Category Archives: تاریخ

بارہویں سالگرہ

الحمد للہ آج اس بلاگ کی عمر اللہ کی مہربانی سے 12 سال ہو چکی ہے ۔ یہ بلاگ میں نے 5 مئی 2005ء کو اللہ کے نام سے شروع کیا تھا ۔ 5 مئی 2005ء سے قبل میں اپنے بلاگ ” Reality is Often Bitter . حقيقت اکثرتلخ ہوتی ہے“ پر ہی اُردو بھی لکھتا رہا ۔ اُردو کا بلاگ الگ شروع کرنے کے بعد میں نے پہلے بلاگ کو انگریزی کیلئے مخُتص کر دیا

شُکر اُس ذاتِ اعلٰی و ارفع کا جس نے صرف مجھے ہی نہیں کُل کائنات کو پیدا کیا اور اس کا نظام چلا رہا ہے ۔ اُس رحمٰن و رحیم نے مجھے توفیق دی کہ میں اس بلاگ کو جاری رکھوں ۔ میں نے 12 سال میں 2485 تحاریر لکھیں ۔ جب میں نے یہ بلاگ شروع کیا تھا تو اُمید نہ تھی کہ یہ ایک سال بھی پورا کر سکے گا ۔ دوسرے بلاگرز کا تجربہ مزید حوصلہ پست کرتا تھا ۔ یہ بھی خیال تھا کہ میں خُشک باتیں لکھتا ہوں اسلئے شاید ہی اسے کوئی پڑھے مگر اللہ کی ذرہ نوازی دیکھیئے کہ
میرے اُردو بلاگ کو اس وقت تک 405225 مرد و خواتین پڑھ چکے ہیں
میری 2 تحاریر کم از کم 57550 بار پڑھی جا چکی ہے
9 تحاریر کم از کم 14200 بار پڑھی جاچکی ہیں
23 تحاریر کم از کم 11250 بار پڑھی جاچکی ہیں
40 تحاریر کم از کم 7050 بار پڑھی جا چکی ہیں
58 تحاریر کم از کم 6000 بار پڑھی جا چکی ہیں
100 تحاریر کم از کم 5000 بار پڑھی جا چکی ہیں
200 تحاریر کم از کم 3150 بار پڑھی جا چکی ہیں
300 تحاریر کم از کم 2700 بار پڑھی جا چکی ہیں
400 تحاریر کم از کم 2500 بار پڑھی جا چکی ہیں
500 تحاریر کم از کم 2350 بار پڑھی جا چکی ہیں
600 تحاریر کم از کم 2250 بار پڑھی جا چکی ہیں
700 تحاریر کم از کم 2150 بار پڑھی جا چکی ہیں
900 تحاریر کم از کم 1950 بار پڑھی جا چکی ہیں

جسے آمر (Dictator) کہا جاتا ہے ؟

میں مئی 1976ء سے جنوری 1983ء تک لیبیا کے دارلحکومت طرابلس میں رہائش پذیر تھا ۔ اس دوران بہت کچھ دیکھنے اور سیکھنے کو ملا ۔ آج ایک واقعہ لیبیا کے سربراہ معمر قذافی کے متعلق جسے امریکہ اور اس کے حواریوں نے خلافِ حقیقت بہت بدنام کیا

طرابلس میں موجود پاکستانی بھائیوں سے ملاقات ہوتی رہتی تھی ۔ ان میں انجنیئروں اور ڈاکٹروں کے علاوہ مختلف فیکٹریوں ۔ دفاتر اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والے ہر سطح کے لوگ تھے ۔ معمر قذافی کے ذاتی معالج پاکستانی ڈاکٹر تھے جو کبھی کبھی معمر قذافی کے ساتھ اپنے سفر کے خاص خاص واقعات سنایا کرتے تھے

ایک دن میں نے ڈاکٹر صاحب سے پوچھا ”ایسا واقعہ سنایئے جس نے آپ کو بہت متاءثر کیا”۔
ڈاکٹر صاحب گویا ہوئے ” ایک دن معمر قذافی نے کہیں نہیں جانا تھا چنانچہ میں گھر پر رہا ۔ بعد دوپہر قذافی کا ڈرائیور پہنچ گیا ۔ میں سمجھا کہ قذافی کی طبعیت خراب ہو گی ۔ اپنا بیگ تیار کیا اوراس کے ساتھ چل پڑا ۔ شہر کے باہر پہنچے ۔ جہاں سڑک کے کنارے گاڑیاں کھڑی تھیں ڈرائیور نے گاڑی روکی ۔ اُتر کر اِدھر اُدھر دیکھا تو دُور کچھ لوگ اپنی طرف آتے ہوئے نظر آئے ۔ قریب پہنچ کر قذافی نے مجھے آنے کی وجہ پوچھی ۔ اُسی وقت ایک افسر نے بتایا کہ قذافی کے سر میں درد ہے اسلئے میں نے ڈائیور کو بھیجا تھا ۔ میں نے بیگ میں سے دو اسپرین کی گولیاں نکالیں ۔ قذافی نے گولیاں لیں ۔ سڑک کے کنارے زمین پر بیٹھ کر بسم اللہ پڑھی اورھوالشّافی کہہ کر گولیاں نگل لیں ۔ پھر اُٹھ کھڑا ہوا“۔

ڈاکٹر صاحب نے مزید بتایا ” جب قذافی کسی کام سے صحرا میں گیا ہوتا ۔ وہاں کوئی عام آدمی کھانے کی چیز قذافی کو پیش کرتا تو قذافی زمین پر بیٹھ کر کھا لیتا اور چیز کی تعریف کے بعد دینے والے کا شکریہ بھی ادا کرتا ۔ ایک دن صحرا میں گھومتے بعد دوپر 3 بج گئے ۔ ایک چھوٹے سے مکان کے پاس پہنچے ۔ مکین نے کھانا پیش کیا ۔ بھوک لگی ہوئی تھی ۔ میں بھی کھانے لگا تو کھانے میں ریت کی وجہ سے مجھ سے کھایا نہ گیا مگر قذافی کھاتا رہا ۔ کھا چُکنے کے بعد حسبِ عادت کھانے کی تعریف کی اور کھلانے والے کا شکریہ ادا کیا“۔

کیا ایسے آدمی کو آمر کہنا چاہیئے ؟ ذرا موازنہ کیجئے اپنے ہموطن کسی معمولی افسر کے ساتھ ۔ کتنے ہیں جو ایسا کرتے ہیں ؟

ہمیں بچپن سے ہی بیٹھ کر کھانے پینے کی تربیت دی گئی تھی ۔ یہ واقعہ سُننے کے بعد اگر بیٹھنے کو کرسی یا سٹول نہ ملے میں کہیں بھی ہوں بغیر کچھ سوچے زمین پر بیٹھ کھاتا یا پانی پیتا ہوں

حاکم کا کردار

ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ روزانہ نمازِ فجر کے بعد ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ غائب ہو جاتے ہیں
ایک روز عمر فاروق رضی اللہ عنہ چُپکے سے اُن کے پیچھے چل پڑے ۔ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ چلتے چلتے مدینہ سے باہر نکل گئے اور شہر سے باہر ایک خیمہ میں داخل ہو کر کچھ دیر اندر رہنے کے بعد واپس مدینہ کی طرف چل پڑے
بعد میں عمر فاروق رضی اللہ عنہ خیمے میں گئے تو وہاں ایک بُڑھیا کو پایا
پوچھنے پر بڑھیا نے بتایا ”میں نابینا اور مُفلس عورت ہوں ۔ میرا اور میرے دو بچوں کا اللہ کے سوا کوئی نہیں ۔ یہ آدمی روزانہ آ کر جھاڑو دیتا ہے اور کھانا بنا کر چلا جاتا ہے“۔
عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی آنکھوں میں آنسو آ گئے اور فرمایا ”اے ابو بکر ۔ تُو نے بعد والوں کو بہت مُشکل میں ڈال دیا“۔

یومِ یک جہتی جموں کشمیر

انشاء اللہ العزيز
سِتم شَعَار سے تُجھ کو چھُڑائيں گے اِک دن
ميرے وطن تيری جنّت ميں آئيں گے اِک دن
ميرے وطن ۔ ميرے وطن ۔ ميرے وطن
ہم کيا چاہتے ہيں ؟ آزادی آزادی آزادی

آج یومِ یکجہتیءِ جموں کشمیر ہے ۔ یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990ء کو منایا گیا

کوئی کراچی یا اسلام آباد یا پشاور یا لاہور یا کوئٹہ میں بالخصوص وہ جو جموں کشمیر کی جد وجہد آزادی میں کوشاں لوگوں کو انتہاء پسند یا دہشتگر کہتا ہے دماغ کی کھڑکی اور آنکھیں کھول کر پڑھ لے اور یاد رکھے کہ تحریک آزادی جموں کشمیر انسانی حقوق کی ایسی تحریک ہے جو نہ صرف اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی 3 قرار دادوں اور جنرل اسمبلی کی کئی قرار دادوں کے مطابق ہے

بھارت کی ایماء پر بیلجیئم ۔ کنیڈا ۔ چین ۔ کولمبیا ۔ برطانیہ اور امریکہ نے ایک مُشترکہ قرار داد پیش کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جس پر فیصلہ کیلئے 21 اپریل 1948ء کو اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا
پنڈت نہرو نے تقریر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ”امن قائم ہوتے ہی رائے شماری کرائی جائے گی اور جو فیصلہ عوام کریں گے اس پر عمل کیا جائے گا“ اور فوری جنگ بندی کی درخواست کی ۔ قرار داد کے نتیجہ جنگ بندی ہونے کے بعد میں جب بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں پاؤں جماتے ہی سب کچھ بھُلا دیا اور بھارتی لیڈر ہڈ دھرمی پر اُتر آئے ۔ اپنا حق مانگنے والے جموں کشمیر کے باشندوں پر ظُلم کے پہاڑ توڑنا شروع کر دیئے ۔ انسانیت کا پرچار کرنے والے مغربی ممالک بھی لمبی تان کر سو گئے

رنگ لائے گا شہيدوں کا لہو اور ظُلم کی تلوار ٹوٹے گی
جموں کشمير ہو کر رہے گا آزاد ۔ اِن شاء اللہ ۔ اِن شاء اللہ

قوموں کی زندگی میں ایک وقت فیصلہ کا آتا ہے کہ
“جھُکے سر کے ساتھ چند روز عیش قبول کرلیں”
یا
“سرفروشی کے ساتھ سرفرازی کی راہ اپنائیں”
جَبَر کرنے والے اذِیّتوں سے اور موت سے ڈراتے ہیں
راہِ حق میں جد و جہد کرنے والوں کو موت کا خوف نہیں ہوتا
بلکہ
لذت ہوتی ہے اور جذبہءِ ایثار کا کَیف اس لذّت کو نِکھارتا ہے
اہلِ جموں کشمیر اس لذّت سے سرشار ہو چکے ہیں ۔ یہ اللہ کا کرم ہے اہلِ جموں کشمیر پر اور اہل پاکستان پر بھی ۔ اہلِ جموں کشمیر صرف جموں کشمیرکیلئے حق خودارادیت کی جنگ نہیں لڑ رہے ہیں وہ پاکستان کے استحکام اور بقاء کی جنگ بھی لڑ رہے ہیں ۔
حُرِیّت کی داستانیں اِسی طرح رَقَم ہوتی ہیں ۔ بھارت کی جارحانہ طاقت اس جذبے کا مقابلہ کب تک کرے گی ؟

بھارتی فوج پوری طرح مسلح ہے لیکن وہ انسانی قدروں سے نہ صرف محروم بلکہ ان سے متصادم ہے اس لئے اِن شاء اللہ ناکامی اس کا مقدّر ہے ۔ بھارت جموں کشمیر کے لوگوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جنگ کو ”دہشت گردی“ کہتا ہے جبکہ خود بھارت انسانیت کو پامال کر رہا ہے ۔ بھارتی معاندانہ پروپيگنڈہ سے بھونچکا ہوئے ہموطن بھی دشمن کی بانسری بجانے لگتے ہيں

یومِ یکجہتیءِ کشمیر کیوں اور کیسے ؟
آج یومِ یکجہتیءِ کشمیر ہے ۔ یہ دن پہلی مرتبہ 5 فروری 1990ء کو منایا گیا ۔ میں نے اپنے دوسرے يعنی انگريزی بلاگ پر ستمبر 2005ء میں لکھا تھاکہ جموں کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کے لئے دوسری مسلح جدوجہد 1989ء میں شروع ہوئی ۔ اس تحریک کا آغاز کسی منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں تھا اور نہ ہی یہ کسی باہر کے عنصر کی ایما پر شروع کی گئی تھی ۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہر دن کے مظالم سے مقبوضہ جموں کشمیر کے مسلمان تنگ آ چکے تھے اور سب سے مایوس ہونے کے بعد پاکستان سے بھی مایوسی ہی ملی – بےنظیر بھٹو نے 1988ء میں حکومت سنبھالتے ہی بھارت سے دوستی کی خاطر نہ صرف جموں کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ دَغا کیا بلکہ بھارت کے ظُلم و ستم کے باعث سرحد پار کر کے پاکستان آنے والے بے خانماں کشمیریوں کی امداد بند کر دی ۔ اِس صورتِ حال کے پیشِ نظر پاکستان کی چند سیاسی جماعتوں نے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ ہمدردی کے اِظہار کے لئے 5 فروری 1990ء کو یومِ یکجہتیءِ کشمیر منانے کا فیصلہ کیا جو اُس وقت کی حکومت کی مخالفت کے باوجود عوام نے بڑے جوش و خروش سے منایا ۔ بعد میں نواز شریف کی حکومت نے 5 فروری کو چھٹی قرار دیا

اہل جموں کشمیر سے یکجہتی کا اظہار محض روایتی نوعیت کی اخلاقی ہمدردی کا مسئلہ نہیں ۔ جموں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ برطانوی حکومت نے 1947ء میں پاکستان اور بھارت کی آزاد مملکتوں کے قیام کے ساتھ ہی پوری منصوبہ بندی کے تحت یہ مسئلہ پیدا کیا۔ قیام پاکستان کے بعد کوئی ایسی دشواری نہیں تھی جو برطانوی حکومت اور برصغیر میں اس کے آخری وائسرائے نے پاکستان کے لئے پیدا نہ کی ہو

جموں کشمیر کا مسئلہ دو مملکتوں کے درمیان کسی سرحدی تنازع کا معاملہ نہیں بلکہ جموں کشمير کے باشندوں کی ”حق خودارادیت“ کی جدوجہد پاکستان کی بقا کی جنگ ہے ۔ جموں کشمیر کا مسئلہ برطانوی حکومت نے پیدا کرایا ۔ وہ برصغیر سے جاتے جاتے رياست جموں کشمیر کو بھارت کی جارحیت کے سپرد کر گئے اور اس میں دلال کا کردار برصغیر میں برطانیہ کے آخری وائسرائے اور آزاد بھارت کے پہلے گورنر جنرل لارڈ ماؤنٹ بیٹن (جس کی بیوی کے جواہر لال نہرو کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات تھے) نے ادا کیا جس کا مقصد اِسلام کے نام پر قائم ہونے والی مملکت پاکستان کے جسم پر ایک ناسور بنا دیا جائے ۔ بھارت محض اسلحہ کی طاقت کے زور پر جموں کشمير کے باشندوں پر اپنی بالادستی قائم رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کے 3 بڑے دریا راوی چناب اور جہلم بھارت کے قبضہ میں ہیں جن پر کئی ڈيم بنا کر بھارت انہيں خُشک کرنے کے در پئے ہے

جموں کشمیر کی جد و جہد آزادی کا مختصر جائزہ لینے کیلئے یہاں کلِک کیجئے

دل کا داغ جو مٹ نہ سکا

عصرِ حاضر کے ہموطنوں کی یاد دہا نی کے لئے اپنی 4 سال پرانی تحریر دہرا رہا ہوں

سانحہ مشرقی پاکستان 16 دسمبر 1971ء کے متعلق جو اعداد و شمار اور واقعات ذرائع ابلاغ کے ذریعہ پھیلائے گئے ہیں وہ اتنے غلط ہیں کہ جتنا زیادہ کوئی جھوٹ بول سکے ۔ درست اعداد و شمار قارئین تک پہنچانے کیلئے میں اپنے ذہن کو مجتمع کرنے کی تگ و دو میں تھا کہ ایسے ایسے مضامین نظر سے گذرے اور ٹی وی پروگرام و مذاکرے دیکھنے کو ملے کہ ذہن پریشان ہو کر رہ گیا

ہمارا ملک پاکستان معرضِ وجود میں آنے کے بعد صرف ایک نسل گذرنے پر صورتِ حال کچھ ایسی ہونا شروع ہوئی کہ میں سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہوں کہ ”کیا آزادی اس قوم کو راس نہیں آئی جو ہر دم اور ہر طور اس سلطنتِ خدا داد کے بخیئے اُدھیڑنے کے در پئے رہتی ہے“۔ اب تو حال یہاں تک پہنچا ہے کہ بھارت کو بہترین دوست اور شیخ مجیب الرحمٰن کو محبِ پاکستان ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے

میں ذاتی معلومات پر مبنی واقعات پہلے لکھ چکا ہوں جو مندرجہ ذیل موضوعات پر باری باری کلک کر کے پڑھے جا سکتے ہیں ۔ آج صرف اعداد و شمار پیش کر رہا ہوں
بھولے بسرے واقعات ۔ پہلا سوال
سقوطِ ڈھاکہ کے اسباب ۔ قسط ۔1 ۔ دوسرا سوال اور ذرائع
سقوطِ ڈھاکہ کے اسباب ۔ قسط ۔2 ۔ معلومات
سقوطِ ڈھاکہ کے اسباب ۔ قسط ۔3 ۔ مشاہدہ اور تجزيہ

مارچ سے دسمبر 1971ء تک مشرقی پاکستان میں جو ہلاکتیں ہوئیں اور ان کے اسباب کے متعلق غلط اور انتہائی مبالغہ آمیز اعداد و شمار زبان زد عام رہے ہیں ۔ پچھلی 4 دہائیوں میں غیر جانب دار لوگوں کی تحریر کردہ کُتب اور دستاویزات سامنے آ چکی ہیں ۔ جن کا خلاصہ کچھ اس طرح ہے

شیخ مجیب الرحمٰن اور اس کے حواریوں کا پروپیگنڈہ تھا کہ فوج نے 30 لاکھ بنگالیوں کو ہلاک کیا ۔ فوجی کاروائی ڈھاکہ اور اس کے گرد و نواح میں 26 مارچ 1971ء کو شروع ہوئی اور 16 دسمبر 1971ء کو پاکستانی فوج نے ہتھیار ڈال دیئے ۔ چنانچہ یہ ہلاکتیں 265 دنوں میں ہوئیں ۔ اس طرح ہر ماہ 339630 یا ہر روز 11321 بنگالی ہلاک کئے گئے ۔ ایک سرسری نظر ہی اس استلال کو انتہائی مبالغہ آمیز یا جھوٹ قرار دینے کیلئے کافی ہے

حمود الرحمٰن کمیشن کو فوج کے نمائندہ نے بتایا تھا کہ فوجی کاروائی کے دوران 26000 بنگالی ہلاک ہوئے لیکن کمیشن نے اس تعداد کو بہت مبالغہ آمیز قرار دیا تھا

شرمیلا بوس نے اپنی کتاب میں لکھا

“The three million deaths figure is so gross as to be absurd … [it] appears nothing more than a gigantic rumour. The need for ‘millions’ dead appears to have become part of a morbid competition with six million Jews to obtain the attention and sympathy of the international community.”

(ترجمہ ۔ تین ملین کا ہندسہ اتنا بھاری ہے کہ سرِ دست لغو لگتا ہے ۔ ۔ ۔ یہ ایک قوی ہیکل افواہ سے زیادہ کچھ نہیں ۔ ملینز کی تعداد چھ ملین یہودیوں کے ہمعصر ہونے کی ایک بھونڈی کوشش لگتی ہے تاکہ بین الاقوامی توجہ اور ہمدردی حاصل کی جا سکے)

مشرقی پاکستان میں موجود مغربی پاکستان کے لوگوں میں پنجابی ۔ پٹھان ۔ کشمیری ۔ سندھی ۔ بلوچ اور اُردو بولنے والے شامل تھے ۔ ان میں سرکاری محکموں ۔ سکولوں ۔ کالجوں ۔ بنکوں اور دیگر اداروں کے ملازم ۔ تاجر ۔ کارخانہ دار اور مزدور شامل تھے ۔ ان کارخانہ داروں میں سہگل ۔ آدم جی ۔ بھوانی اور اصفہانی قابلِ ذکر ہیں ۔ بھارت کی تشکیل کردہ اور پروردہ مُکتی باہنی والے مشرقی پاکستان میں موجود مغربی پاکستان کے تمام لوگوں کو پنجابی کہتے تھے اور یہی تخلص زبان زدِ عام ہوا

جونہی فوجی کاروائی شروع ہوئی مُکتی باہنی اور اس کے حواریوں نے غیر بنگالیوں کی املاک کی لوٹ مار اور نہتے بوڑھوں عورتوں اور بچوں کے ساتھ زیاتی اور قتلِ عام شروع کر دیا ۔ عورتوں اور لڑکیوں کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئیں مغربی پاکستان کے ذرائع یا اس سے بے خبر تھے یا بیہوش پڑے تھے

یہ حقیقت بھی بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں کہ شیخ مجیب الرحمٰن اور اس کے نائبین پہلے ہی فیصلہ کر چکے تھے کہ جمعہ 26 مارچ 1971ء کی صبح منظم مسلح بغاوت شروع کر دی جائے گی ۔ اس تیاری کیلئے بہت پہلے سے ڈھاکہ یونیورسٹی کو مکتی باہنی کا تربیتی مرکز بنایا جا چکا تھا

فوجی کاروائی 26 مارچ کو شروع ہوئی تھی ۔ مکتی باہنی نے یکم سے 25 مارچ تک ہزاروں مغربی پاکستان سے گئے ہوئے لوگ ہلاک کئے ۔ مُکتی باہنی کے ہاتھوں قتل و غارت کے غیر ملکی ذرائع کے شائع کردہ محتاط اعداد و شمار بھی رونگٹے کھڑے کر دیتے ہیں
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق 200000 تک مغربی پاکستانی ہلاک کئے گئے
امریکی کونسل کے مطابق 66000 مغربی پاکستانی ڈھاکہ اور گرد و نواح میں ہلاک کئے گئے
خود بنگالی ذرائع نے ڈھاکہ اور گرد و نواح میں 30000 سے 40000 مغربی پاکستانی ہلاک ہونے کا اعتراف کیا تھا
شروع مارچ 1971ء میں صرف بوگرہ میں 15000 مغربی پاکستانیوں کو ہلاک کیا گیا
وسط مارچ کے بعد چٹاگانگ میں 10000 سے 12000 مغربی پاکستانی ہلاک کئے گئے
جیسور میں 29 اور 30 مارچ کو 5000 مغربی پاکستانی ہلاک کئے گئے
دیناج پور میں 28 مارچ سے یکم اپریل تک 5000 مغربی پاکستانی ہلاک کئے گئے
میمن سنگھ میں 17 اپریل سے 20 اپریل تک 5000 کے قریب مغربی پاکستانی ہلاک کئے گئے
اس کے بعد مکتی باہنی نے قتل و غارتگری کا بازار پوری شدت کے ساتھ گرم کیا ۔ اس طرح کہ اعداد و شمار بتانے والا بھی کوئی نہ رہا

پاکستان کے فوجیوں کی تعداد جو زبان زدِ عام ہے صریح افواہ کے سوا کچھ نہیں ۔ جن 93000 قیدیوں کا ذکر کیا جاتا ہے ان میں فوجیوں کے علاوہ پولیس ۔ سویلین سرکاری و غیر سرکاری ملازمین ۔ تاجر ۔ عام مزدور ۔ دکاندار وغیرہ اور ان سب کے خاندان عورتوں اور بچوں سمیت شامل تھے ۔ ان قیدیوں میں درجنوں میرے ساتھی یعنی پاکستان آرڈننس فیکٹریز واہ کینٹ کے سویلین ملازمین اور ان کے اہلَ خانہ بھی تھے جنہیں 6 ماہ سے 3 سال کیلئے پاکستان آرڈننس فیکٹری غازی پور (ڈھاکہ) میں مشینیں سَیٹ کرنے اور مقامی لوگوں کی تربیت کیلئے بھیجا گیا تھا
کچھ اصحاب کے کی خواہش پر میں اپنی 21 دسمبر 2012ء کی تحریر دہرا رہا ہوں

مشرقی پاکستان میں پاکستانی فوج کی تعداد 20000 تھی جن میں پولیس ۔ میڈیکل اور دوسری نہ لڑنے والی نفری ملا کر کل تعداد 34000 بنتی تھی ۔ یہ پاکستانی فوج 9 ماہ سے مکتی باہنی کے 100000 جنگجوؤں سے گوریلا جنگ لڑتے لڑتے بے حال ہو چکی تھی ۔ ایسے وقت میں بھارت کی ہر قسم کے ہتھیاروں سے لیس 3 ڈویژن تازہ دم فوج سے مقابلہ کرنا پڑا ۔ پاکستانی فوج کی ہلاکتیں 4000 کے قریب ہوئیں ۔ بقول بھارتی لیفٹننٹ جنرل جے ایف آر جیکب بھارتی فوج کی ہلاکتیں 1477 اور زخمی 4000 ہوئے تھے

شیخ مجیب الرحمٰن کو اس کے خاندان سمیت 15 اگست 1975ء کو ہلاک کر دیا گیا ۔ ہلاک کرنے والے بنگلا دیش ہی کے فوجی تھے جو نہ پنجابی تھے نہ بہاری ۔ صرف ایک بیٹی حسینہ بچی جو ملک سے باہر تھی

مشرقی پاکستان شیخ مجیب الرحمٰن اور بھارت کی تیار کردہ مکتی باہنی کو پذیرائی نہ ملتی اگر حکومتِ پاکستان نے مشرقی پاکستان کی معیشت و معاشرت کی طرف توجہ دی ہوتی اور بے لگام بیورو کریسی کو لگام دے کر اُن کے فرض (عوام کی بہبود) کی طرف متوجہ کیا ہوتا ۔ پچھلے کم از کم 5 سال میں جو ملک کا حال ہے ۔ دل بہت پریشان ہے کہ کیا ہو گا ۔ اللہ محبِ وطن پاکستانیوں پر اپنا کرم فرمائے اور اس ملک کو محفوظ بنائے

مشرقی پاکستان کے بنگالیوں کی بڑی تعداد اپنے آپ کو پاکستانی سمجھتی تھی جس کے نتیجہ میں مغربی پاکستانیوں کے ساتھ وہ بھی مکتی باہنی کا نشانہ بنے ۔ نہ صرف یہ بلکہ بنگلا دیش بننے کے بعد جن لوگوں نے وحدتِ پاکستان کے حق میں آواز اٹھائی تھی انہیں طرح طرح سے تنگ کیا گیا اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے ۔ بہاریوں کو نہ شہریت دی اور نہ مہاجرین کا درجہ ۔ وہ ابھی تک کس مپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔ جماعتِ اسلامی کے دلاور حسین سیّدی سمیت 6 لیڈر ابھی بھی بغاوت کے مقدمات بھگت رہے ہیں

یہ حقیقت ہے کہ اب بھی بنگلا دیش کے عوام کی اکثریت کے دل پاکستانی ہیں ۔ اس کا ایک ادنٰی سا مظاہرہ اس وقت ہوتا ہے جب پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدِ مقابل ہوتی ہیں ۔ بنگلا دیش کے عوام جوش و خروش کے ساتھ پاکستانی ٹیم کے حق میں بول رہے ہوتے ہیں

نہیں نا اُمید ۔ ۔ ۔

نہیں نا اُمید اقبال اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی ذرخیز ہے ساقی
علامہ محمد اقبال صاحب کے مندرجہ بالا قول کی عملی مثالیں گاہے بگاہے سامنے آتی رہتی ہیں ۔ آج ان میں سے ایک واقعہ نقل کر رہا ہوں جو آج کے نوجوانوں کے عِلم میں شاید آیا ہی نہ ہو اور بڑوں کی اکثریت شاید بھول چکے ہوں
یہ اچھوتا اور مغربی دنیا میں ناقابلِ یقین واقعہ آج سے 18 سال 5 ماہ اور 4 دِن قبل 25 اکتوبر 1998ء کو بلوچستان اور سندھ کی فضاؤں میں رونما ہوا تھا fokker

پی آئی اے کا چھوٹا ہوائی جہاز (فوکر فرینڈشپ 27) گوادر ایئر پورٹ سے کراچی روانہ ہونے کو تیار کھڑا تھا ۔ روانگی سے قبل جہاز میں معمول کے مطابق اعلان کیا گیا ”خواتین و حضرات اپنے حفاظتی بند باندھ لیجئے ۔ ہم اپنے سفر پر روانہ ہونے والے ہیں”۔
جہاز میں 33 مسافر اور عملہ کے 5 افراد سوار تھے ۔ شام ساڑھے 5 بجے جہاز منزل کی جانب روانہ ہوا ۔ زمین سے اُٹھنے کے 20 منٹ بعد ایک درازقد جوان اُٹھا اور کاک پِٹ کی جانب بڑھا ۔ ایئر ہوسٹس خالدہ آفریدی نے سامنے آتے ہوئے گذارش کی ”سر آپ تشریف رکھیں ۔کاک پٹ میں جانے کی اجازت نہیں“۔
وہ شخص اُسے دھکا دے کر کاک پِٹ میں داخل ہو گیا اور پستول پائلٹ عزیر خان کی گردن پر رکھتے ہوئے خبردار کیا کے وہ اسکے حکم کا پابند ہے ۔ اسی لمحے ہائی جیکر کے 2 ساتھیوں نے کھڑے ہو کر مسافروں پر پستول تان لئے ۔ اِن میں سے ایک نے خود کُش جیکٹ پہن رکھی تھی ۔ ہائی جیکر نے کیپٹن عزیر کو حکم دیا ” یہ جہاز کراچی نہیں دہلی جائے گا“۔
کیپٹن نے جہاز میں مسافروں کو آگاہ کیا ”معزز خواتین و حضرات جہاز ہائی جیک ہو چکا ہے اور اب یہ انڈیا جائے گا“۔

پھر ہائی جیکر نے کیپٹن عزیر کو انڈین ایئر بیس رابطہ کر کے اُترنے کی اجازت مانگنے کا کہا ۔ کیپٹن نے بظاہر اجازت حاصل کرنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی جہاز کی سِمت بدل دی ۔ راڈار پر جہاز کی سِمت بدلتے ہی پاکستانی ایئر پورٹ ہیڈ کوارٹر میں کھلبلی مچ گئی ۔ چند منٹ بعد پاکستان ایئر فورس کے 2 فائٹر جیٹ فضا میں بلند ہوئے اور فوکر کو گھیر لیا ۔ ایئر پورٹ ہیڈ کوارٹر میں اعلی حکام کا اجلاس ہوا جس میں لائحہءِ عمل تیار کیا گیا ۔ فیصلہ ہوا کہ فوکر کو حیدرآباد (سندھ) ایئرپورٹ پر اُتارا جائے ۔ تربیت یافتہ پولیس اور فوج کے کمانڈوز کے دستے منگوا لئے گئے ۔ رینجرز کا دستہ بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا

اب اصل ڈرامہ شروع ہونے کو تھا
کیپٹن عزیر خان جان چکے تھے 2 فائٹر جیٹ جہاز کو گھیرے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بہانہ بناتے ہوۓ کہا ”ہمارے پاس ایندھن اتنا نہیں ہے کہ ہمیں دہلی لے جاسکے ۔ ہمیں قریبی ائیر پورٹ سے ایندھن لینا پڑے گا“۔
ہائی جیکرز ہر صورت جہاز دہلی لے جانا چاہتے تھے ۔ ان کے پاس نقشہ تھا ۔ انڈیا کی بھوج ائیربیس کو نقشے میں دیکھ کر آپس میں باتیں کر رہے تھے جو سُن کر کیپٹن نے کہا ”انڈیا کا بھوج ائیر بیس قریب پڑتا ہے ۔ وہاں تک جہاز جا سکتا ہے لیکن اس کیلئے انڈین ہیڈ کوارٹر سے اجازت لینا ہوگی“۔
کیپٹن عزیر جانتے تھے قریبی ایئرپورٹ حیدرآباد (سندھ) کا تھا ۔ انہوں نے رابطہ کرتے ہوئے کہا ”کیا یہ بھوج ائیر پورٹ ہے ؟ کیا آپ مجھے سن سکتے ہیں ؟ “ جواب میں کسی نے ہندی زبان میں ہائی جیکروں کے ساتھ بات کرانے کا کہا اور ہائی جیکروں نے بات شروع کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بلوچستان کی طلباء تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں ۔ جہاز میں 33 مسافر اور 5 عملہ کے لوگ ہیں ۔ وہ پاکستان کے انڈیا کے مقابلہ میں ایٹمی تجربہ کرنے کے خلاف ہیں اور پاکستانی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ وہ یہ تجربہ نہ کریں ۔ پھر جئے ہند کا نعرہ لگا کر کہا کہ وہ انڈیا کی مدد کریں گے اور پاکستان کا یہ جہاز دہلی لے جانا چاہتے ہیں ۔ انہیں بھوج ائیر بیس پر اُترنے دیں کیونکہ جہاز کو ایندھن چاہیئے

ہائی جیکروں کے ساتھ بات کرنے والا پاکستان ایئر فورس کا خصوصی تربیت یافتہ آفیسر تھا ۔ اُس نے ان کی شناخت پوچھی ۔ ہائی جیکر نے اپنے پورے نام اور پتے بتا دیئے ۔ کچھ وقفہ کے بعد ہائی جیکروں کو بتایا گیا ”پردان منتری سے بات کرنے کے بعد آپ کا مطالبہ منظور کر لیا گیا ہے اور بھوج ایئرپورٹ پر اُترنے کی اجازت ہے“۔ خوشی سے ہائی جیکروں نے جئے ہند کے نعرے لگائے ۔ دوسری جانب سے بھی جے ہند کے نعرے کی آواز آئی

کیپٹن عزیر یہ ظاہر کرنے کیلئے کہ اب وہ انڈیا کی طرف جا رہے جہاز کو حیدرآباد ایئر پورٹ پر گھماتے رہے ۔ پاکستان کے سیکورٹی افسران نے متعلقہ اداروں سے ہائی جیکروں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ۔ رات کا اندھیرہ چھا چکا تھا ۔ ہنگامی طور پر حیدرآباد ایئر پورٹ سے تمام جہاز ہٹا دیئے گئے ۔ پولیس نے ائیر پورٹ کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے ۔ حیدرآباد ایئر پورٹ پر لائٹس بند کر دی گئیں ۔ شہر کی بجلی بھی بند کر دی گئی تاکہ ہائی جیکر علاقہ نہ پہچان سکیں ۔ ایئر پورٹ کی عمارت سے پاکستان کا جھنڈا اُتار کر انڈیا کا جھنڈا لہرا دیا گیا

کچھ دیر بعد جہاز حیدر آباد ایئر پورٹ پر اُتر گیا ۔ وہاں انڈیا کا پرچم لہراتے دیکھ کر ہائی جیکروں نے پھر جئے ہند کا نعرہ لگایا ۔ کمانڈوز اور رینجرز تیار کھڑے تھے ۔ جہاز کھڑا ہوتے ہی گاڑیاں اس کے آگے کھڑی کر دیں گئیں کہ جہاز ٹیک آف نہ کرسکے ۔ ایئر پورٹ عملہ کے روپ میں انڈین آرمی کی وردی پہنے 3 پاکستانی کمانڈوز بغیر ہتھیاروں کے جہاز میں داخل ہوئے اور بات چیت کے دوران جہاز کے اندر کی صورتحال کا مکمل جائزہ لے لیا ۔ آخر ہائی جیکروں سے کہا ”آپ چِنتا نہ کریں ۔ آپ بھوج ایئر بیس پر ہیں اور محفوظ ہیں ۔ عورتوں ۔ بچوں اور ان کے ساتھی مردوں کو یہیں اُتار کر آپ دہلی پدھاریں“۔
مسافروں کے جہاز سے اُترنے کی دیر تھی کہ کمانڈوز ”اللہ اکبر“ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے ایک ہی ہلے میں دونوں دروازوں سے جہاز میں داخل ہو گئے اور ہائی جیکروں کو قابو کر کے باندھ دیا

کپیٹن عزیر اور باقی عملہ مسکراتے ہوئے جہاز سے اُتر گئے
کپیٹن عزیر کی ذہانت اور چُست فیصلہ سازی نے مُلک کو ایک عظیم نقصان سے بچا لیا
اس واقعہ کے بعد جب صحافیوں نےان سے پوچھا تو بولے ” اگر دشمن یہ سمجھتے ہیں کے ہم موت سے ڈرتے ہیں تو سُن لیں مسلمان موت سے نہیں ڈرتا اور شہادت تو مسلمان کے لئے انعام ہے“۔
ہائی جیکروں پر سول عدالتوں میں مقدمہ چلتا رہا اور پھانسی کا حُکم سنا دیا گیا لیکن حکومتِ وقت نے غیر ملکی طاقتوں کے دباؤ میں آ کر سزا روکے رکھی ۔ بالآخر ان ہائی جیکروں کو 28 مئی 2015ء کو پھانسی دے دی گئی

پاکستان کے دشمنوں کو خبر ہو کے جس وطن کے بیٹے اتنے دلیر اور جانثار ہوں اس سرزمین کو کوئی شکست نہیں دے سکتا
پاکستان اِن شاء اللہ ہمیشہ قائم و دائم رہنے کے لئے ہے

تنازعہ جموں کشمیر کی بنیاد ؟ ؟ ؟

جب برطانوی حکمرانوں نے مسلمانانِ ہِند کا مطالبہ مان لیا اور ہندوؤں کی نمائندہ سیاسی جماعت آل انڈیا کانگریس بھی راضی ہو گئی تو فیصلہ ہوا کہ ہندوستان کی تقسیم صوبوں کی بنیاد پر ہو گی جس کے مطابق 5 صوبے جہاں مسلمان اکثریت میں تھے (پنجاب ۔ سندھ ۔ سرحد ۔ بلوچستان اور بنگال) پاکستان میں شامل ہوں گے اور ریاستیں اپنی اپنی آبادی کی بنیاد پر فیصلہ کریں گی ۔ بعد میں برطانوی حکومت نے ہندوؤں کا مطالبہ مانتے ہوئے پنجاب اور بنگال کی تقسیم کا اعلان کر دیا
کافی بحث و تمحیص کے بعد فیصلہ ہوا کہ پنجاب اور بنگال کی تقسیم کیلئے کم از کم اکائی ضلع ہو گی

انگریز حکمرانوں نے پاکستان کی سرحدوں کا اعلان (ریڈ کلِف ایوارڈ) عیّاری کرتے ہوئے 14 اگست 1947ء کو نہ کیا بلکہ 3 دن بعد 17 اگست 1947ء کو کیا جس میں طے شدہ اصول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مسلم اکثریتی علاقہ جس میں ضلع گورداسپور کا بڑا علاقہ مع تحصیل پٹھانکوٹ شامل تھا بھارت کا حصہ بنا دیا ۔ اس طرح جواہر لال نہرو کی خواہش پوری ہو گئی اور بھارت کو جموں کشمیر جانے کے لئے زمینی راستہ مہیا ہو گیا ۔ اس کا دوسرا بُرا نتیجہ یہ ہوا کہ متعلقہ مُسلم اکثریتی علاقوں میں تسلّی سے اپنے گھروں میں بیٹھے مسلمانوں کا قتل عام ہوا
پٹھان کوٹ کٹھوعہ کے راستے بھارتی فوج کی سرپرستی میں راشٹریہ سیوک سَنگ ۔ ہِندُو مہاسِبھا اور اکالی دَل کے تربیت یافتہ مسلّح دستے بھاری تعداد میں جموں میں داخل ہونا شروع ہو گئے
سُنا گیا تھا کہ متفقہ اصول کے خلاف اس غلط فیصلہ کا سبب ہندوستان میں آخری وائسرائے لارڈ مؤنٹ بیٹن کی بیوی اور جواہر لال نہرو کی گہری دوستی تھی جس کی جھلکیاں یہاں کلِک کر کے دیکھی جا سکتی ہیں

کچھ تاریخی حقائق ۔
1947ء سے قبل ہونے والی مردم شماری کے مطابق صوبہ پنجاب کے 7 ایسے شہر تھے جن کی آبادی 100000 سے زیادہ تھی ۔ لاہور 630000 ۔ امرتسر 390000 ۔ راولپنڈی ۔ ملتان ۔ سیالکوٹ ۔ لُدھیانہ اور جالندھر کی آبادی 100000 اور 200000 کے درمیان تھی ۔ punjab-religions-19411 ان سب میں مسلمان اکثریت میں تھے ۔ صرف راولپنڈی شہر اور جالندھر شہر میں سارے غیر مُسلموں کو جمع کیا جائے تو اُن کی اکثریت بن جاتی تھی ۔ یہ شہروں کے اعداد و شمار ہیں ضلعوں کے نہیں ۔ ان سب ضلعوں میں مسلمان بھاری اکثریت میں تھے

پورے صوبہ پنجاب میں مسلمان 53 فیصد ۔ ہندو 30 فیصد ۔ سکھ 6ء14 فیصد ۔ عیسائی 4ء1 فیصد اور باقی 1 فیصد تھے

صوبہ پنجاب کو 5 حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا تھا ۔ (1) مغربی حصہ (سبز اور گہرا سبز) 80 سے 90 فیصد مسلمان ۔ (2) وسط مغربی حصہ (سیاہی مائل سبز) 60 فیصد کے قریب مسلمان اور سکھ بڑی اقلیت تھے ۔ (3) وسطی مشرقی حصہ (نیلا اور گہرا نسواری) مسلمان اکثریت میں تھے لیکن تمام غیر مُسلموں کو جمع کیا جائے تو 50 فیصد سے کچھ زیادہ ہو جاتے تھے ۔ (4) جنوب مشرقی حصہ ( براؤن اور سرخی مائل براؤن) ۔ اب ہریانہ کہلاتا ہے ۔ اس میں ہندو معمولی اکثریت میں تھے اور سکھ بہت کم تھے ۔ دہلی بھی اس میں شامل ہے ۔ (5) شمال مشرقی حصہ (سُرخ اور گہرا سُرخ) ۔ اب ہماچل پردیش کہلاتا ہے ہندو اکثریتی علاقہ تھا ۔
greater-punjab-religions-today
ریڈ کلِف ایوارڈ جس کا اعلان 14 اگست کے چند دن بعد (17 اگست ) ہوا کے ذریعہ تمام متفقہ اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مندرجہ ذیل تقسیم کی گئی
(1) مغربی پنجاب جو پاکستان کو دیا گیا (سبز)
(2) مشرقی پنجاب جو بھارت کو دیا گیا (سبز چھوڑ کر باقی سارا)
مصنّف لکھتا ہے
“To my eyes, this looks like an extremely favorable result for India. No Hindu/Sikh majority district went to Pakistan, while several swaths of Muslim majority territory ended up in Indian hands.”
تفصیل یہاں کلِک کر کے پڑھی جا سکتی ہے