Category Archives: روز و شب

ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات

اسلام آباد کے سیکٹر آئی 9 میں گھر سے باہر کھیلتی ہوئی ماشاء اللہ ہونہار بچیذہین اور ہُنرمند بچیوں کو دیکھیئے کیسے شامیانہ بنایا ہے ۔ ہمارے مُلک کے بچے ماشاء اللہ ذہین اور ہُنرمند ہیں ۔ انہیں صرف مناسب رہبری کی ضرورت ہے اپنے گھر میں اور سکول میں بھی اور باقی ہموطنوں سے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔ علامہ اقبال نے سچ کہا تھا
نہیں ہے نا امید اقبال اپنے کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی

سوچ کا ایک زاویہ

حنیف کے گھر کے قریب ایک بیکری تھی ۔ حنیف اکثر شام کے وقت کام سے واپسی پر وہاں سے صبح ناشتے کے لئے کچھ سامان لے کے گھر جاتا تھا ۔ ایک دن حنیف سامان لے کے بیکری سے باہر نکل رہا تھا کہ اُس کا پڑوسی عرفان مل گیا ۔ وہ بھی بیکری سے باہر آرہا تھا ۔ حنیف نے سلام کے بعد پوچھا “کیا لے لیا عرفان بھائی؟”
عرفان “کچھ نہیں بھائی ۔ چکن پیٹس اور جلیبیاں بیگم اور بچوں کے لئے”
حنیف ہنستے ہوئے “کیوں ؟ آج کیا بھابھی نے کھانا نہیں پکایا ؟”
عرفان “نہیں نہیں بھائی ۔ یہ بات نہیں ہے ۔ دراصل آج دفتر میں شام کے وقت کچھ بھوک لگی تھی تو ساتھیوں نے چکن پیٹس اور جلیبیاں منگوائیں ۔ میں نے وہاں کھائے تھے تو سوچا بیچاری گھر میں جو بیٹھی ہے وہ کہاں کھانے جائے گی ۔ اس کے لئے بھی لے لوں ۔ یہ تو مناسب نہ ہوا نا کہ میں خود تو آفس میں جس چیز کا دل چاہے وہ کھالوں اور بیوی بچوں سے کہوں کہ وہ جو گھر میں پکے صرف وہی کھائیں”
حنیف حیرت سے عرفان کا منہ تکتے ہوئے بولا “اس میں حرج ہی کیا ہے عرفان بھائی ۔ آپ اگر دفتر میں کچھ کھاتے ہیں تو بھئی بھابھی اور بچوں کو گھر میں جس چیز کا دل ہوگا کھاتے ہوں گے”
عرفان “نہیں نہیں بھائی ۔ وہ بیچاری تو اتنی سی چیز بھی ہوتی ہے میرے لئے الگ رکھتی ہے ۔ یہاں تک کہ اڑوس پڑوس سے بھی اگر کوئی چیز آئے تو اس میں سے پہلے میرا حصّہ رکھتی ہے بعد میں بچوں کو دیتی ہے ۔ اب یہ تو خود غرضی ہوئی نا کہ میں وہاں دوستوں میں گل چھڑے اڑاؤں”
حنیف نے حیرت سے کہا “گل چھڑے اڑاؤں ۔ یہ چکن پیٹس ۔ یہ جلیبیاں ۔ یہ گل چھڑے اُڑانا ہے عرفان بھائی؟ اتنی معمولی سی چیزیں”
عرفان ” کچھ بھی ہے حنیف بھائی ۔ مجھے تو ڈر لگتا ہے کہ آخرت میں کہیں میری اسی بات پر پکڑ نہ ہو کہ کسی کی بہن بیٹی بیاہ کے لائے تھے ۔ خود دوستوں میں مزے کر رہے تھے اور وہ بیچاری گھر میں بیٹھی دال کھارہی تھی ۔ دیکھئے ۔ ہم جو کسی کی بہن بیٹی بیاہ کے لاتے ہیں نا ۔ وہ بھی ہماری طرح انسان ہوتی ہے ۔ اسے بھی بھوک لگتی ہے ۔ اس کی بھی خواہشات ہوتی ہیں ۔ اس کا بھی دل کرتا ہے طرح طرح کی چیزیں کھانے کو ۔ پہننے اوڑھنے کا ۔گھومنے پھرنے کا ۔ اسے گھر میں پرندوں کی طرح بند کردینا اور دو وقت کی روٹی دے کے اِترانا کہ بڑا تیر مارا ۔ یہ انسانیت نہیں ۔ یہ خود غرضی ہے اور پھر ہم جیسا دوسرے کی بہن اور بیٹی کے ساتھ کرتے ہیں وہی ہماری بہن اور بیٹی کے ساتھ ہوتا ہے”
ان کے آخری جُملے نے حنیف کو ہلا کے رکھ دیا کیونکہ اُس نے کبھی اس انداز سے سوچا نہیں تھا ۔ بولا ” آفرین ہے عرفان بھائی ۔ آپ نے مجھے سوچنے کا ایک نیا زاویہ دیا ”
حنیف واپس پلٹا تو عرفان بولا” آپ کہاں جارہے ہیں؟”
حنیف نے کہا” آئسکریم لینے ۔ وہ آج دوپہر میں نے آفس میں آئسکریم کھائی تھی”

مہنگائی کیوں ؟

مہنگائی کا شور شرابا بہت ہوتا ہے لیکن اسے کم کرنے کا سوچنا ہم اپنے ذمہ نہیں سمجھتے
عام آدمی کے متعلق کہا جا تا ہے کہ اُسے روٹی کمانے سے فرصت نہیں مُلک کا کیا سوچے
جنہیں عام آدمی بڑی دھوم دھام سے ووٹ دے کر اسمبلیوں میں بھیجتے ہیں اُنہیں مُلک کے سارے حالات کا عِلم ہوتا ہے مگر وہ معیشت کو درست کرنے کی بجائے جھوٹے نعروں اور وعدوں سے اپنے ووٹ زیادہ کرنے کی کوشش میں ہوتے ہیں
جو مُنتخب نہ ہوں یا ہو بھی جائیں مگر حکومت میں نہ ہوں اُن کا وطیرہ حکومت کے ہر اچھے یا بُرے کام کی مخالفت ہوتا ہے اور اپنی مخالفت کو زور دار بنانے کیلئے جلسے جلوس اور توڑ پھوڑ کرواتے ہیں کیونکہ اس سے اُنہیں خاص نقصان نہیں ہوتا

معاشی بدحالی کی دوسری بڑی وجہ چوری ہے یعنی ۔ بجلی ۔ گیس اور نہری یا پینے کے پانی کی چوری ۔ ان چوریوں کو روکنا مشکل اسلئے ہے کہ چوری کرنے والے سرکاری اہلکاروں یا عوام کے منتخب کردہ نمائیندوں کے پروردہ ہوتے ہیں

معاشی بدحالی کی تیسری بڑی وجہ ہے ٹیکس چوری یعنی ہم اللہ سے بھی نہیں ڈرتے اور برملا جھوٹ بولتے ہوئے اپنی اصل آمدن سے بہت کم بتاتے ہیں

معاشی بدحالی کی چوتھی بڑی وجہ رشوت ستانی ہے جس کا شور ہم بہت کرتے ہیں لیکن خود رشوت دے کر اپنے غلط کام کرواتے ہیں ۔ حتٰی کہ ایف 8 کے قومی بچت مرکز جہاں آدمی 5 سے 20 منٹ میں پیسے لے کر چلا جاتا ہے میں نے دیکھا ہے کہ چند سوٹِڈ بُوٹِڈ حضرات چپڑاسی کو پیسے دے کر کام جلدی کرواتے ہیں

معاشی بدحالی کی پانچویں بڑی وجہ ۔ جلوس نکلے ۔ توڑ پھوڑ ہو یا ہڑتال ہو ۔ ان کی وجہ سے جو نقصان ہوتا ہے اُس کا ازالہ کرنے کیلئے حکومت جو اخراجات کرتی ہے وہ ٹیکسوں کے ذریعہ عوام نے ہی دینا ہوتے ہیں

معاشی بدحالی کی چھٹی بڑی وجہ ۔ احتجاجوں ۔ ہڑتالوں وغیرہ کے نتیجہ میں ماضی میں کئی سرکاری اداروں اور حکمرانوں نے غلط مطالبات ماننے کی وجہ سے مُلک اور قوم کو جو لگاتار بھاری نقصان ہو رہا ہے اُس کی مثال تمام سرکاری کارخانے یا کمرشل ادارے ہیں جو کسی زمانے میں فعال ہوا کرتے تھے اور اب سب کے سب نقصان میں چل رہے ہیں ۔ بجائے اس کے کہ وہ منافع کما کر مُلکی معیشت کو بہتر بنائیں اُلٹا ہر سال اربوں روپے ان کی امداد کرنا پڑتی ہے تاکہ چلتے رہیں ۔ یہ اربوں روپیہ بھی عوام پر ٹیکس لگا کر ہی پورا کرنا پڑتا ہے یا پھر اُدھار لے کر جسے ادا کرنے کیلئے بھی عوام پر ٹیکس لگانا پڑتا ہے

مُلکی معیشت کی زبوں حالی کا سبب اداروں میں سے نمونے کے طور پر 2 مثالیں

میں نے ایک سرکاری ادارے کے جس کارخانے میں ملازمت کی اُس کی منیجمنٹ 1975ء تک یہ تھی ۔ جنرل منیجر (گریڈ 19) ایک عدد ۔ منیجر (گریڈ 18) 3 عدد ۔ اسسٹنٹ منیجر (گریڈ 17) 9 عدد ۔ ان کے ماتحت فورمین ۔ اسسٹنٹ فور مین اور چارج مین اسی تناسب سے
1976ء میں جب پرانے افسران وہاں سے تبدیل کئے جا چکے تھے اور نہ کارخانہ بڑا ہوا نہ پیداوار (پروڈکشن) زیادہ ہوئی لیکن نفری بڑھنے لگی اور چند سالوں میں ہو گئے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر (گریڈ 20) ایک عدد ۔ جنرل منیجر (گریڈ 19) 3 عدد ۔ منیجر (گریڈ 18) 7 عدد ۔ اسسٹنٹ منیجر (گریڈ 17) 22 عدد ۔ اس کے علاوہ فورمین ۔ اسسٹنٹ فورمین اور چارجمین بھی اسی تناسب سے

آجکل پی آئی اے کا بہت شور شرابا ہے ۔ پی آئی اے 1971ء تک بہت فعال ادارہ تھا اور قوم کیلئے منافع کما رہا تھا ۔ اس کا جو حال اب ہو چکا ہے وہ ملاحظہ فرمایئے
PIA Fact Sheet

دکھاتا ہے آسماں رنگ کیسے کیسے

طارق سرمد صاحب نے 22 مئی 2013ء کو لکھا

آج سے پورے 22 سال قبل 22 مئی 1991ء کو میں نے اپنے قیاس سے بہت کم گہرے پانی میں چھلانگ لگائی جس کے نتیجہ میں زندگی بھر کیلئے اپاہج ہو گیا لیکن یہ واقعہ مجھے مذہب کی دنیا میں لے گیا ۔ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ میں زندہ نہیں رہوں گا اور شاید میں ہسپتال تک بھی زندہ نہ پہنچنے پاؤں گا ۔ منطقی طور پر میری موت کے آثار بہت زیادہ تھے

اب ماضی کی طرف دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ میں واقعی مر گیا تھا ۔ معجزہ یہ ہوا کہ میں دوسری بار بطور ایک بالکل مُختلِف فرد کے پیدا ہوا ۔ صرف پانی میں چھلانگ لگانے والے لمحہ نے مجھے زندگی کو ایک بالکل مُختلِف رنگ میں دکھایا ۔ مجھے بہت سخت لمحات میں سے گذرنا پڑا اور اب بھی گذر رہا ہوں ۔ شاید اب پہلے سے زیادہ لیکن اُس واقعہ کے سبب مجھ پر مندرجہ ذیل انکشافات ہوئے

1 ۔ اللہ موجود ہے
2 ۔ مجھے اتنے زیادہ لوگ چاہتے ہیں
3 ۔ زندگی کچھ حاصل کر لینے کیلئے بہت چھوٹی ہے اور جب تک سانس اور سوچ باقی ہے زندگی کی ممکنات لاتعداد ہیں
4 ۔ میں وہیل چیئر پر بھی اتنا کچھ کر سکتا ہوں کہ میری زندگی اس کا آدھا بھی حاصل کرنے کیلئے کم ہے چنانچہ جو پاس نہیں اور جو حاصل نہیں کر پائے اس کی شکائت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ۔ اپنی توجہ صرف جو پاس ہے اور جو آپ کر سکتے ہیں پر مرکوز رکھی جائے تو
اللہ کی عنائت و کرم کا احساس ہوتا ہے
5 ۔ بہت سے لوگ ساری زندگی شکوے شکائتوں میں گذار دیتے ہیں ۔ میں اِن کی سوچ کو بدل کر انہیں شاکی سے تحصیل کنندہ بنانے کا سبب بنوں
6 ۔ مشکلات بڑی نہیں ہوتیں ۔ ہم کسی وقت چھوٹے بن جاتے ہیں
7 ۔ دنیا میں کوئی عمل ناممکن نہیں ہے
8 ۔ اپنی استداد سے زیادہ محنت کرنے میں زندگی گذارنا ہی اصل زندگی ہے
9 ۔ جو لوگ اپنی قسمت خود بناتے ہیں وہی کامیاب ہوتے ہیں اور جو دوسروں کی مدد یا قسمت کی طرف دیکھتے رہتے ہیں وہ ہمشہ انتظار ہی کرتے رہتے رہتے ہیں
10 ۔ زندگی کیسی بھی ہو اچھی ہوتی ہے

کبھی کبھی میں سوچتا ہوں کاش ان باتوں کا احساس مجھے میرے حادثہ سے قبل ہو جاتا ۔ کبھی میں سوچتا ہوں کہ کیا حادثہ میری زندگی میں پیش آنے والی بہترین چیز تھی ۔ کبھی میں سوچتا ہوں کہ آدمی اپنی زندگی کی قدر کرنا کب سیکھے گا اور اس کیلئے حادثوں کا انتظار نہیں کرے گا

یہ میرا مسئلہ نہیں ؟

یہ کہانی 22 جنوری 2016ء کی تحریر کا تتمّہ ہے
کسان اور اس کی بیوی بازار سے ڈبے میں کچھ لے کر آئے ۔ معلوم کرنے کیلئے کہ وہ کھانے کیلئے کیا لائے ہیں ایک چوہے نے دیوار میں سوراخ سے دیکھا ۔ کھانے کی چیز کی بجائے چوہے دان دیکھ کر اُس کی جان ہی نکل گئی

وہ بھاگا بھاگا گیا اور مُرغی سے کہا “کسان چوہے دان لایا ہے”۔
مرغی نے چوہے کی بات مسترد کرتے ہوئے کہا “یہ تمہارا مسئلہ ہے ۔ مجھے کوئی پریشانی نہیں”۔

چوہا دوڑتا ہوا بکری کے پاس پہنچا اور کہا “کسان چوہے دان لایا ہے”۔
بکری نے چوہے سے کہا “مجھے تمہارے ساتھ ہمدردی ہے مگر میں اس کیلئے پریشان نہیں ہوں”۔

پریشان حال چوہے نے گائے کے پاس جا کر دوہرایا “کسان چوہے دان لایا ہے”۔
گائے نے کہا ”میں تمہارے لئے دعا کروں گی مگر میری تو چوہے دان میں ناک بھی نہیں گھستی”۔

چوہا بد دل ہو کر سر لٹکائے اپنے بِل میں جا کر گر پڑا اور سوچتا رہا کہ جب بھی وہ کسان کے گھر کچھ کھانے جائے گا چوہے دان میں پھنس جائے گا

اگلی رات کسان کے گھر کڑاک کی آواز آئی ۔ کسان کی بیوی اندھیرے ہی میں دیکھنے گئی کہ چوہا پکڑا گیا ہے ۔ اسے کسی چیز نے کاٹ لیا ۔ دراصل چوہے دان میں ایک گذرتے ہوئے سانپ کی دم پھنس گئی تھی ۔ بیوی کی چیخ و پکار سن کر کسان دوڑا آیا ۔ صورتِ حال دیکھ کر وہ بیوی کو ہسپتال لے گیا جہاں اسے ٹیکا لگایا گیا اور کہا کہ اسے مرغی کی یخنی پلائی جائے ۔ کسان نے اپنی مرغی ذبح کر کے بیوی کیلئے یخنی بنا دی ۔ بیوی یخنی پیتی رہی مگر اسے کئی دن بخار رہا ۔ اس کی علالت کا سن کر قریبی رشتہ دار مزاج پرسی کیلئے آئے ۔ ان کے کھانے کیلئے کسان نے بکری ذبح کر ڈالی ۔ کچھ دن بعد کسان کی بیوی فوت ہو گئی تو بہت سے لوگ تدفین اور افسوس کرنے کیلئے آئے ۔ انہیں کھانا کھلانے کیلئے کسان نے گائے کو ذبح کیا

چوہا دیوار میں سوراخ سے یہ سب کچھ نہائت افسوس کے ساتھ دیکھتا رہا

یاد رہے کہ جب بھی ہم میں سے کوئی پریشانی میں مبتلا ہو تو سب کو اس کی مدد کرنا چاہیئے ۔ اسی عمل کا نام انسانیت ہے ۔ کون جانے کل ہم میں سے کس کی باری ہو گی