چیف جسٹس کا قافلہ ہفتہ 5 مئی کو اسلام آباد سے روانہ ہوا اور راولپنڈی سے شاہراہ شیر شاہ سوری پر سفر کرتا ہوا اتوار 6 مئی کو صبح ساڑھے چار بجے لاہور کے قریب شاہدرہ پہنچا جہاں جلوس کی لمبائی چار کلو میٹر ہو چکی تھی ۔ شاہدرہ میں ہزاروں لوگ ہفتہ کی صبح سے چیف جسٹس کی انتظار میں تھے اور ٹولیوں کی شکل میں چہل قدمی کرتے رہے ۔ ان میں وکلاء اور جماعت اسلامی ۔ تحریکِ انصاف ۔ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کے کارکن کن شامل تھے ۔ اب قافلہ شاہدرہ سے چل چکا ہے اور مینارِ پاکستان اور داتا دربار سے ہوتا ہوا لاہور ہائی کورٹ پہنچے گا جہاں چھ ہزار سے زائد وکلاء استقبال کیلئے کل سے جمع ہیں اور بڑے جوش و خروش میں ہیں ۔ لاہور ہفتہ اور اتوار کی پوری درمیانی رات جاگتا رہا ۔ لاہور میں متذکرہ سیاسی جماعتوں کے ہزاروں کارکنوں کے علاوہ عام لوگ بھی چوبیس گھینٹے سے چیف جسٹس کے استقبال کیلئے کھڑے ہیں ۔
راولپنڈی سے نکلتے ہوئے جب قافلہ سواں پُل کے قریب پہنچا تو وہاں لگی ہوئی گیس پائپ میں اچانک آگ لگ گئی جس کی وجہ سے قافلہ کو کافی دیر وہاں رُکنا پڑا ۔ جہلم میں قافلہ پہنچنے سے پہلے استقبال کیلئے اکٹھے ہونے والے وکلاء اور دوسرے شہریوں پر پولیس نے اشک آور گیس کے گولے پھینکے اور لاٹھی چارج کیا جس سے کئی لوگ زخمی ہوئے ۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں شدید لاٹھی چارج کیا گیا جس سے تیس لوگ زخمی ہوئے جن میں مسلم لیگ نواز کی رکن پنجاب اسمبلی بھی شامل ہیں ۔ گوجرانوالہ میں کسی نے سٹیج پر پٹاخہ پھینکا جس سے بھگدڑ مچنے سے چیف جسٹس کے ایک وکیل حامد خان کے بازو کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔ راستے میں کئی جگہ پر لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پولیس نے اُکھاڑ دئیے ۔ راستہ میں آنے والے تمام شہروں اور شاہراہ شیر شاہ سوری کو ملنے والی تمام سڑکوں کی پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی ۔