Monthly Archives: February 2016

لڑکیاں اور غیر شادی شُدہ خواتین ہوشیار

رائٹرزکے مطابق بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے دو اضلاع بانسکاناتھا اور مہسانا میں لڑکیوں اور غیرشادی شُدہ عورتوں کے موبائل فون استعمال پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ اب اُنہیں موبائل فون رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ حُکام کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی وجہ سے لڑکیاں اپنی تعلیم کی طرف توجہ نہیں دے پاتیں اور لڑکیاں اور غیر شادی شُدہ عورتیں ہر قسم کی بُری صورتِ حال کا شکار ہوتی ہیں

ایسی پابندی بھارت میں پہلی بار نہیں لگائی گئی ۔ اس سے قبل مشرقی بہار میں بھی یہ پابندی لگائی جا چکی ہے ۔ وہاں کے لوگوں کا کہنا تھا کہ موبائل فون اُن کی سماجی زندگی پر اثر انداز ہو تے ہوئے جوان عورتوں کے گھر سے بھاگ نکلنے کا ذریعہ بنتے ہیں

خیال رہے بھارت ایک بڑی اور سیکولر جمہوریت کہلاتا ہے ۔ پاکستان میں بیٹھے آزادی اور حقوقِ نسواں کے نام نہاد علمبرادر جو پاکستان اور اسلام کے خلاف بلا وجہ شور مچاتے رہتے ہیں سب اس پر خاموش بیٹھے ہیں ۔ امریکی حکومت جسے پاکستان کے دینی تشخص بالکل نہیں بھاتا وہ بھی اپنے اس پسندیدہ مُلک بھارت کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا

سوات سے ایک خط

میں ملالہ یوسف زئی اور تمام دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ سوات امن Swat Govt School کی سرزمین ہے جس میں محبت کرنے والے لوگ بستے ہیں نہ کہ دہشتگرد
یہ ایک تصویر ہی بتا رہی ہے کہ سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کا معیار اور ماحول کیا ہے
یہ سوات میں لی گئی حالیہ تصویر ہے جس میں لڑکیوں کا بینڈ ایک گورنمنٹ سکول میں اپنا ہُنر پیش کر رہا ہے

میں پچھلے ہفتے (وسط فروری 2016ء) ایک تربیتی پروگرام کیلئے سوات گیا تھا ۔ میں نے بہت سے سرکاری اور نجی سکولوں کا دورہ کیا ۔ میں نے ان لڑکیوں اور لڑکوں کے سکولوں کا معیار تعلیم بہت عمدہ پایا ۔ تعلیم ہی نہیں بلکہ ان میں طلباء اور طالبات کیلئے صحتمند ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں بھی دیکھنے کو ملیں

”ملالہ یوسف زئی“ نے پاکستان کا منفی تصوّر پیش کر کے نوبل انعام حاصل کیا
ملالہ نے دنیا کو بتایا کہ لڑکیوں کو سکول نہیں جانے دیا جاتا اور نہ لڑکیوں کے مناسب حقوق ہیں ۔ اور یہ کہ سوات میں دہشتگرد پائے جاتے ہیں وغیرہ
مگر
ملالہ نے یہ نہیں بتایا کہ جس سکول میں اُس نے داخلہ لیا تھا وہ شاید دنیا کا سب سے بڑا یتیموں کی پرورش کا ادارہ ہے جہاں یتیم بچوں کو تعلیم دی جاتی ہے لیکن اُس نے سوات کی اس امتیازی کامیابی ذکر نہیں کیا
ملالہ نے یہ نہیں بتایا کہ تمام سرکاری سکولوں میں بہت سی طالبات پڑھتی ہیں بلکہ ان میں سکاؤٹ بھی ہیں جنہوں نے مختلف قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا اور کئی سونے کے تمغے بھی جیتے
ملالہ نے اس کا بھی ذکر نہیں کیا کہ سوات کے طلباء کی یہ خُوبی بھی ہے کہ وہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اخراجات پورے کرنے کیلئے سکول کے وقت کے بعد مختلف کام بھی کرتے ہیں

یہ ہے وہ سوات جو میں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے
سوات والوں میں اور بھی کئی خوبیاں ہیں جو کہ دہشتگردی نہیں ہیں
از راہِ کرم میرے وطن کا منفی تصور پیش نہ کریں

آداب
سلمان عالم خان ۔ ایک پاکستانی

میری ڈائری ۔ کب یاد میں تیرا ساتھ نہیں

میں پہلے بھی اپنی ڈائری سے فیض احمد فیض کے اشعار نقل کر چکا ہوں ۔ میں دسمبر 1964ء اور جنوری 1965ء میں ایک دوائی کے شدید ردِ عمل کے سبب 4 ہفتے ہسپتال میں صاحبِ فراش تھا ۔ وقت گذارنے کیلئے ایک ڈاکٹر صاحب نے فیض احمد فیض کا مجموعہ اشعار ”زنداں نامہ“ لا دیا تھا کہ وقت بھی گذرے اور ذہن پر بوجھ بھی نہ پڑے ۔ فیض احمد فیض نے یہ اشعار جیل میں عمر قید کی سزا کاٹتے ہوئے اپنی یورپین بیوی کی یاد میں لکھے تھے ۔ اہم بات یہ ہے کہ 1972ء میں شروع ہونے والے دور میں علامہ اقبال ۔ الطاف حسین حالی وغیرہ کو تعلیمی نصاب اور ذرائع ابلاغ سے نکال کر فیض احمد فیض صاحب کے اشعار کو وطن کی محبت قرار دیتے ہوئے ٹی وی اور دوسرے ذرائع پر پیش کیا جاتا رہا
1965, 130-132

تاریخی حقائق ۔ سابق سینیٹر کی زبانی

میں خود اس معاملہ میں ذاتی طور پر شریک تھا اور اس معاہدہ کو برادرم محمد خان جونیجو صاحب اور ان کے وزیر خارجہ اور دوسرے رفقائے کار کی ہمالیہ سے بڑی غلطی سمجھتا ہوں

آج افغان جہاد اور اس کے مضمرات کے بارے میں جس کا جو دل چاہتا ہے گوہر ا فشانی کرتا ہے لیکن انہیں تاریخی حقائق اور پالیسی کے اہم امور اور دلائل دونوں سے اتنی بے اعتنائی کا شکار نہیں ہونا چاہیئے

جنیوا معاہدہ پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بحث ہوئی تھی ۔ پارلیمنٹ کے ارکان کی بریفنگ کے لئے بھی ان کیمرہ (in camera) اہتمام کیا گیا تھا اور اس میں اصل پیش کار (Presentator) مرحوم جنرل حمید گل صاحب تھے جس کو جونیجو صاحب نے درمیان میں اچانک مداخلت (Abraptly intercept) کرکے رکوادیا تھا جس پر ہم نے احتجاج بھی کیا تھا۔ اس پرِیزینٹیشن (Presentation
) میں جو دلائل اور حقائق بڑے محکم انداز میں پیش کئے جارہے تھے وہ جونیجو صاحب کی خواہش کے خلاف تھے اور ارکان پارلیمنٹ پر اس کا گہرا اثر دیکھا جارہا تھا ۔ جینوا معاہدہ کے سلسلے میں ان کے موقف کو سراسر غلط اور ملک اور پورے علاقے کے لئے تباہ کن سمجھتا تھا اور سمجھتا ہوں مگر ان کی نیت پر شبہ نہیں کرتا۔ ان کو غلط مشورہ دیا گیا۔ ان کو خود ان معاملات کا وہ ادراک نہیں تھا جو ایک وزیر اعظم کو ہونا چاہئے اور وہ ملک کو مارشل لاء اور فوج کی بالا دستی کے نظام سے نکالنے میں جلدی میں تھے جس کا دوسروں نے فائدہ اٹھایا۔

صاحبزادہ یعقوب خان صاحب ان معاملات پر بے حد مضطرب پریشان اور دل گرفتہ تھے۔ لیکن بڑے دکھ سے بیان کرنا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم صاحب نے ان کی رائے کو کوئی وزن نہ دیا۔ حد یہ ہے کہ جنیوا معاہدہ کا اصل مسودہ بھی ان کو نہ دیا گیا۔ دفتر خارجہ کے لوگ بلاشبہ ان کا بہت احترام کرتے تھے لیکن ان میں یہ خوش خلقی (Courtesy) نہیں تھی کہ اپنے سابق وزیر خارجہ کو وہ مسودہ دے سکیں

جنیوا معاہدہ افغانستان میں تنازع کے اصل فریقوں کے درمیان نہیں تھا بلکہ ان کو الگ (Side step) کرکے کیا جارہا تھا۔ تحریکات آزادی میں حکومت وقت اور مزاحم قوتوں کا کردار اصل ہوتا ہے۔ جنیوا معاہدہ میں اصل کردار اقوام متحدہ، روس، امریکہ اور پاکستان کی حکومتوں کا تھا مگر مسئلہ کے اصل فریق اس میں بھی نہ تھےجس نے سارے مجوزہ انتظام کو صرف روس اور امریکہ کے مذاکرات کے تابع کردیا۔ پاکستان اور افغان عوام اور مجاہدین کے مفاد کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ ہم نے بار بار متوجہ کیا اور صاحبزادہ صاحب اس میں پیش پیش تھے اور یہی موقف جنرل ضیاء الحق کا اور آئی ایس آئی کا تھا کہ اصل مسئلہ صرف روسی فوجوں کے انخلاء کا نہیں۔ بلاشبہ وہ بہت ہی اہم اور اولین ضرورت ہے مگر یہ کافی یا لازمی نہیں ہے

دوسرا مرکزی مسئلہ جو شاید سب سے اہم افغانستان میں حکمرانی کے نئے بندوبست کا ہے اور اس کے طے کئے بغیر فوجوں کا انخلاء نئے مصائب کا باعث ،خانہ جنگی کا سبب اور پورے علاقے کے لئے تباہی کا باعث ہوگا اور سب سے زیادہ پاکستان کے لئے مسائل پیدا کرے گا جس کی زمین پر اس وقت تیس سے چالیس لاکھ افغان مہاجر موجود تھے ۔ ہمیں یقین تھا کہ کابل میں نئے اور اصل فریقین کے درمیان سیاسی انتظام کے بغیر نہ افغانستان میں امن آسکتا ہے اور نہ پاکستان سے مہاجرین کی واپسی ممکن ہوگی

لیکن جنیوا معاہدہ میں ان تمام پہلوئوں کو یکسر نظر انداز کیا گیا اور افغانستان میں تصادم، خلفشار اور خانہ جنگی کے جاری رہتے ہوئے پاکستان کے لئے آزمائش اور جو کچھ حاصل ہوا تھا اس کو نہ صرف خاک میں ملانے بلکہ نئی دشمنیاں پیدا کرنے اور دوستوں کو دشمنوں میں اور محسنوں کو مخالفین میں تبدیل کرنے کا نسخہ تھا جس پر اس وقت کی قیادت نے امریکی اور روسی منصوبہ میں شریک کار بن کر فاش
غلطی کی اور آج تک اس کے نتائج کو پاکستان اور افغانستان دونوں مظلوم قومیں بھگت رہی ہیں

بشکریہ ۔ حامد میر

ہونہار بروا کے چکنے چکنے پات

اسلام آباد کے سیکٹر آئی 9 میں گھر سے باہر کھیلتی ہوئی ماشاء اللہ ہونہار بچیذہین اور ہُنرمند بچیوں کو دیکھیئے کیسے شامیانہ بنایا ہے ۔ ہمارے مُلک کے بچے ماشاء اللہ ذہین اور ہُنرمند ہیں ۔ انہیں صرف مناسب رہبری کی ضرورت ہے اپنے گھر میں اور سکول میں بھی اور باقی ہموطنوں سے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔ علامہ اقبال نے سچ کہا تھا
نہیں ہے نا امید اقبال اپنے کشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی

سوچ کا ایک زاویہ

حنیف کے گھر کے قریب ایک بیکری تھی ۔ حنیف اکثر شام کے وقت کام سے واپسی پر وہاں سے صبح ناشتے کے لئے کچھ سامان لے کے گھر جاتا تھا ۔ ایک دن حنیف سامان لے کے بیکری سے باہر نکل رہا تھا کہ اُس کا پڑوسی عرفان مل گیا ۔ وہ بھی بیکری سے باہر آرہا تھا ۔ حنیف نے سلام کے بعد پوچھا “کیا لے لیا عرفان بھائی؟”
عرفان “کچھ نہیں بھائی ۔ چکن پیٹس اور جلیبیاں بیگم اور بچوں کے لئے”
حنیف ہنستے ہوئے “کیوں ؟ آج کیا بھابھی نے کھانا نہیں پکایا ؟”
عرفان “نہیں نہیں بھائی ۔ یہ بات نہیں ہے ۔ دراصل آج دفتر میں شام کے وقت کچھ بھوک لگی تھی تو ساتھیوں نے چکن پیٹس اور جلیبیاں منگوائیں ۔ میں نے وہاں کھائے تھے تو سوچا بیچاری گھر میں جو بیٹھی ہے وہ کہاں کھانے جائے گی ۔ اس کے لئے بھی لے لوں ۔ یہ تو مناسب نہ ہوا نا کہ میں خود تو آفس میں جس چیز کا دل چاہے وہ کھالوں اور بیوی بچوں سے کہوں کہ وہ جو گھر میں پکے صرف وہی کھائیں”
حنیف حیرت سے عرفان کا منہ تکتے ہوئے بولا “اس میں حرج ہی کیا ہے عرفان بھائی ۔ آپ اگر دفتر میں کچھ کھاتے ہیں تو بھئی بھابھی اور بچوں کو گھر میں جس چیز کا دل ہوگا کھاتے ہوں گے”
عرفان “نہیں نہیں بھائی ۔ وہ بیچاری تو اتنی سی چیز بھی ہوتی ہے میرے لئے الگ رکھتی ہے ۔ یہاں تک کہ اڑوس پڑوس سے بھی اگر کوئی چیز آئے تو اس میں سے پہلے میرا حصّہ رکھتی ہے بعد میں بچوں کو دیتی ہے ۔ اب یہ تو خود غرضی ہوئی نا کہ میں وہاں دوستوں میں گل چھڑے اڑاؤں”
حنیف نے حیرت سے کہا “گل چھڑے اڑاؤں ۔ یہ چکن پیٹس ۔ یہ جلیبیاں ۔ یہ گل چھڑے اُڑانا ہے عرفان بھائی؟ اتنی معمولی سی چیزیں”
عرفان ” کچھ بھی ہے حنیف بھائی ۔ مجھے تو ڈر لگتا ہے کہ آخرت میں کہیں میری اسی بات پر پکڑ نہ ہو کہ کسی کی بہن بیٹی بیاہ کے لائے تھے ۔ خود دوستوں میں مزے کر رہے تھے اور وہ بیچاری گھر میں بیٹھی دال کھارہی تھی ۔ دیکھئے ۔ ہم جو کسی کی بہن بیٹی بیاہ کے لاتے ہیں نا ۔ وہ بھی ہماری طرح انسان ہوتی ہے ۔ اسے بھی بھوک لگتی ہے ۔ اس کی بھی خواہشات ہوتی ہیں ۔ اس کا بھی دل کرتا ہے طرح طرح کی چیزیں کھانے کو ۔ پہننے اوڑھنے کا ۔گھومنے پھرنے کا ۔ اسے گھر میں پرندوں کی طرح بند کردینا اور دو وقت کی روٹی دے کے اِترانا کہ بڑا تیر مارا ۔ یہ انسانیت نہیں ۔ یہ خود غرضی ہے اور پھر ہم جیسا دوسرے کی بہن اور بیٹی کے ساتھ کرتے ہیں وہی ہماری بہن اور بیٹی کے ساتھ ہوتا ہے”
ان کے آخری جُملے نے حنیف کو ہلا کے رکھ دیا کیونکہ اُس نے کبھی اس انداز سے سوچا نہیں تھا ۔ بولا ” آفرین ہے عرفان بھائی ۔ آپ نے مجھے سوچنے کا ایک نیا زاویہ دیا ”
حنیف واپس پلٹا تو عرفان بولا” آپ کہاں جارہے ہیں؟”
حنیف نے کہا” آئسکریم لینے ۔ وہ آج دوپہر میں نے آفس میں آئسکریم کھائی تھی”