Category Archives: دین

کہیں سے دیانتداری لے آئیں

ایک بزرگ عالمِ دین لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ہم ایک لمحے کے لئے نہیں سوچتے کہ جن کو ہم جہنمی سمجھتے ہیں، ان کی ترقی کا راز کیا ہے؟ مسلمان کی تمنا ہے کہ کافروں کو ترقی نہ ملے مگر یہ الله تعالٰی کا قانون نہیں کہ وہ دیانتداروں کو پیچھے کرے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک شخص ٹیکسی میں سوار ہوا ۔ زبان نہ جاننے کی وجہ سے زیادہ بات نہ کر سکا، بس اس اِنسٹیٹوٹ کا نام لیا جہاں اسے جانا تھا ۔ ٹیکسی ڈرائیور سمجھ گیا ۔ سفر کا آغاز ہوا تو ٹیکسی ڈرائیور نے میٹر آن کیا ۔ تھوڑی دیر کے بعد بند کر دیا اور پھر تھوڑی دیر بعد دوبارہ آن کر دیا ۔ مسافر حیران تھا مگر زبان نہ آنے کی وجہ سے چپ رہا ۔ جب اِنسٹیٹوٹ پہنچا تو اِستقبال کرنے والوں سے کہنے لگا ۔ آپ اس ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھیں کہ اس نے دورانِ سفر کچھ دیر گاڑی کا میٹر کیوں بند رکھا؟

ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھا گیا تو وہ بولا کہ راستے میں مجھ سے غلطی ہوئی ۔ مجھے جس جگہ سے مُڑنا تھا وہاں سے نہ مڑ سکا اگلا یُوٹرن کافی دور تھا ۔ میری غلطی کے باعث دو ڈھائی کلومیٹر سفر اضافی کرنا پڑا ۔ اس دوران میں نے گاڑی کا میٹر بند رکھا ۔ جو مسافت میں نے اپنی غلطی سے بڑھائی اس کے پیسے میں مسافر سے نہیں لے سکتا ۔ اس ڈرائیور نے نہ چلہ لگایا تھا ۔ نہ وہ نماز پڑھتا تھا ۔ نہ کلمہ مگر دیانتداری تھی ۔ ہمارے پاس سب کچھ ہے مگر دیانتداری اور ایمانداری نہیں ہے ۔ ہم مسلمان تو ضرور ہیں مگر ہمارے پاس اسلام نہیں ہے ۔ اسلام پگڑی کا نام نہیں ۔ اسلام کرتے پاجامے اور داڑھی کا نام نہیں ۔ اسلام سچ بولنے کا نام ہے ۔ اسلام دیانتداری کا نام ہے ۔ اسلام وعدہ پورا کرنے کا نام ہے ۔ اسلام صحیح ناپنے اور پورا تولنے کا نام ہے ۔ وقت کی پابندی کا نام ہے

میں سوچنے پر مجبور ہوں کہ ہمارے معاشرے میں جھوٹ کی عادت ہے ۔ ملاوٹ کا چلن ہے ۔ ہمارے ہاں چوری ہوتی ہے ۔ لوٹ مار ہوتی ہے مگر اس پر کوئی ندامت نہیں ہوتی ۔ پاکستان میں منشیات بیچنے والے ۔ جعلی ادویات تیار کرنے والے ۔ عوام کو حرام گوشت کھلانے والے کسی دوسرے ملک سے نہیں آئے ۔ ہمارے ایوانوں، دفتروں اور عدالتوں میں جھوٹ بولنے والے سب پاکستانی ہیں ۔ یہ تمام کسی دوسرے ۔ یہاں جتنے مافیاز کام کرتے ہیں ۔ تاجر سارا سال لوگوں کو لوٹ کر مقدس مقامات کا رخ کرتا ہے ۔ یہاں تو زکوٰۃ تک کھائی جاتی ہے ۔ ہر طرف بددیانتی اور بدعنوانی منہ کھولے کھڑی ہے

راوی کہتا ہے کہ مجھے تین چار سال پرانا واقعہ یاد آرہا ہے، قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہو رہا تھا، یہ اجلاس وزارت کے ایک ذیلی ادارے پی این سی اے پر بات کر رہا تھا، (ن) لیگ کی حکومت تھی اور (ن) لیگ ہی کی ایک رکن عارفہ خالد پرویز نے انکشاف کیا تھا کہ پی این سی اے میں صادقَین اور چُغتائی کی جعلی پینٹنگز لگی ہوئی ہیں، اصلی پینٹنگز غائب ہیں، اس انکشاف کے بعد پی این سی اے اور لوک ورثہ کے سربراہوں کے رنگ فق ہو گئے، کمیٹی کے دیگر اراکین بھی حیران ہوئے مگر یہ حیرت چند لمحوں کے لئے تھی، پھر مٹی ڈالنے والے بولنے لگے مگر عارفہ خالد کہنے لگیں کہ مجھے صادقین کی اصل اور نقل پینٹنگز کی پہچان ہے، پینٹنگز امیروں کا شوق ہے، غریبوں کا نہیں، جو پینٹنگز چوری ہوئی ہیں اس کے پیچھے یقیناً امیر طبقہ ہوگا ۔

کمیٹی کی اس رُکن کو ٹَرخانے کے لئے کہا گیا کہ اس سلسلے میں رپورٹ منگواتے ہیں، ان کا خیال تھا کہ اس بیان کے بعد خاموشی ہو جائے گی مگر ایسا نہ ہو سکا، ایک کے بعد دوسرا، دوسرے کے بعد تیسرا اور پھر تیسرے کے بعد کمیٹی کے کئی اجلاس ہوئے مگر وہ رپورٹ نہ آسکی، پینٹنگز چوری کرنے والے کتنے طاقتور ہوں گے کہ اس حکومتی رکن کو حکومت ہی کے دیگر اراکین سمجھانے لگے کہ آپ یہ معاملہ چھوڑ دیں لیکن وہ آخری اجلاس تک رپورٹ مانگتی رہیں، اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اسے بھی ایک سال سے زائد ہوگیا ہے، یہ حکومت بھی رپورٹ حاصل نہیں کر سکی، انہوں نے تو شاید پوچھا ہی نہ ہو

ایک صحافی کو پی این سی اے کے معمولی اہلکار نے بتایا کہ پینٹنگز آدھی رات کو ٹرکوں کے ذریعے چوری کی گئی تھیں اور ان کی جگہ دو نمبر پینٹنگز لگا دی گئیں۔ یعنی ہم صادقین سے بھی دو نمبری کرتے ہیں، ہم چغتائی سے بھی دو نمبری کرتے ہیں ایک طرف ان کی پینٹنگز چوری کرواتے ہیں تو دوسری طرف انہیں نکما فنکار ثابت کرنے کے لئے ان کے نام پہ تیار کردہ جعلی پینٹنگز بھی آویزاں کر دیتے ہیں۔
(ن) لیگ کے دور میں تو چوری کی یہ رپورٹ نہ آ سکی، پی ٹی آئی کے عہد ہی میں یہ رپورٹ منگوا لی جائے، مگر یہاں کون سنتا ہے؟ اکیلا عمران خان دیانتدار ہے مگر اس دیانتدار کے ساتھ بھی چوروں کی پوری بارات ہے

بشکریہ ۔ مظہر برلاس

پرنالہ اور امیرالمؤمنین

سیّدنا عباس رضی اللہ عنہ کا گھر مسجد نبوی کے ساتھ تھا، اور اس مکان کا پرنالہ مسجد کی طرف تھا جب بارش ہوتی تو پرنالہ سے پانی گرتا جس کے چھینٹے نمازیوں پر پڑتے،
عمر رضی اللہ عنہ نے نمازیوں پر چھینٹے پڑتے دیکھے تو پرنالے کو اکھاڑ پھینکا،
عباس آئے دیکھا ان کے مکان کا پرنالہ اتار دیا گیا ہے، پوچھا یہ کس نے اتارا،
جواب ملا امیر المومنین نے نمازیوں پر چھینٹے پڑتے دیکھے تو اسے اتار دیا،
عباس رضی اللہ عنہ نے قاضی کے سامنے مقدمہ دائر کر دیا،
چیف جسٹس ابی بن کعب رضی اللہ عنہ ہیں،
امیر المومنین ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کی عدالت میں پیش ہوئے تو جج صاحب لوگوں کے مقدمات سن رہے ہیں اور سیدنا عمر عدالت کے باہر انتظار کر رہے ہیں، کافی انتظار کے بعد جب عمر رضی اللہ عنہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے تو بات کرنے لگے، مگر ابی بن کعب رضی اللہ عنہ نے روک دیا کہ پہلے مدعی کا حق ہے کہ وہ اپنا دعوی پیش کرے، یہ عمر رضی اللہ عنہ کے دور کا چیف جسٹس ہے،
عباس رضی اللہ عنہ دعوی پیش کرتے ہیں کہ میرے مکان کا پرنالہ شروع سے مسجد نبوی کی طرف تھا، زمانہ نبوی کے بعد ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دور میں بھی یہی رہا لیکن عمر نے میرے مکان کا پرنالہ میری عدم موجودگی میں میری اجازت کے بغیر اتار دیا ہے، لہذا مجھے انصاف چاہیئے

چیف جسٹس ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں آپ بے فکر رہیں آپ کو انصاف ملے گا، قاضی نے عمر رضی اللہ عنہ سے پوچھا ”آپ نے عباس رضی اللہ عنہ کے گھر کا پرنالہ کیوں اتارا ؟“

بائیس لاکھ مربع میل کا حاکم کٹہرے میں کھڑا ہو کر کہتا ہے ”عباس رضی اللہ عنہ کے مکان کا پرنالہ مسجد نبوی کی طرف تھا جب بارش ہوتی ہے پرنالے سے پانی بہتا ہے اور چھینٹے نمازیوں پر پڑتے ہیں جس سے نمازیوں کو پریشانی ہوتی ہے اس لئے میں نے اسے اتار دیا،
ابی بن کعب رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ عباس رضی اللہ عنہ کچھ کہنا چاہ رہے ہیں، پوچھا آپ کیا کہنا چاہتے ہیں؟؟
عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں ”یہ جس جگہ میرا مکان ہے یہاں رسول پاک ﷺ نے اپنی چھڑی سے مجھے نشان لگا کر دیا اور میں نے اسی جگہ مکان بنایا پھر جب پرنالہ نصب کرنے کا وقت آیا تو رسول پاک ﷺ نے کہا چچا میرے کندھے پر کھڑے ہو کر اس جگہ پرنالہ نصب کر دیں میں نے نبی پاک ﷺ کے کندھے پر کھڑا ہونے سے انکار کیا مگر بھتیجے کے اصرار پر میں نے ان کے کندھے پر کھڑا ہو کر یہاں پرنالہ نصب کیا یہاں پرنالہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے خود لگوایا تھا

ابی بن کعب رضی اللہ عنہ نے پوچھا اس کا کوئی گواہ ہے آپ کے پاس، عباس رضی اللہ عنہ جلدی سے باہر گئے اور کچھ انصار کو لے کر آئے انہوں نے گواہی دی کہ عباس رضی اللہ عنہ سچ کہہ رہے ہیں، یہ سنتے ہی عمر رضی اللہ عنہ کے ہوش اُڑ گئے اور رونے لگے، آنسوؤں کی جھڑی لگ گئی، اپنا پیارا نبی یاد آ گیا، اور زمانہ نبوی کا منظر نظروں میں گھوم گیا، عدالت میں سب کے سامنے یہ بائیس لاکھ مربع میل کا حاکم سر جھکائے کھڑا ہے، جس کا نام سن کر قیصر و کسرٰی کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہو جاتا تھا، عباس رضی اللہ عنہ سے کہا ”مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ پرنالہ رسول پاک نے خود لگوایا ہے، آپ چلیئے میرے ساتھ جیسے رسول پاک نے یہ پرنالہ لگوایا تھا ویسے ہی آپ لگائی“۔

چشم کائنات نے دیکھا کہ وقت کا حاکم دونوں ہاتھ مکان کی دیوار سے ٹکا کر کھڑا ہو گیا بالکل اسی طرح جیسے رسول پاک کھڑے ہوئے تھے، سیدنا عباس امیر المومنین کے کندھوں پر کھڑے ہوئے اور دوبارہ اسی جگہ پرنالہ لگا دیا،
وقت کے حاکم کا یہ سلوک دیکھ کر عباس رضی اللہ عنہ نے مکان مسجد نبوی کو وقف کر دیا

مسند ‘ الامام أحمد بن حنبل ، 1 / 210، الحديث رقم : 1790

شِفاء اور شَفاء میں فرق

شِفاء کا مطلب ہے صحت ، تندرُستی
شَفاء کا مطلب ہے مَوت ، گڑھا ، کنارہ

لوگوں کو اکثر کہتے سُنا گیا ہے ” اللہ آپ کو شَفاء دے“۔
نیّت بد دعا دینے کی نہ بھی ہو لیکن یہ بد دعا ہے
ہمیں کہنا چاہیئے ” اللہ آپ کو شِفاء دے“۔

سُوۡرَةُ 17 ۔ بنیٓ اسرآئیل / الإسرَاء ۔ آیت 82 ۔
وَنُنَزِّلُ مِنَ الۡـقُرۡاٰنِ مَا هُوَ شِفَآءٌ وَّرَحۡمَةٌ لِّـلۡمُؤۡمِنِيۡنَ‌ۙ وَلَا يَزِيۡدُ الظّٰلِمِيۡنَ اِلَّا خَسَارًا

ہم اِس قرآن کے سلسلہ تنزیل میں وہ کچھ نازل کر رہے ہیں جو ماننے والوں کے لیے تو شفا اور رحمت ہے، مگر ظالموں کے لیے خسارے کے سوا اور کسی چیز میں اضافہ نہیں کرتا

سُوۡرَةُ 3 ۔ آل عِمرَان ۔ آیت 103 ۔
وَكُنۡتُمۡ عَلٰى شَفَا حُفۡرَةٍ مِّنَ النَّارِ فَاَنۡقَذَكُمۡ مِّنۡهَا ‌ؕ كَذٰلِكَ يُبَيِّنُ اللّٰهُ لَـكُمۡ اٰيٰتِهٖ لَعَلَّكُمۡ تَهۡتَدُوۡنَ 

تم آگ سے بھرے ہوئے ایک گڑھے کے کنارے کھڑے تھے، اللہ نے تم کو اس سے بچا لیا اس طرح اللہ اپنی نشانیاں تمہارے سامنے روشن کرتا ہے شاید کہ اِن علامتوں سے تمہیں اپنی فلاح کا سیدھا راستہ نظر آ جائے

عیدالاضحٰے مبارک

کُلُ عَام اَنتُم بَخَیر

سب مسلمان بہنوں اور بھائیوں جہاں کہیں بھی ہوں عیدالاضحٰے مبارک
ذوالحجہ کا چاند نظر آنے سے لے کر عيد کے تيسرے دن نصف النہار تک ۔ اگر زيادہ نہيں تو ہر نماز کے بعد ايک بار يہ کہنا چاہیئے
البتہ عيد کی نماز کو جاتے ہوئے اور واپسی پر يہ ورد رکھنا چاہیئے

اللہُ اکبر اللہُ اکبر اللہُ اکبر لَا اِلَهَ اِلْاللہ وَحْدَہُ لَا شَرِیْکَ لَهُ
لَهُ الّمُلْکُ وَ لَهُ الْحَمْدُ وَ ھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیٍ قَدِیر
اللہُ اکبر اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلهَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر اللہُ اکبر اللہُ اکبر لا اِلهَ اِلاللہ و اللہُ اکبر اللہُ اکبر و للہِ الحمد
اللہُ اکبر کبِیراً والحمدُللہِ کثیِراً و سُبحَان اللہِ بکرۃً و أصِیلا
اللّھم صلی علٰی سیّدنا محمد و علٰی آل سیّدنا محمد و علٰی اصحاب سیّدنا محمد و علٰی ازواج سیّدنا محمد و سلمو تسلیماً کثیراً کثیرا

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی سب مسلمانوں کو اپنی شريعت پر قائم کرے اور شيطان کے وسوسوں سے بچائے
جنہوں نے حج ادا کیا ہے اللہ کریم اُن کا حج قبول فرمائے
جنہوں نے سیّدنا ابراھیم علیہ السلام کی سُنّت کی پيروی کرتے ہوئے قربانی کرنا ہے ۔ اللہ عِزّ و جَل اُن کی قربانی قبول فرمائے
اللہ کریم ہم سب کو سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے
اللہ الرَّحمٰنِ الرَّحِیم ہمارے مُلک کو ہر انسانی اور قدرتی آفت سے محفوظ فرمائے اور امن کا گہوارہ بنا دے ۔ آمین ثم آمین

ازدواجی زندگی

شادی کا سب سے اہم وصف باہمی اعتبار یا یقین ہے جو شادی کے بندھن کو مضبوط بناتا ہے
اسلام دوسرے مذاہب کیطرح ہفتہ وار عبادت سے منسلک مذہب نہیں ہے ۔ اسلام لائحہءِ حیات ہے جو ہر انسانی عمل پر محیط ہے
باہمی اظہارِ خیال ازواج میں ہم آہنگی پیرا کرتا ہے اور یقین باہمی محبت میں اہم کردار ادا کرتا ہے
رسول الله صلی الله عليه وآله وسلم کی حدیث ہے ”اگر خاوند اپنی بیوی کے منہ میں ایک نوالہ بھی ڈالتا ہے تو اس کا اجر اُسے ملتا ہے اور اللہ اُن میں محبت بڑھا دیتا ہے
اگر میاں بیوی صرف اللہ کی خوشنودی کے لئے آپس میں پیار کرتے ہیں تو ہم اپنا ایمان بڑھا رہے ہوتے ہیں

Sharing and forwarding

سوشل میڈیا (فیس بک ۔ وَٹس اَیپ وغیرہ) کے استعمال سے بہت سے لوگ غیر محسوس طور پر الله کی حُکم عدولی کے مُرتکِب ہو رہے ہیں یہاں تک کہ اپنی اِس قباحت کو حصُولِ ثواب سمجھ لیا گیا ہے اور ایک دوسرے سے بڑھ کر آگے نکلنے کی دوڑ جاری ہے ۔ اِسے دعوتِ دین کا حِصہ سمجھتے ہوئے دوسرے لوگوں اسے اختیار کرنے کی ترغیب بھی دی جاتی ہے ۔ اس طرح گردش میں رہنے والی کئی تحاریر مصدقہ نہیں ہوتیں ۔ ایک دِیندار شخص نے مجھے ایک تحریر بھیجی جو حقیقت کے بَرعَکس تھی
میں نے اُن سے پوچھا ” کیا یہ درست ہے ؟“
جواب آیا ”میں پڑھتا ہوں پھر دیکھتا ہوں“۔
یعنی اُنہوں نے بغیر پڑھے کارِ ثواب سمجھتے ہوئے سب کو فارورڈ کر دی تھی ۔ سُبحان الله
اس سلسلہ میں الله سُبحانُهُ و تعالٰی کا فرمان واضح ہے
سُوۡرَةُ 4 النِّسَاء آیة 83
بِسمِ اللہِ الَّرحمٰنِ الرَّحیم ۔ یہ لوگ جہاں کوئی اطمینان بخش یا خوفناک خبر سُن پاتے ہیں اُسے لے کر پھَیلا دیتے ہیں حالانکہ اگر یہ اُسے رسول اور اپنی جماعت کے ذمہ دار اصحاب تک پہنچائیں تو وہ ایسے لوگوں کے عِلم میں آ جائے جو اِن کے درمیان اس بات کی صلاحیت رکھتے ہیں کہ اس سے صحیح نتیجہ اَخذ کرسکیں تم لوگوں پر الله کی مہربانی اور رحمت نہ ہوتی تو (تمہاری کمزوریاں ایسی تھیں کہ) معدودے چند کے سوا تم سب شیطان کے پیچھے لگ گئے ہوتے
سُوۡرَةُ 49 الحُجرَات آیة 6
بِسمِ اللہِ الَّرحمٰنِ الرَّحیم ۔ اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو تحقیق کر لیا کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم کسی گروہ کو نادانِستہ نقصان پہنچا بیٹھو اور پھر اپنے کئے پر پشیمان ہو

فاسِق کے لُغوی معنی نافرمان اور حسن و فلاح کے راستے سے مُنحرف ہونے والا ہیں
اصطلاح میں فاسِق ایسے شخص کو کہتے ہیں جو حرام کا مرتکب ہو یا واجب کو ترک کرے یا اطاعتِ الٰہی سے نکل جائے ۔ غیر عادل شخص کو بھی فاسق کہا جاتا ہے
الله تعالیٰ کی نافرمانی کرنے اور حدودِ شرعی کو توڑنے والا بھی فاسِق کہلاتا ہے
الله تعالیٰ کی نافرمانی 2 طرح کی ہے
ایک کُلّی اور دوسری جُزوی
کُلّی اور واضح نافرمانی کُفر ہے جس میں کوئی شخص الله کی نافرمانی کو درُست جانتا ہے
جُزوی نافرمانی فِسق ہے جس میں ایک شخص دین الٰہی اور شریعتِ محمدی کی تصدیق بھی کرتا ہے مگر خواہشاتِ نفس میں پڑ کر شریعت کے کِسی حُکم کی خلاف ورزی بھی کر دیتا ہے

ٹھٹھا مذاق

سورۃ 49 الحجرات آیۃ 11
اے لوگو جو ایمان لاۓ ہو ۔ نہ مرد دوسرے مردوں کا مذاق اڑائیں ۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں ۔ اور نہ عورتیں دوسری عورتوں کا مذاق اڑائیں ۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ان سے بہتر ہوں ۔ آپس میں ایک دوسرے پہ طعن نہ کرو اور نہ ایک دوسرے کو برے القاب سے یاد کرو ۔ ایمان لانے کے بعد فسق میں نام پیدا کرنا بہت بری بات ہے ۔ جو لوگ اس روش سے باز نہ آئیں وہ ظالم ہیں

اپنے بلاگ پر میری 24 اکتوبر 2005ء کی تحریر سے اقتباس