Author Archives: افتخار اجمل بھوپال

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

دہشتگرد حکمران

(میری 9 فروری 2009ء کو شائع کردہ تحریر)

چیف آف سٹاف اسرائیل آرمڈ فورسز تو 1953ء میں ہی ایک بدنام زمانہ دہشت گرد موشے دیان بن گیا تھا مگر صیہونی دہشت گرد تنظیمیں (ارگون ۔ لیہی ۔ ہیروت ۔ لیکوڈ وغیرہ) اسرائیل میں 1977ء تک حکومت میں نہ آسکیں اس کے باوجود فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و تشدّد ہوتا رہا ۔ 1977ء میں ارگون کے لیڈر مناخم بیگن نے وزیراعظم بنتے ہی غزہ اور باقی علاقے میں جن پر 1967ء میں قبضہ کیا گیا تھا زمینی حقائق کو بدلنے کے لئے تیزی سے یہودی بستیاں بسانی شروع کر دیں تا کہ کوئی ان سے علاقہ خالی نہ کرا سکے ۔ ان صیہونی تنظیموں کا پروگرام ایک بہت بڑی صیہونی ریاست بنانے کا ہے جس کا ذکر میں اس سے قبل کر چکا ہوں ۔ یہ نقشہ تھیوڈور ہرستل (جس نے صیہونی ریاست کی تجویز 1896ء میں پیش کی تھی) نے ہی تجویز کیا تھا اور یہی نقشہ 1947ء میں دوبارہ ربی فِشمّن نے پیش کیا تھا

اسرائیل نے 1982ء میں لبنان پر بہت بڑا حملہ کر کے اس کے بہت سے علاقہ پر قبضہ کر لیا ۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مہاجرین کے 2 کیمپوں صابرا اور شتیلا کو گھیرے میں لے کر اپنے مسلحہ حواریوں فلینجسٹس کی مدد سے وہاں مقیم 4000 نہتے فلسطینی مہاجرین کو قتل کروا دیا جن میں عورتیں بچے اور بوڑھے شامل تھے ۔ یہ کاروائی ایرئل شیرون کے حُکم پر کی گئی تھی جو اُن دنوں اسرائیل کا وزیر دفاع تھا ۔ ان حقائق سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کون دہشت گرد ہے ۔ فلسطینی مسلمان یا اسرائیلی صیہونی ؟

چند مشہور دہشت گرد لیڈروں کے نام یہ ہیں ۔
موشے دیان جو 1953ء سے 1957ء تک اسرائیل کی مسلح افواج کا چیف آف سٹاف رہا
مناخم بیگن جو 1977ء سے 1983ء تک اسرائیل کا وزیراعظم رہا
یتزہاک شمیر جو 1983ء سے 1984ء تک اور پھر 1986ء سے 1992ء تک وزیراعظم رہا
ایرئل شیرون جو 2001ء سے 2006ء تک وزیراعظم رہا ۔ دہشتگردی پر اُس کی مذمت کرنے کی بجائے اُسے نوبل امن انعام دیا گیا

مسلمان تو ایک طرف عرب عیسائیوں اور عرب یہودییوں کو جو کہ فلسطین کے باشندے ہیں ان کو اسرائیل میں وہ مقام حاصل نہیں ہےجو باہر سے آئے ہوئے صیہونی یہودیوں کو حاصل ہے ۔ اس کا ایک ثبوت یہودی صحافی شمیر ہے جو اسرائیل ہی میں رہتا ہے ۔ دیگر جس لڑکی لیلیٰ خالد نے فلسطین کی آزادی کی تحریک کو اُجاگر کرنے کے لئے دنیا میں سب سے پہلا ہوائی جہاز  ہائی جیک کیا تھا وہ عیسائی تھی ۔ فلسطین کو یہودیوں سے آزاد کرانے کے لئے لڑنے والے گوریلوں کے تین لیڈر جارج حبش ۔ وادی حدّاد اور جارج حواتمے عیسائی تھے ۔ اتفاق دیکھئے کہ حنّان اشراوی ۔ حنّا سینی اور عفیف صفیہ جنہوں نے اوسلو معاہدہ کرانے میں اہم کردار ادا کیا وہ بھی عیسائی ہی ہیں

https://theajmals.com/blog/2009/02/09

ریاست اسرائیل کا پس منظر (میری 14 جنوری 2009ء کو شائع کردہ تحریر)

آسٹروی یہودی تھیوڈور ہرستل یا تیفادار ہرستل جو بڈاپسٹ میں پیدا ہوا اور ویانا میں تعلیم پائی سیاسی صیہونیت کا بانی ہے ۔ اس کا اصلی نام بن یامین بتایا جاتا ہے ۔ اس نے ایک کتاب جرمن زبان میں لکھی ” ڈر جوڈن شٹاٹ” یعنی یہودی ریاست ۔ جس کا انگریزی ترجمہ اپریل 1896ء میں آیا ۔ اس یہودی ریاست کے قیام کے لئے ارجٹائن یا مشرق وسطہ کا علاقہ تجویز کیا گیا تھا ۔ برطانوی حکومت نے ارجٹائن میں یہودی ریاست قائم کرنے کی سخت مخالفت کی اور اسے فلسطین میں قائم کرنے پر زور دیا ۔ لارڈ بیلفور نے 1905ء میں جب وہ برطانیہ کا وزیرِ اعظم تھا برطانیہ میں یہودیوں کا داخلہ روکنے کے لئے ایک قانون منظور کرایا اور اُس کے بعد برطانیہ نے مندرجہ ذیل ڈیکلیریشن منظور کی
“Government view with favour the establishment in Palestine of a national home for the Jewish people….”
[ترجمہ ۔ حکومتِ برطانیہ اِس کی حمائت کرتی ہے کہ فلسطین میں یہودیوں کا وطن بنایا جائے]

اس کے بعد صیہونی کانگرس کا باسل [سوٹزرلینڈ] میں اِجلاس ہوا جس میں فلسطین میں خالص صیہونی ریاست بنانے کی منظوری دی گئی اور ساتھ ہی بین الاقوامی صیہونی تنظیم بنائی گئی تاکہ وہ صیہونی ریاست کا قیام یقینی بنائے ۔ اس ریاست کا جو نقشہ بنایا گیا اس میں دریائے نیل سے لے کر دریائے فرات تک کا سارا علاقہ شامل دِکھایا گیا یعنی مصر کا دریائے نیل سے مشرق کا علاقہ بشمول پورٹ سعید ۔ سارا فلسطین ۔ سارا اردن ۔ سارا لبنان ۔ شام اور عراق کا دو تہائی علاقہ اور سعودی عرب کا عراق کی جنوبی سرحد تک کا شمالی علاقہ ۔ دیکھئے نقشہ ۔ 1 اس تحریر کے آخر میں

فلسطین میں یہودی ریاست بنانے کے لئے وہاں بڑی تعداد میں یہودی داخل کرنا مندرجہ بالا پروگرام کا اہم حصہ تھا اور اس کے لئے مسلمانوں کو فلسطین سے باہر دھکیلنا بھی ضروری قرار پایا ۔ 1895ء میں تھیوڈور ہرستل نے اپنی ڈائری میں لکھا تھا
“We shall try to spirit the penniless population across the border by procuring employment for it in the transit countries, while denying it any employment in our own country.”
ترجمہ ۔ ہم [فلسطین کے] بے مایہ عوام کو فلسطین سے باہر ملازمت دِلانے کا چکمہ دینے کی کوشش کریں گے اور ساتھ ہی اُن کو فلسطین میں ملازمت نہیں کرنے دیں گے
پھر صیہونیوں نے راست اقدام کا منصوبہ بناتے ہوئے مندرجہ ذیل فیصلہ کیا
“As soon as we have a big settlement here we’ll seize the land, we’ll become strong, and then we’ll take care of the Left Bank. We’ll expel them from there, too. Let them go back to the Arab countries.”
ترجمہ ۔ جونہی ہماری تعداد فلسطین میں زیادہ ہو گی ہم زمینوں پر قبضہ کر لیں گے ۔ ہم طاقتور ہو جائیں گے پھر ہم دریائے اُردن کے بائیں طرف کے علاقہ کی خبر لیں گے اور فلسطینیوں کو وہاں سے بھی نکال دیں گے ۔ وہ جائیں عرب مُلکوں کو

نظریہ یہ تھا کہ جب اس طرح کافی یہودی آباد ہو جائیں گے تو اس وقت برطانیہ فلسطین میں حکومت یہودیوں کے حوالے کر دے گا ۔ مگر ہوا یہ کہ شروع‏ میں کچھ فلسطینی عربوں نے اپنی زمین یہودیوں کے ہاتھ فروخت کی مگر باقی لوگوں نے ایسا نہ کیا جس کے نتیجہ میں 52 سال گذرنے کے بعد 1948ء میں فلسطین کی صرف 6 فیصد زمین یہودیوں کی ملکیت تھی ۔ یہودیوں نے 1886ء سے ہی یورپ سے نقل مکانی کر کے فلسطین پہنچنا شروع کر دیا تھا جس سے 1897ء میں فلسطین میں یہودیوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی تھی ۔ اُس وقت فلسطین میں مسلمان عربوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد تھی ۔1903ء تک یورپ اور روس سے ہزاروں یہودی فلسطین پہنچ گئے اور ان کی تعداد 25000 کے لگ بھگ ہو گئی ۔ 1914ء تک مزید چالیس ہزار کے قریب یہودی یورپ اور روس سے فلسطین پہنچے ۔

اسرائیل جھوٹ کی بنیاد پر قائم ہوا ۔ فلسطین کا خاتمہ خام خیالی ہے

(میری یکم فروری 2009ء کو شائع کردہ تحریر)
گریٹر مانچسٹر کے دورے میں مانچسٹر اور بولٹن میں سٹاپ دی وار کے تعاون سے غزہ کی آزادی کے لئے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے جارج گیلووے نے کہا ہے کہ اسرائیل کی ریاست جھوٹ کی بنیاد پر قائم کی گئی اور آج بھی جھوٹ کی بنیاد پر دنیا کی آنکھوں میں دھُول جھَونکی جا رہی ہے۔ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔ فلسطین کے عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ اسرائیل یا انکے حواری اگر یہ خیال کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام پر بمباری کر کے انہیں ختم کر دیا جائے گا تو یہ انکی خام خیالی ہے۔ دنیا میں جب تک ایک فلسطینی بھی زندہ ہے مسئلہ فلسطین کی اہمیت اُجاگر رہے گی اور ہماری جماعت ان کا بھرپور ساتھ دے گی
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئیندہ 30 دنوں کے اندر 100 گاڑیوں پر مشتمل ایک امدادی قافلہ لندن سے غزہ تک لیکر جائیں گے۔ زمینی قافلے کو اگر کسی جگہ روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کی مذمت کی جائے گی۔ انہوں نے انتہائی جذباتی انداز میں مصری حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر مصر کے حکمرانوں نے اس قافلے کو روکا تو وہ حسنی مبارک کے گھر کو بھی تباہ کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کے دُہرے معیار کے باعث دنیا میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے برٹش میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی بی سی اپنی غیر جانبدارانہ پالیسی کا معیار ختم کر چکا ہے غزہ میں مظالم کی بھرپور ترجمانی نہیں کی جا رہی اور اگر بی بی سی نے اپنا رویہ نہ بدلا تو گلاسگو کی طرح مانچسٹر اور دیگر سنٹروں پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی بین الاقوامی شہرت یافتہ خیراتی تنظیموں کو جس میں آکسفام، انٹرپال، سیو دی چلڈرن جس کی چیف پیٹرن ہانسی شہزادی این ہیں، کو امدادی رقوم جمع کرنے سے انکار کا مقصد بی بی سی کی اسرائیل پسندانہ کارروائیوں کی غمازی کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی بی سی اور دیگر اسرائیل نواز نشریاتی اداروں کا بائیکاٹ کریں
انہوں نے اجتماعات میں عوام سے اپیل کی کہ غزہ کے مجبور عوام کے لئے جانے والے امدادی قافلے کی بھرپور مدد کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بولٹن سے دو ایمبولینس اور مانچسٹر سے فائر بریگیڈ جیکٹس کے علاوہ بہت سارا امدادی سامان عطیہ کے طور پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے فائر بریگیڈ یونین کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ امدادی قافلے کے لئے 10 لاکھ پؤنڈ کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ عوام کے تعاون سے اسے حاصل کر لیا جائے گا۔ اجتماعات میں 40 ہزار پؤنڈ امدادی رقم کے طور پر اکٹھے کئے گئے
قبل ازیں فلسطینیوں سے اتحاد کی چیئرپرسن لِنڈا کلیئر جو یہودی النسل ہے نے کہا کہ یہودیت اور صہیونیت میں واضح فراق ہے۔ فلسطین میں ہونے والی ظلم و زیادتی صہیونیت کی وجہ سے ہے جبکہ یہودیوں کی اکثریت اس دہشت گردی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہودیوں نے صہیونیت کے خلاف ایک عالمی تنظیم قائم کی ہے جس کے نتیجے میں یہودی مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں اور صہیونیت کی مذمت کرتے ہیں۔
اس موقع پر فلسطین کے رہنما عقیل مجددی جن کا تعلق غزہ سے ہے انتہائی جذباتی انداز میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ آخر میں جارج گیلووے نے عوام کے سوالوں کے جوابات دیئے۔ دونوں اجتماعات میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی جبکہ انڈین مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد جن میں خواتین بھی شامل تھیں نے شرکت کی

چائے اور انگریز کی مکّاری 

چائے کیسے اور کب بنی اس کے متعلق کچھ کہنے سے پہلے میں یہ گوش گزار کرنا چاہتا ہوں کہ تہذیب و تمدن میں یورپ اور امریکہ سے بہت پہلے ایشیا اور افریقہ بہت ترقّی کر چکے تھے ۔ اٹھارویں اور انیسویں صدی میں دولت کے نشہ میں اپنی لاپرواہیوں عیاشیوں اور اہل مغرب بالخصوص انگریزوں کی عیاریوں کے باعث ایشیا اور افریقہ کے لوگ رو بتنزّل ہو کر پیچھے رہتے چلے گئے ۔ ہندوستان میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے کردار سے تو سب واقف ہی ہوں گے ۔ چین کے بارے بھی سنیئے ۔

انگریزوں کو پہلی بار سبز چائے کا علم ستارھویں صدی کے شروع میں اس وقت ہوا جب 1615 عیسوی میں ایک شخص رچرڈ وکہم نے چائے کا ایک ڈبّہ شہر مکاؤ سے منگوایا ۔ اس کے بعد لگ بھگ تین صدیوں تک یورپ کے لوگ چائے پیتے رہے لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ چائے ہے کیا چیز ۔ اٹھارہویں صدی میں سبز چائے نے انگریزوں کے بنیادی مشروب ایل  یا  آلے کی جگہ لے لی  ۔ انیسویں صدی کے شروع تک سالانہ 15000 میٹرک ٹن چائے چین سے انگلستان درآمد ہونا شروع ہو چکی تھی ۔ انگریز حکمرانوں کو خیال آیا کہ چین تو ہم سے بہت کم چیزیں خریدتا ہے جس کی وجہ سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے ۔ انہوں نے افیون دریافت کی اور چینیوں کو افیون کی عادت ڈالی جو کہ چائے کے مقابلہ میں بہت مہنگی بھی تھی ۔ پوست کی کاشت چونکہ ہندوستان میں ہوتی تھی اس لئے ہندوستان ہی میں افیون کی تیاری شروع کی گئی ۔ یہ سازش کامیاب ہو گئی ۔ اس طرح انگریزوں نے اپنے نقصان کو فائدہ میں بدل دیا ۔ انگریزوں کی اس چال کے باعث چینی قوم افیمچی بن گئی اور تباہی کے قریب پہنچ گئی ۔ پھر چینیوں میں سے ایک آدمی اٹھا اور ہردل عزیز لیڈر بن گیا ۔ وہ موزے تنگ تھا جس نے قوم کو ٹھیک کیا اور افیمچیوں کو راہ راست پر لایا جو ٹھیک نہ ہوئے انہیں جیلوں میں بند کر دیا جہاں وہ افیون نہ ملنے کے باعث تڑپ تڑپ کر مر گئے ۔ جس کے نتیجہ میں آج پھر چین سب سے آگے نکلنے کو ہے ۔ یہ موذی افیون ہندوستانیوں کو بھی لگ گئی مگر ہندوستان بشمول پاکستان میں ابھی تک کوئی موزے تنگ پیدا نہیں ہوا ۔

بیسویں صدی کے شروع میں انگریزوں کو فلپین لوگوں کے ذریعہ پتا چلا کہ چائے کی طرح کا پودا مشرقی ہندوستان کے علاقہ آسام میں پایا جاتا ہے چنانجہ اس کی باقاعدہ کاشت ہندوستان میں شروع کر کے کالی چائے تیار گئی جس کی پیداوار اب 200000 مٹرک ٹن سے بہت تجاوز کر چکی ہے ۔

نئے سال کے لئے مشورے

روزانہ دس منٹ قرآن شریف کی تلاوت کیجئے

اگر اپنے لئے نہیں تو دوسروں کے لئے مُسکرایئے

دوسروں کی بات ہمہ تَن گوش ہو کر سنیئے

بچوں کی نئی دریافت چوکسّی سے دیکھیئے

اپنی ناشادگی کا الزام دوسروں پر نہ رکھیئے

دوسروں کی تعریف کُشادہ دِلی سے کیجئے

جو مُشکِل میں ہو اُس کی حوصلہ اَفزائی کیجئے

دوسروں پر تنقید کم کیجئے

اچھے کام میں برغبت حصّہ لیجئے 

اپنے عمل کی ذمہ داری لیجئے

اثر و رسوخ کے سامنے نہ جھکيئے اور تعصّب سے بچیئے

دعا زیادہ مانگیئے اور پریشان کم ہویئے

دوسروں کے درگذر میں تاخیر نہ کیجئے اور خود ترسی سے باز رہیئے 

جو کام بھی کیجئے  بہترین طریقہ سے کیجئے

زندگی اس طرح گذاریئے کہ کبھی پچھتانا نہ پڑے

اپنی حیثیت کو قبول کیجئے اور دوسروں کی نقل نہ کیجئے

ناکامی کو تربیت کا موقع سمجھیئے

جسم اور دماغ دونوں سے بھرپور کام لیجئے

جو دوسرے کے پاس پسند آئے اس پر خوش ہویئے ۔ چھیننے کی خواہش نہ کیجئے

 مدینہ منوّورہ سے محبت

اُنہوں نے مجھے مدینہ منوّرہ سے رخصت کر دیا، میں نے بہت عذر کیا کہ میرا یہاں سے ہلنے کو جی نہیں چاہتا لیکن وہ نہ مانے، فرمانے لگے پانی کا برتن بہت دیر تک آگ پر پڑا رہے تو پانی اُبل اُبل کر ختم ہو جاتا ہےاور برتن خالی رہ جاتا ہے، دنیا داروں کا ذوق شوق وقتی اُبال ہوتا ہے، کچھ لوگ یہاں رہ کر بعد میں پریشان ہوتے ہیں، ان کا جسم تو مدینے میں ہوتا ہے لیکن دل اپنے وطن کی طرف لگا رہتا ہے۔ اس سے بہتر ہے کہ انسان رہے تو اپنے وطن میں مگر دل مدینے میں لگا رہے

قدرت اللہ شہاب