ماں

ماں وہ ہستی ہے کہ اس کے متعلق کتنا بھی لکھا جائے پھر بھی کچھ کمی رہ جاتی ہے ۔ میری والدہ 36 سال قبل چار پانچ دن علیل رہنے کے بعد 29 جون کو اس دارِ فانی سے رُخصت ہوئی تھیں ۔ میں نے اُن کی یاد میں ”میری امّی میری جنت“ اور ”ماں کے نام“ لکھے تھے جو اِن عنوانات پر یکے بعد دیگرے کلِک کر کے پڑھے جا سکتے ہیں
ماں کے متعلق کچھ دوسرے لوگوں کے خیالات
ایک
جنت نظیر ہے میری ماں
رحمت کی تصویر ہے میری ماں
میں ایک خواب ہوں زندگی کا
جس کی تعبیر ہے میری ماں
زندگی کے خطرناک راستوں میں
مشعلِ راہ ہے میری ماں
میرے ہر غم ۔ ہر درد میں
ایک نیا جوش ۔ ولولہ ہے مری ماں
میری ہر ناکامی وابستہ مجھ سے ہے
میری جیت و کامیابی کا راز ہے میری ماں
چھپا لیتی ہے زخم کو وہ مرہم کی طرح
میرے ہر درد ہر غم کی دوا ہے میری ماں
دنیا میں نہیں کوئی نعم البدل اس کا
ممتا میں ہے مکمل ۔ فقط میری ماں
دو
میری پیاری ماں تیری دید چاہیئے
تیرے آنچل سے ٹھنڈی ہوا چاہیئے
لوری گا گا کے مجھ کو سلاتی تھی تُو
مسکرا کر سویرے جگاتی ہے تُو
مجھ کو اس کے سوا اور کیا چاہیئے
تیری ممتا کے سائے میں پھُولُوں پھَلُوں
تمام عمر تیری انگلی پکڑ کر بڑھتا چلوں
تیری خدمت سے دنیا میں عظمت میری
تین
اک مدّت تک جاگتی رہی ماں تابش
میں نے ایک بار کہا تھا مجھے ڈر لگتا ہے
چار
پھولوں کی خوشبو ۔ بہاروں کی برسات ماں ہی تَو ہے
مہک رہی ہے جس سے میری کائنات ماں ہی تَو ہے
سچی ہیں جس کی محبتیں سچی ہیں جس کی چاہتیں
سچے ہیں جس کے پیار کے جذبات ۔ ماں ہی تَو ہے
پانچ
موت کی آغوش میں جب تھک کے سو جاتی ہے ماں
تب کہیں جا کر تھوڑا سکوں پاتی ہے ماں
روح کے رشتوں کی یہ گہرائیاں تو دیکھیئے
چوٹ لگتی ہے ہمارے اور چلاتی ہے ماں
پیار کہتے ہیں کسے اور مامتا کیا چیز ہے
کوئی ان بچوں سے پوچھے جن کی مر جاتی ہے ماں
زندگانی کے سفر میں گردشوں کی دھوپ میں
جب کوئی سایہ نہیں ملتا تو یاد آتی ہے ماں
کب ضرورت ہو میری بچے کو ۔ اتنا سوچ کر
جاگتی رہتی ہیں آنکھیں اور سو جاتی ہے ماں
بھوک سے مجبور ہو کر مہماں کے سامنے
مانگتے ہیں بچے جب روٹی تو شرماتی ہے ماں
جب کھلونے کو مچلتا ہے کوئی غربت کا پھول
آنسوؤں کے ساز پر بچے کو بہلاتی ہے ماں
لوٹ کر واپس سفر سے جب بھی گھر آتے ہیں ہم
ڈال کر بانہیں گلے میں سر کو سہلاتی ہے ماں
ایسا لگتا ہے جیسے آگئے فردوس میں
کھینچ کر بانہوں میں جب سینے سے لپٹاتی ہے ماں
دیر ہو جاتی ہے گھر آنے میں اکثر جب کبھی
ریت پر مچھلی ہو جیسے ایسے گھبراتی ہے ماں
شکر ہو ہی نہیں سکتا کبھی اس کا ادا
مرتے مرتے بھی دعا جینے کی دئے جاتی ہے ماں

This entry was posted in پيغام, ذمہ دارياں, روز و شب, طور طريقہ, معاشرہ on by .

About افتخار اجمل بھوپال

رہائش ۔ اسلام آباد ۔ پاکستان ۔ ۔ ۔ ریاست جموں کشمیر کے شہر جموں میں پیدا ہوا ۔ پاکستان بننے کے بعد ہجرت پر مجبور کئے گئے تو پاکستان آئے ۔انجنئرنگ کالج لاہور سے بی ایس سی انجنئرنگ پاس کی اور روزی کمانے میں لگ گیا۔ ملازمت کے دوران اللہ نے قومی اہمیت کے کئی منصوبے میرے ہاتھوں تکمیل کو پہنچائے اور کئی ملکوں کی سیر کرائی جہاں کے باشندوں کی عادات کے مطالعہ کا موقع ملا۔ روابط میں "میں جموں کشمیر میں" پر کلِک کر کے پڑھئے میرے اور ریاست جموں کشمیر کے متعلق حقائق جو پہلے آپ کے علم میں شائد ہی آئے ہوں گے ۔ ۔ ۔ دلچسپیاں ۔ مطالعہ ۔ مضمون نویسی ۔ خدمتِ انسانیت ۔ ویب گردی ۔ ۔ ۔ پسندیدہ کُتب ۔ بانگ درا ۔ ضرب کلِیم ۔ بال جبریل ۔ گلستان سعدی ۔ تاریخی کُتب ۔ دینی کتب ۔ سائنسی ریسرچ کی تحریریں ۔ مُہمْات کا حال

One thought on “ماں

  1. سیما آفتاب

    السلام و علیکم ورحمتہ اللہ
    بہت خوبصورت پوسٹ ۔۔۔ ماں کے بارے میں جتنا بھی لکھا جائے، جتنا بھی پڑھا جائے کم ہے اور نہ ہی ‘ماں’ کو مکمل بیان کرسکا ہے کوئی ۔۔۔ مجھے ایک ویب ریڈیو پر “ماں” کے حوالے سے کیا گیا اپنا پروگرام یاد آگیا : ) ۔۔۔۔ فی الحال تھوڑا حصہ میری طرف سے بھی ۔۔۔ شاعر کا نام معلوم نہیں

    پہلی درسگاہ

    ماں اعتبارِ گردشِ لیل و نہار ہے
    ماں آئینہ رحمت پروردگار ہے

    ماں تیرگی میں روشنی کا آبشار ہے
    ماں کربلائے زیست میں ابرِ بہار ہے

    خوش رنگ شخصیات میں ماں کا شمار ہے
    قربانی و خلوص کا یہ شاہکار ہے

    جنت ہے ماں کے پاؤں تلے ، جانتے ہیں سب
    ماں دینِ مصطفٰی میں بہت ذی وقار ہے

    جاری ہے نسلِ آدمی جس کے وجود سے
    ماں بندگانِ رب میں وہ تخلیق کار ہے

    کہتے ہیں ماں کی گود ہے وہ پہلی درسگاہ
    جس پہ تمام زیست کا ، دار و مدار ہے

    مشہور ماں کی مامتا ہے کائنات میں
    بے لوث کوئی پیار ہے تو ماں کا پیار ہے

    پلتی ہے ماں کی گود میں کس طرح زندگی
    ماں راز دارِ صنعتِ پروردگار ہے

    بنتے ہیں بگڑے کام دعاؤں سے اے نثار
    ماں کی دعا نصیب ہو تو بیڑا پار ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

:wink: :twisted: :roll: :oops: :mrgreen: :lol: :idea: :evil: :cry: :arrow: :?: :-| :-x :-o :-P :-D :-? :) :( :!: 8-O 8)

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.