وہم ایک ایسی بیماری بلکہ وائرس یا الرجی ہے جو آدمی کے ذہن پر قبضہ کر کے اُس کی سوچ کو منفی بنا دیتی ہے جس کے نتیجہ میں آدمی بہت نقصان اُٹھا سکتا ہے ۔ چین میں ابھی بھی قدیم کہانیاں موجود ہیں جو ہمارے ہاں مفقود ہو چکی ہیں ۔ یہ کہانیاں دانشوروں نے انسانوں کی اصلاح کیلئے بنائیں ۔ وہم کے سلسلہ کی ایک چینی کہانی کا ترجمہ ملاحظہ فرمایئے
ایک شخص کی کلہاڑی کھو گئی ۔ اُس کے دِل میں شک بیٹھ گیا کہ کلہاڑی اُس کے ہمسائے کے بیٹے نے چُرائی ہے
اس نے ہمسائے کے بیٹے کا بغور جائزہ لیا تو اُس کی چال بالکل چوروں جیسی لگی
اُس نے لڑکے کے چہرے کے تاءثرات دیکھے ۔ تو ہُو بہُو چوروں جیسے تھے
اُس نے لڑکے کے اندازِ گفتگو پر غور کیا تو وہ بھی چوروں جیسا دِکھائی دیا
غرضیکہ لڑکے کی ساری حرکات و سکنات اُس کے چور ہونے کی چغلی کھاتی تھیں
کچھ دن بعد آدمی جس کی کلہاڑی گم ہو گئی تھی جنگل کی طرف گیا تو ایک درخت پر لٹکی ایک کلہاڑی دیکھی ۔ اُس نے اس کا جائزہ لیا تو وہ اُسی کی تھی ۔ پھر اُسے یاد آیا کہ پچھلی بار لکڑیاں کاٹنے کے بعد اُسی نے یہاں لٹکائی تھی
وہ کلہاڑی لے کر واپس لوٹا تو راستہ میں ہمسائے کا وہی لڑکا ملا جس پر اسے چوری کا شک ہوا تھا ۔ اُس نے اُس کی طرف دیکھا تو اس لڑکے کا چہرہ نہائت معصوم نظر آیا ۔ اُس لڑکے کی مُسکراہٹ میں اُسے محبت نظر آئی
بہت عمدہ
وہم رسی کو سانپ دکھا کر دم خشک بھی کرسکتا ہے