Category Archives: خبر

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نظر بندی ختم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک کے مایہ ناز انجنئر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو آزاد شہری قرار دیتے ہوئے ان کی نظر بندی ختم کردی ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد اسلم نے ڈاکٹر قدیر خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستوں کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر ملک کے آزاد شہری ہیں اور ان کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت ہوگی ۔ ان کیخلاف ایٹمی پھیلاؤ کے الزامات ثابت نہیں ہوسکے ۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر قدیر سکیورٹی میں ہرجگہ آزادانہ طور پر آجا سکیں گے اورحکومت انہیں فوری طور پر سکیورٹی فراہم کرے ۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو وی وی آئی پی سکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔ انہیں اظہار رائے اور ریسرچ ۔ مرضی کے ڈاکٹر سے علاج اور میڈیا سے بات چیت کی اجازت ہوگی

اسرائیل جھوٹ کی بنیاد پر قائم ہوا ۔ فلسطین کا خاتمہ خام خیالی ہے

اسرائیل جھوٹ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے، غزہ پر اسرائیلی بمباری میں امریکہ برابر کا شریک ہے،فلسطینیوں کو بمباری سے ختم کرنا خام خیالی ہے،بی بی سی غیر جانبدارانہ پالیسی کا معیار ختم کرچکا ہے، عوام اسرائیل نواز نشریاتی اداروں کا بائیکاٹ اورغزہ کیلئے امدادی قافلے کی بھرپور مدد کریں۔ ہماری پارٹی فلسطینیوں کا ساتھ دیگی، یہودی اور صہیونیت میں فرق ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریسپکٹ پارٹی کے سربراہ اور رُکن برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلووے نے اجتماعات سے خطاب میں کیا۔ بشکریہ جنگ

گریٹر مانچسٹر کے دورے میں مانچسٹر اور بولٹن میں سٹاپ دی وار کے تعاون سے غزہ کی آزادی کے لئے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جارج گیلووے نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ریاست جھوٹ کی بنیاد پر قائم کی گئی اور آج بھی جھوٹ کی بنیاد پر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔ فلسطین کے عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ اسرائیل یا انکے حواری اگر یہ خیال کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام پر بمباری کر کے انہیں ختم کر دیا جائے گا تو یہ انکی خام خیالی ہے۔ دنیا میں جب تک ایک فلسطینی بھی زندہ ہے مسئلہ فلسطین کی اہمیت اُجاگر رہے گی اور ہماری جماعت ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ 30 دنوں کے اندر سو گاڑیوں پر مشتمل ایک امدادی قافلہ لندن سے غزہ تک لیکر جائیں گے۔ زمینی قافلے کو اگر کسی جگہ روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کی مذمت کی جائے گی۔ انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں مصری حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر مصر کے حکمرانوں نے اس قافلے کو روکا تو وہ حسنی مبارک کے گھر کو بھی تباہ کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کے دُہرے معیار کے باعث دنیا میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے برٹش میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی بی سی اپنی غیر جانبدارانہ پالیسی کا معیار ختم کر چکا ہے غزہ میں مظالم کی بھرپور ترجمانی نہیں کی جا رہی اور اگر بی بی سی نے اپنا رویہ نہ بدلا تو گلاسگو کی طرح مانچسٹر اور دیگر سنٹروں پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ خیراتی تنظیموں کو جس میں آکسفام، انٹرپال، سیو دی چلڈرن جس کی چیف پیٹرن ہانسی شہزادی این ہیں، کو امدادی رقوم جمع کرنے سے انکار کا مقصد بی بی سی کی اسرائیل پسندانہ کارروائیوں کی غمازی کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی بی سی اور دیگر اسرائیل نواز نشریاتی اداروں کا بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے اجتماعات میں عوام سے اپیل کی کہ غزہ کے مجبور عوام کے لیے لے جانے والے امدادی قافلے کی بھرپور مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بولٹن سے دو ایمبولینس اور مانچسٹر سے فائر بریگیڈ جیکٹس کے علاوہ بہت سارا امدادی سامان عطیہ کے طور پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے فائر بریگیڈ یونین کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ امدادی قافلے کے لیے دس لاکھ پونڈ کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ عوام کے تعاون سے اسے حاصل کر لیا جائے گا۔ اجتماعات میں چالیس ہزار پونڈ امدادی رقم کے طور پر اکٹھے کئے گئے۔

قبل ازیں فلسطینیوں سے اتحاد کی چیئرپرسن لنڈا کلیئر جو یہودی النسل ہے نے کہا کہ یہودیت اور صہیونیت میں واضح فراق ہے۔ فلسطین میں ہونے والی ظلم و زیادتی صہیونیت کی وجہ سے ہے جبکہ یہودیوں کی اکثریت اس دہشت گردی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہودیوں نے صہیونیت کے خلاف ایک عالمی تنظیم قائم کی ہے جس کے نتیجے میں یہودی مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں اور صہیونیت کی مذمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر فلسطین کے رہنما عقیل مجددی جن کا تعلق غزہ سے ہے انتہائی جذباتی انداز میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ آخر میں جارج گیلووے نے عوام کے سوالوں کے جوابات دیئے۔ دونوں اجتماعات میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ انڈین مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد جن میں خواتین بھی شامل تھیں نے شرکت کی

فرح کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی ؟

پہلے ایک معذرت
کل کی تحریر کے ساتھ نقشہ نمبر 2 کسی وجہ سے شائع نہ ہوا تھا جو آج تحریر کے ساتھ شائع ہو گیا ہے ۔ ملاحظہ فرمایا جا سکتا ہے

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد بورڈ آف انٹرمیڈیئٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی طرف سے پاکستان کے [پی سی او] چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر کی بیٹی فرح کے بارہویں جماعت کے نمبر بڑھانے کے خلاف درخواستوں کو خارج کرتے ہوئے اپنے فیصلہ کے صفحہ 13 پر فزکس ۔ 2 کے سوال نمبر 5 بی اور اُردو کے سوال نمبر 2 کے جوابات کا حوالہ دیا ہے اور لکھا ہے کہ پرچوں کے نظری جائزہ سے معلوم ہوتا ہے کہ کوئی بے ضابطگی نہیں ہوئی ۔ مزید لکھا ہے “مجھے باقی پرچوں میں بھی کوئی بے ضابتگی نظر نہیں آئی”

متذکرہ سوالات کے جوابات جو کہ عدالت کے ریکارڈ پر ہیں مندرجہ ذیل ہیں ۔ [ نقل بمطابق اصل ہے]

فزکس ۔ 2 کے سوال نمبر 5 بی کا ایک جز

Question: A capacitor is connected across a battery: (b) Is this true even if the plates are of different sizes

Answer: No, the plates of capacitor is not of different sizes, however to decrease the electrostatic factor a dielectric medium is putted in between them

اس جواب پر ممتحن نے پہلے کاٹا لگایا اور صفر نمبر دیا
پھر ایک نمبر دیا اور
پھر بڑھا کر 2 نبر کر دیئے ۔

اُردو کے سوال نمبر 2 کے جواب

سوال ۔ بابر کی جفا کشی کی کوئی مثال دیں
جواب ۔
بابر کا تیر کے کمان سے بھی تیز چلنا اور کچھ ہی میل میں لمبا سفر تے کرنا
ایک شہر سے آگرہ پہنچ جانا اور گھوڑے کے بغیر گنگا میں ننگی تلوار ہاتھ میں پکڑے کود پڑنا

اس جواب پر پہلے ایک نمبر دیا گیا
پھر اسے بڑھا کر 2 کر دیا گیا

تبصرہ ۔
کالج میں فزکس پڑھانے والے ایک پروفیسر صاحب نے بتایا ہے کہ فزکس کے سوال کا جواب غلط ہے اور کوئی نمبر نہیں ملنا چاہیئے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جواب کیلئے صرف ایک نمبر تھا اور جواب غلط ہونے کے باوجود 2 نمبر دیئے گئے
اُردو کے سوال کے جواب میں کیا لکھا گیا ؟ یہ نہ میری سمجھ میں آیا ہے اور نہ میرے ارد گرد کسی کی سمجھ میں آیا ہے البتہ لکھنے والی فرح عبدالحمید ڈوگر اور فیصلہ دینے والے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی سمجھ آیا ہے ۔ اسی لئے اس جواب کےغلط اور بھونڈا ہونے کے باوجود 3 میں سے 2 نمبر دیئے گئے

اسرائیل ۔ حقائق کیا ہیں ؟

دورِ حاضر پروپیگنڈہ کا دور ہے اور صریح جھوٹ پر مبنی معاندانہ پروپیگنڈہ اس قدر اور اتنے شد و مد کے ساتھ کیا جاتا ہے کہ حقائق ذہنوں سے محو ہو جاتے ہیں ۔ ایسے مسلمان اور پاکستانی بھی ہیں جو اسرائیل کی دہشتگردی کو اُس کے دفاع کی جنگ کہتے ہیں ۔ حُسنِ اتفاق کہ آدھی صدی سے زائد عرصہ سے ظُلم اور دہشتگردی کا شکار رہنے والی دونوں ریاستوں فلسطین اور جموں کشمیر سے میرے خاندان کا گہرا تعلق رہا ہے ۔ مختصر یہ کہ میں ۔ میری دو بہنیں دادا دادی اور پھوپھی جموں کشمیر سے نومبر دسمبر 1947ء میں نکالے جانے پر ہجرت کر کے پاکستان آئے اور میرے والدین مع میرے دو چھوٹے بھائیوں جن میں سے ایک 8 ماہ کا تھا نے مجبور ہو کر فلسطین سے ہجرت کی اور جنوری 1948ء میں پاکستان پہنچے ۔ چنانچہ ان دونوں علاقوں کی تاریخ کا مطالع اور ان میں وقوع پذیر ہونے والے واقعات پر گہری نظر رکھنا میرے لئے ایک فطری عمل تھا ۔ میں نے اس سلسلہ میں سالہا سال مطالعہ کیا ۔ جو حقائق سامنے آئے ان کو مختصر طور پر انشاء اللہ قسط وار قارئین کی نذر کرنے کا ارادہ ہے ۔ آجکل چونکہ فلسطین میں اسرائیلی حکومت کی بے مثال دہشتگردی جاری ہے اسلئے پہلی ترجیح فلسطین کو ۔ میری اس سلسلہ وار تحریر کا ماخذ موجود تاریخی و دیگر دستاویزات ۔ انٹرنیٹ پر موجود درجن سے زائد تاریخی دستاویزات اور آدھی صدی پر محیط عرصہ میں اکٹھی کی ہوئی میری ذاتی معلومات ہیں

اسرائیلی فوج کی دہشتگردی کی چند مثالیں
اسرائیل کا موقف ہے کہ حماس اسرائیل پر حملے کرتی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ پچھلے 10 سال میں غزہ یا اس کے ارد گرد صرف 20 اسرائیلی ہلاک ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج نے جو بیہیمانہ قتلِ عام کیا ان میں سے چند مشہور واقعات یہ ہیں

پچھلے دو ہفتوں میں 800 سے زیادہ فلسطینی جن میں بھاری اکثریت بچوں اور عورتوں کی تھی ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 3250 سے تجاوز کر چکی ہے ۔ اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے قائم کردہ سکول پر بمباری کی جس میں 40 مہاجرین ہلاک ہوئے ۔ اس کے بعد اسرائیلی بری فوج نے 100 فلسطینی ایک شیلٹر میں اکٹھے کئے اور پھر ان پر گولہ باری کر کے سب کو ہلاک کر دیا

سن 2006ء میں اس بنیاد پر کہ میں حذب اللہ نے 2 دو اسرائیلی پکڑ لئے تھے اسرائیلی نے بمباری کر کے 1000 شہری ہلاک کر دیئے ۔ اسی سال میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک گاؤں مرواہن کے رہنے والوں کو حُکم دیا کہ وہ گاؤں خالی کر دیں ۔ جب لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تو اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے قریب آ کر اُن کو براہِ راست نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں 1000 میں سوائے دو کے باقی سب ہلاک ہو گئے ۔ دو اس وجہ سے بچ گئے کہ وہ زمین پر گر کر مردہ بن گئے تھے

اسرائیل نے 1996ء میں اقوامِ متحدہ کی بیس [Base] قانا پر گولہ باری کی جس میں 106 مہاجرین ہلاک ہوئے

لبنان پر 1982ء میں حملہ کر کے 17500 فلسطینی مہاجرین ہلاک کیا جن میں زیادہ تعداد بچوں اور عورتوں کی تھی
اسرائیلی فوج نے 1982ء میں فلسطینی مہاجرین کے دو کیمپوں صابرا اور شتیلا کو گھیرے میں لے کر اپنے مسلحہ حواریوں فلینجسٹس کی مدد سے دو تین دنوں میں وہاں مقیم 4000 نہتے فلسطینی مہاجرین کو قتل کروا دیا جن میں عورتیں بچے اور بوڑھے شامل تھے ۔ یہ کاروائی ایرئل شیرون کے حُکم پر کی گئی تھی جو اُن دنوں اسرائیل کا وزیر دفاع تھا

جنہیں اقوامِ متحدہ نے دہشتگرد قرار دیا ہے

یہ وقت سوچنے کا ہے کہ کیا ہم امریکہ اور اقوامِ متحدہ کا کہا مان کر درُست سمت میں جا رہے ہیں ؟ وہ اقوامِ متحدہ جس کے ہر مُسلم کُش فیصلے پر طاقت کے زور سے عمل کروایا جاتا ہے اور جس کی سکیورٹی کونسل کی جموں کشمیر کے مسلمانوں کے حق میں منظور کی گئی 17 قرادادوں پر آج تک بھارت نے عمل نہیں کیا اور فلسطین کے حق میں منظور کی گئی سکیورٹی کونسل کی 131 اورجنرل اسمبلی کی منظور کردہ 429 قراردادیں اسرائیل نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں اور کسی کے ماتھے پر بَل بھی نہ آیا ؟

انتہائی تابعداری کے ساتھ ہمارے حکمرانوں نے جماعت الدعوہ پر پابندی لگا کر اس کے تمام حسابات منجمد کر دیئے ہیں اور کئی خدمتگاروں کو پابندِ سلاسل کر دیا ہے جس کے نتیجہ میں اُن کی سرپرستی میں پاکستان کے طول و عرض میں چلنے والے طبی امداد کے مراکز ۔ 340 سکول ۔ کئی کالج اور ایک یونیورسٹی بند ہو جانے خدشہ ہے جو نادار پاکستانیوں کو بلا امتیاز مذہب ۔ رنگ و نسل طِبی امداد پہنچاتے تھے اور اُن کے بچوں تک تعلیم کی روشنی پہنچانے کا کام کر رہے تھے ۔ یہ طبی مراکز اور تعلیمی ادارے پاکستانیوں کی مالی اعانت ہی سے چل رہے تھے ۔ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے اپنے آپ کو اس قابل ثابت نہیں کیا کہ مُخیّر پاکستانی اپنی امدادی رقوم رفاہی کاموں کیلئے حکومتی اداروں کے حوالے کریں

قارئین کی یاد دہانی کیلئے اپنی 28 اکتوبر 2005ء کی تحریر نقل کر رہا ہوں جس میں بی بی سی کے نمائندے کی چشم دِید صورتِ حال نقل کی گئی تھی

صدر پرویز مشرف نے 20 اکتوبر کو یہ کہا تھا کہ حکومت نے زلزلہ زدہ علاقوں میں جہادی تنظیموں کے فلاحی کام پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے تاہم وہ مصیبت کی اس گھڑی میں کالعدم یا واچ لسٹ پر موجود تنظیموں کو مصیبت زدگان کی مدد سے نہیں روکیں گے۔

صدر کے اس بیان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ فوج اور حکومت کی جانب سے زلزلہ زدگان کی فوری اور موثر امداد میں سست روی کا خلا جہادی تنظیمیں خاصے موثر انداز میں پُر کر رہی ہیں اور اس کام میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں ان تنظیموں کی تجربہ خاصا مددگار ثابت ہورہا ہے۔

مثلاً جماعت الدعوہ کے نیٹ ورک کو ہی لے لیں جو زلزلہ زدہ علاقوں میں غالباً سب سے منظم ڈھانچوں میں شامل ہے ۔ اس وقت جماعت الدعوہ کے کوئی 1000 کل وقتی اور سینکڑوں جز وقتی رضاکار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں

مجھے مانسہرہ میں جماعت کے مرکزی ریلیف کیمپ میں جانے کا موقع ملا ۔ تین گوداموں کے علاوہ کیمپ کے کھُلے حصے میں کپڑوں، گدیلوں اور کمبلوں کا ایک پہاڑ سا ہے ۔ اسی کیمپ سے تمام متاثرہ علاقوں تک امدادی رسد بھیجی جاتی ہے

مظفرآباد اور نیلم ویلی کے وہ علاقے جہاں فی الحال ہیلی کاپٹروں تک رسائی ہے، جماعت الدعوہ پہاڑوں پر پھنسے ہوئے متاثرین تک سامان پہنچانے اور زخمیوں کو نیچے لانے کے لئے ایک سو خچر استعمال کررہی ہے ۔ بالخصوص کشمیر کے علاقے پتیکا، سری کوٹ اور شہید گلی کے دشوار پہاڑی علاقوں میں خچر سروس کے ذریعے اب تک بیس ٹن رسد پہنچائی جا چکی ہےاور جن علاقوں میں خچر استعمال نہیں ہوسکتے وہاں پر رضاکار دو ڈنڈوں کے درمیان رسیاں یا گدیلے جوڑ کر بنائے جانے والے سٹریچروں کی مدد سے زخمیوں کو نیچے لا رہے ہیں

اسکے علاوہ کشمیر میں دھن مائی کے علاقے کے تئیس کٹے ہوئے دیہاتوں سے زخمیوں اور متاثرین کو لانے کے لئے گذشتہ دو ہفتوں سے موٹر بوٹ سروس جاری ہے۔اس موٹربوٹ سروس سے اب تک پچاس ٹن امدادی سامان دریائے جہلم کے پار مظفر آباد سے کٹے ہوئے دیہاتوں تک پہنچایا جا چکا ہے

ستائیس اکتوبر کو جب میں مظفر آباد میں جماعت الدعوہ کے قائم کردہ فیلڈ ہسپتال پہنچا تو آغاخان ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ایک بتیس رکنی ٹیم انڈونیشیا کی میڈیکل ٹیم کی جگہ لے رہی تھی ۔ اس فیلڈ ہسپتال میں دو سرجیکل یونٹ ہیں جن میں 120 بڑے آپریشن کئے جاچکے ہیں ۔ ان میں برین سرجری سے لے کر ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن تک شامل ہیں ۔ جبکہ اب تک 3500 چھوٹے آپریشن ہوچکے ہیں

اس فیلڈ ہسپتال کے قریب ایک گودام میں جو اشیائے خوردونوش بھری ہوئی تھیں ان میں خوراک کے سینکڑوں ڈبے ایسے بھی تھے جن پر یو ایس اے لکھا ہوا تھا ۔ یہ امریکہ کی حکومت کا عطیہ ہیں ۔ استفسار پر معلوم ہوا کہ یہ امریکی رسد عالمی ادارہِ خوراک کے توسط سے جماعت کو متاثرین میں تقسیم کرنے کے لئے دی گئی ہے

جماعت الدعوہ کا کہنا ہے کہ وہ مختلف زلزلہ زدہ علاقوں میں پانچ پانچ سو خیموں کی چھ عارضی بستیاں قائم کررہی ہے جن میں متاثرین کو کم ازکم چھ ماہ تک رکھا جائے گا ۔ اسکے علاوہ متاثرین کو 1000 گھر تعمیر کرنے کے لئے سامان بھی فراہم کیا جارہا ہے

کالعدم جیشِ محمد کے کارکن الرحمت ٹرسٹ کے نام سے متاثرین کو خوراک، کپڑے اور ادویات پہنچا رہے ہیں ۔ الرحمت ٹرسٹ کے بڑے ریلیف کیمپ ہری پور اور بالا کوٹ سے ذرا پہلے بسیاں کے مقام پر ہیں ۔ میں نے بالا کوٹ سے آگے سفر کے دوران اس ٹرسٹ کے رضاکاروں کی پیدل میڈیکل ٹیمیں بھی دیکھیں

یہ ٹیم بنیادی طور پر فرسٹ ایڈ کے سامان سے مسلح دو دو رضاکاروں پر مشتمل ہوتی ہے اور پہاڑی راستوں پر نیچے آنے والے زخمیوں کو سڑک کے کنارے فرسٹ ایڈ دیتی نظر آتی ہیں۔جبکہ مظفر آباد میں جیش کا ریلیف کیمپ متاثرین کو خوراک اور ضروریات کی دیگر چیزیں فراہم کررہا ہے

بالا کوٹ کے نزدیک بسیاں کے ریلیف مرکز میں جب میں نے الرحمت ٹرسٹ کے کیمپ انچارج سے دیگر علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کی تفصیلات جاننا چاہیں تو انہوں نے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ وہ اسکی تشہیر مناسب نہیں سمجھتے

اسی طرح حزب المجاہدین بھی ریلیف کے کاموں میں جُتی ہوئی ہے ۔ مظفر آباد میں حزب کے کارکن متاثرین کے لئے ایک بڑا لنگر چلارہے ہیں ۔ جبکہ خیمہ بستیاں بنانے کے سلسلے میں وہ جماعتِ اسلامی کے ذیلی ادارے الخدمت کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں

ایک اور تنظیم البدر مجاہدین الصفہ فاؤنڈیشن کے نام سے سرگرم ہے ۔ بالاکوٹ میں جتنا بڑا اسکا کیمپ ہے اتنا ہی بڑا بینر بھی ہے ۔ یہاں کوئی ایک سو رضاکار متاثرین کو خوراک پہنچانے اور زخمیوں کو نیچے لانے کا کام کررہے ہیں

البدر کے مردان سے آئے ہوئے پچاس کارکنوں نے بالاکوٹ کے علاقے میں ملبے میں دبی ہوئی لاشیں نکالنے میں بھی خاصی مدد کی
اسکے کارکن دو دو دن کی پہاڑی مسافت طے کرکے متاثرین تک رسد پہنچا رہے ہیں ۔ کیمپ انچارج شیخ جان عباسی کے بقول کام اتنا ہے کہ ہمیں نہانے دھونے کی بھی فرصت نہیں اور ہمارے کپڑوں میں جوئیں پڑ چکی ہیں

شیخ جان عباسی جو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں بھی تین برس تک مسلح کاروائیوں میں شریک رہے ہیں انکا کہنا ہے کہ انکے کارکنوں کی سخت جان جہادی تربیت زلزلے کے متاثرین کو دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں امداد پہنچانے میں خاصی کام آ رہی ہے۔

میں نے پوچھا کہ بندوق کی جگہ پھاوڑا ہاتھ میں پکڑنا کیسا لگ رہا ہے۔شیخ جان عباسی کا جواب تھا کہ انہوں نے بندوق بھی لوگوں کی مدد کے لئے اٹھائی تھی اور اب پھاوڑا بھی اسی مقصد کے لئے پکڑا ہے ۔ وہ بھی جہاد تھا یہ بھی جہاد ہے ۔ میں نے پوچھا حکومت کی جانب سے کوئی وارننگ ملی ۔ کہنے لگے کہ آج ہی پولیس نے ایک فارم بھرنے کو دیا ہے کیونکہ حکومت ہماری فلاحی سرگرمیوں کی تفصیلات جاننا چاہتی ہےاسکے علاوہ ابھی تک کچھ اور مطالبہ سامنے نہیں آیا

الرشید ٹرسٹ جو اسوقت امریکی واچ لسٹ پر ہے اسکی ایمبولینسیں بھی متاثرہ علاقوں میں مستقل متحرک ہیں ۔ بالاکوٹ کے قریب قائم الرشید کیمپ کے انچارج عبدالسلام نے بتایا کہ انکے رضاکاروں نے وادی کاغان کے اب تک کٹے ہوئے علاقوں میں کوئی 2500 خاندانوں کو پیدل راشن پہنچایا ہے جبکہ 1000 زخمیوں کا علاج کیا گیا ہے

تاہم جوں جوں زلزلہ زدہ علاقوں میں حکومت اور فوج کی امدادی گرفت مضبوط ہورہی ہے ان جہادی تنظیموں پر کڑی نظر رکھنے کا کام بھی شروع ہوگیا ہے

الرشید ٹرسٹ کیمپ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ فوجی حکام نے انہیں بٹل کے علاقے میں دو خیمہ بستیاں قائم کرنے سے روک دیا اور ٹرسٹ کے بینرز بھی انتظامیہ نے اتار دئیے ۔ تاہم کاغان کے علاقے میں فوج کو اس تنظیم کے کام پر فی الحال کوئی اعتراض نہیں کیونکہ یہ وادی اب تک مواصلاتی طور پر باقی ملک سے منقطع ہے

بُش مار جُوتوں کیلئے 370000 جوڑوں کا آرڈر

خبر ہے کہ عراقی صحافی نے امریکی صدر بش کو نیوز کانفرنس کے دوران جو جوتا مارا تھا اُسے تیار کرنے والی ترکی کے شہر استنبول میں قائم بیدان شوز کا کاروبار خوب چل نکلا ہے اور اس نے اپنے گاہکوں کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے 100 مزید ہُنرمندوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں ۔ اب تک بیدان شوز کو 370000 جوڑوں کے آرڈر مل چکے ہیں ۔ کمپنی کے مطابق عام طور پر اس ماڈل کے سال میں 15000 جوتے فروخت ہوتے تھے ۔

اس جوتے کے آرڈر عراق ۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک اور امریکا سمیت پوری دنیا سے موصول ہو رہے ہیں ۔ اس جوتے کے امریکیوں نے 19000 جوڑے بھیجنے کی فرمائش کی ہے ۔ اس جوتے کا ماڈل نمبر 271 تھا لیکن اب تبدیل کرکے اس کا نام بش شوز رکھ دیا گیا ہے ۔ کمپنی کے مالک نے کہا ہے کہ “کمپنی جوتے کی مانگ بڑھنے کی وجہ سے زیادہ منافع نہیں کمارہی اور اس کی پہلے والی قیمت یعنی 27 ڈالر ہی رکھی ہے لیکن ہمارے لئے یہی بات کافی ہے کہ ہماری کمپنی خوب نام کما رہی ہے”

ننگِ دین ننگِ قوم ننگِ وطن کیا انہی لوگوں کو کہا گیا تھا ؟

سلامتی کونسل کی وہ قرارداد جو امریکہ نے جولائی یا اس سے قبل پیش کی تھی اور چین نے پاکستان کا ساتھ دیدتے ہوئے ویٹو کر دی تھی وہ 10 دسمبر کو کیونکر منظور ہو گئی اور پاکستان کے نامور رفاہی اداروں پر پابندی لگ گئی ۔ چین کا یہ عمل مجھے پریشان کئے ہوئے تھا ۔ میں نے ایک باخبر شخص سے بُدھ یا جمعرات یعنی 17 یا 18 دسمبر 2008ء کو اپنی پریشانی کا اظہار کیا تو میں دنگ رہ گیا تھا جب اُس نے کہا “صدر زرداری نے امریکہ کے دباؤ کے تحت چین سے درخواست کی تھی کہ اب اُس قرارداد کو ویٹو نہ کیا جائے”۔ اس انکشاف نے مجھے شدید شش و پنج میں مبتلا کئے رکھا تھا کہ آج یہ بات اخبار کی زینت بن گئی

سلامتی کونسل کی ایک پندرہ رکنی کمیٹی کی جانب سے 10دسمبر کو پاکستان کے تین افراد اور تین تنظیموں کو دہشت گرد قرار دے کر ان پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ قومی، سیاسی اور مذہبی حلقوں میں اب تک موضوع گفتگو بنا ہوا ہے اور یہ امر بھی ان کے لئے خاصا حیران کن ہے کہ چین جو اب تک اس نوع کی قراردادوں کو 7 مرتبہ ویٹو کر چکا ہے اس نے اس نازک مرحلے پر پاکستان کی حمایت سے دست کشی اختیار کر کے اس قرارداد کے متفقہ طور پر منظور کئے جانے کی راہ کیوں ہموار کی۔ اقوام متحدہ کے سفارتی حلقوں نے انکشاف کیا ہے کہ چین کے بارے میں یہ تاثر کہ اس نے پاکستان کے ساتھ اپنی ہمالہ سے زیادہ بلنداور سمندر سے زیادہ گہری دوستی کے تمام تر دعووں اور ہر دو ممالک کی دیرینہ دوستی کے تقاضوں کو پس پشت ڈال کر مغرب کا ساتھ دیا، کسی طرح درست نہیں اور حقائق یہ ہیں کہ بیجنگ نے یہ قدم بھی اسلام آباد سے باقاعدہ مشورے اور اس کی طرف سے کئے جانے والے اصرار کے بعد ہی اٹھایا ہے اس لئے اسے یہ الزام ہرگز نہیں دیا جا سکتا کہ اس نے پاکستان کے ساتھ اپنے روایتی تعلقات کو کسی طرح زک پہنچائی ہے۔ تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ سلامتی کونسل کی مذکورہ کمیٹی قرارداد نمبر 1267 کے تحت کوئی 9 سال پیشتر قائم کی گئی تھی لیکن جب بھی وہ انسداد دہشت گردی کے تناظر میں کوئی فیصلہ کرنے کے لئے بیش رفت کرتی تو چین ہر مرتبہ اس کے راستے میں حائل ہو جاتاکیونکہ وہ کسی صورت یہ پسند نہیں کرتا تھا کہ پاکستان کسی طرح اس کی زد میں آئے اور یوں اس سلسلے میں ہونے والی ساری پیش رفت بے نتیجہ ہو کر رہ جاتی اور سب کچھ ٹھپ ہو کر رہ جاتا۔ امریکہ اور بھارت نے گزشتہ مئی میں اس بارے میں اپنی سفارتی کوششوں میں تیزی لانے کا آغاز کیا اور اپنی جدوجہد کو نہایت مربوط طریقے سے آگے بڑھانے میں لگے رہے

امریکہ ممبئی میں ہونے والی دہشت گردی کو کس طرح نظر انداز کر سکتا تھا اس لئے اس نے اپنی وزیر خارجہ کونڈا لیزا رائس کو بھارت کے ہنگامی دورے پر روانہ کر دیا جہاں سے واپسی پر وہ 4 دسمبر کو اچانک اسلام آباد وارد ہوئیں اور صدر زرداری سے ایک اہم ملاقات میں دوٹوک انداز میں دہشت گردی کے خلاف نئی دہلی سے مکمل، شفاف اور عملی تعاون کی خواہش کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پاکستان اپنے دوست ملک چین سے سلامتی کونسل کی دہشت گردی کے خلاف قرارداد پر کئی ماہ سے لگایا گیا ٹیکنیکل ہولڈ ختم کرنے کے لئے کہے تاکہ اس قرارداد کے پاس ہونے کی راہ ہموار ہو سکے۔

اس امریکی مطالبے کی پذیرائی اس رنگ میں ہوئی کہ ایوان صدر سے چین کو فوراً یہ پیغام پہنچایا گیا کہ وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی خاطر لگایا گیا ”ٹیکنیکل ہولڈ“ ہٹا لے، سو چین نے اگلے ہی روز یعنی 5 دسمبر کو اپنے سفارتکاروں کو یہ ہدایت کر دی کہ وہ اس پابندی کو جاری و ساری رکھنے کے سلسلے میں کسی سرگرمی کا مظاہرہ نہ کریں۔ 6 اور 7 دسمبر کو اقوام متحدہ میں ہفتہ وار تعطیل تھی اور پھر پاکستان کے سفارتی مشن کو 7دسمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ سے محترمہ بے نظیر بھٹو کے لئے حقوق انسانی کے ایوارڈ کی وصولی کی تیاریاں بھی کرنی تھیں اس لئے وہ ادھر جُت گیا اور سلامتی کونسل کی کمیٹی کے سیکرٹریٹ کا عملہ اس قرارداد کو بغیر کسی ادنیٰ رکاوٹ کے پاس کرانے کے لئے متحرک رہا اور چونکہ اب کسی بھی رُکن ملک کو اس پر کوئی اعتراض نہیں رہا تھا اس لئے اسے متفقہ فیصلے کے طور پر جاری کر دیا گیا۔

یہ بات بہت حیرت انگیز ہے کہ پاکستان کی جانب سے چین سے ٹیکنیکل ہولڈ ہٹا لینے کی جو درخواست کی گئی اس کا نہ تو وزارت خارجہ کو کوئی علم ہوا اور نہ ہی نیو یارک میں پاکستانی مشن کو اس کی کوئی خبر ہو سکی اور سب کچھ مبینہ طور پر امریکہ اور ایوان صدر کے درمیان بالا بالا ہی طے کر لیا گیا۔