Category Archives: روز و شب

کراچی تُجھے ڈھونڈوں کہاں

اے کراچی کہ کبھی تو سدا بہار تھا ۔ تیری بہاروں کو کس نے بھسم کیا ؟
تیری 24 گھنٹوں میں سے 18 گھنٹے قائم رہنے والی رونقیں کہاں چلی گئیں ؟ تُجھے کس کی نظر کھا گئی یا دُشمن کو تیری رونقیں نہ بھائیں ؟
اے کراچی کہ جہاں ہر دم زندگی جوش مارتی تھی ۔ کون خونخوار ہے کہ تیری دھرتی پر ہر روز انسانی لاشے گرتے ہیں ؟
اے کراچی کہ جہاں ملک کے کونے کونے سے انسان آ کر روزگار پاتے تھے ۔ کِن ظالموں نے یہ حشر کیا کہ وہاں سے لوگ روز گار سمیٹنے کی سوچتے ہیں ؟
اے کراچی کہ میں جس کے ہر محلے میں اپنے گھر کی مانند گھومتا تھا ۔ تُجھے کیا ہوا کہ اب مجھے کہا جاتا ہے کہ فلاں فلاں فلاں فلاں ں ں ں ں جگہ نہ جانا ۔ جان کا خطرہ ہے ؟
اے میرے پیارے کراچی ۔ یہ ظُلم کے بادل کب تیرا پیچھا چھوڑیں گے اور پھر تیری روشنیاں بحال ہوں گی اور بہاریں آئیں گی ؟ ؟ ؟
کب میں پھر چاندنی راتوں میں تیرے کلفٹن کے ساحل پر بے دھڑک چہل قدمی کروں گا ؟
کب کیماڑی سے منوڑا یا ہاکس بے یا سینڈز پِٹ بادبانی کشتی پر جاؤں گا ؟
کب ہاکس بے اور سینڈز پِٹ پر بے خطر پِکنِک مناؤں گا ؟

کراچی میں بسنے والے اور کراچی سے باہر رہنے والے میرے بھائیو بہنو اور دوستو ۔ آیئے مل کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور پھر مالکِ کائنات سے التجا کریں کہ ہم سب کو مل جُل کر ایک دوسرے کے دُکھ سُکھ بانٹنے اور سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق دے اور ان شیطانی قوتوں کو جو کراچی کی رونقیں اُجاڑنے پر تُلی ہوئی ہیں اور جو باقی ملک میں عوام کے خلاف برسرِ پیکار ہیں انہیں فنا کر دے

امتحان ؟ ؟ ؟

” سول سوسائٹی، میڈیا اور سیاسی جماعتوں کو ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کا ساتھ دینا ہے کیونکہ یہ ہم سب کا امتحان ہے ”

یہ نچوڑ ہے ایک مضمون کا ۔ اسے پڑھیئے پھر اپنی ذاتی ۔ شہری اور صوبائی خود غرضیاں چھوڑ کر صرف اس مُلک کا سوچیئے جو رہے گا تو سب رہیں گے ورنہ کچھ بھی نہ ہو گا

آدھی صدی سے زائد عرصہ میں پہلی بار عدلیہ آزاد ہوئی ہے اسے تحفظ انہوں نے ہی دینا ہے جنہوں نے اسے آزاد کرانے میں قربانیاں دی ہیں ۔ شب مل کر حُب الوطنی اور انصاف کے بول بالا کیلئے جد و جہد کریں تو سُرخرُو ہوں گے ورنہ تاریخ میں خود غرض یا غدارانِ وطن کہلائیں گے

اُٹھ باندھ کمر کیا ڈرتا ہے
پھر دیکھ خدا کیا کرتا ہے
کر ڈال جو دل میں ٹھانی ہے
پھر تجھے کیوں حیرانی ہے

چھوٹی چھوٹی باتیں ۔ آدمی

پچھلے دنوں کراچی کے میئر مصطفٰے کمال صاحب نے لوگوں کو “اُلو کے پٹھے” کہا اور سیاسی جماعتوں کے سر براہوں پر لعنت بھیج دی ۔ ان کے مداحوں نے یہ جواز نکالا کہ جو آدمی اتنا زیادہ کام کرے اور جس کو اتنا تنگ کیا جائے وہ اور کیا کرے ۔ گویا تریاق دینے والا طبیب اگر کبھی زہر کھلا دے تو کوئی مضائقہ نہیں

يہی کچھ کم نہ تھا کہ 5 جنوری کو حقوقِ انسانی کی بلند پایہ علَم بردار عاصمہ جہانگیر نے پاکستان کی پارلیمنٹ کے ارکان کو idiot اور “اُلو کے پٹھے” کہہ دیا گویا یہ گالیاں پوری قوم کو دیں جنہوں نے اُنہیں منتخب کيا

پرانی بات ہے جب ذوالفقار علی بھٹو صاحب ملک کے سربراہ تھے ایک جلسہ عام میں تقریر کرتے ہوئے بھارت کی اُس وقت کی وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کو اس طرح مخاطب کیا ” وہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ [گندھی گالی] مائی ”
بعد میں کہہ دیا ” کاٹ دو کاٹ دو ۔ میں عوامی آدمی ہوں اسلئے منہ سے نکل گیا ”
گویا عوام کا کام گالیاں دینا ہوتا ہے

بہادر شاہ ظفر کا شعر ہم نے سکول کے زمانہ میں پڑھا تھا

ظفر آدمی اس کو نہ جانیئے گا ۔ ہو وہ کتنا ہی صاحبِ فہم و ذکا
جسے عیش میں یاد خدا نہ رہی جسے طیش میں خوف خدا نہ رہا

حزبِ مخالف کی حکومت

ہمارے ملک میں بہت سے عجائبات میں سے ایک عجوبہ ہماری سیاسی جماعتیں بھی ہیں ۔ ان کے عمل اور بیان میں فرق تو ہوتا ہی ہے لیکن کچھ جماعتوں میں ایک خاص خُوبی پائی جاتی ہے کہ ان کے راہنماؤں کی تربیت اور ذہنی بالیدگی بطور حزبِ مخالف کے ہوئی ہے ۔ اس لئے جب وہ حسبِ مخالف میں ہوتے ہیں تو چھا جاتے ہیں اور حکومت میں ہوتے ہیں تو کچھ عوام کو ہنسانے اور باقیوں کو پریشان کرنے کا کردار ادا کرتے ہیں

جے یو آئی [ف] کے سربراہ فضل الرحمٰن حکومت میں شامل ہوتے ہوئے عام طور پر جو بیانات داغتے ہیں یوں محسوس ہوتا ہے کہ حزبِ اختلاف میں ہیں اسلئے حکومت کے خلاف بیان دے رہے ہیں

ان کے بعد باری آتی ہے پی پی پی کی جس نے کبھی پاکستان کی حکومت کو مانا ہی نہیں کیونکہ پی پی پی جب حکومت ہوتی ہے تو اس کے سب راہنما پی پی کی حکومت کی رُٹ لگائے ہوتے ہیں اور جب مخمہ میں تقریر کرتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ موصوف حزبِ اختلاف میں ہیں ۔ حالیہ مثال وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات قمر الزمان کائرہ نے مطالبہ کیا کہ “اگر سیاستدانوں کا احتساب کرنا ہے تو جرنیلوں اور ججوں کا بھی کیا جائے”
کوئی پوچھے کہ بھلے آدمی آپ کی حکومت ہے شروع کریں احتساب سب کا کِس نے روکا ہے ؟

اس عمل میں ایم کیو ایم بھی پیچھے نہیں ۔ باوجود مرکز اور صوبہ سندھ کی حکومتوں میں شامل ہونے کے حزبِ اختلاف کی طرح بیان داغے جاتے ہیں ۔ حالیہ مثال الطاف حسین کا بیان کہ “کراچی میں عاشورہ کے روز بم دھماکہ اور بعد میں ہونے والے واقعات کی تحقیقات اعلٰی عدلیہ سے کرائی جائے”
بھلے آدمی مرکز اور صوبہ سندھ میں آپ حکومت میں شامل ہیں اور کراچی میں ضلعی حکومت بھی آپ کی ہے ۔ آپ کو کس نے روکا ہے اعلٰی عدالتی تحقیقات سے ؟

کون یقین دلائے اِن حضرات کو کہ جناب حکومت آپ کی ہے الیکشن کمپین [Election campaign ] والی تقریریں چھوڑیئے اور کچھ کام کر کے دکھایئے تاکہ اگلے الیکشن میں پٹنے کی بجائے زیادہ نشستیں حاصل کر سکیں

گُم شدہ کی تلاش

نئے سال کا آغاز عِلم کی کھوج میں شروع کرتے ہیں

یہ برتن کیا ہیں ؟

1 ۔ تھالی ۔ رکابی ۔ طشتری ۔ پرات
2 ۔ کاشک ۔ چمچی ۔ چمچہ ۔ ڈوئی ۔ کڑچھی ۔ کاشک
3 ۔ مٹکا ۔ جھجھر ۔ صراحی ۔ چاٹی ۔ ولٹوئی
4 ۔ ڈول ۔ بالٹی ۔ کڑاہی ۔ باٹی

مکان کے یہ کونسے حصے ہیں ؟

5 ۔ جھروکا ۔ روشندان ۔ کھڑکی ۔ طاق
6 ۔ آنگن ۔ صحن ۔ دالان ۔ رسوئی ۔ کوٹھری ۔ بیٹھک ۔ شاہنشین

یہ کھانے کی چیز یں کیا ہیں اور کس چیز سے بنتی ہیں ؟

7 ۔ مَٹھی ۔ پاپڑی ۔ پاپڑ ۔ ام پاپڑ
8 ۔ پُوری یا پُوڑی ۔ کچوری ۔ لُچی ۔ پُوڑا یا مال پُوڑا ۔ قتلمہ ۔ پھیونیاں یا پھینیاں
9 ۔ پراٹھا ۔ درُپّڑ ۔ گھی میں تَلی روٹی ۔ نان کُلچہ ۔ کشمیری کُلچہ ۔ باقرخوانی
10 ۔ جلیبی ۔ امرتی ۔ امرتسا ۔ کھجور [پیڑ پر لگنے والی نہیں]
11 ۔ چھاچھ ۔ لسی ۔ کچی لسی

جو صاحب یا صاحبہ تبصرہ کے خانے میں لکھنا نہ چاہیں وہ مجھے بذریعہ برقیہ [e-mail] لکھ کر بھیج سکتے ہیں ۔ پتہ حسبِ ذیل ہے
[email protected]

رُکن اور ستُون

غَلَط العام لکھنے سے چند قاری پریشان ہوتے ہیں اسلئے اس لفظ کا استعمال مناسب نہ سمجھا
ہمارے ملک میں دینی تعلیم تو کیا دنیاوی تعلیم کا بھی مناسب نظام وضع نہیں کیا گیا اسلئے عام طالبِ عِلم کو نصابی علم کی بھی گہرائی میں جانے کا موقع نہیں ملتا کُجا نصاب سے باہر کی باتیں ۔ کہنے کو ہم مسلمان ہیں ۔ مسلمان ہوتا کیا ہے یہ جاننے کا سب کا دعوٰی تو ہے مگر حقیقت ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اللہ ہمارے حال پر رحم فرمائے

کوئی ڈھائی دہائیاں پیچھے کی بات ہے کہ مجھے گریجوئیٹ سطح پر اسلامیات پڑھانا پڑھی ۔ ہر نصاب شروع کرتے ہوئے پہلے دن پچھلے نصاب کی مختصر سی دہرائی کی جاتی ہے ۔ میں نے جماعت سے سوال کیا “اسلامی سلطنت کے پانچ ستون کیا ہے ؟” چاروں طرف سنّاٹا تھا ۔ میرے سوال دہرانے پر ایک طالب عِلم نے ڈرتے ڈرتے کہا “کلمہ ۔ نماز ۔ روزہ ۔ زکوٰة۔ حج” ۔

حال تو پورے نظامِ تعلیم کا ہی قابلِ تعریف نہیں ہے لیکن دینی تعلیم کے ساتھ جو لاپرواہی برتی گئی ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان اور پانچ ستونوں کو عام طور پر آپس میں خلط ملط کر دیا جاتا ہے

مُسلمان ہونے کی اوّل شرط ایمان ہے اور ایمان کے پانچ رُکن ہیں
1 ۔ کلمہ [لازم]
2 ۔ نماز [لازم]
3 ۔ روزہ [لازم]
4 ۔ زکوٰة [لازم بشرطیکہ شرائط پوری ہوں]
5 ۔ حج [لازم بشرطیکہ شرائط پوری ہوں]

بات صرف ایمان لے آنے پر ختم نہیں ہو جاتی ۔ یہ تو یوں ہوا کہ ایک مدرسہ [School] یا کُلیہ [college] یا جامعہ [university ] میں داخلہ لینے کیلئے کچھ صلاحیت ضروری ہوتی ہے ۔ ایمان لے آنے پر اُس صلاحیت کی شرط پوری ہو گئی تو اسلام میں داخلہ مل گیا ۔ پڑھے لکھے ہی نہیں بہت سے اَن پڑھ بھی جانتے ہیں کہ تدریس کا ایک نصاب ہوتا ہے جس میں کچھ لازمی اور کچھ اختیاری مضامین ہوتے ہیں جنہیں شعوری طور پر مکمل کرنے کے بعد ہی سند ملنے کی توقع کی جا سکتی ہے ۔ اسی طرح مسلمان ہونے کا نصاب ہے جس کے پانچ لازمی مضامین جن میں کامیابی ضروری ہے ۔ یہی اسلام کے ستون ہیں

1 ۔ ایمان جو بنیاد ہے اور اس کے بغیر باقی سب عمل بیکار ہیں
2 ۔ اخلاق یعنی سلوک یا برتاؤ
3 ۔ عدالت یا انصاف
4 ۔ معیشت
5 ۔ معاشرت

جب تک یہ پانچوں ستون مضبوط بنیادوں [ایمان] پر استوار نہیں ہوں گے مسلمانی کی عمارت لاغر رہے گی اور معمولی سے جھٹکے یا جھونکے سے نیچے آ رہے گی

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے توفیق دی تو اِن شاء اللہ ۔ ان پانچ ستونوں کا مختصر جائزہ جلد لکھوں گا