دوستی کی بناء پر استوار ہونے والا تعلق دیر پا ہوتا ہے جو زمانے کے حوادث کی برداشت رکھتا ہے ۔ ہم اختلاف کے باوجود اپنے دوستوں پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ اُن کا احترام کرتے ہیں اور اُن کا خیال رکھتے ہیں ۔ حقیقتاً یہ اطوار ازدواج کی بنیادی ضرورت ہیں لیکن ازدواج کو ساتھی کی حیثیت میں رکھا جاتا ہے جس میں متذکرہ بالا خواص ہونا ضروری نہیں ۔ ساتھی سکول کا یا سفر کا یا کاروبار کا بھی ہوتا ہے ۔ ساتھی کے ساتھ تلخی بھی پیدا ہو سکتی ہے ۔ بیوی کو ساتھی سمجھنا ایک عمومی غلطی ہے جو ازدواج میں تلخی پیدا کرتی ہے
اسلام نے خاوند کو رہنما کا کردار عطا کیا ہے ۔ رہنما کا کردار غور و فکر کا متقاضی ہے لیکن غلط فہمی کی بناء پر حاکم سمجھ لیا جاتا ہے جبکہ یہ کردار ایک گڈریئے سے متشابہ ہے جو بھیڑوں کو چراتا ہے اور ان کی ہر لحاظ سے حفاظت بھی کرتا ہے اور اُنہیں ہر قسم کی تکلیف سے بچانے کی کوشش کرتا ہے ۔ خاوند کی حیثیت ایک انہائی ذمہ دار شخص کی ہے ۔ والدین کی ہم آہنگی اُن کی اولاد کی ایک اہم ضرورت ہے جو اُن کے کردار کو صحتمند طور سے پروان چڑھاتی ہے