یہ اعتقاد صدیوں سے قائم ہے کہ جانوروں کو زلزلہ آنے کا وقت سے پہلے عِلم ہو جاتا ہے ۔ 373 قبل مسیح میں تاریخ دانوں نے لکھا کہ یونان کے شہر ھَیلائس کی زلزلے سے تباہی سے چند روز قبل جانور جیسے چوہے ۔ سانپ ۔ نیولا ۔ وغیرہ اس علاقہ سے چلے گئے تھے ۔ اسی طرح کے مزید واقعات صدیوں سے تاریخ میں مرقوم چلے آ رہے ہیں جن کے مطابق مچھلیوں کا اضطراب ۔ مرغیوں کا انڈے نہ دینا ۔ شہد کی مکھیوں کا پریشانی میں چھتے چھوڑ جانا دیکھا گیا ہے ۔ ماضی میں جانور پالنے والے کئی لوگوں نے بتایا کہ اُنہوں نے زلزلے سے قبل بلی یا کتے کو اضطراب اور بے قراری میں غُراتے دیکھا
سائنسدان عرصہ دراز سے یہ کھوجنے میں سرگرداں ہیں کہ جانوروں کو وقت سے قبل زلزلے کا کیسے عِلم ہو جاتا ہے ؟ لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکے ۔ سائنسی ترقی کے اس دور میں بھی ماہرین ارتعاش اراضی (زلزلے) کی پیش گوئی کرنے سے قاصر ہیں ۔ ماہرین نے یہ معلوم کرنے کی بھی بہت کوشش کی ہے کہ جانوروں کو زلزلہ کا قبل از وقت کیسے معلوم ہو جاتا ہے لیکن لاحاصل
کمال تو امریکی سائنسدادانوں کا ہے کہ اُنہوں نے اس حقیقت کو ہی مشکوک قرار دے دیا ہے کہ جانوروں کو زلزلہ کا قبل از وقت علم ہو جاتا ہے گویا ”نہ آنکھیں کھولو ۔ نہ بِلی نظر آئے“۔
چین میں 1975ء میں جانوروں کی غیرمعمولی حرکات سے اندازہ لگایا گیا کہ ہائی چینگ میں زلزلہ آنے والا ہے اور وہاں کی آبادی کو نکل جانے کی ھدائت کر دی ۔ چند دن بعد 7.3 شدت کا زلزلہ آیا جس سے کچھ لوگ زخمی ہوئے ۔ کہا جاتا ہے کہ اگر اکثر باشندے ہائی چینگ سے نکل نہ گئے ہوتے تو 150000 تک لوگ زخمی ہو سکتے تھے
سماٹرہ میں 26 دسمبر 2004ء کا زلزلہ اور سونامی ایک اور مثال ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ زلزلہ سے کچھ گھنٹے قبل تھائی لینڈ میں سیاحوں کی سواری والے ہاتھیوں نے اپنے ماہوتوں کا حُکم ماننے سے انکار کر دیا اور سوار سیاحوں کو گرا دیا تھا ۔ ایسا پہلے کبھی نہ ہوا تھا ۔ جزائر انڈیمان کے سمندر میں سمندری جانور جیسے سانپ ۔ مینڈک ۔ کچھوے ۔ کیکڑے اور مچھلیاں اضطراب کی حالت میں کود کر خُشکی پر آ گئے تھے ۔ سمجھ نہ آئی تو حضرتِ انسان کو نہ آئی
کانگڑہ میں 4 اپریل 1905ء کو آنے والے زلزلہ سے پچھلی رات کے دوران لاہور کے چڑیا گھر میں جانور غیرمعمولی پریشان ہو گئے تھے اور کھانے پینے سے انکار کر دیا تھا ۔ لاہور کا کانگڑہ سے فاصلہ 200 کلو میٹر ہے
ہمارے پاس 2001ء سے 2004ء تک ایک مخصوص قسم کی بلی تھی ۔ ایک دن میں لاؤنج میں بیٹھا تھا اور بلی میرے سامنے بیٹھی مجھے دیکھ رہی تھی ۔ اچانک بلی پر خوف طاری ہوا ۔ اُس نے میری طرف دیکھ کر کچھ اشارہ کیا ۔ پھر اُچھل کر صوفے کے نیچے گھُس گئی ۔ میں سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے ۔ جھٹکے ختم ہونے کے بعد بلی نکل کر پھر میرے سامنے بیٹھ گئی
بعض اوقات انسانوں میں بھی کچھ غیرمعمولی اثرات دیکھے گئے ہیں ۔ لاٹر (بھارت) میں 1993ء میں شدید زلزلہ آیا تھا ۔ لاٹر سول ہسپتال کے مطابق زلزلہ سے قبل ایک دن میں عام دنوں کی نسبت 6 گنا بچے پیدا ہوئے تھے اور اُس دن ہسپتال آنے والے مریضوں کی تعداد بھی عام دنوں سے 7 گنا کے لگ بھگ تھی