مجھے پکانا نہيں آتا ليکن کھانا خوب جانتا ہوں البتہ بسيار خور نہيں ہوں
کوئی جتنا زيادہ کھائے اور جتنا زيادہ سوئے اتنا ہی زيادہ بيمار رہتا ہے
عقلمند لوگ کہتے ہيں کہ کم کھانا صحت اور کم سونا عافيت ہے
اوہ ہو ۔ بات تو پکانے کی ہو رہی تھی
تو جناب ۔ جب شادی نہيں ہوئی تھی تو ميری پياری امی مجھے باورچی خانے کا کوئی کام نہيں کرنے ديتی تھيں
شادی ہوئی تو بيوی باورچی خانے ميں گھُسنے بھی نہيں ديتی
پھر بھی مجھے چائے بنانا اور انڈا تلنا جسے آجکل فرائی کرنا کہتے ہيں آتا ہے ۔ ہوں نا ميں ہوشيار ؟
آج ميں آپ کو اپنے ايک دلپسند ناشتہ کی ترکيب بتانے لگا ہوں جو شايد آپ نے پہلے نہيں کھايا ہو گا [يہ ميں اپنے اور اپنی بيوی کے سگے بہن بھائيوں اور اپنے بچوں کے متعلق نہيں کہہ رہا کيونکہ اُنہوں نے ميری بيوی کے ہاتھ کا بنا کھايا ہوا ہے]
يہاں ميں ايک حقيقت بتا دوں کہ جب بھی مجھے ميری بيوی کہے کہ “آپ ميرے پکائے کی تعريف نہيں کرتے” تو ميں کہتا ہوں
“تعريف اس اللہ کی جس نے جہاں بنايا اور تمہيں بھی بنايا”
اجزاء
مکئی کا آٹا ۔ 3 پيالی [اگر اُردو نہ آتی ہو تو 3 کپ ۔ اور ہاں ۔ مکئی کا آٹا ايک سال پرانا کڑوا نہ ہو]
چينی ۔ ڈيڑھ پيالی [چينی بھارت سے درآمد شدہ نہ ہو]
انڈے ۔ 3 عدد [مرغی کے انڈے ۔ کيا معلوم آپ کونسے انڈے ڈال ديں ۔ اور ہاں انڈے چھوٹے چھوٹے نہ ہوں]
دودھ ۔ ايک پيالی [آپ کے پاس گائے يا بھينس ہو تو بہتر ورنہ پانی ملا دودھ بازار ميں عام ملتا ہے ۔ خبردار مِلک پَيک شَيک نہيں ڈالنا البتہ پرَيما دودھ ڈال سکتے ہيں اگر دو دن سے زيادہ پرانا نہ ہو]
ترکيب
چاروں اجزاء کو اچھی طرح ملا کر گوند ليجئے حتٰی کہ اتنا نرم ہو جائے کہ توے پر لکڑی کے چمچے کے ساتھ آسانی سے پھيلايا جا سکے ۔ اگر ضرورت پڑے تو تھوڑا پانی ڈال ليجئے ۔ اگر آپ کے پاس آٹا گوندھنے والی مشين جسے انگريزی ميں ڈَو ہُک کہتے ہيں ہو تو اسے استعمال کرنے ميں کوئی ہرج نہيں
سرد موسم ميں 10 اور گرم موسم ميں 5 منٹ کيلئے رکھ ديجئے
توا چولہے پر رکھ کر مناسب حد تک گرم ہونے ديجئے [توے کی بجائے انگريزی والے فرائنگ پَين کو بھی استعمال کيا جا سکتا ہے]
پھر توے پر تھوڑا سا گھی ڈالئے [ديسی گھی ہو تو بہتر ہے ۔ يہ سفيد خالص مکھن سے بھی بنايا جا سکتا ہے ۔ تيل استعمال نہ کيجئے]
پھر 3 کھانے کے چمچے کے برابر گوندھا ہوا مکئی کا آٹا توے پر ڈال کر پھيلا ديجئے
نچلا حصہ پکنے پر اُلٹا کر مکمل پکا ليجئے
آپ کيلئے بہترين ناشتہ تيار ہے
کھايئے اور اللہ کا شکر ادا کيجئے جس نے بے شمار نعمتيں عطا کی ہيں
اگر ہو سکے تو ميری بيوی کی ہميشہ اچھی صحت کيلئے بھی دعا کيجئے