ہم نے لفظ پاکستان کی تاریخ کو بھی ایمانداری سے اپنے تعلیمی نصاب میں شامل نہیں کیا۔ ہم اپنے نصاب میں یہ تو بتاتے ہیں کہ دو قومی نظریے کی ابتداء سر سید احمد خان نے کی تھی، جنہوں نے مسلمانوں اور ہندوئوں کو دو علیحدہ قومیں قرار دیا لیکن جمال الدین افغانی کو اہمیت نہیں دی جنہوں نے وسط ایشیا سے شمال مغربی ہندوستان تک ایک علیحدہ مسلم جمہوریت کی تجویز پیش کی۔ پھر 1890میں عبدالحلیم شرر نے ہندوستان کو ہندو اور مسلم اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز دی۔ اکبر الٰہ آبادی، مولانا محمد علی جوہر، حسرت موہانی اور مولانا اشرف علی تھانوی نے 1905اور 1928کے درمیان بار بار علیحدہ مسلم مملکت کی تجویز پیش کی۔ 1928میں کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری صحافی غلام حسن شاہ کاظمی نے ’’ہفت روزہ پاکستان‘‘ کے نام سے ڈیکلریشن کے لئے ایبٹ آباد میں درخواست دی تھی۔ علامہ اقبالؒ نے 1930میں اپنے خطبہ الٰہ آباد میں تفصیل سے پنجاب، صوبہ سرحد، سندھ اور بلوچستان کو علیحدہ ریاست بنانے کی تجویز دی۔ ہمارے تعلیمی نصاب میں لفظ پاکستان کا خالق چوہدری رحمت علی کو قرار دیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے 1933ءمیں ایک کتابچہ NOW OR NEVER کے نام سے شائع کیا تھا جس میں لفظ پاکستان کی تشریح کی گئی۔ یہ کتابچہ ’’پاکستان موومنٹ‘‘ نامی تنظیم نے شائع کیا جس کے صدر اسلم خٹک اور سیکرٹری چوہدری رحمت علی تھے۔ اس کتابچے کے مطابق لفظ پاکستان میں پ کا تعلق پنجاب، الف کا تعلق افغان، ک کا تعلق کشمیر، س کا تعلق سندھ اور تان کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ ’’پاکستان موومنٹ‘‘ نامی اس تنظیم میں خواجہ رحیم بھی شامل تھے اور انہوں نے اس نام کی منظوری علامہ اقبالؒ سے لی تھی۔ ڈاکٹر جہانگیر تمیمی کی تصنیف ’’اقبالؒ، صاحب حال‘‘ کے مطابق علامہ اقبالؒ نے 22نومبر 1937کو لفظ پاکستان مولانا سید ابوالحسن علی ندوی کے سامنے استعمال کیا اور کہا ’’پاکستان ہی مسلمانوں کے مسائل کا واحد حل ہے‘‘۔ علامہ اقبالؒ کو تصور پاکستان کا خالق بھی کہا جاتا ہے لیکن افسوس کہ پاکستانیت کے اکثر علمبردار افغانوں کے بارے میں شاعر مشرق کے خیالات سے نابلد ہیں۔ علامہ اقبالؒ کا افغانستان اور پشتو زبان کے بارے میں بڑا گہرا مطالعہ تھا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایک استاد شیخ عطاءاللہ نے بڑی محنت سے علامہ اقبالؒ کے ساڑھے چار سو سے زائد خطوط تلاش کئے اور ’’اقبال نامہ‘‘ کے نام سے شائع کر دیئے۔ یہ کتاب سب سے پہلے 1944میںشائع ہوئی تھی۔ اب اسے اقبال اکادمی پاکستان نے دوبارہ شائع کیا ہے۔ اس کتاب میں خالد خلیل کے نام علامہ اقبالؒ کا ایک خط شامل ہے جس میں شاعر مشرق نے پشتو بولنے والے افغان اور پٹھان کو ایک ہی قرار دیا ہے اور بتایا ہے کہ افغان دراصل یہودی النسل ہیں، اِس لئے پشتو میں عبرانی زبان کے کئی الفاظ ہیں۔ اس خط میں خوشحال خان خٹک کی بہت تعریف کی گئی ہے۔ علامہ اقبالؒ نے ’’خوشحال خان کی وصیت‘‘ کے نام سے اپنی نظم میں کہا تھا
قبائل ہوں ملت کی وحدت میں گم
کہ ہو نام افغانیوں کا بلند
محبت مجھے اُن جوانوں سے ہے
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
اور پھر ایک اور جگہ کہا کہ؎
آسیا یک پیکر آب و گل است
ملتِ افغان در آں پیکر دل است
یعنی ایشیا ایک جسم ہے تو افغان اس جسم میں دل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اقبال نے کہا تھا ’’افغان باقی، کہسار باقی۔ الحکم للہ، الملک للہ‘‘۔ یہ افغان صرف وہ نہیں جو افغانستان میں رہتے ہیں بلکہ یہ پاکستان میں بھی رہتے ہیں جن کو پختون اور پٹھان کہا جاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد نواز خان محمود اپنی کتاب ’’فرنگی راج اور غیرت مند مسلمان‘‘ میں لکھتے ہیں کہ افغان، پشتون یا پٹھان کی نسل بنی اسرائیل(حضرت یعقوب علیہ السلام) سے ہے، اُنکے جدِ امجد کا نام افاغنہ تھا جو بنی اسرائیل کے بادشاہ طالوت کا پوتا تھا۔ اگر کوئی پاکستانی پشتون اپنے آپ کو افغان کہتا ہے تو کسی کو غصے میں آنے کی ضرورت نہیں یہ اُسکی پہچان ہے۔ جس طرح پنجابی بھارت میں بھی رہتے ہیں، پاکستان میں بھی رہتے ہیں، سندھی بولنے والے بھارت میں بھی ہیں، بلوچی بولنے والے افغانستان اور ایران میں رہتے ہیں، اُسی طرح پشتو بولنے والا پاکستانی اپنے آپ کو افغان کہہ دے تو مسکرا کر اُسے گلے لگایئے اور کہہ دیں میں بھی افغان ہوں کیونکہ آج کے پاکستان میں رہنے والوں کے اکثر بزرگوں کو حضرت داتا گنج بخشؒ، حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ، حضرت معین الدین چشتیؒ اور لال شہباز قلندرؒ نے مسلمان کیا اور یہ صوفیاء افغان تھے
Monthly Archives: November 2019
خُودی
سُبحانَ اللَّهِ، والحمدُ للَّهِ، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ، واللَّهُ أَكْبرُ، ولا حَولَ ولا قوَّةَ إلَّا باللَّهِ العليِّ العظيمِ
خودی کا سر نہاں ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
خودی ہے تیغ، فساں ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
یہ دور اپنے براہیم کی تلاش میں ہے
صنم کدہ ہے جہاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
کیا ہے تو نے متاع غرور کا سودا
فریب سود و زیاں ، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
یہ مال و دولت دنیا، یہ رشتہ و پیوند
بتان وہم و گماں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
خرد ہوئی ہے زمان و مکاں کی زناری
نہ ہے زماں نہ مکاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
یہ نغمہ فصل گل و لالہ کا نہیں پابند
بہار ہو کہ خزاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
اگرچہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں
مجھے ہے حکم اذاں، ولا إلَهَ إلَّا اللَّهُ
کہیں سے دیانتداری لے آئیں
ایک بزرگ عالمِ دین لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ہم ایک لمحے کے لئے نہیں سوچتے کہ جن کو ہم جہنمی سمجھتے ہیں، ان کی ترقی کا راز کیا ہے؟ مسلمان کی تمنا ہے کہ کافروں کو ترقی نہ ملے مگر یہ الله تعالٰی کا قانون نہیں کہ وہ دیانتداروں کو پیچھے کرے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک شخص ٹیکسی میں سوار ہوا ۔ زبان نہ جاننے کی وجہ سے زیادہ بات نہ کر سکا، بس اس اِنسٹیٹوٹ کا نام لیا جہاں اسے جانا تھا ۔ ٹیکسی ڈرائیور سمجھ گیا ۔ سفر کا آغاز ہوا تو ٹیکسی ڈرائیور نے میٹر آن کیا ۔ تھوڑی دیر کے بعد بند کر دیا اور پھر تھوڑی دیر بعد دوبارہ آن کر دیا ۔ مسافر حیران تھا مگر زبان نہ آنے کی وجہ سے چپ رہا ۔ جب اِنسٹیٹوٹ پہنچا تو اِستقبال کرنے والوں سے کہنے لگا ۔ آپ اس ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھیں کہ اس نے دورانِ سفر کچھ دیر گاڑی کا میٹر کیوں بند رکھا؟
ٹیکسی ڈرائیور سے پوچھا گیا تو وہ بولا کہ راستے میں مجھ سے غلطی ہوئی ۔ مجھے جس جگہ سے مُڑنا تھا وہاں سے نہ مڑ سکا اگلا یُوٹرن کافی دور تھا ۔ میری غلطی کے باعث دو ڈھائی کلومیٹر سفر اضافی کرنا پڑا ۔ اس دوران میں نے گاڑی کا میٹر بند رکھا ۔ جو مسافت میں نے اپنی غلطی سے بڑھائی اس کے پیسے میں مسافر سے نہیں لے سکتا ۔ اس ڈرائیور نے نہ چلہ لگایا تھا ۔ نہ وہ نماز پڑھتا تھا ۔ نہ کلمہ مگر دیانتداری تھی ۔ ہمارے پاس سب کچھ ہے مگر دیانتداری اور ایمانداری نہیں ہے ۔ ہم مسلمان تو ضرور ہیں مگر ہمارے پاس اسلام نہیں ہے ۔ اسلام پگڑی کا نام نہیں ۔ اسلام کرتے پاجامے اور داڑھی کا نام نہیں ۔ اسلام سچ بولنے کا نام ہے ۔ اسلام دیانتداری کا نام ہے ۔ اسلام وعدہ پورا کرنے کا نام ہے ۔ اسلام صحیح ناپنے اور پورا تولنے کا نام ہے ۔ وقت کی پابندی کا نام ہے
میں سوچنے پر مجبور ہوں کہ ہمارے معاشرے میں جھوٹ کی عادت ہے ۔ ملاوٹ کا چلن ہے ۔ ہمارے ہاں چوری ہوتی ہے ۔ لوٹ مار ہوتی ہے مگر اس پر کوئی ندامت نہیں ہوتی ۔ پاکستان میں منشیات بیچنے والے ۔ جعلی ادویات تیار کرنے والے ۔ عوام کو حرام گوشت کھلانے والے کسی دوسرے ملک سے نہیں آئے ۔ ہمارے ایوانوں، دفتروں اور عدالتوں میں جھوٹ بولنے والے سب پاکستانی ہیں ۔ یہ تمام کسی دوسرے ۔ یہاں جتنے مافیاز کام کرتے ہیں ۔ تاجر سارا سال لوگوں کو لوٹ کر مقدس مقامات کا رخ کرتا ہے ۔ یہاں تو زکوٰۃ تک کھائی جاتی ہے ۔ ہر طرف بددیانتی اور بدعنوانی منہ کھولے کھڑی ہے
راوی کہتا ہے کہ مجھے تین چار سال پرانا واقعہ یاد آرہا ہے، قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہو رہا تھا، یہ اجلاس وزارت کے ایک ذیلی ادارے پی این سی اے پر بات کر رہا تھا، (ن) لیگ کی حکومت تھی اور (ن) لیگ ہی کی ایک رکن عارفہ خالد پرویز نے انکشاف کیا تھا کہ پی این سی اے میں صادقَین اور چُغتائی کی جعلی پینٹنگز لگی ہوئی ہیں، اصلی پینٹنگز غائب ہیں، اس انکشاف کے بعد پی این سی اے اور لوک ورثہ کے سربراہوں کے رنگ فق ہو گئے، کمیٹی کے دیگر اراکین بھی حیران ہوئے مگر یہ حیرت چند لمحوں کے لئے تھی، پھر مٹی ڈالنے والے بولنے لگے مگر عارفہ خالد کہنے لگیں کہ مجھے صادقین کی اصل اور نقل پینٹنگز کی پہچان ہے، پینٹنگز امیروں کا شوق ہے، غریبوں کا نہیں، جو پینٹنگز چوری ہوئی ہیں اس کے پیچھے یقیناً امیر طبقہ ہوگا ۔
کمیٹی کی اس رُکن کو ٹَرخانے کے لئے کہا گیا کہ اس سلسلے میں رپورٹ منگواتے ہیں، ان کا خیال تھا کہ اس بیان کے بعد خاموشی ہو جائے گی مگر ایسا نہ ہو سکا، ایک کے بعد دوسرا، دوسرے کے بعد تیسرا اور پھر تیسرے کے بعد کمیٹی کے کئی اجلاس ہوئے مگر وہ رپورٹ نہ آسکی، پینٹنگز چوری کرنے والے کتنے طاقتور ہوں گے کہ اس حکومتی رکن کو حکومت ہی کے دیگر اراکین سمجھانے لگے کہ آپ یہ معاملہ چھوڑ دیں لیکن وہ آخری اجلاس تک رپورٹ مانگتی رہیں، اب پی ٹی آئی کی حکومت ہے، اسے بھی ایک سال سے زائد ہوگیا ہے، یہ حکومت بھی رپورٹ حاصل نہیں کر سکی، انہوں نے تو شاید پوچھا ہی نہ ہو
ایک صحافی کو پی این سی اے کے معمولی اہلکار نے بتایا کہ پینٹنگز آدھی رات کو ٹرکوں کے ذریعے چوری کی گئی تھیں اور ان کی جگہ دو نمبر پینٹنگز لگا دی گئیں۔ یعنی ہم صادقین سے بھی دو نمبری کرتے ہیں، ہم چغتائی سے بھی دو نمبری کرتے ہیں ایک طرف ان کی پینٹنگز چوری کرواتے ہیں تو دوسری طرف انہیں نکما فنکار ثابت کرنے کے لئے ان کے نام پہ تیار کردہ جعلی پینٹنگز بھی آویزاں کر دیتے ہیں۔
(ن) لیگ کے دور میں تو چوری کی یہ رپورٹ نہ آ سکی، پی ٹی آئی کے عہد ہی میں یہ رپورٹ منگوا لی جائے، مگر یہاں کون سنتا ہے؟ اکیلا عمران خان دیانتدار ہے مگر اس دیانتدار کے ساتھ بھی چوروں کی پوری بارات ہے
بشکریہ ۔ مظہر برلاس
بھارتی ردِ عمل اور حقیقت
پیش لفظ
میں نے آج سے سوا 9 سال قبل جو لکھا تھا وہ اپنی عملی صورت میں سامنے آ چکا ہے
میری 31 جولائی 2010ء کو شائع شدہ تحریر کی تیسری قسط
(دوسری قسط 11 اکتوبر کو شائع کی تھی)
کمال یہ ہے کہ پاکستان کی دوستی کی دعوت کے جواب میں بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے گلگت اور بلتستان پر بھی اپنی ملکیت کا دعوی کر دیا تھا (اور یہ بھارتی دعوٰی ابھی تک قائم ہے) جبکہ گلگت اور بلتستان کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھے اور نہ یہاں سے کوئی راستہ بھارت کو جاتا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں نے 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج کے زبردستی جموں میں داخل ہونے سے بہت پہلے گلگت اور بلتستان میں اپنی آزادی اور پاکستان سے الحاق کا اعلان کردیا تھا ۔ اس کی تفصیل بعد میں آئے گی
پاکستان کو بنجر کرنے کا منصوبہ
مقبوضہ جموں کشمیر میں متذکّرہ بالا ڈیمز مکمل ہو جانے کے بعد کسی بھی وقت بھارت دریائے چناب کا پورا پانی بھارت کی طرف منتقل کر کے پاکستان کے لئے چناب کو خشک کر سکتا ہےاور دریائے جہلم کا بھی کافی پانی روک سکتا ہے جس کا کچھ نمونہ ميری تحرير کے 5 سال بعد سامنے آ چکا ہے ۔ اس طرح پانی کے بغیر پاکستان کی زمینیں بنجر ہو جائیں گی اور زندہ رہنے کے لئے پاکستان کو بھارت کے سامنے گھُٹنے ٹیکنا پڑیں گے ۔ چنانچہ بغیر جنگ کے پاکستان بھارت کا غلام بن جائے گا ۔ اللہ نہ کرے کہ ايسا ہو ۔
قحط اور سیلاب (یہ ہو چکا ہے)
حقیقت یہ ہے کہ بھارت کا مقبوضہ جموں کشمیر میں 7 ڈیم بنانے کا منصوبہ ہے جن میں سے بھارت دریائے جہلم اور چناب پر 3 ڈیم 2005ء تک مکمل کر چکا تھا ۔ 2 دریاؤں پر 7 ڈیم بنانے کے 2 مقاصد ہیں
اول یہ کہ دریاؤں کا سارا پانی نہروں کے ذریعہ بھارتی پنجاب اور دوسرے علاقوں تک لیجایا جائے اور پاکستان کو بوقت ضرورت پانی نہ دے کر قحط کا شکار بنا دیا جائے
دوم جب برف پگلے اور بارشیں زیادہ ہوں تو اس وقت سارا پانی جہلم اور چناب میں چھوڑ دیا جائے تاکہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب آئے ۔ ماضی ميں بھارت یہ حرکت دو بار کر چکا ہے ۔ بھارت کا اعلان کہ ڈیم بجلی کی پیداوار کے لئے بنائے جا رہے ہیں سفید جھوٹ اور دھوکا ہے ۔ کیونکہ جموں کشمیر پہاڑی علاقہ ہے ہر جگہ دریاؤں کے راستہ میں بجلی گھر بنائے جا سکتے ہیں اور بڑے ڈیم بنانے کی بالکل بھی ضرورت نہیں
قوم کو بیوقوف بنانے کے لئے پرويز مشرف کی حکومت نے منگلا ڈیم کو 10 میٹر اونچا کرنے کا ملٹی بلین پراجیکٹ شروع کیا جس پر موجودہ حکومت بھی عمل پيرا ہے ۔ چند سال بعد دریائے جہلم میں اتنا بھی پانی ہونے کی توقع نہیں کہ ڈیم کی موجودہ اُونچائی تک جھیل بھر جائے پھر یہ اتنا روپیہ ضائع کرنے کی منطق سمجھ میں نہیں آتی اور نہ اس کا جواز کسی کے پاس ہے
ایک ضمنی بات يہ ہے کہ پہلی پلاننگ کے مطابق منگلا ڈیم کی اونچائی موجودہ اونچائی سے 10 میٹر زیادہ تجویز کی گئی تھی 1962ء میں کا م شروع ہونے سے پہلے ڈیم کی محافظت اور پانی کی مماثل مقدار کی کم توقع کے مدنظر اونچائی 10 میٹر کم کر دی گئی تھی ۔ اس لئے اب اونچائی زیادہ کرنا پہلے سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔ اس سلسلہ میں میں اور کئی دوسرے حضرات جن میں زیادہ تر انجنیئر ہیں 2004ء سے 2006ء تک اخباروں میں خط اور مضامین لکھ چکے ہیں مگر ہماری حکومت کو عقل کی بات سمجھ ميں نہيں آتی