء کے انتخابات کے نتیجہ میں بننے والے حکمرانوں کی طرف سے ہر روز عوام کو یاد دِلایا جا رہا ہے ۔ یہ جمہوری حکومت بنے 6 ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہو کیا ہے لیکن ابھی تک آمریت کے دور کے عوام دُشمن فیصلوں پر پوری تَندہی سے عمل جاری ہے اور جو چند فیصلے کئے گئے ہیں وہ اُن میں شورِٰی کا عندیہ لینا تو درکنار ۔ شورٰی کو اُن فیصلوں کا عِلم بھی ذرائع ابلاغ سے ہوتا ہے
اعلٰی عدالتوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ تو زبان زدِ عام ہے ۔ وزیرِ اعظم صاحب کچھ کہتے ہیں اور عملی طور پر کچھ اور ہو رہا ہے ۔ پچھلے 6 ماہ میں مُلک و قوم کے انتہائی اہم معاملات میں سے کوئی شورٰی میں پیش نہیں ہوا ۔ صدر آصف علی زرداری صاحب نے کچھ دیگر معاملات بھی واضح کر دئیے ہیں جن سے شورٰی کی اہمیت کچھ نہیں رہی ۔
صدر آصف علی زرداری صاحب نے امریکی اخبار “وال سٹریٹ جرنل” کے کالم نویس بریٹ اسٹیفنس کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے
کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اس بات پر مفاہمت ہے کہ ہم مشترکہ طور پر ایک دشمن کا تعاقب کررہے ہیں، امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے اعتراف کیا کہ امریکہ کے ڈرون ( بغیر پائلٹ کے جاسوس) طیارے ان کی حکومت کی اجازت سے پاکستانی علاقوں پر حملے کررہے ہیں، تاہم انہوں نے حساس عسکری معاملات پر بات کرنے سے گریز کیا۔
کہ مقبوضہ کشمیر میں سرگرم مسلح افراد ’دہشت گرد‘ ہیں۔
کہ ان کی جمہوری حکومت بیرون ملک بھارتی اثر و رسوخ سے خوفزدہ نہیں اور نہ ہی انہیں بھارت امریکہ ایٹمی معاہدے پر کوئی اعتراض ہے ۔ [گویا دریائے چناب کا پانی بند کرنا کوئی خطرے والی بات نہیں ۔ بھارت دریائے جہلم کا پانی بھی بند کر دے ۔ پھر بھی ہمیں کوئی خطرہ نہیوں ہو گا]
اسلام آباد دھماکہ ۔ کچھ پریشان کُن حقائق
اِنّا لِلہِ وَ اِنّا اِلیہِ راجِعُون
اسلام آباد کے کل کے دھماکے کے کچھ پریشان کُن حقائق ہیں مگر اس سے پہلے وقوعہ کا مختصر خاکہ ضروری ہے ۔ اربابِ اختیار کو اب دہشتگردی کے خلاف جنگ کی عینک اُتار کر شفاف عینک پہننا ہو گی تاکہ وطنِ عزیز کی تباہی میں کوشاں اصل مُجرموں تک پہنچ سکیں ورنہ “دہشتگردی کے خلاف جنگ” کے نعرے لگاتے لگاتے ۔ اللہ بچائے ۔ یہ مُلک خس و خاشاک ہو جائے گا ۔ اللہ بچائے ۔
امریکہ کی نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ جب سے شروع ہوئی ہے میرا وطن آئے دن آگ اور خون سے نہا رہا ہے اور انسان اور انسانیت کے چیتھڑے اُڑ رہے ہیں ۔ دُکھ اس بات کا ہے کہ اس کا شکار معاشی لحاظ سے درمیانے اور نچلے طبقہ کے ہموطن ہو رہے ہیں ۔ پرائی آگ میں اپنے وطن کو جھونکنے والے حکمران پہلی ہی سوچ میں ہر دھماکہ کا ذمہ دار طالبان ۔ انتہاء پسندوں یا عسکریت پسندوں کو ٹھہرا دیتے ہیں اور بیان داغتے ہیں جو ذرائع ابلاغ کو تو چارہ مہیاء کر دیتے ہیں لیکن دھماکے پر دھماکہ ہوتا چلا جا رہا ہے ۔
“انتہاء پسندو ں یا عسکریت پسندوں یا دہشتگردوں سے سختی سے نبٹا جائے گا ”
“دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی”
20 ستمبر 2008ء کا سورج غروب ہوتے ہی ہم نے روزہ افطار کیا اور مغرب کی نماز سے فارغ ہو کر ٹی وی لگایا کہ خبریں سُنی جائیں ۔ کچھ دیر ہی گذری تھی کہ ایک زوردار آواز سے ہم اُچھل پڑے ۔ میں گھر سے باہر نکلا کہ دیکھوں کیا ہوا ۔ کچھ پتہ نہ چلا ۔ چھوٹا بھائی مُلحقہ مکان میں رہتا ہے اسے پوچھا “یہ کیا آواز تھی ؟” وہ بولا “بہت زوردار آواز تھی ۔ ضرور کہیں قریب ہی دھماکہ ہوا ہے”۔ میں واپس آ کر ٹی وی کے سامنے بیٹھا ہی تھا کہ ایک پٹی آئی “اسلام آباد میں دھماکہ”۔ پھر لمحہ لمحہ بعد خبریں آتی رہیں اور واضح ہوا کہ اسلام آباد بلکہ پورے پاکستان میں محفوظ ترین سمجھا جانے والے میریئٹ ہوٹل کے گیٹ کے پاس دھماکہ ہوا ہے ۔ ہمارے گھر سے میریئٹ ہوٹل تک سیدھی لکیر کھنچی جائے تو فاصلہ ساڑھے چار یا پانچ کلو میٹر بنتا ہے ۔ بیچ میں عمارات اور درخت ہیں جو دھمک اور آواز کو جذب کر لیتے ہیں پھر بھی دھمک اتنی شدید تھی کہ دل نے کہا “یا اللہ خیر”۔
پریشان کُن حقائق
1 ۔ ایک چھوٹی گاڑی آ کر میریئٹ ہوٹل کے گیٹ پر لگے بیریئر سے ٹکرائی ۔ اس میں سے ایک شخص نکل کر چیخا
“جس نے نکلنا ہے نکل جائے ۔ تم لوگوں کے پاس صرف تین منٹ ہیں”۔
اس کے بعد سائرن کی آواز گونجی اور تین منٹ بعد ایک ڈَمپَر [dumper] ٹرک ہوٹل کے گیٹ کے سامنے رکھے کنکریٹ کے بلاکس [concrete blocks] سے ٹکرایا ۔ اُس کے انجن سے آگ نکلی ۔ پھر اُس پر لَدے ڈبوں سے شعلہ بلند ہوا اور ساتھ ہی قیامت خیز دھماکہ ہو گیا ۔ سڑک پر پندرہ فُٹ گہرا اور پچیس تیس فُٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا اور چاروں طرف انسانی اعضاء بکھر گئے
[ترمیم ۔ چھوٹی گاڑی جو پہلے داخل ہوئی وہ بیریئر سے نہیں ٹکرائی ۔ وہ ہوٹل کی گاڑی تھی تیزی سے آئی اور ایک دم سے بیریئر کھول کے بند کر دیا گیا ۔ نکل جانے کا اعلان ہوٹل کی سکیورٹی والے نے کیا اور سائرن بھی بجایا ۔ ڈمپر ٹرک کیلئے بیریئر نہ کھولا گیا اور وہ اس ڑکرا گیا ۔ ہوٹل کی سکیورٹی والے ٹرک کی آگ بجانے کی کوشش کرتے رہے اور سب سب شہید ہو گئے]
2 ۔ دھماکے کی وجہ سے قدرتی گیس کا پائپ پھٹنا اور آگ لگنا تو عین ممکن ہے لیکن پریشان کُن حقیقت یہ ہے کہ آگ جس کمرے سے شروع ہوئی وہ پانچویں منزل [4th floor] پر ہے اور ہوٹل کے کمروں میں گیس کی سپلائی نہیں ہے کیونکہ ٹھنڈا اور گرم کرنے کا نظام مرکزی [4th floor] ہے ۔ صرف چند دن پہلے کے ایک واقعہ کا اس سے گہرا تعلق معلوم ہوتا ہے ۔
جس دن امریکی ایڈمرل مائیک میولن وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی اور دیگر سے ملے تھے اُسی دن آدھی رات کے وقت امریکی سفارتخانے کا ایک بڑا سفید ٹرک میریئٹ ہوٹل آیا تھا ۔ اس ٹرک سے آہنی صندوق اُتارے گئے اور انہیں میریٹ ہوٹل کے اندر منتقل کر دیا گیا ۔ اس کاروائی کے دوران ہوٹل کے دونوں مرکزی دروازے بند کردیئے گئے تھے اور امریکی میرینز [American Marines] کے علاوہ کسی کو ٹرک کے قریب جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ یہ صندوق ان سکینرز [scanners] سے بھی نہیں گزارے گئے تھے جو کہ ہوٹل کی لابی [lobby] کے داخلی راستے پر نصب تھے ۔ ان بکسوں کو ہوٹل کی پانچویں منزل [4th floor] پر منتقل کر دیا گیا تھا ۔ ان صندوقوں میں کیا تھا ؟ ان کو اندر لیجانے کیلئے سارے سکیورٹی سسٹم کو کیوں معطل کیا گیا ؟ ان کو ہوٹل میں لیجانے کا مقصد کیا تھا ؟ کیا پانچویں منزل کے کمرہ میں آگ لگنے کا سبب ان صندوقوں کے اندر تھا ؟
3 ۔ کچھ دن قبل خفیہ والوں نے وزارتِ داخلہ کو مطلع کیا تھا کہ اسلام آباد میں خاص طور پر 20 ستمبر کو دہشتگردی کی بڑی کاروائی متوقع ہے ۔ اس کاروائی میں ایک ٹینکر استعمال ہو گا جس کے آگے ایک چھوٹی گاڑی ہو گی ۔ وزارتِ داخلہ نے اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی تھی اور خاص کر 20 ستمبر کو کوئی ٹینکر اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیا گیا ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کاروائی اسلام آباد کے اندر ہی سے کی گئی ۔ اتنا ہائی ایکسپلوسِو مواد [High Explosive material] کہاں سے آیا ؟
4 ۔ غیر ممالک سے آنے والے تاجر اور کارخانہ دار یا دوسرے سرمایہ کار میریئٹ ہوٹل میں قیام کرتے ہیں ۔ سرمایہ کاروں کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اس ملک میں آپ کے سرمائے اور آپ کی جان کو بھی خطرہ ہے ۔ یہ سب کچھ وطنِ عزیز کو معاشی لحاظ سے تباہ کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے ۔ عراق اور افغانستان کو تو فوجی طاقت سے تباہ کیا گیا جس میں تباہ کرنے والوں کا مالی کے ساتھ بہت سا جانی نقصان بھی ہوا ۔ پاکستان کو بغیر اپنی فوجی قوت کو استعمال کئے تباہ کرنے کے منصوبہ پر عمل کیا جا رہا ہے ۔
5 ۔ اطلاع واضح طور پر مل چکی تھی اور پارلمنٹ ہاؤس اور وزیرِ اعظم ہاؤس کی حفاظت پر پولیس ۔ خفیہ والے اور ٹرِپل ون بریگیڈ [Brigade-111] کے کمانڈو تعینات کر دیئے گئے تھے لیکن عوام کو بالخصوص بڑے ہوٹلوں یا دوسری عمومی جگہوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا ۔
پڑے پالا مریں غریب ۔ پڑے گرمی مریں غریب
‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔
میرے مولا تو ہی بتا ۔ میں کس سے کروں شکوہ
میں کدھر جاؤں تیرے سوا ۔ کس سے مدد مانگوں
‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔
تو رحیم ہے کریم ہے مگر تیرے جہاں میں
ہیں تلخ بہت بندہءِ مزدور کے اوقات
قوم کے سوداگر
میں شاید ساتویں جماعت میں تھا [آج سے 57 سال قبل] جب میں نے ایک کتاب بعنوان ” قوم کے سوداگر ” پڑھی تھی ۔ مجھے یاد نہیں کہ یہ کوئی تاریخی واقعہ تھا یا کہانی اور نہ ہی مصنف کا نام یاد ہے کیونکہ اس واقعہ یا کہانی کو میرے ذہن نے قبول نہ کیا تھا۔ میں سوچتا تھا کہ کیسے ممکن ہے کہ کسی قوم کا سربراہ جو اسی قوم کا فرد ہے اپنی ہی قوم کو غیروں کے ہاتھ بیچ سکتا ہے ۔ میرا متذکرہ تصوّر آہستہ آہستہ متزلزل ہونے لگا ۔ متعلقہ واقعات کی تاریخ طوالتٍ تحریر کا باعث بنے گی اسلئے اسے کسی اگلی نشست کیلئے اُٹھا رکھتے ہیں ۔ آج صرف اُس مطلق العنان آمر کی بات جس نے ۔ قومے فروختند و جہ ارزاں فروختند ۔ کے مصداق اندر ہی اندر قوم کا سب کچھ غیروں کو نہیں بلکہ دشمنوں کو بیچ دیا ۔ میں اُن 600 سے زائد بیگناہ پاکستانیوں کی بات نہیں کر رہا جو پانچ یا چھ ہزار ڈالر فی کس کے حساب سے امریکہ کو فروخت کئے گئے ۔ اور نہ اُس آگ کی جس میں ملک کا شمال مغربی سرحدی علاقہ ۔جھونک دیا گیا اور اس کے نتیجہ میں ہزاروں بیگناہ فوجی ۔ امن پسند سویلین اور پاکستان کے خیرخواہ قبائلی ہلاک ہو چکے ہیں ۔ بلکہ یہ خبر ان سب خبروں سے بھیانک ہے اور پرویز مشرف ہماری قوم کا بستر ہی گول کرنے کا بندوبست کر گیا ۔
کل اور آج کی خبریں پڑھ کر شاید کوئی قاری یہ سوچے کہ ایسا اچانک ہو گیا ہے لیکن ایسا نہیں ہے ۔ آج سے سوا تین سال قبل میں نے اپنی ایک تحریر میں پیشگوئی نہیں بلکہ پرویز مشرف کے اقدام کا منطقی نتیجہ [logical or calculated result] بیان کر دیا تھا ۔ بہت پرانی ضرب المثل ہے
اب پچھتائے کیا ہوئے جب چڑیاں چُگ کئیں کھیت ۔
بھارت کی جانب سے دریائے چناب کا پانی روکے جانے کے معاملے پر اجلاس وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس میں انڈس واٹر کمشنر، چیئرمین واپڈا، چیئرمین ارسا اور وزارت کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے بگلیہار ڈیم میں پانی ذخیرہ کر کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف وزی کی ہے، یہ معاملہ انڈس واٹر کمیشن کی سطح پر اٹھایا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈس واٹر کمشنر بگلیہار ڈیم کا دورہ بھی کریں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بند نہ کی تو ثالثی عدالت سے رجوع کرنے اور غیر جانبدار مبصرین کی تعیناتی کے آپشن موجود ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نقصان کے ازالے کے لئے بھارت سے پانی کے بدلے میں پانی یا معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا
مندرجہ بالا بیان کی حثیت شعیب صفدر صاحب کی تحریر کردہ فارمیلیٹی [formality] سے زیادہ کچھ نہیں ہے
اب پڑھیئے میری 27 جون 2005ء کی تحریر سے اقتباس
جو کھیل ہماری حکومت اپنے آقاؤں [امریکی حکومت] کے اشارہ پر کھیل رہی ہے اس کا ذاتی فائدہ پرویز مشرف کو اور سیاسی فائدہ بھارت کو ہو رہا ہے ۔ نہ صرف جموں کشمیر کے لوگ بلکہ پاکستانی عوام بھی خسارے میں ہیں ۔ پرویز مشرف نے یک طرفہ جنگ بندی اختیار کی جس کے نتیجہ میں ۔ ۔ ۔
بھارت نے پوری جنگ بندی لائین پر جہاں دیوار بنانا آسان تھی وہاں دیوار بنا دی باقی جگہ کانٹے دار تاریں بچھا دیں یعنی جو سرحد بین الاقوامی طور پر عارضی تھی اسے مستقل سرحد بنا دیا ۔
سرحدوں سے فارغ ہو کر بھارتی فوجیوں نے آواز اٹھانے والے کشمیری مسلمانوں کا تیزی سے قتل عام شروع کر دیا اور متواتر روزانہ دس سے بیس افراد شہید کئے جارہے ہیں ۔ معصوم خواتین کی عزتیں لوٹی جا رہی ہیں اور گھروں کو جلا کر خاکستر کیا کیا جا رہا ہے ۔ کئی گاؤں کے گاؤں فصلوں سمیت جلا دیئے گئے ہیں ۔
بگلیہار ڈیم جس پر [تحریکِ آزادی کی وجہ سے] کام رُکا پڑا تھا جنگ بندی ہونے کے باعث بھارت بڑی تیزی سے تقریبا مکمل کر چکا ہے اور تین اور ڈیموں کی بھی تعمیر شروع کر دی گئی ہے ۔
اللہ سبحانہ و تعالی ہماری مدد فرمائے اور ایسا نہ ہو آمین مگر آثار یہی ہیں کہ جب متذکّرہ بالا ڈیم مکمل ہو جائیں گے تو کسی بھی وقت بھارت دریائے چناب کا پورا پانی بھارت کی طرف منتقل کر کے پاکستان کے لئے چناب کو خشک کر دے گا اور دریائے جہلم کا بھی کافی پانی روک لے گا ۔ اس طرح پانی کے بغیر پاکستان کی زمینیں بنجر ہو جائیں گی اور زندہ رہنے کے لئے پاکستان کو بھارت کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے ۔ چنانچہ بغیر جنگ کے پاکستان بھارت کا غلام بن جائے گا ۔ قوم کو بیوقوف بنانے کے لئے پرویز مشرف نے منگلا ڈیم کو دس میٹر اونچا کرنے کا ملٹی بلین پراجیکٹ شروع کیا ہے ۔ چند سال بعد دریائے جہلم میں اتنا بھی پانی ہونے کی اُمید نہیں کہ ڈیم کی موجودہ اُونچائی تک جھیل بھر جائے پھر یہ اتنا روپیہ کیوں ضائع کیا جا رہا ہے ؟ اس کا جواب کسی کے پاس نہیں ۔ ایک ضمنی بات ۔ پہلی پلاننگ کے مطابق منگلا ڈیم کی اونچائی موجودہ اُونچائی سے دس میٹر زیادہ تجویز کی گئی تھی 1962ء میں کا م شروع ہونے سے پہلے ڈیم کی سیفٹی [safety] کو مدنظر رکھتے ہوئے اُونچائی دس میٹر کم کر دی گئی تھی ۔ اس لئے اب اُونچائی زیادہ کرنا پہلے سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔ اس سلسلہ میں میں اور کئی دوسرے حضرات جن میں زیادہ تر انجنیئر ہیں اخباروں میں خط اور مضامین لکھ چکے ہیں مگر ہماری حکومت کو کسی کی پرواہ نہیں ۔
پردہ سِرکنا شروع
انسان کو جب کسی وجہ سے اللہ تعالٰی اقتدار دے دیتا ہے تو بہت سے ایسے ہیں جو خود کو ہی خدا سمجھنے لگتے ہیں ۔ موجودہ دور میں اِن میں سے ایک امریکہ کا صدر بُش ہے اور وطنِ عزیز میں پرویز مشرف جو بُش کا غلام بن کر اپنے آپ کو پاکستان کا خدا سمجھ بیٹھا ہے ۔ لیکن مشِیّت ایک ایسی چیز ہے جو بالآخر حقائق سے پردہ اُٹھا دیتی ہے ۔
لگتا ہے کہ ایسا ہی عمل پرویز مشرف کے سلسلہ میں شروع ہو جکا ہے ۔ کچھ دن قبل وطنِ عزیز کے مایہ ناز سائنسدان انجنئر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پردہ تھوڑا سا سرکایا تھا کہ پرویز مشرف نے ان پر سے پابندیاں اُٹھانے کا وعدہ کیا تھا لیکن پورہ نہیں کیا ۔ ساتھ ہی اُن کے دیرینہ دوست نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر پابندیوں کے خلاف دعوٰی دائر کردیا جس کی سماعت شروع ہو چکی ہے ۔ اب بات مزید کچھ آگے بڑھی ہے
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بتایا کہ اُن کا پی ٹی وی پر اعتراف خوف سے نہیں بلکہ ملکی مفاد میں تھا کیونکہ ان سے کہا گیا تھا کہ ملک پر بمباری کر دی جائے گی اگر آپ نے یہ جرم اپنے سر نہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا آدمی جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے اسلئے اب وقت ہے کہ حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ۔ اُنہوں نے واضح کیا اُن کی رپورٹ حمود الرحمان رپورٹ کی طرح چھُپی نہیں رہے گی بلکہ قوم حقیقت جان جائے گی کیونکہ انہوں نے سب کچھ اپنے بیوی بچوں کو بتادیا ہے
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مطابق صدر مشرف وہی کچھ کر رہے ہیں جو امریکا چاہ رہا ہے ۔ امریکا کا منصوبہ ہے کہ 2015 تک پاکستان کو تقسیم کر دیا جائے ۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے یہ بھی کہا کہ آئی اے ای اے عالمی ادارہ نہیں بلکہ امریکا اور یہودیوں کا مشترکہ ادارہ ہے ۔
اس سوال کے جواب میں کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے ؟ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ میرا اس پر ایمان ہے کہ جو رات قبر میں آنا ہے وہ باہر نہیں ہو سکتی ۔ مجھے موت سے ڈر نہیں لگتا ۔
کی موجودگی میں بڑے پیمانے پر جو اسلحہ خریدا جا رہا ہے اس کے بارے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ اس اسلحے کی ایٹمی اسلحے کے سامنے کچھ نہیں ۔ لوگ صرف کمیشن کمانے کے لئے یہ اسلحہ خرید رہے ہیں۔