سول سوسائٹی کا نام ٹی وی پر سُننے کو ملتا ہے ۔ سوشل میڈیا اور اخبار میں پڑھنے کو ملتا ہے ۔ جب تک ٹی وی چینل عام نہیں ہوئے تھے سول سوسائٹی نام کا کوئی جانور اسلام آباد میں نہیں تھا ۔ پچھلے بارہ تیرہ سال سے ٹی وی پر اسلام آباد سول سوسائٹی کے بہت چرچے ہیں ۔ سول سوسائٹی کیا ہوتی ہے اور کس کام آتی ہے ؟ اس کے متعلق کوئی نہیں بتاتا البتہ سوشل میڈیا پر اس کی مختلف تعریفیں اور توجیہات پڑھنے کو ملتی ہیں
میرا مسئلہ یہ ہے کہ جب تک میں کسی چیز کو دیکھ نہ لوں یا اُس کی موجودگی کے عوامل یعنی اُس کے کئے ہوئے کام نہ دیکھ لوں مجھے تسلی نہیں ہوتی ۔ 4 دہائیاں قبل ہمارے والد صاحب نے اسلام آباد میں مکان بنوایا تھا ۔ میں اُس وقت سے وہاں جاتا رہا ہوں ۔ 1990ء میں میرے والد صاحب اور بھائی وہاں منتقل ہو گئے تھے تو میں ہر ہفتہ وہاں جاتا تھا ۔ میں بھی اگست 1994ء سے اسلام آباد میں رہائش پذیر ہوں
ایک دہائی قبل میں پہلی بار اسلام آباد میں سول سوسائٹی کی تلاش میں نکلا ۔ ہر سیکٹر میں جا کر تلاش کیا ۔ سول سوسائٹی کہیں نظر نہ آئی ۔ لوگوں سے پوچھا ۔ کوئی مُسکرا دیا ۔ کسی نے کہا ”چھوڑو بھائی ۔ کوئی کام کی بات کرو یا کیا خریدنا چاہتے ہو بتاؤ“۔
میں ہر بار ہارے ہوئے کھلاڑی کی طرح منہ لٹکائے گھر واپس آتا رہا
۔ سال 2015ء میں اسلام آباد میں لوکل باڈیز الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد مجھے اپنے سیکٹر (ایف.8) میں سٹریٹ نمبر 26 کے کنارے ایک چھوٹا سا سائن بورڈ نظر آیا جس پر لکھا تھا ”سول سوسائٹی کے دفتر میں تشریف لائیں“۔ اور اشارہ دیا تھا ۔ بندہ خوشی سے اُچھل گیا اور اس اشارے کی تابعداری کرتے ہوئے ایک کوٹھی کے گیٹ پر جا پہنچا ۔ گھنٹی کا بٹن دبانے کے بعد میں بڑے ذوق و شوق کے ساتھ انتظار میں لگ گیا کہ مُراد بھر آنے والی تھی ۔ کچھ منٹ بعد ایک صاحب تشریف لائے ۔ اُن سے اپنی آمد کا مُدعا بیان کیا ۔ اُنہوں نے ایسے تاءثر دیا جیسے میں نے اُن سے سنسکرت میں بات کی تھی اور اُن کے پلّے کچھ نہیں پڑا ۔ ”پھر کسی وقت آئیں“ کہہ کر وہ واپس تشریف لے گئے ۔ میں چند لمحے شَشدر کھڑا رہنے کے بعد گھر کو روانہ ہو گیا
محترم قاررئین یا محترمات قاریات ۔ آپ میں سے کوئی سول سوسائٹی کا براہِ راست تجربہ رکھتا ہو تو درخواست ہے کہ سول سوسائٹی کی تقریروں ۔ پریس کانفرنسوں اور دعووں کی بجائے اُن کے کئے ہوئے کاموں سے مطلع فرمائیں ۔ مشکور ہوں گا
میں نے بھی بس ٹی وی اور سوشل میڈیا پر ہی دیکھا/پڑھا ہے ان کے بارے میں
شاید ان کا کام احتجاج کرنا ہوتا ہے (میرے مشاہدے کے مطابق)