Author Archives: افتخار اجمل بھوپال

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

سُہانجنا یا سُوہانجنا یا سوجہنی (Moringa)

سُہانجنا کا درخت بھارت ۔ پاکستان اور افغانستان میں ہمالیہ پہاڑ کی شاخوں کے قریبی علاقوں میں اُگنے والا درخت ہے ۔ جدید تحقیق بتاتی ہے کہ سُہانجنا نامیاتی (organic) قدرتی برداشت ( endurance) اور طاقت کا ضمیمہ (energy supplement) ہے ۔ اس کی پھَلیاں اور جڑیں بھی مفید ہیں لیکن سب سے زیادہ کار آمد سُہانجناکے پتے ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ سُہانجنا 300 کے لگ بھگ بیماریوں یا صحت کے مسئلوں میں مفید ہے اور یہ کہ اس کے استعمال کے بُرے اثرات نہیں ہیں ۔ یہ بچوں ۔ جوانوں اور بُوڑھوں کیلئے بھی مفید ہے ۔ سُہانجنا کا استعمال یاد داشت (memory) کو بھی بہتر بناتا ہے ۔ اسے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) بھی پچھلی 4 دہائیوں سے بطور سَستے صحت ضمیمہ (health suplement) کے استعمال کر رہی ہے

سُہانجنا کے فوائد

1 ۔ جسم کی قدرتی مدافعت بڑھاتا ہے
2 ۔ دماغ اور آنکھوں کو غذا مہیاء کر کے قوت بڑھاتا ہے
3 ۔ جیو (bio) دستیاب اجزاء کے ساتھ حل کو فروغ دیتا ہے
4 ۔ جسم کے خُلیئے (cell) کی ساخت کو فروغ دیتا ہے
5 ۔ قدرتی صفرائے جامد رقیق مادہ (cholesterol serum) کو فروغ دیتا ہے
6 ۔ چہرے پر جھُریوں اور باریک لکیروں کے بننے کو کم کرتا ہے
7 ۔ جگر اور گردے کے کام کو فروغ دیتا ہے
8 ۔ جلد کو خوبصورت بناتا ہے

9 ۔ طاقت کو بڑھاتا ہے
10 ہاضمہ بڑھاتا ہے
11 ۔ مخالف تکسیدی عامل (anti-oxidant) کے طور پر کام کرتا ہے
12 ۔ جسم کی قوتِ مدافعت کو بڑھاتا ہے
13 ۔ صحت مند خون کے نظام کو فروغ دیتا ہے
14 ۔ سوزش کو روکتا ہے
15 ۔ صحتمندی کا احساس دلاتا ہے
16 ۔ جسم میں شکر (Sugar) کی سطح قائم رکھتا ہے
Moringa (1)
وجوہات جن کی بِنا پر سُہانجنا کی بطور بہترین غذا تعریف کی جاتی ہے یہ ہیں

اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے سُہانجنا کو وِٹامِنز ۔ معدنیات اوردوسری انسانی ضروریات سے بھرا ہے
1 ۔ اس کے 100 گرام خُشک پتوں میں خوراک کی مندرجہ ذیل مُفید اشیاء پائی جاتی ہیں
پروٹین ۔ دہی سے 9 گُنا Moringa (2)
وِٹامِن اے ۔ گاجروں سے 10 گُنا
پوٹاشیئم ۔ کیلے سے 15 گُنا
کیلسیئم ۔ دُودھ سے 17 گُنا
وِٹامِن سی ۔ مالٹے سے 12 گُنا
لوہا ۔ پالک سے 25 گُنا Moringa (3)
2 ۔ اس میں مخالف تکسیدی عامل (anti-oxidant) کی بھاری مِقدار بمع بِیٹا کارَوٹِین ۔ قرسِیٹِن موجود ہے
3 ۔ اس میں کلَورَو جِینِک ایسِڈ جو چینی (Sugar) جذب کرنے کی رفتار کو کم کرتا ہے ۔ اس سے خون میں شُوگر کم ہوتی اور ذیابیطس کے مرض میں بہتری آتی ہے Moringa (4)
4 ۔ پتے ۔ پھلیاں اور بیج جَلَن کو کم کرتے ہیں ۔ چنانچہ معدے کے الّسر کے علاج میں مُفید ہیں ۔ اس کا میٹھا تیل تَلنے کیلئے استعمال ہوتا ہے اور سلاد میں کچا بھی کھایا جاتا ہے ۔ تیل فَنگس اور آرتھرائٹس (Fungus & Arthiritis) کے علاج کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے
5 ۔ کولیسٹرول کو صحتمند حدود میں رکھتا ہے
6 ۔ سنکھیا (Arsenic) کے علاج میں بھی استعمال ہوتا ہے

مقدر اور نصیب

میں کار میں جا رہا تھا جناح ایوینیو اور نائنتھ ایوینیو والے چوراہے پر بتی سُرخ تھی ۔ رُک گیا ۔ میرے آگے کھڑی کار پر نظر پڑی تو اُس کے پچھلے حصے کی تصویر بنا لی ۔ پڑھیئے کیا لکھا ہے
A Car
مقدّر آزما چکا ہوں ۔ نصیب آزما رہا ہوں
اِک بے وفا کی خاطر ۔ گاڑی چلا رہا ہوں

یورپ میں پہلا مُسلم میئر

برطانیہ کے دارالحکومت اور دُنیا کے کے مشہور شہر لندن میں کل بلدیاتی انتخابات ہوئے ۔ مقابلہ زَیک سمِتھ اور صادق خان میں تھا
زَیک سمِتھ ۔گولڈ سمتھ کا بیٹا اور جمائما (عمران خان کی سابقہ بیوی) کا بھائی ہے ۔ اسے پاکستان تحریکِ انصاف کی حمائت حاصل تھی
صادق خان پاکستان نژاد برطانوی مسلمان ہے ۔ اسے لندن کے مسلمان پاکستانیوں اور مسلم لیگ (ن) کی حمائت حاصل تھی
صادق خان نے انتخاب جیت لیا اور لندن کا پہلا مسلمان میئر بن گیا ہے
صادق خان ایک مزدور گھرانہ کے چشم و چراغ ہیں ۔ اِ ن کے والد نے بس ڈرائیونگ سے اپنے گھر کے اخراجات اور بچوں کی تعلیم کا بندوبست کیا
صادق خان کو 57 فیصد یعنی 1310143 ووٹ ملے جبکہ ان کے مقابلے میں زَیک گولڈ سمِتھ کو 43 فیصد 994614 ووٹ ملے

عوام الناس ۔ خبردار

ٹریفک ڈیپارٹمنٹ
خون دیجئے مگر سڑکوں پر نہیں

محکمہ جنگلات
پرندوں کو شوٹ کیجئے مگر کیمرے سے ۔ بندوق سے نہیں

پٹرول پمپ
”سگریٹ نوشی منع ہے“۔ آپ کی زندگی بیکار ہو گی مگر ہمارا پٹرول قیمتی ہے

ہسپتال
اگر آپ چاہتے ہیں کہ مرنے کے بعد بھی لڑکیوں کی تاک جھانک کرتے رہیں تو اپنی آنکھیں عطیہ کیجئے

ھُنا الدبئی

پاکستان بننے کے بعد خبریں شروع کرنے سے پہلے جس طرح ہمارے ہاں کہتے تھے ”یہ ریڈیو پاکستان لاہور ہے“۔
ہمارے گھر میں 1953ء تک ریڈیو قاہرہ سے خبریں سُنی جایا کرتی تھیں ۔ خبریں شروع ہونے سے پہلے کہا جاتا تھا ”ھُنا القاہرہ“۔
سمجھ میں آ گیا ۔ نہیں آیا ؟
جی ۔ میرا مطلب ہے کہ اللہ کی مہربانی سے میں مع اپنی بیگم کے 2 دن قبل یعنی بروز ہفتہ 30 اپریل اپنی بیٹی اور چھوٹے بیٹے کے پاس دبئی پہنچ گیا تھا ۔ بیٹی ۔ بیٹا ۔ بہو بیٹی ۔ پوتا ۔ پوتی سب بہت خوش ہیں ۔ بہت شور مچایا ہوا تھا ”جلدی آئیں ۔ جلدی آئیں“۔ اپریل کے پہلے ہفتے میں تو پوتی ناراض ہو گئی تھی کہ آتے کیوں نہیں
آپس کی بات ہے کہ ہم بھی بہت خوش ہیں ۔ بچوں کے ساتھ بالخصوص پوتا پوتی کے ساتھ وقت گذرتے محسوس ہی نہیں ہوتا

بات ہے سمجھ کی

یہ سطور میرے ایک دوست نے بھیجیں ہیں ۔ یہ اُن کے ایک واقفِ کار کی خود نوشت آپ بیتی ہے ۔ سوچا کہ اپنے قارئین کی خدمت میں پیش کی جائیں

پچھلے دنوں اسلام آباد کے پوش علاقے میں ایک دوست کے ساتھ ایک کیفے جانے کا اتفاق ہوا ۔ کچھ کھانے کا مُوڈ نہیں تھا تو بس دو فریش لائم منگوا لئے
ایک سیون اَپ کین کی قیمت 50 روپے ہے ۔ ایک لیموں کی قمیت اگر مہنگا بھی ہو تو 5 روپے ہے ۔ سٹرا شاید 2 روپے میں پڑتا ہو گا ۔ ٹوٹل ملا کر 109 روپے بنتے ہیں ۔ بل آیا تو مجھ سے پہلے میرے دوست نے بل دیکھے بغیر ویٹر کو اپنا ویزا کارڈ تھما دیا ۔ میرا دوست واش روم گیا ۔ اتنے میں ویٹر کارڈ اور پرچی واپس لے آیا ۔ میں نے بل اٹھا کر دیکھا تو تفصیل یوں تھی
فریش لائم -/1200 ۔ جی ایس ٹی -/204 ۔ ٹوٹل -/1404
اس بل کو دیکھ کر نہ مجھے کوئی حیرت ہوئی اور نہ میرے دوست نے ایسا محسوس کیا
ایسی بہت ساری چیزیں ہیں جہاں ہم بے دریخ پیسے خرچ کرتے ہیں
تین سال کی وارنٹی والا کوٹ دس ہزار میں خرید کر اگلے سال دو اور لیں گے
سال میں چار جوڑے جوتوں کے لیں گے
ہوٹلنگ پر ہزاروں روپے برباد کریں گے
انٹرنیٹ، تھری جی، موبائل سیٹس، ٹائی، شرٹس، گھڑیاں، پین، لائٹرز، گیجٹس، لیپ ٹاپس اور پتہ نہیں کیا کیا
لیکن ہم خرچ کرتے رہتے ہیں ۔ جب کماتے ہیں تو خرچ کرنے کے لئے ہی کماتے ہیں
لیکن کبھی غور کریں کہ فریش لائم کے یہ 1404 روپے کسی کی زندگی میں کتنے اہم ہیں

آج بارش میں ایک جگہ انتظار کرتے ہوئے درخت کے نیچے خاتون نظر آئیں ۔ ہم کہتے ہیں یہ ایک بھکاری ہے ۔ بھیک مانگنا ان کا پیشہ ہے
غور کریں تو یہ ماں ہے ۔ ستر سالہ بوڑھی ماں ۔ جھریوں سے بھرا چہره سفید بال ایک چادر میں سردی اور بارش سے بچنے کی کوشش میں جانے کس مجبوری اور کس آس میں یہاں بیٹھی انسانیت کا ماتم منا رہی تھی
کبھی اپنی ماں کی مجبوری کا تصور کیجئے اور پھر اپنے دل کو ٹٹولئے کہ کیا یہ ایک بھکاری ہے؟
میں اظہار سے قاصر ہوں کہ میں اس وقت کس کیفیت کا شکار ہوں ۔ میں نے ان اماں جی کو ایک نوٹ تھمایا ۔ بڑی حسرت اور کرب سے کہنے لگیں ”بیٹا اس کا کھلا ہوتا تو یہاں بیٹھ کر کیا کرتی“۔
میں نے کہا ”ماں جی بس رکھ لیں“۔ جانے کتنی بار انہوں بے یقینی سے مجھے دیکھا ۔ پھر ایک نگاہ نوٹ پر ڈالی ایک مجھ پر ڈالی اور ایک آسمان پر ڈالی ۔ اس ایک نگاہ میں خوشی، طمانیت، دعا، شکر اور پتہ نہیں کیا کیا تھا ۔ اس نگاہ نے مجھے جتنی خوشی دی میں بیان کرنے سے قاصر ہوں ۔ اس ایک نگاہ نے مجھے اور ماں جی کو بیک وقت اپنے رب کے حضور جھکا دیا

فریش لائم ضرور پیجیے لیکن اگر پیسے فریش لائم سے ختم نہیں ہوتے تو کسی کی مدد کر کے اور خوشی دے کر بھی کبھی ختم نہیں ہوں گے ۔ اپنے آس پاس کے کمزور اور لاچار لوگوں پر ضرور نظر ڈالئے

آج خوشی کا ایک راز بتاتا ہوں ۔ کہیں بہت جلدی میں جاتے ہوئے ۔ کہیں ٹریفک میں پھنسے ہوئے ۔ کہیں بارش میں چلتے ہوئے ۔ کسی ریسٹورنٹ میں بیٹھے ہوئے ۔ اپنے آس پاس دیکھیئے اور کوئی اس طرح کی اماں یا کوئی بھی ضرورت مند نظر آئے تو دوڑ کر جایئے اور اسے بس ایک نوٹ تھمایئے ۔ اور واپس آکر اپنے کام لگ جایئے ۔ پھر دیکھیئے کہ آپ کے دل کی کیا کیفیت ہوتی ہے