Category Archives: روز و شب

نوابزادہ لیاقت علی خان پر بُہتان تراشی

جب پاکستان بنا تو میری عمر 10 سال تھی ۔ اسلئے کچھ باتیں اور واقعات میرے ذاتی علم میں بھی ہیں لیکن یہ معاملہ ہمہ گیر قومی نوعیت کا ہے اس لئے میں اپنے ذہن کو کُریدنے کے علاوہ مُستند تاریخی کُتب کا مطالعہ کرنے پر مجبور ہوا

ایک حقیقت جو شاید دورِ حاضر کی پاکستانی نسل کے علم میں نہ ہو یہ ہے کہ محمد علی جوہر اور ساتھیوں کی کاوش سے مسلم لیگ 1906ء میں وقوع پذیر ہوئی اور علامہ محمد اقبال اور نوابزادہ لیاقت علی خان کی مسلسل محنت و کوشش نے اِسے پورے ہندوستان کے شہر شہر قصبے قصبے میں پہنچایا ۔ اسی لئے قائد اعظم کے علاوہ نوابزادہ لیاقت علی کو بھی معمار پاکستان کہا جاتا تھا اور اب بھی کہنا چاہیئے

سُنا گیا ہے کہ شہدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی کو ”نوابزادہ“ کہنا بلاجواز ہے اور یہ کہ وہ اداروں کو ذاتی استعمال میں لائے
شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کو پنجاب کے علاقہ کرنال کے ایک زمیندار اور نواب رُستم علی خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے نوابزادہ کہا جاتا تھا ۔ اگر شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان اداروں کو اپنے مفاد میں استعمال کر رہے ہوتے تو کرنال (بھارت کے حصہ میں آنے والے پنجاب) میں اپنی چھوڑی ہوئی زمینوں کے عِوض کم از کم مساوی زمین پاکستان کے حصہ میں آنے والے پنجاب میں حاصل کر لیتے اور اُن کی مالی حالت ایسی نہ ہوتی کہ جب اُن کی میّت سامنے پڑی تھی تو تجہیز و تکفین اور سوئم تک کے کھانے کیلئے احباب کو مالی امداد مہیا کرنا پڑی اور اس کے بعد ان کے بیوی بچوں کے نان و نُفقہ اور دونوں بیٹوں کی تعلیم جاری رکھنے کیلئے اُن کی بیگم رعنا لیاقت علی جو ایک تعلیم یافتہ خاتون تھیں کو ملازمت دی گئی جو بڑے بیٹے کے تعلیم پوری کرتے ہی بیگم رعنا لیاقت علی نے چھوڑ دی ۔ کبھی کسی نے شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی بیگم یا بچوں کا اپنی بڑھائی کے سلسلہ میں بیان پڑھا ؟

ایک اور الزام کے برعکس نہ تو اُردو کو قومی زبان بنانے کا نوابزادہ لیاقت علی نے قائداعظم سے کہا اور نہ یہ فیصلہ قائد اعظم نے کیا ۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان بننے سے قبل بنگال سے مسلم لیگی رہنماؤں کے وفد نے تجویز دی کہ اُردو ہی ایک زبان ہے جو پانچوں صوبوں کی اکثریت سمجھتی ہے اور مُلک کو متحد رکھ سکتی ہے لیکن قائد اعظم نے اُردو زبان کو قومی زبان قرار نہ دیا ۔ پھر پاکستان بننے کے بعد 25 فروری 1948ء کو کراچی میں شروع ہونے والے دستور ساز اسمبلی کے اجلاس میں اُردو کو قومی زبان بنانے کا فیصلہ ہوا

ایک الزام یہ بھی لگایا گیا کہ ”جب نواب آف جونا گڑھ نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی صورت میں پاکستان کے تب کے وزیرِ اعظم سے پچاس ہزار بندوقوں کا مطالبہ کیا جو اس وقت پورا کرنا چنداں مشکل نہ تھا ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مگر نوابزادہ لیاقت علی خان کو یہ بات اس لئے گوارہ نہیں تھی کہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس طرح پاکستان میں نوابزادہ لیاقت علی خان کے لئے اقتدار و اختیار کو ایک بہت بڑے نواب ( آف جوناگڑھ) کی صورت میں خطرہ لاحق ہو جاتا“۔

اول ۔ یہ بالکل غلط ہے کہ نواب جونا گڑھ نے پچاس ہزار بندوقیں مانگی تھیں ۔ نواب جونا گڑھ کے پاکستان میں شمولیت کا اعلان کرتے ہی بھارت نے اپنی فوج جونا گڑھ میں داخل کر دی اور نواب جونا گڑھ کو مدد مانگنے کی مُہلت نہ ملی
دوم ۔ جونا گڑھ کے بعد جب بھارت نے جموں کشمیر میں بھی زبردستی اپنی فوجیں داخل کر دیں تو قائد اعظم نے پاکستانی افواج کے کمانڈر اِن چِیف جنرل ڈگلس گریسی کو بھارتی افواج کو روکنے کا حُکم دیا تھا ۔ اگر پاکستان کے پاس پچاس ہزار تو کیا اُس وقت دس ہزار رائفلیں بھی ہوتیں تو قائدِ اعظم کے حُکم کی خلاف ورزی کرنے کی بجائے اُس کی تعمیل کر کے جنرل گریسی ایک ہمیش زندہ شخصیت اور ہِیرو بن جاتا
حکومت چلانا گورنر جنرل کا کام نہیں تھا بلکہ وزیرِ اعظم کا تھا مگر آج تک کسی نے کوئی ایسی مثال پیش نہیں کی جس سے ثابت ہو کہ شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان نے کوئی کام قائدِ اعظم سے مشورہ کئے بغیر سرانجام دیا ہو

ایک گھناؤنا الزام بھی لگایا گیا کہ نوابزادہ لیاقت علی خان قائد اعظم کی وفات کے منتظر تھے ۔ حقیقت یہ ہے کہ قائدِ اعظم کو ڈاکٹر کی سخت ہدائت پر زیارت لے جایا گیا تھا ۔ یہ شہیدِ مِلّت نوابزادہ لیاقت علی خان کی سازش نہ تھی ۔ اس کا ذکر قائد اعظم کے معالجِ خاص کرنل الٰہی بخش کی لکھی کتاب میں تحریر ہے

یہ الزام بھی لگایا گیا کہ 8 سال آئین بننے نہ دیا ۔ شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کو پاکستان بننے کے 4 سال 2 ماہ بعد ہلاک کر دیا گیا تھا ۔ مختصر بات یہ ہے کہ آئین اُس وقت کے پاکستان میں موجود آئی سی ایس (Indian Civil Service) افسروں نے جن میں غلام محمد جو قائد اعظم کی وفات کے بعد غیر ملکی پُشت پناہی سے گورنر جنرل بن بیٹھا تھا بھی شامل تھا نہ بننے دیا ۔ ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ دستور ساز ی کیلئے جو کمیٹی بنائی گئی تھی اس کے ارکان کا بار بار اِدھر اُدھر تبادلہ کردیا جاتا تھا ۔ اُس دور میں افسران کو ٹرین پر سفر کرنا ہوتا تھا ۔ یہاں یہ بھی بتا دوں کہ آئی سی ایس افسران حکومتِ برطانیہ کی پُشت پناہی سے سازشوں کا جال نوابزادہ لیاقت علی کی شہادت سے قبل ہی بُن چُکے تھے

یہ لکھنا بے جا نہ ہو گا کہ پاکستان کے قیام کی مارچ 1947ء میں منظوری ہوتے ہی ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت غیرمُسلم اکثریتی علاقوں میں مسلمانوں کا قتلِ عام اور جوان لڑکیوں اور عورتوں کا اغواء شروع کر دیا گیا تھا اور اُنہیں گھروں سے نکال کر پاکستان کی طرف دھکیلا دیا گیا تھا ۔ یہ سلسلہ دسمبر 1947ء تک جاری رہا ۔ انگریز حکومت کے ساتھ ملی بھگت سے بھارت نے پاکستان کے حصے کے اثاثے نہ دیئے جو آج تک نہیں دیئے گئے ۔ ان حالات میں لاکھوں نادار مہاجرین جن میں ہزاروں زخمی تھے کو سنبھالنا اغواء شدہ خواتین کی تلاش اور بھارتی حکومت سے واپسی کا مطالبہ اور پھر ان سب مہاجرین کی آبادکاری اور بازیاب شدہ خواتین کی بحالی انتہائی مشکل ۔ صبر آزما اور وقت طلب کام تھا ۔ 1947ء سے 1951ء کے دور کے ہموطن قابلِ تعریف ہیں جنہوں نے مہاجرین کو آباد کیا ۔ اور آفرین ہے بیگم رعنا لیاقت علی خان پر جس نے دن رات محنت کر کے جوان لڑکیوں اور خواتین کو اُبھارہ کہ گھروں سے باہر نکلیں اور رفاہی کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان دخترانِ ملت نے خدمتِ خلق کے ریکارڈ توڑ دیئے ۔ اللہ اُن سب کو آخرت میں اجر دے

موازنہ کیلئے موجودہ جدید دور سے ایک مثال ۔ باوجود قائم حکومت اور وسائل ہونے کے اور ہر طرف سے کافی امداد آنے کے اکتوبر 2005ء میں آنے والے زلزلہ کے متاثرین کئی سال بعد بھی بے خانماں پڑے رہے
آجکل عورتوں کی آزادی کی فقط باتیں ہوتی ہیں کام سوائے فیشن اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں پارٹیوں کے اور کچھ نظر نہیں آتا

یہ کہنا بھی غلط ہے کہ پاکستان میں پہلی مُنتخب اسمبلی 1970ء مین معرضِ وجود میں آئی
جس اسمبلی نے اگست 1947ء میں پاکستان کا نظم نسق سنبھالا تھا وہ پاکستان بننے سے قبل باقاعدہ انتخابات کے نتیجہ میں غیر مُسلموں اور دوسرے کانگرسیوں سے مقابلہ کر کے معرضِ وجود میں آئی تھی اور اُس اسمبلی نے نوابزادہ لیاقت علی خان کو پاکستان کا وزیرِ اعظم منتخب کیا تھا

اگر شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی امریکہ کے ایجننٹ تھے تو امریکہ نے اُنہیں قتل کیوں کروا دیا ؟
حقیقت یہ ہے کہ شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی جب امریکہ گئے تو اُنہوں نے واضح طور پر کہا کہ ”پاکستان ایک خود مُختار ملک بن چکا ہے اور وہ امریکہ کو دوست بنانا چاہتا ہے لیکن ڈِکٹیشن کسی سے نہیں لے گا“۔ تو واپس آنے پر ان کے قتل کی سازش تیار ہوئی
نیچے ایک اقتباس اس حقیقت کو واضح کرتا ہے

ناجانے کیوں وہ لوگ جو کچھ نہیں جانتے اپنے آپ کو مفکّر اور تاریخ دان سمجھنے لگ جاتے ہیں اور حقائق سے رُوگردانی کرتے ہوئے الا بلا لکھنا شروع کر دیتے ہیں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی سب کو سیدھی راہ پر چلائے اور عقلِ سلیم مع طریقہ استعمال کے عطا فرمائے ۔ آمین ثم آمین

WHO SHOT LAK (Liaqat Ali Khan)?..CIA CONNECTION
Extract from an article published on October 24, 1951 in an Indian magazine:
[…]It was learned within Pakistani Foreign Office that while UK pressing Pakistan for support re Iran, US demanded Pakistan exploit influence with Iran and support Iran transfer oil fields to US. Liaquat declined request. US threatened annul secret pact re Kashmir. Liaquat replied Pakistan had annexed half Kashmir without American support and would be able to take other half. Liaquat also asked US evacuate air bases under pact. Liaquat demand was bombshell in Washington. American rulers who had been dreaming conquering Soviet Russia from Pakistan air bases were flabbergasted. American minds set thinking re plot assassinate Liaquat. US wanted Muslim assassin to obviate international complications. US could not find traitor in Pakistan as had been managed Iran, Iraq, Jordan. Washington rulers sounded US Embassy Kabul. American Embassy contacted Pashtoonistan leaders, observing Liaquat their only hurdle; assured them if some of them could kill Liaquat, US would undertake establish Pashtoonistan by 1952. Pashtoon leaders induced Akbar undertake job and also made arrangements kill him to conceal conspiracy. USG-Liaquat differences recently revealed by Graham report to SC; Graham had suddenly opposed Pakistan although he had never given such indication. […] Cartridges recovered from Liaquat body were American-made, especially for use high-ranking American officers, usually not available in market. All these factors prove real culprit behind assassin is US Government, which committed similar acts in mid-East. “Snakes” of Washington’s dollar imperialism adopted these mean tactics long time ago.

میرا یہ مضمون میرے اسی بلاگ پر 13 دسمبر 2008ء کو شائع ہو چکا ہے
کچھ حقائق مندرجہ ذیل دستاویزات سے حاصل کئے گئے تھے جو چند سال قبل انٹرنیٹ سے ہٹا دی گئیں

1.Declassified CIA papers
2.Confidential Teاegram No. 1532 from New Delhi Embassy, Oct. 30, 1951
3.Confidential Telegram from State Dept., Nov. 1, 1951
4.Secret Telegram from Moscow Embassy, Nov. 3, 1951
5.Popular Feeling in Pakistan on Kashmir and Afghan Issues, Nov. 10, 1951

کون اچھی زندگی گذارتا ہے

ایسا بھی ہوتا کہ کہ آپ اپنی زندگی سے مطمئن نہ ہوں
جبکہ بہت سے لوگ آپ کی طرح زندگی گزارنے کے خواب دیکھ رہے ہوں
کھیتوں میں کھڑا ایک بچہ اُوپر اُڑتا ہوائی جہاز دیکھ کر اسے اُڑانے کا خواب دیکھتا ہے
جبکہ ہوائی جہاز کا پائیلٹ کھیت دیکھ کر گھر واپسی کا خواب دیکھتا ہے
اسے زندگی کہتے ہیں ۔ کُڑہنے کی بجائے اس سے لُطف اندوز ہوں

اگر خوشی کا راز دولت میں ہوتا تو دولتمند خوشی سے گلیوں میں ناچ رہے ہوتے
لیکن ایسا غریب بچے کرتے ہیں
اگر طاقت حفاظت کی ضامن ہوتی پھر افسروں کو گارڈز کے بغیر پھرنا چاہیئے
لیکن جو سادہ زندگی گذارتے ہیں وہ مزے کی نیند سوتے ہیں

اگر خوبصورتی اور شہرت سے مثالی رشتے قائم ہوتے
تو نامور لوگوں کی شادیاں بہترین ہوتیں

سادہ زندگی گذاریئے ۔ عاجزی اختیار کیجئے اور حقیقی محبت کیجئے ۔ اِن شاء اللہ ہر اچھائی آپ کے پاس آئے گی

انسان اور کتا

شیخ سعدی نے گلستان لکھی ۔ یہ ذومعنی چھوٹی چھوٹی کہانیوں کی فارسی میں لکھی کتاب میں نے 66 سال قبل آٹھویں جماعت میں پڑھی تھی ۔ اِن میں سے 2 کا ترجمہ
(1) ایک درویش کے پاس سے ایک بادشاہ کا گذر ہوا ۔ درویش کے پاس اس کا کُتا بیٹھا تھا
بادشاہ نے مذاق کے طور پر پوچھا ” آپ اچھے ہیں یا آپ کا کُتا ؟ “۔
درویش نے جواب دیا ” یہ کُتا میرا کہنا مانتا ہے اور میرا وفادار ہے ۔ اگر میں اپنے مالک کا وفادار رہوں اور اس کا کہنا مانوں تو میں اچھا ورنہ یہ کُتا مجھ سے اچھا ہے“۔
(2) ایک آدمی کو کُتے نے کاٹ لیا ۔ درد سے اُس کے آنسو نکل آئے
اُس کی کمسِن بچی اُسے کہنے لگی ” بابا روتے کیوں ہو ۔ کُتا آپ سے بڑا تو نہیں تھا ۔ آپ بھی اُس کو کاٹ لیتے”۔
آدمی نے کہا ” بیٹی ۔ ٹھیک ہے کہ کُتا مجھ سے بہت چھوٹا ہے مگر میں انسان ہوں ۔ رو سکتا ہوں ۔ کُتے کو نہیں کاٹ سکتا “۔

کیا وہ عقل سے فارغ ہیں ؟

دوسروں کو بیوقوف کہنے سے کوئی عقلمند نہیں بن سکتا اسلئے ہمیں دوسروں کو بیوقوف سمجھنے کی بجائے اپنی عقل کی خبر گیری کرنا چاہیئے کہ وہ درست پروان چڑھے اور درست سمت میں چلے

ہمارے ہموطن عام طور پر عربوں کو بیوقوف یا جاہل گردانتے ہں اور اِس کا برملا اظہار بھی کرتے ہیں
میرا تجربہ اور مشاہد یہ ہے کہ عرب بیوقوف نہیں ہوتے البتہ وہ اپنی لیاقت جتانے کی کوشش نہیں کرتے ۔ میں نے کئی عرب دیکھے جو انکساری اور کم عِلمی کا اظہار کرتے تھے بعد میں معلوم ہوا کہ وہ اچھے خاصے تعلیم یافتہ تھے

میرا 2 ممالک کے عربوں کے ساتھ کافی تعلق رہا ہے ۔ سعودی فوج کے نئے انجیئرز کی پاکستان میں تربیت میرے ذمہ رہی اس کے بعد سعودی عرب میں میری رہائش 5 بار مختلف دورانیوں کیلئے رہی ۔ اس کے علاوہ لبیا میں میری رہائش پونے 7 سال رہی جہاں مجھے حکومتِ پاکستان نے لبیا کی حکومت کے ایڈوائزر اور لبیا میں موجود تمام پاکستانیوں کیلئے پاکستان اور لبیا کے مابین آنریری چیف کوآرڈینیٹر کے طور پر بھیجا تھا ۔

میرے عِلم میں ایک ایسا واقعہ ہے جس نے ثابت کر دیا تھا کہ عربوں کو بیوقوف سمجنے اور کہنے والا میرا پاکستانی بھائی دراصل خود بیوقوف نکلا
لبیا کے دارالحکومت طرابلس میں ایک ہموطن سے جان پہچان ہو گئی جو گریجوئیٹ تھا اور ایک وکالہ (Agency) میں کام کرتا تھا جو یورپ سے اشیاء درآمد کرتے تھے ۔ کبھی کبھی اُس کے دفتر کے سامنے سے گذرتے ہوئے علیک سلیک ہو جاتی ۔ وکالہ کے مالک سے بھی جان پہچان ہو گئی ۔ چند سال بعد وہ پاکستانی لبیا سے چلا گیا ۔ ایک دِن میں اُس وکالہ کے سامنے سے گذر رہا تھا تو وکالہ کا مالک ملا اور سلام کے بعد بولا ” آؤ بیٹھو چائے پیو ۔ میں نے تم سے کچھ بات بھی کرنا ہے“۔ میں چلا گیا ۔ جب چائے پی چکے تو اُس نے مجھے ایک خط پڑھنے کیلئے دیا جو اُس پاکستانی نے بھیجا تھا ۔ اُس انگریزی میں لکھے خط میں اہم باتیں یہ لکھی تھیں

میں یہاں نوکر نہیں ہوں بلکہ تمہاری سے بڑی کمپنی کا مالک ہوں
تم لیبی لوگ تو پرلے درجے کے بیوقوف ہو
میں over-invoicing کرتا رہا اور سامان بھیجنے والے اٹلی میں میرے اکاؤنٹ میں رقمیں جمع کراتے رہے
اس طرح جب میں لکھ پتی بن گیا تو تمہیں روتا چھوڑ کر اٹلی آ گیا

اس خط کا ایک ایک لفظ میرے دِل میں خنجر اور دماغ پر ہتھوڑے مارتا رہا ۔ جب میں خط پڑھ چُکا تو مجھ میں بولنے کی بھی سکت نہیں تھی ۔ وکالہ کا مالک بولا ” تم بھی پاکستانی ہو ۔ بتاؤ کیا یہ خط بھیج کر اُس نے عقلمندی کی ہے ؟ کیا اُس نے ساری پاکستانی قوم کو نقصان نہیں پہنچایا ؟“

اب سُنیئے کہ عرب کتنے بیوقوف ہوتے ہیں
لبیا میں ایک پروجیکٹ لگانے کیلئے یورپ کی ایک بہت بڑی کمپنی سے مذاکرات ہو رہے تھے ۔ کمپنی نے اپنا ایک ایکسپرٹ بُلوایا ۔ شام کو ایکسپرٹ پہنچا اور اُسی رات اُسے ہوٹل سے پکڑ کر ڈی پورٹ کر دیا گیا ۔ ہوا یوں کہ لبیا اور اُس کمپنی کا معاہدہ تھا کہ کوئی اسرائیلی یا جو شخص اسرائیل گیا ہو وہ لبیا نہیں آئے گا ۔ اُس ایکسپرٹ نے انجنیئرنگ میں گریجوئیشن اسرائیل میں کی تھی یعنی 4 سال وہاں رہا تھا ۔ یہ بات یورپی کمپنی کے سربراہان کے عِلم میں نہ تھی لیکن لبیا کی انٹیلیجنس سروس نے ایکسپرٹ کے لبیا میں داخل ہونے کے بعد چند گھنٹوں میں معلوم کر لی

میرے ہموطنوں کی غلط سوچ اور عربوں کی سُوجھ بُوجھ کے متعدد واقعات کا تجربہ یا مشاہدہ ہوا ۔ اختصار کی خاطر صرف ایک ایک رقم کیا ہے

آپ حاکم بننا چاہتے ہیں ؟ ؟ ؟

ایک ملک کا بادشاہ بیمار ہو گیا ۔ جب بادشاہ نے دیکھا کے اس کے بچنے کی کوئی اُمید نہیں تو اس نے اپنے ملک کی رعایا میں اعلان کروا دیا کہ ”وہ اپنی بادشاہت اس کے نام کر دے گا جو اس کے مرنے کے بعد اس کی جگہ ایک رات قبر میں گزارے گا“۔

سب لوگ بہت خوفزدہ ہوئے اور کوئی بھی یہ کام کرنے کو تیار نہ تھا ۔ ایک کُمہار جس نے ساری زندگی کچھ جمع نہ کیا تھا ۔ اس کے پاس سوائے ایک گدھے کے کچھ نہ تھا ۔ اس نے سوچا کہ اگر وہ ایسا کرلے تو وہ بادشاہ بن سکتا ہے اور حساب کتاب میں کیا جواب دینا پڑے گا ۔ اس کے پاس تھا ہی کیا ایک گدھا اور بس ۔ سو اس نے بادشاہ کے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ ایک رات بادشاہ کی جگہ قبر میں گزارنے کے لئے تیار ہے

بادشاہ کے مرنے کے بعد لوگوں نے بادشاہ کی قبر تیار کی ۔ وعدے کے مطابق کُمہار خوشی خوشی اس میں جا کر لیٹ گیا اور لوگوں نے قبر کو بند کر دیا ۔ کچھ وقت گزرنے کے بعد فرشتے آئے اور کُمہار کو کہا کہ ” اُٹھو اور اپنا حساب دو“ ۔
اس نے کہا ”بھائی حساب کس چیز کا ؟ میرے پاس تو ساری زندگی تھا ہی کچھ نہیں سوائے ایک گدھے کے“۔

فرشتوں میں سے ایک نے کہا ” تُمہارے نامہءِ اعمال میں لکھا ہے کہ فلاں فلاں دن تم نے گدھے کو ایک وقت بھوکا رکھا تھا“۔
کُمہار نے جواب دیا ”ہاں“۔
فرشتے نے کہا ”اسے 100 دُرّے مارے جائیں“۔ 100 دُرّے مارے گے
اس کے بعد پھر فرشتے نے سوال کیا ”یہ بتاو فلاں فلاں دن تم نے زیادہ وزن لادا اور پھر گدھے کو مارا بھی تھا ؟“
کُہار نے کہا ”ہاں“۔
پھر حُکم ہوا ”اس کو 200 دُرّے مارے جائیں“۔ اُسے دو سو دُرّے مارے گئے
غرض صبح تک اس کی پٹائی ہوتی رہی

صبح سب لوگ اکھٹے ہوئے اور قبر کشائی کی تا کہ اپنے نئے بادشاہ کا استقبال کر سکیں ۔ جیسے ہی انہوں نے قبر کھولی تو کُمہار نے باہر نکل کر دوڑ لگا دی ۔ لوگوں نے بھاگ کر اُسے روکا اور مؤدبانہ کہا ”بادشاہ سلامت کدھر جا رہے ہیں ؟“
تو کُمہار نے جواب دیا ”بھائیوں ۔ مجھے نہیں چاہیئے بادشاہت ۔ پوری رات میں ایک گدھے کا حساب نہیں دے سکا تو ساری رعایا اور مملکت کا حساب کون دیتا پھرے“۔

کبھی سوچا ہے کہ ہم نے بھی حساب دینا ہے ۔ اور پتہ نہیں کہ کِس کِس چیز کا حساب دینا پڑے گا جو شاید ہمیں یاد بھی نہیں ہے

راست بازی ؟

کبھی کبھی آدمی جتنا مذہبی ہوتا جاتا ہے اپنے آپ کو اتنا ہی نیک سمجھنے لگ جاتا ہے
ایسا کردار اندرونی مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے
مذہبی ہونے کے ساتھ ساتھ ہم میں ہمدردی کا جذبہ بڑھنا چاہیئے نہ کہ ہم فیصلے دینے لگیں
جس دِل میں اللہ سما جائے وہ نرم پڑ جاتا ۔ سخت نہیں بنتا
اگر دِل سخت ہو رہا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ دِل میں اللہ نے گھر نہیں کیا بلکہ خود ستائشی بھر گئی ہے جس پر مذہب اور پرہیزگاری کا لبادہ چڑھا ہوا ہے