آج کا دن پاکستان میں بجا طور پریوم فضائیہ کے نام سے موسوم کیا جاتاہے ۔ 7 ستمبر 1965ء کو پاکستان کے شاہینوں نے دنیا کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے جارح بھارت کی ہوائی فوج کو اپاہج بنا دیا تھا ۔ بالخصوص اسکورڈن لیڈر محمد محمود عالم المعروف ایم ایم عالم نے دشمن کے9 جنگی طیارےمار گرائے جن میں 5 لڑاکا طیارے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تباہ کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ کمال یہ کہ بھارت کے 2 انجنوں والے کینبرا طیاروں کے مقابلہ میں ایم ایم عالم چھوٹا سا ایک انجن والا سَیبر ایف 86 (Sabre F 86) طیارہ اُڑا رہے تھے ۔ ایم ایم عالم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے زندہ دِلانِ لاہور نے گلبرگ (لاہور) کی ایک شارع عام کو ان کے نام سے منسوب کر دیا
محمد محمود عالم 6 جولائی 1935ء کو کلکتہ (اب کولکتہ) میں پیدا ہوئے ۔ پاکستان بننے پر ان کا خاندان ہجرت کر کے مشرقی پاکستان میں آباد ہوا ۔ اکتوبر 1953ء میں پاک فضائیہ میں بطور فائٹر پائلٹ کمیشن حاصل کیا ۔ بہادری کے صلے میں انہیں 2 بار ستارہ جرات سے نوازاگیا ۔ 1982 میں ایئر کموڈور کے عہدے پر ریٹائر ہوئے ۔ اپنی شجاعت کے باعث عوام میں لِٹل ڈریگن (Little Dragon) کے لقب سے مشہور ہوئے
ریٹائرمنٹ کے بعد ایم ایم عالم کی زندگی مطالعہ کرنے میں گزری ۔ ان کا جذبہ اورپیشہ ورانہ مہارت پاک فضائیہ کے جوانوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔ پاک فضائیہ کو بجا طور پر اپنے اس سپوت پر ہمیشہ فخر رہے گا ۔ اسکورڈن لیڈر محمد محمود عالم 18 مارچ 2013ء کو اس دنیا سے رحلت کر گئے لیکن ان کے کارنامے زندہ و جاوید اوریوم فضائیہ کا خاصہ رہیں گے
یہ غازی، یہ تیرے پرُاسرار بندے
جنہیں تو نے بخشا ہے زوقِ خدائی
دو نیم ان کی ٹھوکر سے صحرا و دریا
سمٹ کر پہاڑ ان کی ہیبت سے رائی
بہت خوبصورت جناب
علی احمد جان اطہر صاحب
حوصلہ افزائی کا شکریہ ۔ آپ نے پہلی بار تبصرہ لکھا ہے اسلئے سپیم میں چلا گیا تھا ۔ ان شاء اللہ آج کے بعد نہیں جائے گا