میں خود اس معاملہ میں ذاتی طور پر شریک تھا اور اس معاہدہ کو برادرم محمد خان جونیجو صاحب اور ان کے وزیر خارجہ اور دوسرے رفقائے کار کی ہمالیہ سے بڑی غلطی سمجھتا ہوں
آج افغان جہاد اور اس کے مضمرات کے بارے میں جس کا جو دل چاہتا ہے گوہر ا فشانی کرتا ہے لیکن انہیں تاریخی حقائق اور پالیسی کے اہم امور اور دلائل دونوں سے اتنی بے اعتنائی کا شکار نہیں ہونا چاہیئے
جنیوا معاہدہ پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بحث ہوئی تھی ۔ پارلیمنٹ کے ارکان کی بریفنگ کے لئے بھی ان کیمرہ (in camera) اہتمام کیا گیا تھا اور اس میں اصل پیش کار (Presentator) مرحوم جنرل حمید گل صاحب تھے جس کو جونیجو صاحب نے درمیان میں اچانک مداخلت (Abraptly intercept) کرکے رکوادیا تھا جس پر ہم نے احتجاج بھی کیا تھا۔ اس پرِیزینٹیشن (Presentation
) میں جو دلائل اور حقائق بڑے محکم انداز میں پیش کئے جارہے تھے وہ جونیجو صاحب کی خواہش کے خلاف تھے اور ارکان پارلیمنٹ پر اس کا گہرا اثر دیکھا جارہا تھا ۔ جینوا معاہدہ کے سلسلے میں ان کے موقف کو سراسر غلط اور ملک اور پورے علاقے کے لئے تباہ کن سمجھتا تھا اور سمجھتا ہوں مگر ان کی نیت پر شبہ نہیں کرتا۔ ان کو غلط مشورہ دیا گیا۔ ان کو خود ان معاملات کا وہ ادراک نہیں تھا جو ایک وزیر اعظم کو ہونا چاہئے اور وہ ملک کو مارشل لاء اور فوج کی بالا دستی کے نظام سے نکالنے میں جلدی میں تھے جس کا دوسروں نے فائدہ اٹھایا۔
صاحبزادہ یعقوب خان صاحب ان معاملات پر بے حد مضطرب پریشان اور دل گرفتہ تھے۔ لیکن بڑے دکھ سے بیان کرنا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم صاحب نے ان کی رائے کو کوئی وزن نہ دیا۔ حد یہ ہے کہ جنیوا معاہدہ کا اصل مسودہ بھی ان کو نہ دیا گیا۔ دفتر خارجہ کے لوگ بلاشبہ ان کا بہت احترام کرتے تھے لیکن ان میں یہ خوش خلقی (Courtesy) نہیں تھی کہ اپنے سابق وزیر خارجہ کو وہ مسودہ دے سکیں
جنیوا معاہدہ افغانستان میں تنازع کے اصل فریقوں کے درمیان نہیں تھا بلکہ ان کو الگ (Side step) کرکے کیا جارہا تھا۔ تحریکات آزادی میں حکومت وقت اور مزاحم قوتوں کا کردار اصل ہوتا ہے۔ جنیوا معاہدہ میں اصل کردار اقوام متحدہ، روس، امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں کا تھا مگر مسئلہ کے اصل فریق اس میں بھی نہ تھےجس نے سارے مجوزہ انتظام کو صرف روس اور امریکہ کے مذاکرات کے تابع کردیا۔ پاکستان اور افغان عوام اور مجاہدین کے مفاد کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ ہم نے بار بار متوجہ کیا اور صاحبزادہ صاحب اس میں پیش پیش تھے اور یہی موقف جنرل ضیاء الحق کا اور آئی ایس آئی کا تھا کہ اصل مسئلہ صرف روسی فوجوں کے انخلاء کا نہیں۔ بلاشبہ وہ بہت ہی اہم اور اولین ضرورت ہے مگر یہ کافی یا لازمی نہیں ہے
دوسرا مرکزی مسئلہ جو شاید سب سے اہم افغانستان میں حکمرانی کے نئے بندوبست کا ہے اور اس کے طے کئے بغیر فوجوں کا انخلاء نئے مصائب کا باعث ،خانہ جنگی کا سبب اور پورے علاقے کے لئے تباہی کا باعث ہوگا اور سب سے زیادہ پاکستان کے لئے مسائل پیدا کرے گا جس کی زمین پر اس وقت تیس سے چالیس لاکھ افغان مہاجر موجود تھے ۔ ہمیں یقین تھا کہ کابل میں نئے اور اصل فریقین کے درمیان سیاسی انتظام کے بغیر نہ افغانستان میں امن آسکتا ہے اور نہ پاکستان سے مہاجرین کی واپسی ممکن ہوگی
لیکن جنیوا معاہدہ میں ان تمام پہلوئوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا اور افغانستان میں تصادم، خلفشار اور خانہ جنگی کے جاری رہتے ہوئے پاکستان کے لئے آزمائش اور جو کچھ حاصل ہوا تھا اس کو نہ صرف خاک میں ملانے بلکہ نئی دشمنیاں پیدا کرنے اور دوستوں کو دشمنوں میں اور محسنوں کو مخالفین میں تبدیل کرنے کا نسخہ تھا جس پر اس وقت کی قیادت نے امریکی اور روسی منصوبہ میں شریک کار بن کر فاش
غلطی کی اور آج تک اس کے نتائج کو پاکستان اور افغانستان دونوں مظلوم قومیں بھگت رہی ہیں
بشکریہ ۔ حامد میر
Pingback: تاریخی حقائق ۔ سابق سینیٹر کی زبانی « Jazba Radio