آج برِّ صغير ہندوپاکستان کے مُسلمانوں کے عظيم رہنما قائداعظم محمد علی جناح کا يومِ ولادت ہے
146 سال قبل آج کے دِن یعنی 25 دسمبر 1876ء کو برِّ صغير ہندوپاکستان کے مُسلمانوں کے عظيم رہنما قائداعظم محمد علی جناح پیدا ہوئے
قائداعظم کو اللہ تعالٰی نے شعُور ۔ مَنطَق اور اِستَقلال سے نوازا تھا
اِن صلاحیتوں کے بھرپور استعمال سے اُنہوں نے ہميں ايک اللہ کی نعمتوں سے مالا مال مُلک لے کر ديا
مگر
ہماری قوم نے اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کے اِس تحفہ اور اپنے عظيم رہنما کے قول و عمل اور اِن کی یگانگت کو بھُلا ديا
جس کے باعث ہماری قوم اقوامِ عالَم ميں بہت پيچھے رہ گئی ہے
قائداعظم نے نصب العین کیلئے ہمیں دو بڑے اہم لاءحہءِ عمل دیئے تھے
1 ۔ ایمان ۔ اتحاد اور تنظیم
2 ۔ کام ۔ کام ۔ کام ۔ بس کام
مگر مالی حالت بہتر ہوتے ہی قوم کی اکثریت کا
1 ۔ اللہ پر یقین یعنی ایمان کمزور اور دولت کی لالچ بڑھنا شروع ہوا
2 ۔ محنت اور دِلجمعی سے کام کرنے کی بجائے کام سے دِل چُرانے اور دھوکہ دینے کی عادت اپنا لی
قوم میں وہ لوگ بھی پیدا ہوئے جنہوں نے قائداعظم کا دیا ہوا نعرہ ” ایمان ۔ اتحاد ۔ تنظیم ” ہی بدل کر ” اتحاد ۔ یقین ۔ نظم ” بنا دیا
اپنے آپ کو کشادہ ذہن قرار دینے والے کم ظرف کہنے لگے کہ پاکستان اسلام کے نام پر تو بنا ہی نہ تھا بلکہ قائداعظم کو سیکولر قرار دے کر پاکستان کو بھی سیکولر بنانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے لگے
کچھ بدبخت اس سے بھی آگے بڑھے اور قائداعظم کے مسلمان ہونے کو ہی مشکُوک بنانے کی ناپاک کوشش کی
آئیے آج سے اپنی بَد اعمالیوں سے تَوبہ کریں
اپنے اللہ پر یقین کرتے ہوئے قرآن کی رہنمائی میں قائدِاعظم کے بنائے ہوئے راستہ پر چلیں
اور اس ملک پاکستان کو تنَزّل کی گہرائیوں سے نکالنے کی جد و جہد کریں
اللہ کریم ہمیں اپنے اِس فرض اور نیک کام کی طرف بھرپور توجہ دے کر اِس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے