سیاست آجکل نہ صرف اَوڑھنا بچھونا بلکہ کھانا پینا بھی بن چُکی ہے ۔ لیکن سیاست کی بات بعد میں ۔ پہلے بات ”بھائیجان کا تو ۔ ۔ ۔ ۔ ۔“ کی
ہم نے آٹھویں جماعت (1950ء تا 1951ء) میں محاورے پڑھے تھے ۔ ایک محاوہ تھا ” اُسی سے ٹھنڈا ۔ اُسی سے گرم “۔ آٹھویں جماعت ہی میں رسالہ تعلیم و تربیت میں ایک کارٹون دیکھا تھا کہ میز پر حلوے کی بھری پلیٹ پڑی ہے ۔ بچہ کہتا ہے ” امّی اگر یہ حلوہ میرا ہے تو اتنا کم اور اگر بھائیجان کا ہے تو اِتنا زیادہ“۔
کارٹون کو تو ہم نے مذاق سمجھ کر اِدھر اُدھر کر دیا تھا لیکن محاورہ نہ ہمارے دل میں گھُس سکا تھا نہ دماغ میں بیٹھا ۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے ” اُسی سے ٹھنڈا ۔ اُسی سے گرم “ ہو
خیر ۔ وقت گذرتا گیا ۔ ہم لڑکے سے جوان بنے ۔ تعلیم سے فارغ ہو کر عملی زندگی میں کود گئے ۔ نان و نفقہ کی فِکر نے بہت کچھ بھُلا دیا مگر نہ یہ کارٹون بھُولا اور نہ محاورے نے ہماری جان چھوڑی ۔ عملی زندگی کے چند سالوں نے ہمارا دل صاف کرنا شروع کیا اور دماغ بھی محاورے کیلئے دوستانہ ہونے لگا ۔ بال بچے دار بننے تک ہمیں کارٹون اور محاوہ دونوں کی کچھ کچھ سمجھ آنے لگی
آج ہم بڑے طمطراق سے کہہ سکتے ہیں کہ دونوں ہی عقل و فہم اور باریک بینی کا عمدہ نمونہ ہیں
اب آتے ہیں سیاست کی طرف ۔ میں سیاست کا مطلب بتانے کی کوشش کرتا ہوں ۔ بڑے بڑے سمجھدار اور بڑے بڑے اپنے آپ کو دیانتدار کہنے والے سیاستدانوں پر آپ زیادہ نہیں بس تھوڑا سا غور فرماتے جایئے
میں گیارہویں یا بارہویں جماعت میں پڑھتا تھا کہ والد صاحب کے ساتھ کسی عزیزکے ہاں گیا ۔ وہاں کسی خاندانی مسئلہ پر بات شروع ہو گئی ۔ اچانک ایک فقرے نے مجھے چَونکا دیا ”بھائی جی ۔ وہ بڑا سیاستدان ہے“۔
اُس زمانہ میں بزرگوں کی باتوں میں چھوٹے نہیں بولا کرتے تھے ۔ اسلئے خاموش رہا ۔ کچھ عرصہ بعد اُن بزرگ کے گھر جانا ہوا جنہوں نے یہ فقرہ کہا تھا ۔ عرض کی ”فلاں دن آپ نے کہا تھا ۔ وہ بڑا سیاستدان ہے ۔ اس کا کیا مطلب ہے ؟“
مُسکرا کر بولے ”فی الحال تم اپنی پڑھائی کی طرف دھیان دو“۔
ہم ٹھہرے پیدائشی تابعدار ۔ خاموش ہو گئے ۔ لیکن اپنے دماغ میں ایک کِیڑا ہے جو اُس وقت تک کاٹتا رہتا ہے جب تک اُسے سوال کا جواب نہ مل جائے ۔ سال گزرتے گئے ۔ ہم انجنیئر بن گئے ۔ لاہور سے کامیاب ہونے کی سَنَد لے کر پَلٹے تو والد صاحب نے کہا ”فلاں تمیں یاد کر رہے تھے ۔ جا کر اپنی کامیابی کا بتا کر دعائیں لے آؤ“۔
ہم نے جا کر اپنے انجنیئر بننے کا بتایا ۔ شاباش کے بعد دعائیں سمیٹیں ۔ خاطر مدارات بھی کرائی ۔ مگر ہمارے دماغ کے کیڑے کو چین نہ آیا ۔ سو عرض کی ” آپ نے اتنے سال قبل فرمایا تھا کہ ”فلاں بڑا سیاستدان ہے ۔ اب عملی زندگی میں داخل ہونے والا ہوں ۔ مہربانی کر کے اس کا مطلب بتا دیجئے“۔
بزرگ نے مُسکرا کر میری طرف دیکھا اور گویا ہوئے ” اِس کا مطلب ہے کہ وہ اتنا ہوشیار ہے کہ پکڑائی نہیں دیتا “۔
میں نے وضاحت چاہی ”اچھائی میں “۔
فرمایا ” ہر لحاظ سے“۔
تو جناب ۔ آپ سیاستدانوں کی ہوشیاریوں اور ہیرا پھیریوں پر پریشان کیوں ہوتے ہیں کہ وہ پکڑے کیوں نہیں جاتے ؟
اگر وہ پکڑے جائیں تو پھر وہ سیاستدان تو نہ ہوئے
اب آپ کہیں گے کہ میں نے آپ کا وقت ” اُسی سے ٹھنڈا ۔ اُسی سے گرم “ اور ”بھائیجان کا تو ۔ ۔ ۔ ۔“ پر کیوں ضائع کیا
محترمات و محترمان ۔ ٹھنڈے دِل سے غور فرمایئے
کیا ایسا نہیں ہوتا کہ جب کسی سیاستدان کو موقع ملتا ہے تو خوب ہاتھ رنگتا ہے لیکن جب اپوزیشن میں ہوتا ہے تو دیانتدار بن کر حکمرانوں کے خلاف سڑکوں اور چوراہوں پر اُدھم مچاتا ہے
اِسے کہتے ہیں ”اُسی سے ٹھنڈا ۔ اُسی سے گرم“۔
اب پانامہ لِیکس کو دیکھ لیں
وزیرِ اعظم کے بچوں کے حوالے سے استعفٰے مانگنے والوں کی اپنی جماعتوں کے سربراہوں کی آف شوئر کمپنیاں ہیں جنہیں وہ اپنا حق سمجھتے ہیں
اِسے کہتے ہیں ”اگر یہ حلوہ میرے لئے ہے تو اِتنا کم اور بھائیجان کیلئے ہے تو اِتنا زیادہ“۔
یہ مت خیال کیجئے کہ ایسا صرف ہمارے مُلک پاکستان میں ہوتا ہے ۔ ساری دُنیا کے تمام جمہوری مُلکوں میں یہی کچھ ہوتا ہے ۔ جمہوریت کتابوں میں تو لکھی ہے ”عوام کی حکمرانی ۔ عوام کے ذریعہ ۔ عوام کیلئے ۔ Government of the people, by the people, for the people“۔ مگر عملی طور پر وہی ہے جو آپ اور میں دیکھ رہے ہیں یعنی مالداروں کی حکمرانی ۔ عوام پر ۔ عوام کی مدد سے
امریکہ کی انسان دوستی کا بڑا ڈھنڈورا پِیٹا جاتا ہے ۔ پچھلی کم از کم 5 دہائیوں میں کوئی ایک صدر یا وزیر امریکہ کا بتا دیجئے جو عوام میں سے تھا ۔ سب ہی ایک سے ایک بڑھ کے دولتمند ہو گا اور عوام کو لُوٹے بغیر دولت اکٹھی نہیں ہو سکتی
امریکی حکمرانوں نے دولت اکٹھی کرنے کے اپنے ذرائع بڑھانے کی خاطر وسطی ایشاء کے تیل پیدا کرنے والے مُلکوں پر قبضہ کیا جس کیلئے عوام سے اکٹھا کیا ہوا ٹیکس کا پیسہ پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے اور عوام کو عین جمہوری طریقے سے بیوقوف بنایا جا رہا ہے کہ سب کچھ عوام کی حفاظت کیلئے کیا جا رہا ہے