میں نے اپنے ہر باس کی انکساری اور بُردباری کے ساتھ تابعداری کی سوائے اس کے کہ باس کے حُکم کی بجا آوری سے قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہو یا ادارے یا مُلک کو نقصان پہنچتا ہو ۔ میں نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز میں مختلف اوقات میں 5 باسِز کے ماتحت کام کیا ۔ جن میں سے 2 کے ماتحت صرف کچھ ماہ کام کیا اسلئے پہلے اُن کا ذکر جن کی ماتحتی میں زیادہ عرصہ گذارا
میرے پہلے باس ہر دل عزیز تھے (اپنی یا اپنے باس کی نظر میں) ۔ پائپ منہ میں رکھ کر بات کرتے تھے ۔ غصہ اُنہیں انگریزی میں آتا تھا ۔ فیکٹری میں کام 7 بجے شروع ہوتا تھا ۔ وہ ساڑھے سات بجے تشریف لاتے تھے ۔ ساڑھے نو بجے وہ اپنی کار پر چلے جاتے اور 12 بجے کے قریب لوٹتے ۔ ساڑھے بارہ بجے کھانے کیلئے ایک گھنٹہ کی چھٹی ہوتی تو وہ پھر چلے جاتے اور دو ڈھائی بجے لوٹتے ۔ اگر اس معمول میں کوئی رکاوٹ پیش آ جاتی تو مزاج چڑچڑا ہو جاتا ۔ بات بات پر بھڑنے کو تیار رہتے ۔ دو گالیاں کسی کو غائبانہ دیتے اور ایک آدھ اپنے آپ کو بھی کہ ساری دنیا کا کام اُنہیں ہی کرنا پڑ گیا ہے
ایک دن مجھے حُکم دیا ” یہ سارے پھوہڑ (چٹایاں) جلا دو”۔ میں نے کہا ”دوپہر ایک گھنٹہ کے وقفے میں لوگ ان پر نماز پڑھتے ہیں اور میں بھی نماز پڑھتا ہوں ۔ میں ان کو جلا نہیں سکتا“۔ تو کہتے ہوئے چلے گئے ”ایوب خان جتنا بڑا مسلمان کوئی نہیں ۔ اُس نے نماز پڑھنے کا وقت نہیں دیا تو میں کیسے دے سکتا ہوں ۔ میں خود جلوا دوں گا“۔ مگر جلائے تو نہیں تھے
بہت دلیر اور نڈر مشہور تھے لیکن ایک واقعہ ایسا پیش آیا کہ باس کی بزدلی مجھ پر عیاں ہوئی ۔ اللہ کی کرم نوازی کہ میرے ہاتھوں اُس معاملہ میں اُنہیں بچا دیا
اُن کا ایک راز دان چپڑاسی تھا جس سے سب ڈرتے اور اس کا کہا مانتے سوائے مجھ گستاخ کے ۔ لیکن ناجانے وہ چپڑاسی مجھ سے کیوں مانوس ہوتا گیا اور ایک دن ایسا آیا کہ اس نے باس کی ذاتی زندگی کے کئی راز تنہائی میں میرے سامنے اُگل دیئے ۔ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی نے مجھے توفیق دی اور میں نے وہ راز ہمیشہ کیلئے دفن کر دیئے . ایک بتا دیتا ہوں جو مجھ سے متعلق تھا ۔ اُس زمانہ میں واہ میں قدرتی گیس مہیاء نہیں کی گئی تھی ۔ سردیوں میں انگیٹھی میں کوئلہ یا لکڑی جلاتے تھے ۔ ہماری فیکٹری میں بندوق کے بٹ اور فور آرم بننے کے بعد اخروٹ کی لکڑی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بچتے تھے ۔ اخروٹ کی لکڑی جلنے پر دھواں نہیں دیتی . یہ سکریپ کے طور پر ہماری فیکٹری کے ملازمین کو بیچے جاتے تھے ۔ ایک ملازم ایک سال میں صرف ایک بار لے سکتا تھا ۔ یہ باس میرے نام پر وہ لکڑی 5 سال نکلواتے اور مجھے لکڑی نہ ملتی رہی ۔ مجھے یہی بتایا جاتا رہا کہ لکڑی نہیں ہے
باس شاید اُس وقت تک باس نہیں ہوتا جب تک کسی بے قصور کو نقصان نہ پہنچائے ۔ چنانچہ جہاں تک اُن سے ممکن ہو سکا مجھے نقصان پہنچایا ۔ 1983ء میں لبیا سے واپسی پر مجھے پرنسپل ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ تعنات کیا گیا تھا ۔ کسی کام سے پرنسپل کو ملنے آئے ۔ مجھے بیٹھا دیکھ کر حیرت سے کم از کم ایک منٹ منہ کھلا رہا اور کچھ بول نہ سکے اور کام بتائے بغیر چلے گئے
میرے جو دوسرے باس بنے وہ زبردست حکائت گو تھے اور اس فن سے واقف تھے کہ اپنے باس کے سامنے کونسی حکائت بیان کرنا ہے اور ماتحت کے سامنے کونسی ۔ خواتین کے جھُرمٹ میں گھُس کر کھِل اُٹھتے تھے ۔ اپنے گھر چائے پر جوان جوڑوں کو بُلایا ۔ میں اکیلا گیا کہ میری بیوی گو پردہ نہیں کرتی مگر مخلوط محفل میں جانا پسند نہیں کرتی تھی ۔ مجھے کہا ”واپس جاؤ اور بیگم کو لے کر آؤ“۔ میں نے پس و پیش کیا تو ایک ہمدرد نے علیحدہ لیجا کر کہا ”اس طرح بدتمیزی گِنا جائے گا ۔ بھابھی کو لے آؤ ۔ وہ ایک طرف کھڑی رہے باقی خواتین کے جھرمٹ میں نہ جائے ۔ سو ایسا ہی کیا گیا ۔ میری بیوی کو ایک اور اپنے جیسی مل گئی ۔ دونوں ایک طرف کھڑی گپ لگاتی رہیں اور چائے تک نہ پی ۔ باس اپنی چہک میں رہے اور اُنہیں اس کا احساس نہ ہوا
ایک دن مجھ سے کہنے لگے ”میں نے اپنی بیوی کو تسلی دے رکھی ہے کہ تو فکر نہ کر میں گھر دوسری کو لے کر نہیں آؤں گا“۔
ایک دن فرمانے لگے ”تم بہت غیر سماجی (unsocial) ہو ۔ بیگم کو ساتھ لے کر بڑے افسروں کے گھر جایا کرو“۔ میں ٹھہرا دو جماعت پاس ناتجربہ کار ۔ جواب دیا ”حضور ۔ اس ادارے کا ملازم میں ہوں میری بیوی نہیں“۔ اس پر لمبی تقریر جھاڑ دی
اپنے پی اے کے ہاتھ مہینے دو مہینے کی اکٹھی کی ہوئی اپنی ساری ڈاک میرے دفتر میں اس پیغام کے ساتھ بھجوا دیتے کہ ”ارجنٹ ہے ۔ جلدی سے ساری نپٹاؤں“۔
ایک پریس شاپ میں شاید ایک دہائی کام کیا تھا اور دعوے سے کہا کرتے ”I know nuts and bolts of presses (میں پریسوں کی ڈھِبریاں کابلے جانتا ہوں)“۔ ہم جرمنی گئے ہوئے تھے وہاں جرمن انجیئروں کے سامنے بھی یہ فقرہ کہا کرتے تھے ۔ ایک دن میرے ساتھ اس بات پر اُلجھ پڑے کہ میں کرینک (crank) پریس اور ایکسَینٹرِک (accentric) پریس کو فرق فرق سمجھتا ہوں ۔ جرمن انجنیئر سے کہا ”اپنے دوست اجمل کو سمجھاؤ“۔ وہ جرمن بہت تیز تھا بولا ”پریس ورکشاپ جا کر فورمین سے پوچھتے ہیں ۔ جب وہاں جا کر فورمین سے بات کی تو وہ اُچھل پڑا ”کون جاہل کہتا ہے کہ یہ دونوں ایک ہیں“۔ باس تو وہاں سے بھاگ لئے ۔ واپسی پر جرمن انجنیئر نے شریر مسکراہٹ کے ساتھ کہا ”ہاں ۔ باس ڈھبریاں اور کابلے جانتے ہیں“۔ مزے کی بات کہ انگریزی میں کہنا ہو کہ اُسے کچھ نہیں آتا تو کہا جاتا ہے ”He knows nuts and bolts (اسے ڈھبریوں اور کابلوں کا پتہ ہے)“۔
انہی صاحب نے مجھے وفاداری کا سبق بھی پڑھایا تھا
میرے تیسرے باس بڑے مسلمان تھے ۔ کم از کم اُن کا اندازِ گفتگو یہی بتاتا تھا ۔ بڑے انصاف پسند بھی تھے ۔ جو اُن کا دعوٰی تھا ۔ ہر ماتحت کا تمسخر اُڑانا تو مزاح کی خاطر ہوتا تھا لیکن اُن پر کوئی ہلکی سی بھی تنقید کرے تو بپھر جاتے اور ہمیشہ کیلئے دل میں رکھتے
لطیفے سناتے ہوئے (نعوذ باللہ من ذالک) اللہ کی حیثیت ہی بھول جاتے
جو ماتحت اُن کی ذاتی خدمت عام کرے وہ بغیر سرکاری کام کے جس کی وہ تنخواہ پاتا ہو یا وہ جو بڑی سرکار کا منظورِ نظر ہو تو عمدہ رپورٹیں پاوے ۔ جو محنت اور ذہانت کے ساتھ اپنی تنخواہ حلال کرے مگر اول الذکر خوبی نہ رکھتا ہو اُس کی نہ صرف رپورٹ خراب کرتے بلکہ ہر محفل میں اُس کی نالائقی کا پرچار بھی کرتے
میں 1971ء میں پروڈکشن منیجر تھا تو میرے باس بنے ۔ وسط 1966ء سے میرے کام میں مشین گن کی پلاننگ اور ڈیویلوپمنٹ کے ساتھ ساتھ نہ صرف جرمن لوگوں کے ساتھ ڈیل کرنا تھا بلکہ اُن کے ذاتی معاملات میں اپنے وقت میں مدد دینا اور چھُٹی کے دن سیر و سیاحت پر لیجانا بھی شامل تھا ۔ اسلئے میں جرمن کافی بولنے لگ گیا تھا ۔ 1971ء کی سالانہ رپورٹ میں ایک سوال تھا کہ کون کون سی زبان بولنا ۔ لکھنا ۔ پڑھنا جانتے ہو ۔ میں نے لکھا کہ جرمن بولنا جانتا ہوں ۔ ایک ماہ بعد باس نے بلا کر کہا ”تم نے کونسا سرٹیفیکیٹ لیا ہوا ہے اس میں کاٹو اسے اور دستخط کرو“ ۔ مجھے بُرا تو لگا مگر نقصان نہ سمجھتے ہوئے کاٹ کر دستخط کر دیئے ۔ چند دن بعد ایک افسر جو چند ماہ قبل تک میرے ماتحت اسسٹنٹ منیجر تھا اور منیجر ہو گیا تھا میرے پاس آیا ۔ میں نے پوچھا ”کیسے آئے“۔ بولا ”باس نے بُلایا تھا“۔ میں نے پوچھا ”کیوں ؟“ بولا ”کہاتھا کہ یہاں لکھو کہ جرمن بولنا ۔ لکھنا اور پڑھنا آتی ہے ۔ میں نے لکھ دیا کہ مجھے کیا فرق پڑتا ہے“۔ میں نے اپنا واقعہ بتایا تو ہنس دیا ۔ عقدہ بعد میں کھُلا ۔ اُس زمانہ میں ہمارے پروجیکٹ کے سلسلہ میں میری ہی سطح کا ایک افسر جرمنی میں بطور ٹیکنیکل اتاشی ہوتا تھا ۔ مجھ سے ایک سنیئر 3 سال گذار کر آ چکے تھے ۔ دوسرے کے 3 سال 1972ء میں پورے ہونا تھے ۔ اُن کے بعد میری باری تھی ۔ سلیکشن کے وقت میرا نام آیا تو موصوف نے بحث کی کہ اسے جرمن بالکل نہیں آتی جب کے جونیئر جرمن بولتا ۔ پڑھتا اور لکھتا ہے ۔ چنانچہ مجھے روک کر اُسے جرمنی بھیجا گیا ۔ وہ افسر انگریزی بھی روانی سے نہیں بول سکتا تھا ۔ اس کی سفارش کہیں بہت اُوپر سے آئی تھی
اسسٹنٹ منیجر ہفتہ کی پروڈکشن رپورٹ لے کر آیا ۔ میں نے جائزہ لے کر کہا ” کیا صرف گذشتہ رات میں پروڈکشن اتنی زیادہ ہو گئی ۔ کل چھُٹی تک تو کم تھی ؟“ وہ بولا باس نے کہا تھا ”جو رائفلیں اور مشین گنیں ابھی تیار نہیں ہوئیں اور ان کیلئے پرزے پورے ہیں اُنہیں بھی رائفلیں اور مشین گنیں گن لو“۔ میں نے دستخط کرنے سے انکار کر دیا ۔ بعد میں باس نے بلا کر دستخط کرنے کو کہا تو میں نے کہا ”جناب ۔ جو رائفلیں اور مشین گنیں ابھی تک تیار ہی نہیں ہوئیں ۔ میں اُنہیں تیار کیسے سمجھ لوں ؟“۔ بولے ”بن ہی جائیں گی نا“۔ میں نے کہا ”جب بن جائیں گی تو رپورٹ میں بھی آ جائیں گی اور میں دستخط بھی کر دوں گا “۔ اُس دن کے بعد ہر جگہ ہر محفل میں جہاں میں موجود نہ ہوں میری مفروضہ نالائقی کے قصے بیان ہونے لگے
ذہین مسلمان ہونے کے دعویدار لیکن کوئی 5 وقت کی نماز مسجد میں پڑھنے والا ہو یا داڑھی سنّت سمجھ کر رکھی ہو تو اُسے جاہل سمجھتے
یہی صاحب بحیثیت ممبر پی او ایف بورڈ 1984ء میں میرے باس بنے جب میں پرنسپل ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ تھا ۔ پاکستان میں سب سے پہلے یعنی 1968ء میں پی او ایف میں کمپیوٹرائزڈ نُومَیرِکل کنٹرول مشینز المعروف سی این سی مشینز (Computerised Numerical Control Machines) میں نے متعارف کرائیں تھیں اسلئے انسٹیٹیوٹ کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کا کام میرے ذمہ کیا گیا تھا ۔ ورکشاپس کے ساتھ ساتھ نئے نصاب بھی تیار کئے ۔ باس کا حُکم آیا کہ کھیلوں کے 60 نمبر بھی نصاب میں شامل کئے جائیں ۔ اس طرح کل نمبر 1160 بن گئے ۔ اسے 1200 بنانے کیلئے میں نے 10 (واہ کی سطح کا) سے 40 (ملکی سطح کا) بہترین قاری ہونے کیلئے شامل کر دیئے ۔ جب باس کو دکھایا تو بولے ”ابھی سے ان کو مکاری سکھا دو“۔ خیال رہے کہ اس زمانہ میں سکولوں میں قرآن شریف ناظرہ پڑھانا لازمی تھا
میری تحریر ”احتساب“ میں درج واقعات میں سے کچھ انہی حضرات کے کارنامے ہیں
باس سب خراب نہیں ہوتے ۔ میرے 2 ایسے باس بھی رہے جن میں سے ایک صرف 2 ماہ (نومبر دسمبر 1963ء) جن کا نام فیض الرحمٰن صدیقی تھا اور دوسرے شاید 1970ء میں 6 ماہ کیلئے جن کا نام حسن احتشام ہے ۔ ان حضرات کے ساتھ بھی میرا تکنیکی یا ذاتی اختلاف ہوا اور بحث بھی ہوئی لیکن یہ دونوں کام کرنے والے ماتحتوں کی بہت قدر کرتے تھے ۔ اس کا عِلم مجھے اُن کے ماتحت کام کرنے کے بعد ہونے والے واقعات سے ہوا ۔ اللہ کریم نے انہی 2 افسران کو میرا شفیع بنایا اور میں اللہ کے فضل و کرم سے بدیر سہی لیکن ریٹائرمنٹ لینے کے وقت گریڈ 20 میں تنخواہ کی زیادہ سے زیادہ سطح پر پہنچا