جسے اللہ رکھے

ایک دوست کی یاد آئی جو اس فانی دنیا سے کوچ کر گئے ہوئے ہیں ۔ اختر صاحب سے میری ملا قات 1964ء میں ہوئی جو آہستہ آہستہ دوستی میں ڈھل گئی ۔ انہوں نے ترپن سال قبل انجنیئرنگ کالج لاہور سے الیکٹریکل انجنیئرنگ کی ڈگری حاصل کی ۔ وہ مجھ سے تیرہ سال بڑے تھے اس لئے بے تکلف دوستی ہوتے ہوئے بھی احترام قائم رہا ۔ اختر صاحب صاف گو انسان اور باعمل مسلمان تھے ۔ اکتیس سال قبل وہ کسی ٹریننگ پروگرام کے تحت چیکوسلواکیہ گئے ۔ وہ ملک جو اب دو یا تین ملکوں میں بٹ چکا ہے ۔ اس زمانہ میں یہ کٹر کیمیونسٹ ملک تھا اور مسلمانوں والا نام رکھنا بھی واجب القتل جرم تھا ۔ واپس آ کر انہوں نے اس وقت کے لحاظ سے عجیب واقعہ مجھے سنایا جو اختر صاحب کی زبانی مختصر درج کرتا ہوں ۔

میں جس فیکٹری میں تھا وہاں کوئی دو سو مقامی نوجوان تربیت لے رہے تھے ۔ ان کے بال بہت لمبے تھے اور جینز ۔ بنیان اور جیکٹ پہنتے تھے ۔ بظاہر بالکل لا پرواہ تھے اور اپنی زبان کے علاوہ اور کوئی زبان نہیں بولتے تھے ۔ ایک دن میرا پاکستانی ساتھی بیمار ہونے کی وجہ سے فیکٹری نہ گیا ۔ دوپہر کی بریک کے دوران کیفیٹیریا میں ایک میز کے ساتھ اکیلا بیٹھا تھا کہ ایک نوجوان احتیاط سے ادھر ادھر دیکھ کر جلدی سے میرے پاس آ کر بیٹھ گیا ۔ چند منٹ بعد اس نے میری طرف اشارہ کر کے میرے کان میں کہا ۔ لا الہ ؟ میں نے اثبات میں سر ہلایا تو اس نے میرے کان میں کہا الحمدللہ ۔ پھر اس نے اشاروں سے پوچھا کہ تمہارا ساتھی کیا ہے ؟ میں نے کہا لا الہ تو اس نے نفی میں سر ہلایا اور اشاروں سے مجھے سمجھایا کہ وہ مسلمان نہیں وہ شراب پیتا ہے ۔ اس دن کے بعد جب بھی کیفیٹیریا میں کوئی آفیسر موجود نہ ہوتا وہ میرے پاس آ کر بیٹھ جاتا اور اشاروں میں پاکستان کے متعلق پوچھتا رہتا ۔ کبھی قرآن شریف کی کوئی صورۃ مجھے سنا دیتا ۔ ایک دن وقفہ لمبا تھا تو اس نے مجھے پوری سورۃ بقرہ سنا دی ۔ میں نے ہمت کر کے اسے پوچھا کہ قرآن تم نے کہاں سے سیکھا تو اس نے بتایا کہ ایک استاد ہے جو ان کی طرح کسی اور فیکٹری میں کام کرتا ہے لیکن سب کچھ خفیہ ہے اگر کسی کو پتہ چل جائے تو سب کو ہلاک کر دیا جائے گا ۔ پھر ایک دن میرے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ ان کے گروہ میں بارہ ہزار مسلمان ہیں اور آہستہ آہستہ تعداد بڑھ رہی ہے ۔ 

اللہ سبحانہ و تعالی نے قرآن شریف کی حفاظت اپنے ذمّہ لے رکھی ہے ۔ یہ واقعہ اس کی ایک ادنی مثال ہے ۔  

مدعی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے

وہی ہوتاہے جو منظورخدا ہوتا ہے

اپنے مکروہ ارادوں کو جتنا چاہیں خوشنما بنا لیں صیہونی ۔ نیو کان ۔ان کے باج گذار اور خوشامدی ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ

سچائی چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اصولوں سے

خوشبو آ نہیں سکتی کبھی کاغذ کے پھولوں سے

مسلمانوں کو گبھرانہ نہیں چاہیئے اور علّامہ اقبال کا یہ شعر یاد رکھنا چاہیئے

تندیء باد مخالف سے نہ گبھرا اے عقاب یہ تو چلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لئے

This entry was posted in روز و شب on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.