حاصل تقسیم ذہانت (Intelligence Quotient) المعروف آئی کیو کا گفتگو میں عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور اسے کہیں جدید تعلیم کہیں سائنس اور کہیں آزاد خیالی سے جوڑا جاتا ہے
میں لڑکپن اور جوانی میں قرآن شریف پڑھتا تو سوچ میں پڑھ جاتا کیونکہ مجھے کچھ یوں سمجھ آتی کہ عقل اور ذہانت کا معیار یہ ہے کہ کوئی کتنا اللہ کے فرمان کو سمجھتا اور اس پر عمل کرتا ہے
میں اسی ادھیڑ بُن میں لگا رہتا کہ ذہانت کا معیار اللہ کے فرمان کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہے یا کہ کوئی ریاضی ۔ طبیعات یا کیمیاء کے امتحان میں کتنے زیادہ نمبر لیتا ہے ؟ گو ان مضامین میں میرا شمار اپنی جماعت کے چاروں حصوں کے 200 لڑکوں میں سے صرف چند بہترین میں ہوتا تھا
وقت گذرتا گیا اور اللہ کی مہربانی سے عُقدے کھُلتے گئے ۔ میں نے دیکھا کہ ایک شخص سکول ۔ کالج اور پھر یونیورسٹی کے سب امتحانوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے کامیاب ہوا اور ڈاکٹر یا انجیئر بن گیا مگر بعض اوقات سادہ سی بات بھی اس کی سمجھ میں نہ آتی ۔ یہی نہیں اگر سوائے اس کے کہ جو اس نے پڑھا تھا اُسے کوئی سوال ان مضامین کی حدود میں بھی پوچھو تو بیگانہ لگے ۔ ایک بار تو ایسا ہوا کہ ایک نو دس سالہ بچہ بیٹھا تھا وہ مسکرانے لگا ۔ اُسے پوچھا تو اس نے بتا دیا کہ ”آپ یہ کہہ رہے ہیں اور اس سے یہ ایسے ہو جائے گا“۔ مجھے یہ بھی یاد ہے کہ ہمارے ایک استاذ صاحب نے ایک بار کہا تھا ”پڑھائی میں محنت کچھ اور چیز ہے اور ذہانت کچھ اور“۔
کہا جا سکتا ہے کہ ہمارے ہاں نظامِ تعلیم ناقص ہے ۔ لیکن اس کا اثر تو ہر ایک پر ہوتا ہے خواہ وہ ذہین ہو یا نہ ہو ۔ میں نے اوپر جو تجربہ بیان کیا ہے اس میں غیر ملکی بھی شامل ہیں جرمن انجیئر بھی جن کی دھاک بیٹھی ہوئی ہے
بات اسی پر پہنچتی ہے کہ ذہین آدمی حقائق کو پہچانتا ہے اور ان کی تہہ کو پہنچتا ہے ۔ وہ ایک طرف اگر سائنس میں نئی دریافتیں کر سکتا ہے تو دوسری طرف اللہ کو بھی درست طریقے سے پہچانتا ہے ۔ اور قرآن شریف اللہ کا کلام ہے ۔ اللہ خالق و مالک ہے ۔ وہی بہتر جانتا ہے کہ انسان کو کیا بنایا ہے ۔ اسلئے ذہانت کیلئے لازم ہے اللہ کو درست پہچانے ۔ آج کی یونیورسٹیوں کا راگ الاپنے والے یہ بھول جاتے ہیں کہ جن لوگوں نے اس سائنس کی بنیادیں استوار کیں وہ اپنے مذہب کے بھی عالِم تھے ۔ میں اس سلسلے میں سر الیگزنڈر فلیمنگ کا واقعہ بیان کر چکا ہوں