Monthly Archives: January 2020

ازدواج کی پہلی ضرورت ۔ دوستی

دوستی کی بناء پر استوار ہونے والا تعلق دیر پا ہوتا ہے جو زمانے کے حوادث کی برداشت رکھتا ہے ۔ ہم اختلاف کے باوجود اپنے دوستوں پر بھروسہ کرتے ہیں ۔ اُن کا احترام کرتے ہیں اور اُن کا خیال رکھتے ہیں ۔ حقیقتاً یہ اطوار ازدواج کی بنیادی ضرورت ہیں لیکن ازدواج کو ساتھی کی حیثیت میں رکھا جاتا ہے جس میں متذکرہ بالا خواص ہونا ضروری نہیں ۔ ساتھی سکول کا یا سفر کا یا کاروبار کا بھی ہوتا ہے ۔ ساتھی کے ساتھ تلخی بھی پیدا ہو سکتی ہے ۔ بیوی کو ساتھی سمجھنا ایک عمومی غلطی ہے جو ازدواج میں تلخی پیدا کرتی ہے

اسلام نے خاوند کو رہنما کا کردار عطا کیا ہے ۔ رہنما کا کردار غور و فکر کا متقاضی ہے لیکن غلط فہمی کی بناء پر حاکم سمجھ لیا جاتا ہے جبکہ یہ کردار ایک گڈریئے سے متشابہ ہے جو بھیڑوں کو چراتا ہے اور ان کی ہر لحاظ سے حفاظت بھی کرتا ہے اور اُنہیں ہر قسم کی تکلیف سے بچانے کی کوشش کرتا ہے ۔ خاوند کی حیثیت ایک انہائی ذمہ دار شخص کی ہے ۔ والدین کی ہم آہنگی اُن کی اولاد کی ایک اہم ضرورت ہے جو اُن کے کردار کو صحتمند طور سے پروان چڑھاتی ہے

دعا

اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے
اُمت پہ تیری آ کے عجب وقت پڑا ہے
جو تفرقے اقوام کے آیا تھا مٹانے
اس دین میں خود تفرقہ اب آ کے پڑا ہے
جس دین نے غیروں کے تھے دل آ کے ملائے
اس دین میں اب بھائی خود بھائی سے جدا ہے
جس دین کی حجت سے سب ادیان تھے مغلوب
اب معترض اس دین پہ ہر ہرزہ سرا ہے
چھوٹوں میں اطاعت ہے نہ شفقت ہے بڑوں میں
پیاروں میں محبت ہے نہ یاروں میں وفا ہے
دولت ہے نہ عزت نہ فضیلت نہ ہنر ہے
اک دین ہے باقی سو وہ بے برگ و نوا ہے
گو قوم میں تیری نہیں اب کوئی بڑائی
پر نام تیری قوم کا یاں اب بھی بڑا ہے
ڈر ہے کہیں یہ نام بھی مٹ جائے نہ آخر
مدت سے اسے دورِ زماں میٹ رہا ہے
فریاد ہے اے کشتی اُمت کے نگہباں
بیڑا یہ تباہی کے قریب آن لگا ہے
کر حق سے دعا اُمت مرحوم کے حق میں
خطروں میں بہت جس کا جہاز آ کے گھِرا ہے
ہم نیک ہیں یا بد ہیں پھر آخر ہیں تمہارے
نسبت بہت اچھی ہے اگر حال بُرا ہے
تدبیر سنبھلنے کی ہمارے نہیں کوئی
ہاں ایک دعا تری کے مقبول خدا ہے

مذاق میں گناہ

ٹی وی چینلز کھُمبیوں کی طرح اُبھرے اور جنگلی گھاس کی طرح پھیل گئے ۔ بازی جیتنے کی دوڑ میں خبر ساز ۔ ملمع ساز اور جُگت باز ماہرین بھرتی کئے گئے ۔ اتنے سارے کھیل تماشے یکدم شروع ہوئے تو حضرتِ انسان ان میں کھو کر رہ گیا ۔ اُس کا احساس جاتا رہا کہ جسے وہ جبِلّت یا حظِ مزاح سمجھ رہا ہے وہ انسانی اقدار کی تضحیک ہے ۔ پھر مرغوبیت اتنی بڑھی کہ اس فعل کا دہرانا اپنے ذمہ لے لیا ۔ چنانچہ ٹی وی کے پھیلائے یہ جراثیم پہلے فیس بُک پر پہنچ کر عام ہوئے ۔ پھر واٹس اَیپ اور دوسرے سماجی ذرائع ابلاغ پر دہرائے جانے لگے ۔ ۔ ۔ پھر بجائے اس کے کہ درست رہنمائی کی جائے آفرین و مرحبا کے ڈونگرے برسائے جانے لگے یا پھر تُرکی بہ تُرکی دوسری انتہاء اختیار کی گئی
کوئی پوچھے کہ اللہ کے بندوں اپنے آپ کو مسلمان سمجھتے ہو ۔ کم از کم قرآن شریف میں اللہ کے واضح طور پر لکھے احکامات کی خلاف ورزی تو نہ کرو
سورت 4 ۔ النسآء ۔ آیت 148 ۔ اللہ اس بات کو پسند نہیں کرتا کہ کوئی کسی کو علانیہ بُرا کہے مگر وہ جو مظلوم ہو ۔ اور اللہ سب کچھ سنتا اور جانتا ہے
سورت 49 ۔ الحجرات۔ آیت 11 ۔ اے ایمان والو ۔ مرد دوسرے مردوں کا مذاق نہ اڑائیں ۔ ممکن ہے کہ یہ ان سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں عورتوں کا مذاق اڑائیں ممکن ہے کہ یہ ان سے بہتر ہوں اور آپس میں ایک دوسرے کو عیب نہ لگاؤ اور نہ کسی کو بُرے لقب دو ۔ ایمان کے بعد فسق بُرا نام ہے ۔ اور جو توبہ نہ کریں وہی ظالم لوگ ہیں

سوچ انسان پر حاوی

سوچ آدمی کو انتہائی بلندیوں پر پہنچا سکتی ہے
سوچ پستی کی گہرائیوں میں بھی پہنچا سکتی ہے
سوچ درست ہو تو دُشمن بھی دوست بن سکتا ہے
سوچ بیمار ہو تو اچھی چیز بھی بُری لگتی ہے
سوچ ایسی نازک چیز ہے جس کے بیمار ہو جانے کا بہت زیادہ خدشہ ہوتا ہے

قابلِ اعتماد

جو لوگ خود غرض ہوتے ہیں
وہ کبھی اچھے دوست نہیں ہوتے
(ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ)

جو شخص اپنے خلوص کی قسم کھائے
اس پر اعتماد نہ کرو
(عمر رضی اللہ عنہ)

محبت سب سے کرو
مگر
اعتماد چند پر
(عثمان رضی اللہ عنہ)

لوگوں کی ایک خوبی یہ بھی ہوتی ہے
کہ
اُنہیں یاد رکھنا نہیں پڑتا
وہ یاد رہ جاتے ہیں
(علی رضی اللہ عنہ)