تانیہ رحمان صاحبہ جو شاید ملک سے باہر رہائش پذیر ہیں نے حُب الوطنی کے زیرِ اثر اُڑتی خبروں سے پریشان ہو کر ایک تحریر لکھی ہے جس پر مختصر تبصرہ بھی طوالت کا متقاضی ہے اسلئے میں نے اسے اپنے بلاگ پر شائع کرنا مناب سمجھا ۔ اُمید ہے کہ اس سے دوسرے قارئین بھی مستفید ہو سکیں گے ۔
میری ہر لکھاری سے درخواست ہے کہ لکھنے سے قبل دوسروں کی دی ہوئی خبروں کی بجاۓ اپنے طور پر حاصل کردہ معلومات پر انحصار کیا کیجئے ۔ اس سے اپنی اور قومی صحت بُرے اثرات سے بچی رہے گی
ویسے تو ہر سکول ۔ مدرسہ ۔ جامعہ یا یونیورسٹی میں پڑھنے والے کو فارسی میں طالب کہتے ہیں جس کی جمع طالبان ہے لیکن جن کو پہلی بار سیاسی طور پر طالبان قرار دیا گیا ۔ ان کی ابتداء خواتین پر ظُلم بلکہ سنگین جرائم کے خلاف تحریک کے طور پر ہوئی چونکہ اس تحریک کو شروع کرنے والے لوگوں میں ایک مُلا عمر اُستاد تھا اور باقی آٹھ دس طالبان تھے اسلئے افغانستان کے لوگوں نے انہیں طالبان کا نام دے دیا ۔ ان طالبان کی نیک نیّتی کا نتیجہ تھا کہ افغانستان کے 85 فیصد علاقہ پر بغیر کسی مزاحمت کے ان کی حکومت قائم ہو گئی تھی ۔ افغانستان منشیات کا گڑھ تھا اور 1988ء میں سوویئٹ فوجوں کے انخلاء کے بعد سے بدترین خانہ جنگی کا شکار تھا ۔ حکومت سنبھالنے کے بعد مُلا عمر نے افغانستان میں امن قائم کیا اور منشیات کا خاتمہ کر دیا ۔ یہ وہ کام ہیں جو ان کے علاوہ آج تک اور کوئی نہ کر سکا
عام تآثر یہی دیا جا رہا ہے کہ طالبان ضیاء الحق نے بنائے ۔ ضیاء الحق 17 اگست 1988ء کو ہلاک ہو گئے تھے جبکہ طالبان ضیاء الحق کی وفات کے چھ سات سال بعد بینظیر بھٹو کے دوسرے دورِ حکومت [19 اکتوبر 1993ء تا 5 نومبر 1996ء] میں نمودار ہوۓ ۔ ضیاء الحق نے افغانستان میں انجنیئر گلبدین حکمت یار اور یُونس خالص وغیرہ کی مدد کی تھی جن کا مُلا عمر اور نام نہاد پاکستانی طالبان سے کوئی تعلق نہ ماضی میں تھا اور نہ اب ہے ۔ اصل طالبان اور نام نہاد پاکستانی طالبان میں ایک واضح فرق ہے ۔ اصل طالبان کی اکثریت کے پاس کوئی سواری نہیں ہے اور کچھ موٹر سائکل یا پک اُپ پر سفر کرتے ہیں جبکہ نام نہاد طالبان یعنی بیت اللہ محسود وغیرہ اور ان کے ساتھی قیمتی گاڑیوں پر گھومتے ہیں
حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے کسی علاقے میں کوئی طالبان نہیں ہیں اور نہ پاکستان میں کی گئی کسی کاروائی سے طالبان کا تعلق ہے ۔ طالبان صرف افغانستان میں ہیں اور اُن کی تمام کاروائیاں افغانستان تک محدود ہیں اور وطن پر غیرمُلکی قابضوں کے خلاف ہیں ۔ پاکستان کے بیت اللہ محسود اور دیگر لوگ طالبان نہیں ہیں ۔ نہ اس بات کا کوئی ثبوت ہے کہ یہ لوگ کبھی مدرسہ میں گئے تھے اور یہ لوگ قرآن شریف پڑھنا جانتے بھی ہیں یا نہیں ۔ ان کو طالبان کا نام کسی طاقت نے اپنے کسی مزموم مقصد کیلئے دیا اور پھر ان کا بُت دیو ہیکل بنانے میں مصروف ہے ۔ اس سب کی آڑ میں نجانے کونسی گھناؤنی منصوبہ بندی ہے
دو وجوہ جو میری سمجھ میں آتی ہیں یہ ہیں
ایک ۔ اصل طالبان اور اسلام کو کو بدنام کرنا
دو ۔ پاکستان میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کرنا تاکہ بڑی طاقت مداخلت کا جواز بنا کر پاکستان کے مغربی حصہ پر قبضہ کر لے تاکہ وسط ایشیائی ریاستوں کی معدنیات کی ترسیل کے راستہ پر اُس طاقت کا قبضہ ہو جائے
امریکا بغیر ہوا باز کے ہوائی جہازوں سے مزائل چلا کر پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ہزار سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کر چکا ہے ۔ امریکا کا ہر بار یہ دعوٰی ہوتا ہے کہ وہاں فلاں فلاں ہائی ویلیو ٹارگٹ [high value target] تھا جسے ہلاک کیا گیا ۔ پھر کیا وجہ ہے کہ امریکا بقول اُمریکا ہی کے اتنے بڑے دہشتگرد بیت اللہ محسود پر مزائل حملہ نہیں کرتا جس کے سر کی قیمت امریکہ نے پچاس ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے ؟
بر سبیلِ تذکرہ ایک اور بات یاد آئی ۔ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ ضیاء الحق نے پاکستان میں کلاشنکوف کلچر کو فروغ دیا ۔ ضیاء الحق نے ایسا کیا یا نہیں میں اس پر بات نہیں کروں گا ۔ میں صرف کلاشنکوف اور کلاشنکوف برداروں کی بات کروں گا ۔ کلاشنکوف [Kalashnikov Submachine Gun] ایک اسالٹ رائفل [Assault Rifle] ہے جو دنیا کی 50 افواج کے زیرِ استعمال ہے جن میں پاکستان شامل نہیں ہے ۔ یہ چیکوسلواکیا میں پہلی بار 1947ء میں تیار ہوئی اسلئے اسے اے کے 47 [A K 47] کہا جاتا ہے ۔ 1974ء میں اس میں کچھ ترامیم کے بعد اسے اے کے 74 کا نام دیا گیا ۔ اے کے 47 سوویٹ یونین کی فوج کے زیرِ استعمال تھی اور افغانستان پر قبضہ کرنے کے بعد اُنہوں نے اپنے زیرِ کمان آنے والے افغان فوجیوں کو بھی دی تھیں
رہے کلاشنکوف بردار تو پاکستان کے قبائلی علاقوں کی یہ ثقافت بہت پرانی ہے کہ ہر مرد اور بہت سی خواتین بھی بندوق یا دوسرا اسلحہ استعمال کرنا سیکھتے ہیں ۔ جب گھر سے باہر نکلیں تو مرد اور بعض اوقات خواتین بھی اپنے ساتھ اسلحہ رکھتے ہیں ۔ اس کی وجہ مختلف قبیلوں کے باہمی تنازعات بھی ہو سکتے ہیں اور باہر کے دُشمن بھی ۔ قبائلی علاقوں میں بہت سے گھر اسلحہ کے کارخانے بھی ہوتے تھے جن کا میں خود شاہد ہوں ۔ اللہ کے فضل سے پاکستان میں رائفل جی تھری اور مشین گن ایم جی فارٹی ٹُو [Rifle G 3 and Machine Gun MG 42 Model MG1A3P] نے میرے زیر نگرانی پرورش پائی لیکن میں آفرین کہہ اُٹھا تھا جب میں نے 1974ء میں ان قبائلیوں کے گھروں میں صرف مردوں کو ہی نہیں خواتین ۔ نابالغ لڑکوں اور نابالغ لڑکیوں کو لکڑی کی چارپائی کے پائے بنانے والی ہاتھ سے چلنے والی خراد پر بندوق کی نالی [Barrel] بناتے دیکھا تھا ۔ اب شاید یہ کارخانے ختم ہو چکے ہوں کیونکہ بڑی طاقتیں اپنے مزموم مقاصد کیلئے ہر قسم کا اسلحہ مُفت تقسیم کرتی رہتی ہیں جو کبھی کبھی اُن کے اپنے لئے مشکلات پیدا کرتا ہے
آج جسے دیکھو معاندانہ افواہ سازی کا شکار ہوا نظر آتا ہے کہ “وہ مدرسوں میں قرآن پڑھتے ہیں اور مدرسے اسلحہ کا گھڑ بن چکے ہیں”۔ کاش یہ افواہیں پھیلانے والے اور انہیں دہرانے والے کم از کم پاکستانی مسلمان کبھی ان مدرسوں میں سے کم از کم ایک کا چکر لگا کر خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں کہ وہاں کیا ہوتا ہے اور وہاں اسلحہ ہوتا بھی ہے یا نہیں
اللہ مجھے اور میرے ہموطنوں کو سوچنے اور سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین