Category Archives: معلومات

آج کے دن 83 سال قبل

دنیا بھر میں جموں کشمیر کے رہنے والے آج یوم شہدائے کشمیرمنارہے ہیں ۔ تاریخ کا ایک ورق پیشِ خدمت ہے

ڈوگرہ مہاراجوں کا دور جابرانہ اور ظالمانہ تھا ۔ مسلمانوں کو نہ تحریر و تقریر کی آزادی تھی نہ دِینی اور سماجی سرگرمیوں کی ۔ مگر مہاراجہ ہری سنگھ نے تو اِنتہا کر دی ۔ لاؤڈ سپیکر پر اذان اور جمعہ اور عیدین کے خطبہ پر بھی پابندی لگا دی گئی ۔ اس پر پوری ریاست میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ۔ بزرگوں نے جوان قیادت کو آگے لانے کا فیصلہ کیا ۔ اتفاق رائے کے ساتھ جموں سے چوہدری غلام عباس ۔ سردار گوہر رحمان (ہمارے خاندان سے) ۔ شیخ حمید اللہ وغیرہ اور کشمیر سے شیخ محمد عبداللہ ۔ یوسف شاہ (موجودہ میر واعظ عمر فارو‍ق کے دادا) ۔ غلام نبی گُلکار وغیرہ کو چنا گیا

26 جون 1931ء کو سرینگر کی مسجد شاہ ہمدان میں جموں کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوا جس میں 50000 مسلمانوں نے شرکت کی ۔ جب لیڈر حضرات آپس میں مشورہ کر رہے تھے تو ایک شخص (جسے کوئی نہیں پہچانتا تھا) نے اچانک سٹیج پر چڑھ کر بڑی ولولہ انگیز تقریر شروع‏ کر دی ۔اور آخر میں کہا ”مسلمانوں اِشتہاروں اور جلسوں سے کچھ نہیں ہوگا اُٹھو اور مہاراجہ ہری سنگھ کے محل کی اینٹ سے اینٹ بجا دو“ ۔ اُسے گرفتار کر لیا گیا ۔ اس شخص کا نام عبدالقدیر تھا وہ امروہہ کا رہنے والا تھا جو یوپی ہندوستان میں واقع ہے اور ایک انگریز سیاح کے ساتھ سرینگر آیا ہوا تھا

عبدالقدیر کے خلاف مقدمہ کی سماعت 13 جولائی 1931ء کو سرینگر سینٹرل جیل میں ہو رہی تھی ۔ مسلمانوں کو خیال ہوا کہ باہر سے آیا ہوا ہمارا مسلمان بھائی ہماری وجہ سے گرفتار ہوا ہے ۔ 7000 کے قریب مسلمان جیل کے باہر جمع ہوگئے ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ انہیں مقدمہ کی کاروائی دیکھنے دی جائے ۔ ڈوگرہ حکمرانوں نے اس کی اجازت نہ دی جس پر تکرار ہو گئی اور ہندو آفیسر نے بغیر وارننگ دیئے پولیس کو گولی چلانے کا حکم دے دیا ۔ 22 مسلمان شہید اور بہت سے زخمی ہوئے
شہید ہونے والے ایک شخص نے یہ آخری الفاظ شیخ عبداللہ سے کہے “ہم نے اپنا کام کر دیا اب آپ اپنا کام کریں”۔
اسی شام جموں کے چوہدری غلام عباس ۔ سردار گوہر رحمان ۔ مولوی عبدالرحیم اور شیخ یعقوب علی اور کشمیر کے شیخ محمد عبداللہ اور خواجہ غلام نبی گُلکار کو گرفتار کر لیا گیا

اس کے نتیجہ میں غلامی کا طوق جھٹک دینے کے لئے جموں سے ایک زور دار تحریک اُٹھی اور جموں کشمیر کے شہروں ۔ قصبوں اور دیہات میں پھیل گئی ۔ اس تحریک کے سربراہ چوہدری غلام عباس تھے ۔ پھر 1932ء میں پہلی سیاسی جماعت آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس تشکیل دی گئی ۔ شیخ محمد عبداللہ اس کے صدر اور چوہدری غلام عباس جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ۔ یہ تحریک پورے جوش و خروش سے جاری رہی جس کے نتیجہ میں مہاراجہ ہری سنگھ جمہوری نظام قائم کرنے پر مجبور ہوا اور 1934ء میں دستور ساز اسمبلی بنا دی گئی ۔ گو یہ مکمل جمہوریت نہ تھی پھر بھی مسلمانوں کے کچھ حقوق بحال ہوئے ۔ 1934ء ۔ 1938ء ۔ 1939ء اور 1947ء میں اس اسمبلی کے پورے جموں کشمیر میں انتخابات ہوئے جن میں آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس 80 فیصد یا زائد نشستیں لے کر کامیاب ہوتی رہی

سبحان اللہ و اللہ اکبر

ہمارے ملک میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری ہے ۔ متاءثرہ علاقے سے بے گھر ہونے والے لاکھوں مرد عورتیں اور بچے پوری قوم کی مدد کے حقدار اور منتظر ہیں
ہمارے لیڈر کروڑوں روپیہ خرچ کر کے ریلیوں اور جلسوں کا بندوبست کرتے ہیں تاکہ دوسروں میں برسرِ عام کیڑے نکال سکیں
اور ان کے پیروکار سوشل میڈیا پر دوسروں کو گالیاں دیتے اور قومی اصولوں کے بخیئے اُدھڑتے نہیں تھکتے
میرے ہموطن لیڈروں اور اُن کے پیروں کاروں کی یہ کیسی حب الوطنی ہے ؟

محبِ وطن کیسے ہوتے ہیں ؟
اور مسلمان کیسے ہوتے ہیں ؟
بلاشُبہ سب تعریفیں اللہ ہی کے واسطے ہیں اور وہی اپنے بندوں کا رکھوالا ہے
وہی زندگی اور موت دینے والا ہے
یہاں کلِک کر کے دیکھیئے کہ کیسی قوم کامیاب ہو گی (غزہ کی حالیہ وڈیو)

دیکھیئے اور سوچیئے

یہاں کلِک کر کے وِڈیو میں ذرا غور سے دیکھیئے کہ اس میں کون لوگ ہیں ؟
وڈیو لگانے والے کا دعوٰی ہے کہ پاکستانی طالبان اور اُن کے ساتھی ہیں

یہ تصویر ہے امریکی شہریت رکھنے والے ایک مسلمان لڑکے کی جسے اسرائیلی فوجیوں نے مار مار کے حشر کیاامریکی جسے اسرائلیون نے مارا
اس پر امریکہ نے اسرائیل سے صرف احتجاج کیا ہے
اگر یہ واقعہ کسی مسلمان مُلک میں ہوا ہوتا تو اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل اب تک اُس ملک پر معاشی پابندیاں عائد کر چکی ہوتی
اور ان پابندیوں پر عمل نہ کرنے والے ممالک کو امریکہ وارننگ بھی دے چکا ہوتا

اور یہاں کلِک کر کے وِڈیو میں دیکھیئے کہ اسرائیلی فوجی کیا کارنامہ سرانجام دے رہے ہیں
وہ اسرائیل جسے امریکہ ہر سال 3 ارب ڈالر امداد بلکہ خیرات دیتا ہے
وہ اسرائیل مسلمان عورتوں اور بچوں کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے
اور پھر امریکی حکومت کا دعوٰی ہے کہ اسرائیل بہترین جمہوریت ہے

رمضان کریم

سب مُسلم محترم بزرگوں ۔ بہنوں ۔ بھائيوں اور پيارے بچوں بالخصوص قارئین اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمت ميں رمضان کريم مبارک
اللہ الرحمٰن الرحيم آپ سب کو اور مجھے بھی اپنی خوشنودی کے مطابق رمضان المبارک کا صحیح اہتمام اور احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے

روزہ صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک بھوکا رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ کے احکام پر مکمل عمل کا نام ہے ۔ اللہ ہمیں دوسروں کی بجائے اپنے احتساب کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں حِلم ۔ برداشت اور صبر کی عادت سے نوازے

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کا حُکم

سورت 2 ۔ البقرہ ۔ آيات 183 تا 185
اے ایمان والو فرض کیا گیا تم پر روزہ جیسے فرض کیا گیا تھا تم سے اگلوں پر تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ
چند روز ہیں گنتی کے پھر جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا مسافر تو اس پر ان کی گنتی ہے اور دِنوں سے اور جن کو طاقت ہے روزہ کی ان کے ذمہ بدلا ہے ایک فقیر کا کھانا پھر جو کوئی خوشی سے کرے نیکی تو اچھا ہے اس کے واسطے اور روزہ رکھو تو بہتر ہے تمہارے لئے اگر تم سمجھ رکھتے ہو
‏ مہینہ رمضان کا ہے جس میں نازل ہوا قرآن ہدایت ہے واسطے لوگوں کے اور دلیلیں روشن راہ پانے کی اور حق کو باطل سے جدا کرنے کی سو جو کوئی پائے تم میں سے اس مہینہ کو تو ضرور روزے رکھے اسکے اور جو کوئی ہو بیمار یا مسافر تو اس کو گنتی پوری کرنی چاہیے اور دِنوں سے اللہ چاہتا ہے تم پر آسانی اور نہیں چاہتا تم پر دشواری اور اس واسطے کہ تم پوری کرو گنتی اور تاکہ بڑائی کرو اللہ کی اس بات پر کہ تم کو ہدایت کی اور تاکہ تم احسان مانو

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے رمضان کی فضيلت سورت ۔ 97 ۔ القدر ميں بيان فرمائی ہے

بیشک ہم نے اس (قرآن) کو شبِ قدر میں اتارا ہے
اور آپ کیا سمجھے ہیں (کہ) شبِ قدر کیا ہے
شبِ قدر (فضیلت و برکت اور اَجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے
اس (رات) میں فرشتے اور روح الامین (جبرائیل) اپنے رب کے حُکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اُترتے ہیں
یہ (رات) طلوعِ فجر تک (سراسر) سلامتی ہے

ہم کیا کھاتے ہیں ؟

مہمان آئے ۔ میری طبیعت ٹھیک نہ تھی ۔ ملازم کو بھیجا ۔ وہ ایک لیٹر والے والز آئس کریم کے دو ڈبے لے آیا ۔ میرے سوا سب نے کھائی ۔ کچھ بچ گئی تھی ۔ دوسرے دن بیگم کھانے کیلئے ڈبے کے ساتھ باریک تہہ کو چمچہ سے اُتارنے لگی تو وہ آئس کریم عجیب طرح کی سخت ہو چکی تھی اور نہ اُتری نہ گرم ہونے سے پگلی ۔ حقیقت یہ ہے کہ والز آئس کریم میں نہ کریم ہوتی ہے اور نہ دودھ ۔ نجانے کن چیزوں کو ملا کر اسے دودھ کی نقلی شکل دی جاتی ہے ۔ ایسی اشیاء انسانی صحت کیلئے مضر ہوتی ہیں

میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ میں کوئی مصنوئی چیز نہ کھاؤں نہ پیئوں ۔ مصنوئی سے مراد ہے جو قدرتی نہ ہو مگر قدرتی چیز کی نقل بنائی گئی ہو جیسے ایوری ڈے مِلک جسے لوگ خالص دودھ سمجھتے ہیں ۔ والز آئس کریم اور چھوٹی ڈبیوں میں ڈرِنک جسے بیچنے اور خریدنے والے دونوں جوس (juice) کہتے ہیں ۔ میں ہیکو (Hico) آئس کریم کھاتا ہوں جو دودھ سے بنائی جاتی ہے اور اصلی جوس پیتا ہوں

دوسرے ممالک میں جو بھی صنعتی چیز بیچی جاتی ہے اس کی ڈبیہ یا بوتل پر اس کے مکمل اجزاء لکھنا لازم ہوتا ہے ۔ ایسا نہ کرنے والے کو اچھی خاصی سزا دی جاتی ہے ۔ ہمارے ہاں کوئی جو چاہے بیچے ۔ پوچھنے والا کوئی نہیں اور خرید کرنے والے بھی غیرملکی کمپنی یا ٹی وی کا اشتہار دیکھ کر خرید کرتے ہیں ۔ ایسا صرف اَن پڑھ نہیں کرتے ۔ پڑھے لکھے بھی برابر کے شریک ہیں بلکہ پڑھے لکھے غیر ملکی نام دیکھ کر عقل بند کر کے خرید لیتے ہیں ۔ انہیں لاہوری دیگی چرغہ والوں کا باورچی خانہ گندا لگتا ہے مگر کے ایف سی ۔ پیزا ہَٹ ۔ میکڈانلڈ وغیرہ کا صاف ستھرا ۔ حالانکہ وہ کسی کے باورچی خانہ میں کبھی گئے نہیں ہوتے

ڈاکٹر طاہرالقادری ۔ وضاحت

وجدان عالم صاحب نے ایک تحریر شائع کی ہے جس میں میرا ذکر ہونے اور تحریر میں کچھ تشنگی ہونے کے باعث کچھ وضاحت کی ضرورت پیشِ آئی ۔ میں نے جو تحریر چند اصحاب کو بھیجی وہ میری نہیں ہے ۔ وہ میں نے یہاں سے نقل کی تھی ۔ قارئین اس ویب سائٹ کو ضرور دیکھیں تا کہ حقیقت سے آشنا ہو سکیں ۔ اس میں ڈاکٹر طاہر القادری کی تقاریر کی وڈیوز اور کئی حوالے بھی شامل ہیں

میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے زورِ بیان کی وجہ سے اُن سے بہت متاءثر تھا ۔ 1990ء میں واہ چھاؤنی کی جامع مسجد میں اُن کو سُننے اور دیکھنے کے بعد میں نے اُن کی معلومات کی تصدیق کیلئے تحقیق شروع کی ۔ اُس کے بعد ہر دن مجھے اُن سے دُور لیتا گیا اور اُن کا لکھا قرآن شریف کا ترجمہ اُونٹ کی کمر پر آخری چھلنی ثابت ہوا ۔ اس کا ایک ہلکا سا مشاہدہ حاضر ہے

سورت 2 البقرہ آیت 9 ۔ یُخٰدِعُوۡنَ اللّٰہَ وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا ۚ وَ مَا یَخۡدَعُوۡنَ اِلَّاۤ اَنۡفُسَہُمۡ وَ مَا یَشۡعُرُوۡنَ

ترجمہ ہے ۔ وہ اللہ تعالٰی اور ایمان والوں کو دھوکا دیتے ہیں لیکن دراصل وہ خود اپنے آپ کو دھوکا دے رہے ہیں مگر سمجھتے نہیں

طاہرالقادری لکھتے ہیں ۔ وہ اللہ کو (یعنی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو) اور ایمان والوں کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں مگر (فی الحقیقت) وہ اپنے آپ کو ہی دھوکہ دے رہے ہیں اور انہیں اس کا شعور نہیں ہے
اپنے استدلال کی تفصیل بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں ۔ اس مقام پر مضاف محذوف ہے جو کہ رسول ہے یعنی یُخٰدِعُونَ اﷲَ کہہ کر مراد یُخٰدِعُونَ رَسُولَ اﷲِ لیا گیا ہے۔ اکثر ائمہ تفسیر نے یہ معنی بیان کیا ہے۔ بطور حوالہ ملاحظہ فرمائیں تفسیر القرطبی، البیضاوی، البغوی، النسفی، الکشاف، المظھری، زاد المسیر، الخازن وغیرہ

مجھے تلاش کے بعد اسلام آباد میں الھدٰی انٹرنیشنل کی لائبریری میں صرف تفسیر المظھری ملی ہے جس کے متعلقہ صفحہ کا عکس یہ ہے ۔ اس میں تو ڈاکٹر طاہرالقادری کا استدلال کہیں نظر نہیں آتا
المظھری

ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب اور تحریکِ انصاف کی ڈاکٹر شیریں مزاری صاحبہ کو ٹی وی پر کہتے میں نے خود سُنا کہ ”گلو بٹ مسلم لیگ ن کا کارندہ اور نواز اور شہباز کا پالتو ہے“۔ اگر یہ دونوں سچے ہیں تو پھر یہ کیا ہے ؟
Gullu Butt 1
Gullu Butt 2