امریکی شہری رابرٹ اینڈرسن تقریبا ًچالیس سال پہلے لاوٴس میں اپنے ملک کے لیے وہی خدمات انجام دیا کرتے تھے جن کے لیے ریمنڈ ڈیوس اور ان کے سینکڑوں ساتھیوں کو پاکستان میں تعینات کیا گیا ہے۔لہٰذا پاکستان میں ریمنڈ ڈیوس اور ان کے ساتھیوں کے کھیل کو سمجھنے کے لیے لاوٴس میں اینڈرسن کی ذمہ داریوں اور سرگرمیوں سے آگاہی انتہائی کارگر ثابت ہوسکتی ہے
خوش قسمتی سے رابرٹ اینڈرسن اپنی کہانی خود ہی منظر عام پر لے آئے ہیں ۔ معروف آن لائن امریکی نیوز میگزین کاوٴنٹر پنچ سمیت ان کی یہ تازہ ترین تحریر متعدد ویب سائٹوں پر موجود ہے ۔رابرٹ کی خواہش ہے کہ ان کی حکومت دوسرے ملکوں میں ایسی حرکتیں چھوڑ دے کیونکہ امریکی قوم کو اس کی قیمت اپنی ساکھ اور اعتبار سے محرومی کی شکل میں ادا کرنی پڑتی ہے
کئی دہائياں پہلے لاوٴس میں امریکی جاسوس کا کردار ادا کرنے والے اس امریکی شہری کا کہنا ہے کہ ” ریمنڈ ڈیوس ایک امریکی ہے جو پاکستان میں ہمارے سفارت خانے سے باہر سفارت کار کے روپ میں جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ اس واقعے سے آپ سمجھ سکتے ہیں کہ بیرونی ممالک ہم پر بھروسہ کیوں نہیں کرتے اور پورے مشرق وسطیٰ میں لوگ بڑے شیطان کے خلاف کیوں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں”
[رابرٹ اینڈرسن کا مکمل مضمون يہاں کلک کر کے پڑھا جا سکتا ہے]
اس کے بعد رابرٹ اینڈرسن ماضی کے لاوٴس اور آج کے پاکستان میں پائی جانے والی مماثلت یوں واضح کرتے ہیں ” ویت نام کی جنگ میں لاوٴس کا ملک ویسے ہی جیو اسٹرے ٹیجک مقام کا حامل تھاجیسے آج افغانستان کے حوالے سے پاکستان ہے۔ ہمارے ملک نے پاکستان ہی کی طرح لاوٴس میں بھی سی آئی اے کو استعمال کرتے ہوئے ایک خود مختار قوم کے خلاف خفیہ فوجی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا تھا“
اس تمہید کے بعد رابرٹ اینڈرسن اپنی روداد کا آغاز کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ ”میں امريکی فضائیہ میں ایک ڈیمالیشن ٹیکنیشین تھاجسے سی آئی اے کے ساتھ لاوٴس میں امریکی آپریشنوں کے لیے ازسرنو ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ فوجی شناختی کارڈوں اور وردیوں کی جگہ ہمیں وزارت خارجہ کی جانب سے شناختی کارڈ جاری کیے گئے اور ہم نیلی جینز میں ملبوس ہوگئے۔ ہمیں بتایا گیا کہ اگر ہم زندہ پکڑے جائیں تو سفارتی استثنیٰ کا مطالبہ کریں۔ ہم نے لاوٴس، کمبوڈیا، تھائی لینڈ اور ویت نام تمام ملکوں میں روزانہ کی بنیاد پر فوجی مشن انجام دینے کا کام کیا۔ ہم یہ بھی جانتے تھے کہ اگر ہم مارے یا پکڑے گئے تو شاید ہمیں تلاش کرنے کی کوشش بھی نہیں کی جائے گی اور وطن میں ہمارے گھروالوں سے کہہ دیا جائے گا کہ ہم تھائی لینڈ میں کسی ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں اور ہماری لاشیں دستیاب نہیں ہوسکی ہیں“
اس سلسلہ گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے رابرٹ اینڈرسن انکشاف کرتے ہیں کہ ”ہماری ٹیم کو یہ بھی بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے معائنہ کار یا بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے آنے والے ہوں تو ہمیں اپنے محفوظ ٹھکانوں میں چھپ جانا چاہیے تاکہ ہم سے سوالات نہ کیے جاسکیں“
اس سابق امریکی جاسوس کے بقول عشروں پہلے” امریکی سفارت خانے سے باہر، امریکی فوج اور سفارت کاروں کو استعمال کرتے ہوئے کِیا جانے والا یہ ایک نہایت منظم آپریشن تھا۔ 1968 کی فوجی مہم Tet Offensive کے دوران جب میں وہاں تھا، شروع ہونے والی یہ کارروائی لمبی مدت تک جاری رہی، یہاں تک یہ پوری جنگ ناکامی پر ختم ہوگئی“
اس کہانی کا انتہائی معلومات افزاء حصہ، جس کی روشنی میں پاکستان میں ریمنڈ ڈیوس اور اس کے ساتھیوں کے مشن کو سمجھنا بہت آسان ہوجاتا ہے، وہ ہے جس میں رابرٹ اینڈرسن نے لاوٴس میں اپنی ذاتی سرگرمیوں کی کچھ تفصیلات بیان کی ہیں۔ اس کے بعض اقتباسات یہاں پیش کیے جارہے ہیں
رابرٹ اینڈرسن کہتے ہیں ” لاوٴس میں جس پروگرام سے میں وابستہ تھا،وہ ان لوگوں کا منظم قتل تھا جو امریکی اہداف و مقاصد سے وفادار نہ
ہونے کے حوالے سے شناخت کیے گئے ہوں۔ اس پروگرام کو Phoenix پروگرام کہا جاتا تھا، اور اس کے تحت انڈو چائنا کے علاقے میں ساٹھ ہزار افراد کو ٹھکانے لگایا گیا“
مگر اس درندگی اور سفاکی کا نتیجہ کیا نکلا؟ رابرٹ اینڈرسن کا کہنا ہے ”ہم نے ملک کے شہری انفرا اسٹرکچر کو حیرت انگیز پیمانے پر تباہی سے دوچار کیا، اس کے باوجود جنگ ہار گئے“
رابرٹ اینڈرسن امریکی سامراج کے انسانیت سوز جرائم سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتاتے ہیں : “کرائے کے فوجیوں کی ایک ٹیم کو، جسے میں تربیت دے رہا تھا،اُن مردہ شہریوں کے کانوں کا تھیلا لاکر دکھانے کا حکم دیا گیا جو ان کے ہاتھوں قتل ہوئے ہوں۔ اس طرح وہ ثبوت مہیا کرتے تھے کہ ہمارے لیے انہوں نے کتنے لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔ تاہم بعد میں یہ طریق کار تبدیل کردیا گیا اور کرائے کے قاتلوں سے کہا گیا کہ وہ مرنے والوں کے کان کاٹ کر لانے کے بجائے ․صرف ان کی تصاویر کھینچ کر فراہم کردیا کریں”
یقینی طور پر اسی طریق کار پر عمل کرتے ہوئے لاہور میں دو پاکستانی شہریوں کو اپنی بندوق سے قتل کرنے کے بعد ریمنڈ ڈیوس نے بھی اپنے موبائل فون سے ان کی تصویریں بنائی تھیں
اس کہانی کے اگلے حصے میں رابرٹ اینڈرسن بتاتے ہیں کہ لاوٴس اور دوسرے پڑوسی ملکوں میں ان بہیمانہ کارروائیوں پر مبنی فلم” ایئر امریکا “کے نام سے Mel Gibson نے بنائی تھی۔ اس مووی میں منشیات کے اس کاروبار کا احاطہ بھی کیا گیا ہے جس کا اہتمام امریکی سی آئی اے ان آپریشنوں کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کرتی تھی کیونکہ ،رابرٹ اینڈرسن کے بقول کانگریس نے ان کاموں کے لیے جو ہم کررہے تھے، فنڈز کے منظوری نہیں دی تھی۔ رابرٹ اینڈرسن کہتے ہیں کہ میں نے ڈرگ آپریشن بھی براہ راست دیکھے ہیں اور ان کی ساری تفصیل الفرڈ مک کائے کی کتاب”دی پالی ٹیکس آف ہیروئین ان ساوٴتھ ایشیا“ میں موجود ہے۔“ رابرٹ اینڈرسن کا کہنا ہے کہ وہ ان معاملات کو اس وقت تک ایک دوسرے سے مربوط نہیں کرتے تھے جب تک ایران کونٹرا کیس میں اولیور نارتھ اس سلسلے میں جوابدہی کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوا کیونکہ وہ لاوٴس آپریشن کا ایک لیڈر تھا اور رابرٹ کو اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی
سابق امریکی جاسوسرابرٹ اینڈرسن معترف ہے کہ اس کا ملک دوسری عالمی جنگ کے بعد ہی سے اس قسم کی مجرمانہ اور انسانیت دشمن کارروائیوں میں ملوث چلا آرہا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ اس طرح ہم جرمن نازیوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ ہم ان جرائم کو سرد جنگ کے دوران جائز قرار دیتے رہے۔ اس نوعیت کی پہلی کارروائی 1953ء میں صدر روزویلٹ کے دور میں تیل کے کنووں پر تسلط کے لیے ایران کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر کی گئی
سی آئی اے کی ایسی دیگر خفیہ مجرمانہ کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے جنہیں امریکی شہریوں سے بھی چھپایا جاتا رہا، رابرٹ اینڈرسن کہتے ہیں کہ اگر ہم نے ماضی میں اس طریقے کے بجائے جس میں نہ اپنے لوگوں پر اعتماد کیا جاتا ہے نہ دوسرے ملکوں کے لوگوں پر ، اس کے بجائے انہیں بے دریغ قتل کیا جاتا ہے، اپنے مسائل کے حل کے لیے مختلف طریق کار اپنایا ہوتا تو ہمارا ملک ان مشکلات سے دوچار نہ ہوتا جو آج پوری دنیا میں اسے درپیش ہیں
کہانی کے آخری حصے میں اس انسانیت سوز کھیل میں اپنی شرکت کے اسباب کی وضاحت کرتے ہوئے رابرٹ اینڈرسن کہتے ہیں کہ ویت نام کی جنگ کے ان دنوں میں، وہ نوعمر اور بیوقوف تھے اور ایک چھوٹے علاقے سے تعلق رکھنے والے کھلندڑے لڑکے کی حیثیت سے اس خفیہ مشن سے وابستگی ان کے لیے بڑی چیز تھی۔ مگر اب وہ پہلے سے بہت زیادہ ہوش مند ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کرتوتوں کے نتائج بہت دور رس اور تباہ کن ہوتے ہیں اور انہیں فوری طور پر بند ہوجانا چاہیے
لیکن ان کے بقول، پاکستان میں ریمنڈ ڈیوس کے معاملے سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی حکومت دنیا کے لوگوں کو جھٹلانے کے اپنے پرانے طریقے پر آج بھی کاربند ہے جبکہ حقیقت کسی سے چھپی ہوئی نہیں ۔ رابرٹ پوچھتے ہیں ”یہ منافقانہ حماقت کب ختم ہوگی؟ ہمارے سیاستدان اس بارے میں کب زبان کھولیں گے ؟ وہ جھوٹی باتوں اور چالوں کا ساتھ دینا کب چھوڑیں گے؟ مزید کتنے ہمارے اور دوسرے لوگ ان احمقانہ منصوبوں کی بھینٹ چڑھیں گے؟“
اس کے بعد وہ امریکا کی موجودہ پوزیشن کو مشرق وسطیٰ اور ڈیوس کے معاملے کے تناظر میں واضح کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ” ریمنڈ ڈیوس اب برے حال میں ہے کیونکہ دنیا کے بیشتر لوگ ، جیسا کہ ہم مشرق وسطیٰ میں دیکھ رہے ہیں، اب ہمارے جھوٹ سے واقف ہیں اور ہم پر مزید اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہیں․․․ افسوس کہ اس سب کے باوجود صدر اوباما اب بھی جھوٹ کو دہرارہے ہیں“
ماضی کے ریمنڈ ڈیوس کا یہ اعترافِ حقیقت بہت بروقت اور لائق تحسین ہے ۔ یہ ایسی گواہی ہے جو ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے امریکی حکام کے لیے روسیاہی کا سبب اور پاکستان کے قومی موقف کے درست ہونے کا ناقابل تردید ثبوت ہے
بشکريہ ۔ جنگ
اجمل انکل مجھے تو پتا نہیں تھا کہ رابرٹ بھی “طالبان” ہونے کا کردار ادا کر چکا ہے ۔ رابرٹ طالبان ، یہ الفاظ اچھے رہیں گے کیونکہ یہ سب کچھ جاننے کے باوجود بھی لوگوں نے یہ ہی کہنا کہ یہ طالبان کروا رہے ہیں ۔ امریکی طالبان؟؟؟
انکل ٹام صاحب
ميں آپ کو انکل کہتا ہوں ۔ آپ مجھے انکل کہتے ہيں ۔ يہ طالبان والا مسئلہ بھی کچھ ايسا ہی نہيں ؟
کیا فرق پڑتا ہے جتنے بھی پکّے ثبوت آ جائیں … ہو گا ووہی جو ہمارے حکمران اور نیٹو یعنی صلیبی افواج کی اتحادی پاک فوج چاہے گی …