1 ۔ يقين
شادی کا سب سے اہم عنصر خاوند اور بيوی کا اعتقاد ہے جس کی ہم آہنگی شادی کے بندھن کو مضبوط بناتی ہے ۔ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی تمنا خاوند اور بيوی کو ايک دوسرے کا احترام اور محبت کرنے پر اُکساتی ہے
2 ۔ درگذر
کسی کی طرف سے کی گئی زيادتی پر چشم پوشی عام طور پر زيادتی کرنے والے کو دوست بنا ديتی ہے ۔ خاوند اور بيوی اگر ايک دوسرے کی لغزش پر درگذر کا رويہ اختيار کريں تو اُن کی محبت ميں اضافہ ہوتا ہے
3 ۔ بھُلانا
اگر خاوند اپنی بيوی کو يا بيوی خاوند کو اُس کی غلطياں ياد کرائے تو اس کا مطلب ہے کہ غلطی پر درگذر نہيں کيا گيا ۔ گذری باتوں کو ماضی کے ساتھ ہی دفن کر دينا چاہيئے کيونکہ ان کا دہرانا نئے زخم لگاتا ہے جو مندمل ہونے ميں اصل وقت سے زيادہ مدت ليتے ہيں
4 ۔ صبر و تحمل
صبر و تحمل ايک ايسی خوبی ہے جو انسان کو اعلٰی مرتبہ پر پہنچاتی ہے ۔ بہت سے مسائل اور جھگڑے بے صبری اور چلبلے پن سے پيدا ہوتے ہيں ۔ اسلئے انسان کو صبر اور تحمل سے کام لينا چاہيئے ۔ بہت سی بری لگنے والی باتوں پر صبر اور تحمل کے ساتھ غور کيا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ وہ اتنی بری نہ تھيں جتنا محسوس ہوئی تھيں
5 ۔ رواداری
بہت سے جوڑوں ميں چپکلش کا سبب اُن کا جمود ہوتا ہے يعنی وہ اپنے آپ ميں يا اپنی عادت ميں تبديلی نہيں لا سکتے يا لانا نہيں چاہتے ۔ حقيقت يہ کہ شادی سے پہلے جس زندگی کے خواب ديکھے ہوتے ہيں يا جو کچھ کہانيوں ميں پڑھا ہوتا ہے شادی کے بعد وہ زندگی نہيں ہوتی ۔ شادی کے بعد محبت صرف خوبصورتی اور تعريفوں کا نام نہيں رہ جاتا بلکہ ايک دوسرے کيلئے وقت کے مطابق ہمدردی اور ايثار بن جاتا ہے ۔ رواداری اس بندھن کو قائم رکھنے کيلئے انتہائی ضروری ہے
6 ۔ دوستی
اصل دوستی شادی کے بعد شروع ہوتی ہے ۔ آپس ميں دوستی کو قائم کرنا ۔ ہر آدمی اپنے دوست کی عزت کرتا ہے ۔ اس پر اعتماد کرتا ہے ۔ اس پر بھروسہ رکھتا ہے ۔ اس کا خيال رکھتا ہے باوجوديکہ دوستوں ميں باہمی اختلافات بھی ہوتے ہيں ۔ خاوند اور بيوی ميں دوستی کا رشتہ ہموار ہو جائے تو پھر اُن پر بيرونی عوامل اثر انداز نہيں ہو پائيں گے
7 ۔ دوستانہ نقطہ نظر
دوستانہ نقطہ نظر رکھنے کا مطلب ہے کہ دونوں کے ساتھ تعلق رکھنے والے سب لوگوں کے ساتھ دوستانہ رويہ رکھا جائے ۔ اس ميں خاوند کيلئے بيوی کے اور بيوی کيلئے خاوند کے والدين اور بہن بھائی اول حيثيت رکھتے ہيں ۔ يہ حقيقت بھولنا نہيں چاہيئے کہ شادی دو افراد کا نہيں دو خاندانوں کو بندھن ہوتا ہے ۔ يہ تعلقات ۔ احترام و محبت ايک دن ميں تو جنم نہيں ليتے مگر وقت کے ساتھ ساتھ پيدا ہونے چاہئيں