1 ۔ رمضان کا روزہ فاقہ کشی نہیں ہے کہ کھایا پیا کچھ نہیں اور وہ سب کچھ کرتے رہے جس سے اللہ نے منع فرمایا ہے
2 ۔ روزہ اسلئے نہیں رکھنا چاہیئے کہ اردگرد سب کا روزہ ہے یا نہ رکھوں گا تو لوگ کیا کہیں گے یا یہ کہ سلِمِنگ ہو جائے گی
3 ۔ روزہ صرف اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے رکھنا چاہیئے
4 ۔ رمضان کوئی تہوار نہیں بلکہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے ہمیں اپنی تطہیر کا موقع دیا ہے
5 ۔ یہ حدیث یاد رکھنا چاہیئے ۔ جبریل علیہ السلام نے کہا ” تباہی ہو اُس پر جس نے ماہِ رمضان پایا اور اُس کی بخشش نہ ہوئی” ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے کہا ” آمین”۔
6 ۔ سونے کیلئے گیارہ ماہ کافی ہیں ۔ رمضان میں فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ نماز تراویح اور تہجد بھی پڑھنا چاہیئے اور جتنا ہو سکے تلاوتِ قرآن شریف بھی کرنا چاہیئے ۔ یہ برکات کا مہینہ ہے اس کا ایک پل ضائع نہیں ہونا چاہیئے ۔ ساری نمازیں نہ پڑھی جائیں تو صرف ستائیسویں پوری رات نماز پڑھتے رہنا کوئی فائدہ نہیں دے گا
7 ۔ سحری کھانا چاہیئے ۔ اگر کسی وجہ سے دیر ہو جائے تو امساک سے قبل پانی کا ایک گھونٹ ہی پی لیا جائے ۔ اور اگر آنکھ نہ کھلے اور امساک کا وقت ہو جائے تو بغیر کھائے پیئے روزہ پورا کرنا چاہیئے ۔ اگر روزہ نہ رکھا تو کفارہ لازم ہو گا
8 ۔ مغرب کا وقت ہوتے ہی روزہ افطار کر لینا چاہیئے ۔ تاخیر سے روزہ مکروہ ہو جاتا ہے ۔ اگر گھر سے باہر ہوں اور ڈر ہو کہ روزہ ایسی جگہ افطار ہو جائے گا جہاں افطار نہ کیا جا سکے تو اپنے پاس افطار کیلئے کچھ رکھ لینا چاہیئے
9 ۔ افطار کے وقت اتنی دیر تک نہیں کھاتے رہنا چاہیئے کہ مغرب کی نماز ہی قضا ہو جائے ۔ افطاری پارٹیوں میں ایسا دیکھنے میں آیا ہے
10 ۔ کسی کا روزہ افطار کرانا خواہ وہ رشتہ دار یا دوست ہو ثواب کا کام ہے لیکن شان و شوکت کیلئے افطاری پارٹی کرنا گناہ بن سکتا ہے کیونکہ اللہ نے نمائش اور اسراف دونوں سے منع فرمایا ہے
جزاک اللہ۔۔۔!
دعا ہے اللہ رب العزت اس رمضان میں ہم سے راضی ہو جائے۔ آمین
محمد احمد صاحب
آمین ثم آمین
بالکل درست
اُمِ ایمن صاحبہ
حوصلہ افزائی کا شکریہ
بہت شکریہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جزاک اللہ خیر