آج کون کون جانتا ہے کہ پاکستان کیلئے لازوال محبت و ایثار کا جذبہ رکھنے والی ایک عظیم خاتون نے اپنی مدِمقابل 4 عالمی طاقتوں سے ایک قانونی جنگ لڑ کر 15 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر مُشتمل گوادر جیسا اہم ترین ساحلی علاقہ پاکستان میں ضَم کروایا تھا ؟
آج ہر کوئی گوادر پورٹ کا کرَیڈِٹ تو لینا چاہتا ہے مگر اس عظیم مُحسن پاکستان کا نام کوئی نہیں جانتا جس نے دنیا کے 4 طاقتور اسٹیک ہولڈرز ۔ برطانوی پارلیمنٹ ۔ امریکی سی آئی اے ۔ ایران اور عمان سے چَومُکھی جنگ لڑ کر کھویا ہوا گوادر واپس پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا
مطالعہ پاکستان سے چِڑنے والے لوگ پاکستان کے خلاف پیش گوئیاں کرنیوالے نام نہاد دانشوروں کو صرف اسی لئے تقویّت دیتے ہیں کہ تعمیر پاکستان کو اپنا ایمان بنا کر اَنمِٹ نقُوش چھوڑ جانے والی تحریکِ پاکستان کی ان بے مثال ہَستیوں سے نئی نسل کہیں متاءثر نہ ہونے لگے ۔ یہ وہ خوفناک مطالعہ پاکستان ہے جس سے کچھ لوگوں کو پسینے آجاتے ہیں
بلوچی میں ”گوات“ کے معنی کھُلی یا تازہ ہوا اور ”دَر“ کے معنی دروازہ ہیں ۔ علاقہ گوات دَر جو گوادر کے نام سے مشہور ہوا 1956ء تک عالمی استعمار کے قبضہ میں تھا ۔ خان آف قلات مِیر نصِیر نُوری بلوچ نے 1783ء میں گوادر عمان کے حاکم کو سونپ دیا تھا ۔ جب خان آف قلات فوت ہو گیا تو اُس کے ورثاء نے گوادر کی حوالگی کا مطالبہ کر دیا جس کے بعد زور آزمائی شروع ہوئی ۔ برطانیہ صلح جوئی کے بہانے شامل ہوا اور براجمان ہو گیا ۔ لگ بھگ سوا سو سال گوادر برطانیہ کے قبضہ میں رہا
قیام پاکستان کے بعد اُس وقت کے خان آف قلات نے جب اپنی جاگیر پاکستان میں ضَم کر دی تو پاکستان نے گوادر کا معاملہ اٹھایا مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی ۔ امریکی سی آئی اے کی اِیماء پر شاہ ایران نے اسے چاہ بہار کے ساتھ ملانے کی تدبیر بنانا شروع کر دی اور امریکہ کے صدر نکسن برطانیہ پر دباؤ ڈالنے لگے کہ گوادر شاہ ایران کے حوالے کر دیا جائے
1956ء میں ملک فیروز خان نون نے وزارت خارجہ سنبھالی تو گوادر واگزار کرانے کا عہد کیا ۔ باریک بینی سے تمام تاریخی حقائق و کاغذات کا جائزہ لیکر یہ مشن ایک تعلیم یافتہ باوقار خاتون کو سونپ دیاجنہوں نے برطانیہ میں پاکستان کی لابِنگ شروع کی اور مضبُوط دلائل کے ساتھ معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے رکھا کہ ”قلات خاندان کی جاگیر اب پاکستان کی ملکیت تھی لہٰذا جاگیر کے اس حصے کی وراثت پر بھی اب پاکستان کا حق تسلیم ہونا چاہیئے نیز یہ کہ پاکستان وہ تمام جاگیریں منسوخ کر چکا ہے جو معاوضے کی بنیاد پر حکومت برطانیہ نے بانٹیں تھیں مزید یہ کہ اگر ہم اپنے قانون سے گوادر کی جاگیر منسوخ کرکے فوج کشی سے واگزار کرا لیں تو کامن ویلتھ کا رُکن ہونے کی وجہ سے برطانیہ پاکستان پر حملہ نہیں کر سکتا“۔
محترمہ نے دو سال پر محیط یہ جنگ تلوار کی بجائے محض قلم ۔ دلائل اور گفت و شُنِید سے جِیتی ۔ عمان کے سلطان سعید بن تیمور نے حامی تو بھر لی مگر سودے بازی کا عندیہ دیا ۔ ملک فیروز خان نون جب وزیراعظم بنے تو ان کے چھ ماہ کے اعصاب شکن مذاکرات کے بعد عمان نے تین ملین ڈالر کے عوض گوادر کا قبضہ پاکستان کے حوالے کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ۔ ملک صاحب اپنی سوانح ”چشم دِید“ میں اس کے بارے میں لکھتے ہیں ” جہاں مُلک کی حفاظت اور وقار کا مسئلہ درپیش ہو وہاں قیمت نہیں دیکھی جاتی ۔ ویسے بھی یہ رقم گوادر کی آمدنی سے محض چند سال میں پوری ہو جائے گی“۔ یوں دو سال کی بھر پُور عقلی جنگ کے بعد 8 ستمبر 1958ء کو گوادر کا 2400 مربع میل یا 15 لاکھ ایکٹر سے زائد رقبہ پاکستان کی ملکیت میں شامل ہو گیا
گوادر فتح کرنیوالی ملک و قوم کی یہ محسن پاکستان کے ساتویں وزیراعظم ملک فیروخان نون کی بیوی محترمہ وقارالنساء نون ہیں جن کی اس عظیم کاوش کا اعتراف نہ کرنا احسان فراموشی اور انہیں قوم سے متعارف نہ کرانا ایک بے حسی کے سوا کچھ نہیں ۔ محترمہ نے تحریک پاکستان کو اُجاگر کرنے کیلئے خواتین کے کئی دَستے مرتب کئے اور سِول نافرمانی کی تحریک میں انگریز کی خضر حیات کابینہ کیخلاف احتجاجی مظاہرے اور جلُوس منَظم کرنے کی پاداش میں تین بار گرفتار بھی ہوئیں۔
قیام پاکستان کے بعد انہوں نے لْٹے پٹے مہاجرین کی دیکھ بھال کیلئے بہبودِ خواتین کی اوّلِین تنظِیم اَپوا کی بانی اراکین میں بھی آپ شامل تھیں ۔ وقارالنساء گرلز کالج راولپنڈی اور وقارالنساء اسکول ڈھاکہ کی بنیاد بھی انہوں نے رکھی ۔ ہلال احمر کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں ۔ پاکستان کی محبت میں ان کا جذبہ بڑھاپے میں بھی سرد نہ پڑا ۔ ضیاء الحق کے دَور میں بطَور وزیر ، سیاحت کے فروغ کیلئے دنیا بھر کو پاکستان کی طرف بخوبی راغب کیا ۔ برطانیہ میں مقیم ان کی بے اولاد بہن کی جائیداد جب انہیں منتقل ہوئی تو اس فنڈ سے انہوں نے ”وکی نون ایجوکیشن فاؤنڈیشن“ قائم کیا جو آج بھی سماجی خدمات کا چراغ جلائے ہوئے ہے ۔ محترمہ کی وصِیّت کے مطابق اس فنڈ کا ایک حصہ ان نادار مگر ذہین طلباء کو آکسفورڈ جیسے اداروں سے تعلیم دلوانے پر خرچ ہوتا ہے جو واپس آکر اس مملکتِ خدا داد پاکستان کی خدمت کرنے پر راضی ہوں
محترمہ وقارالنساء نون طویل علالت کے بعد 16 جنوری سن 2000ء میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں ۔ ایک عمرہ کرنے کے بعد انہوں نے وصیت کی تھی کہ مجھے غیر سمجھ کے چھوڑ نہ دینا بلکہ میری تدفین بھی ایک کلمہ گو مسلمان کی طرح انجام دینا۔ محترمہ کی اپنی کوئی اولاد نہ تھی ۔ ان کی اولاد وہ پاکستانی ہیں جو حُب الوطنی میں ان کے نقشِ قدم پر چلنے والے ہیں ۔ محترمہ کو گوادر حاصل کرنے پر 1959ء میں پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ”نشان امتیاز“ عطا کیا گیا تھا مگر ان کا اصل انعام وہ عزت و احترام ہے جو ہم بطور قوم انہیں دے سکتے ہیں
اس کا کیا معنی ہے أجمل صاحب؟
“ایک عمرہ کرنے کے بعد انہوں نے وصیت کی تھی کہ مجھے غیر سمجھ کے چھوڑ نہ دینا بلکہ میری تدفین بھی ایک کلمہ گو مسلمان کی طرح انجام دینا۔”؟؟!!
محب پاکستان صاحب
اس فقرے میں کون سا لفظ مشکل ہے ؟
شاید آپ نہیں جانتے کہ بیگم رعنا لیاقت علی کو بھی ایسی ہی صورتِ حال کا سامنا تھا
ان دونوں محترم خواتین نے اسلام قبول کرنے کے بعد ملک فیروز خان نُون اور لیاقت علی خان صاحبان سے شادیا کی تھیں لیکں میرے ہموطن تو اپنی مرضہ کے مالک ہیں ۔ انہیں غیر مُسلم ہی کہتے رہے ۔