Monthly Archives: June 2011

ہائے ميں مر گئی

ميری پھوپھی کی بيٹی جو مجھ سے 15 سال بڑی تھيں کہا کرتی تھيں “ہائے ميں مر گئی”
ميں ابھی دس گيارہ سال کا تھا تو اُن کی نقل کرتے ہوئے خاص کر اُن کے سامنے بات بے بات پر کہتا “ہائے ميں مر گئی”۔ اور وہ سُن کر ہنس ديتيں ۔ يہ فقرہ ميرا تکيہ کلام بن گيا اور ميرے دوست جب سنتے تو ہنس ديتے ۔ ميں نے اپنی شادی [نومبر 1967ء] کے بعد يہ کہنا چھوڑ ديا تھا

ڈيڑھ ماہ قبل اچانک يہ فقرہ ميری زبان سے ادا ہو گيا جس کی وجہ اخبار ميں چھپی ايک خبر تھی

انسانی نفسیات اور شخصیت پر کام کرنے والے ماہرین کی تحقيق کہتی ہے کہ مردوں کے ہاتھ کی چوتھی [چھنگليا کے ساتھ والی] انگلی مردانہ وجاہت کا تعین کرتی ہے ۔ چوتھی انگلی دوسری [يعنی شہادت کی] انگلی کے مقابلے جتنی لمبی ہوگی اس مرد کی شخصیت اتنی ہی پرُکشش اور جاذب نظر ہوگی اور ايسے مرد کا چہرہ صنف مخالف کیلئے اتنا ہی پُرکشش ہوگا
ايسے ميں ميرے منہ سے نکلنا ہی تھا نا “ہائے ميں مر گئی”؟
بُرا ہوا کہ يہ تحقيق ميری جوانی کے زمانہ ميں نہ ہوئی ۔ ايسا ہو جاتا تو ميں کم از کم ايک پريشانی سے بچ جاتا

ميں سوچا کرتا تھا کہ ميں [بوجوہ] کسی لڑکی کو لِفٹ نہيں کراتا اور لڑکيوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے خُشک لہجہ اختيار کرتا ہوں جس پر مجھے دوست ہميشہ ٹوکتے بھی ہيں ۔ اس صورتِ حال کے باوجود لڑکياں مجھے کيوں اہميت ديتی ہيں ۔ جوانی کے زمانہ ميں شادی سے قبل ميں راولپنڈی ۔ لاہور ۔ کراچی ۔ جرمنی ۔ ہالينڈ ۔ بيلجيئم اور برطانيہ گيا ۔ ہر جگہ ايسا ہوا ۔ جرمنی اور ہالينڈ ميں تو ميرے ساتھ ايک پاکستانی ساتھی تھے ۔ وہ کسی لڑکی کو متوجہ کرنے کی کوشش کرتے اور لڑکی اُن کی بجائے ميرے ساتھ باتيں کرنے لگ جاتی ۔ وہ مجھے اُردو ميں کہتے “يار ۔ ميرا تعارف بھی کراؤ”۔ ميں کہتا “بات تو آپ نے شروع کی تھی اور مصيبت ميرے گلے پڑ گئی ہے”

جی ہاں ۔ ميری چوتھی اُنگلی دوسری اُنگلی سے خاصی زيادہ لمبی ہے اور تيسری يعنی درميانی اُنگلی سے تھوڑی سی چھوٹی ہے
:lol: :lol: :lol: :lol: :lol:

ميں نہيں کہہ سکتا کہ کوئی لڑکی مجھ پر فريفتہ ہوئی يا نہيں ۔ صرف اتنا مشاہدے ميں آتا رہا کہ جب بھی کوئی موقع ہوا لڑکيوں اور عورتوں نے مجھے اہميت دی ۔ ويسے تو مجھے مردوں نے بھی عزت دی ۔ 10 سال قبل تک ميں مختلف فورمز پر تقارير کيا کرتا تھا ۔ موضوع زيادہ تر ٹيکنيکل يا منيجمنٹ ہوتے تھے ۔ تقرير کرنے والے باقی سارے ہُوٹ ڈاؤن بھی ہو جائيں تو اللہ کے فضل سے ميری تقرير خاموشی سے سُنی جاتی تھی
البتہ اللہ سُبحانُہُ و تعالٰی کی مجھ پر اتنی زيادہ مہربانی رہی ہے کہ ننھے بچے ہميشہ مجھ پر فريفتہ رہے ہيں

چھوٹی چھوٹی باتيں ۔ ڈر

آدمی کی فطرت ہے کہ جس چيز يا عمل سے ڈرتا ہے
اس چيز يا عمل سے دُور ہونے کی کوشش کرتا ہے
اور جتنا زيادہ آدمی کسی چيز يا عمل سے ڈرتا ہے
اُس سے اتنا ہی دُور بھاگنے کی پوری کوشش کرتا ہے

ليکن عجيب بات يہ ہے کہ

جو آدمی اللہ سے ڈرتا ہے
وہ اللہ کا قُرب حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے
اور آدمی جتنا زيادہ اللہ سے ڈرتا ہے
اتنا زيادہ اللہ کے قريب ہوتا جاتا ہے

سُبحان اللہ

ٹائم مشين اور ہم

ميں گيارہويں يا بارہويں جماعت ميں پڑھتا تھا جب ميں نے ايچ جی ويلز کا 1895ء ميں چھپنے والا ناول “ٹائم مشين [Time Machine by H.G. Wells] پہلی بار پڑھا تھا ۔ اس پرمبنی مووی فلم پہلی بار 1960ء ميں نمائش کيلئے پيش کی گئی جو ميں نے بھی ديکھی تھی ۔ يہ قصہ ايک مشين کا تھا جس ميں بيٹھ کر آدمی ماضی يا مستقبل ميں سفر کر سکتا تھا ۔ مصنف ايک صدی سے زائد قبل مستقبل کا ايک ايسا نقشہ کھينچ گيا تھا جسے آج ميں اپنی آنکھوں سے ديکھ رہا ہوں

منظر کچھ يوں تھا کہ جب سائنسدان ٹائم مشين کے ذريعہ مستقبل ميں پہنچتا ہے تو ہرے بھرے باغ ۔ شفاف پانی کے چشمے اور ان کے کنارے ہنستے کھيلتے خوبصورت انسان ديکھ کر بہت لُطف محسوس کرتا ہے ۔ وہ اس کے سحر ميں مبتلا تھا کہ کسی عورت کے چيخنے کی آواز اُسے چونکا ديتی ہے ۔ وہ ديکھتا ہے کہ ايک خوبصورت دوشيزہ پانی ميں گر گئیَ ہے اور مدد کيلئے پُکار رہی ہے ۔ وہ دور سے اُس کے گرد کے لوگوں کو متوجہ کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر بے سود ۔ بھاگ کر چشموں کے بہتے پانی کے قريب پہنچتا ہے تو ديکھتا ہے کہ سب مرد و زن قہقے لگانے ميں مصروف ہيں اور ڈوبتی دوشيزہ کی چيخ و پُکار کی کسی کو پرواہ نہيں ۔ وہ بھاگ کر دوشيزہ کی جان بچاتا ہے

ابھی وہ اسی بيگانگی کے متعلق حيران ہو رہا تھا کہ ايک سائرن کی آواز آتی ہے ۔ وہ ديکھتا ہے کہ سب مرد و زن اُس آواز کی طرف چل ديتے ہيں ۔ وہ اُن کے پيچھے جاتا ہے ۔ ايک جگہ جا کر وہ رُکتے ہيں ۔ وہ آگے بڑھ کر ديکھتا ہے کہ سامنے کے پہاڑ ميں ايک دروازہ کھُلتا ہے تو يہ لوگ اُس ميں داخل ہونا شروع کر ديتے ہيں ۔ کچھ مرد و زن کے داخل ہو جانے کے بعد دروازہ بند ہو جاتا ہے ۔ وہ پہاڑ کے اُوپر چڑھتا ہے اور ايک جگہ پر اُسے ايک سوراخ مل جاتا ہے وہ اس ميں داخل ہو کر کسی طرح اندر چلا جاتا ہے ۔ وہاں وہ ايک اور ہی دنيا ديکھتا ہے ۔ بہت ہی خوشحال قسم کے لوگ باہر سے اندر آنے والے لوگوں کا خون نکال کر اور ان کے گوشت پر تجربے کر رہے ہيں اور اس طرح ان کے جسم مکمل طور پر نابود ہو جاتے ہيں ۔ وہ کسی طرح باہر نکل آتا ہے

اگلی بار جب سائرن بجتا ہے تو وہ خوبصورت مرد و زن پھر اس پہاڑ کی طرف چل پڑتے ہيں ۔ وہ ايک ايک کو پکڑ کر سمجھانے کی کوشش کرتا ہے کہ اندر نہ جائيں وہاں اُنہيں ہلاک کر ديا جائے گا مگر کوئی اُس کی بات نہيں سُنتا اور سب آگے بڑھ جاتے ہيں

ميں آج اپنے ہموطنوں کا يہی حال ديکھ رہا ہوں کہ انہيں اپنے علاوہ کسی پر يقين نہيں ہے ۔ ارد گرد ہونے والے ظُلم بھی انہيں سنجيدہ نہيں کر پاتے اور سب اپنی مرضی سے مقتل کی طرف رواں دواں ہيں

اللہ ہميں ديکھنے والی آنکھ اور سمجھنے والی عقل عطا فرمائے

ماشاء اللہ رونق ہی رونق

گھر آئے ہمارے پرديسی ۔ پياس بُجھی ہماری اکھيوں کی

ميرا بڑا بيٹا زکريا ۔ بڑی بہو بيٹی اور پونے سات سالہ پياری پوتی 7 جون کو اٹلانٹا ۔ جارجيا ۔ امريکہ سے روانہ ہو کر 8 جون کو دبئی ميرے چھوٹے بيٹے کے پاس پہنچے اور 4 دن اُس کے ساتھ رہ کر گذشتہ کل اللہ کے فضل و کرم سے اسلام آباد ہمارے پاس پہنچ گئے ہيں ۔ ماشاء اللہ گھر ميں رونق ہی رونق ہے ۔ الحمدللہ

تينوں اکٹھے پچھلی دفعہ اکتوبر 2008ء ميں آئے تھے ۔ اُس کے بعد بہو بيٹی پچھلے سال وسط ميں اکيلی چکر لگا گئی تھی ۔ زکريا ميرے حادثہ ميں زخمی ہونے کے بعد اکتوبر 2010ء ميں آيا اور الحمدللہ 2 ہفتے دن رات ميری خدمت کرتا رہا ۔ اپنی پياری پوتی سے اکتوبر 2008ء کے بعد اب ملاقات ہوئی ہے ۔ وہ بھی بہت خوش ہے بالخصوص دادا اور دادی سے مل کر کيونکہ اُس کی پھوپھو [ميری بيٹی] تو اسی سال دسمبر جنوری مين اُن کے پا 3 ہفتے رہ کر آئی تھی ۔ 3 جولائی کو ان کی واپسی ہے ۔ اس کے بعد پھر ۔ ۔ ۔

ميں نے 1999ء ميں جب امريکا کے ويزہ کيلئے درخوست دی تو بڑے احترام کے ساتھ مجھے ويزہ ديا گيا تھا ۔ پھنائن اليون آيا چکا تھا اور 2004ء ميں ميں نے اور ميری بيوی نے ويزہ کيلئے درخواستيں ديں ۔ تو نہ ديا گيا کہ پاکستان آرڈننس فيکٹريز ميں کام کرتا تھا ۔ 2010ء ميں پھر ہم نے ويزہ کيلئے درخواستيں دين اور پھر اُسی وجہ سے نہ ديا گيا ۔ چنانچہ ہم تو اب جا نہيں سکتے وہی 3 سال بعد آيا کريں گے

پيپلز پارٹی اور پاکستان

يہ حقيقت تو سب کے عِلم ميں ہو گی کہ جب پاکستان پر پيپلز پارٹی کے لوگ حکمران ہوتے ہيں تو وہ پاکستان کی حکومت نہيں ہوتی بلکہ پيپلز پارٹی کی حکومت ہوتی ہے ۔ اسلئے وہ سارے کام پاکستان کی بجائے پيپلز پارٹی کيلئے کرتی ہے

پيپلز پارٹی کا جو بھی رہنما وزير اعظم بنے يا صدر بنے ۔ ذوالفقار علی بھٹو ہو يا بينظير ہو يا آصف علی زرداری ہو يا يوسف رضا گيلانی ہو وہ جب بھی بولے گا کبھی نہيں کہے گا پاکستان کی حکومت بلکہ کہے گا پيپلز پارٹی کی حکومت

قائد اعظم محمد علی جناح اور ہمارے ملک پاکستان سے پيپلز پارٹی کتنی محبت رکھتی ہے اس کا ايک ثبوت حال ہی ميں شائع کر چکا ہوں ۔ اب ايک اور

سانحہ کراچی ۔ سرکاری کاروائی يا ہيرہ پھيری ۔ اہم سوالات

کراچی میں نہتے نوجوان کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کرنے کے واقعہ میں ملوث صرف 2 اہلکاروں کو مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دیگر کردار کہاں گئے ؟
جبکہ عبداللہ شاہ غازی رینجرز کے 6 اہلکاروں کے علاوہ بھی پولیس اہلکار اور ان کے مخبر سمیت کئی اہم کردار اس بہیمانہ واردات میں ملوث ہیں ۔کون کس کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے؟

پہلی ایف آئی آر کے مطابق مقتول سرفراز مبینہ طور پر سی آئی ڈی پولیس کے اہلکار عالم زیب اور اس کی فیملی کو لوٹ رہا تھا۔ ایسے میں افسر خان مدعی کیوں بنا؟
اس کارروائی کا اہم کردار سی آئی ڈی اہلکار عالم زیب تمام سرکاری کارروائی میں کہیں بھی شامل کیوں نہیں ؟
نوجوان کو جعلی مقابلے میں رینجرز اہلکاروں نے قتل کیا۔ اس اہم کارروائی کا مدعی افسر خان ہی کیوں بنا ؟
واقعہ کے بعد سے افسر خان کہاں چلا گیا ؟
نوجوان کو بہیمانہ طریقے سے بالوں سے پکڑ کر لانے کے بعد رینجرز اہلکاروں کے حوالے کرنے اور اسے مارنے کے لئے اُکسانے کے بعد واقعہ کی جھوٹی ایف آئی آر درج کرنے والے اس اہم کردار کے خلاف اب تک کوئی کارروائی سامنے کيوں نہیں لائی گئی ؟

سرفراز شاہ نہ اپنی پستول کے نقلی ہونے کا واویلا کرتا رہا اور نہ ہی اس نے فائرنگ کی ایسے میں مقابلے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیسے کرلیا گیا ؟
اگر سرفراز کے پاس کھلونا پستول تھی تو پھر زیر دفعہ 13 ڈی اصلی پستول کی برآمدگی کا مقدمہ کیسے درج ہوا ؟
بوٹ بیسن تھانے کے ڈیوٹی افسر سب انسپکٹر ذوالفقار علی کو اصلی پستول کس نے فراہم کی ؟
سب کچھ جانتے ہوئے پولیس اس واقعہ میں فریق کیوں بنی ؟
وڈیو فلم میں سرفراز کو قتل کرنے میں تمام رینجرز اہلکار پیش پیش دکھائی دے رہے ہیں ۔ ایسے میں تمام 6 اہلکاروں کو پولیس کے حوالے کیوں نہیں کیا گیا ؟
جعلی ايف آر کے مطابق لُٹنے والا پولیس اہلکار ہے ۔ سامنے تھانہ ہونے کے باوجود سرفراز کو پولیس کی بجائے رینجرز کے حوالے کیوں کیا گیا ؟
اس سانحہ کے چند ذمہ داروں کو تو شاید سزا مل جائے مگر کیا عوامی خدمت اور حفاظت پر مامور ان فورسز کے اہلکاروں کی انسانیت دشمن تربیت اور مجرمانہ کردار کے ذمے دار افسران کی بھی پکڑ ہوگی ؟

ابھی تو معاملہ گرم ہے اور میڈیا کے ساتھ ساتھ پوری قوم کی نظریں اس کیس پر ہیں ۔ ایسے میں پُراسرار کرداروں کی متذکرہ بالا قانونی چالبازیاں اس گھناوٴنی واردات کے کچھ کرداروں کو بچانے کے لئے سرگرم نظر آرہی ہیں

بشکريہ ۔ افضل ندیم ڈوگر۔ نمائندہ جنگ

وطن ۔ معاشرہ ۔ اور دہشتگردی

ميرا دماغ سُن ہے ۔ پچھلی 2 راتيں سو نہيں سکا ۔ سوچ سوچ کر درد سے سر پھٹا جا رہا ہے ۔ ميرے رب ۔ يہ زمين کيوں نہيں پھٹ جاتی ؟ کيا قيامت آنے سے قبل اس سے زيادہ بھی کچھ ديکھنا باقی ہے ؟

اخروٹ آباد ميں 2 مردوں اور 3 عورتوں جن ميں ايک 7 ماہ کی حاملہ تھی کے محافظينِ عوام کے ہاتھوں بيہيمانہ قتل کی ابتدائی تحقيقات بھی ابھی مکمل نہيں ہوئيں کہ کراچی کے پُر رونق علاقہ ميں ايک نوجوان کو عوام کے محافظين نے نہائت سفّاکی کے ساتھ قتل کر ديا ۔ ميں سوچتا ہوں کہ کلفٹن کا علاقہ جہاں آدھی رات تک گہما گہمی رہتی ہے وہاں مقتول ۔ 6 وردی والوں اور دلير کيمرہ والے کے علاوہ کوئی انسان موجود نہ تھا کہ اس بے بس نوجوان کی جان بچانے کی کوشش کرتا ؟ کيا ميرے سب ہموطن اپنے جسم کے علاوہ کچھ اور سوچنے کے اہل نہيں رہے ؟ اس لحاظ سے تو لاہوری قابلِ تحسين ہيں کہ اُنہوں نے ريمنڈ ڈيوس کو گھير کر پوليس کے حوالے کر ديا تھا ورنہ وہ دو جوانوں کو ہلاک کرنے کے بعد بھاگ گيا ہوتا

اگر کوئی فرد يا ادارہ برائی پھيلاتا ہے تو اس کا يہ مطلب نہ لينا چاہيئے کہ جو کام وہ اچھا کرے اُسے بھی بُرا سمجھ کر اس کی تعريف نہ کی جائے ۔ ہمارے مُلک کے ذرائع ابلاغ بلاشبہ بُرائيوں کے فروغ ميں ممد رہے ہيں مگر دورِ حاضر ميں لائقِ تحسين ہے اِن کا ايک کردار کہ صحافی اپنی جانوں کو خطرہ ميں ڈال کر اور اپنی جانوں کی قربانی دے کر اپنے مُلک کے بے سُدھ عوام کو حقائق تک رسائی دے کر نيند يا نشہ سے جنجوڑنے کی ارادی يا غير ارادی کوشش کر رہے ہيں

ميں پچھلی 4 دہائيوں سے ديکھتا آ رہا ہوں کہ ميرے ہموطنوں کی اکثريت اُسے دہشتگرد کہتی ہے جسے امريکا دہشتگرد کہے ۔ نہ کوئی تاريخ ميں دلچسپی رکھتا ہے اور نہ حقيقت کی جُستجُو کہيں نظر آتی ہے ۔ معاشرہ خود غرضی کی پٹڑی پر چڑھ چکا ہے ۔ بُغظ اور تعصب کی عينک پہن رکھی ہے ۔ دو ٹکے زيادہ کما ليتے ہينں تو سمجھتے ہيں کہ انسان بن گئے ۔ انسان بننے کے تقاضے کيا ہيں ؟ اس سے اُنہيں کوئی دلچسپی نہيں ہے ۔ صرف زبانی بيان بازی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا کر پھولے نہيں سماتے ۔ اگر طالبان ۔ القاعدہ ۔ مُلا اور ہر مسجد ميں جانے والے کو گالياں اور بد دعائيں دينے کی بجائے موجودہ حالات کے سبب کی تلاش کرتے تو شايد ہمارا مُلک ان حالات سے دو چار نہ ہوتا جيسا اب ہے ۔ کسی نے اتنا بھی سوچنے کی زحمت نہ کی کہ صرف 8 سال قبل ايسا کچھ نہ تھا تو پھر يہ حالات کيونکر پيدا ہوئے کہ انسانی بم انسانوں کی موت کا سبب بننے لگے ؟

سُنا اور پڑھا بھی يہی تھا کہ عِلم آدمی کو انسان بناتا ہے اور عِلم کی ضد آدمی کو وحشی ۔ اللہ کے فرمان اور اس کی نبيوں عليہم السلام کے ذريعہ مہياء کی گئی عملی تربيت سے معلوم ہوا کہ صرف عِلم نہيں بلکہ عِلمِ نافع آدمی کو انسان بناتا ہے ورنہ عِلم آدمی کو درندہ بنا سکتا ہے ۔ اس فلسفہ کی شايد سمجھ نہ آتی اگر ميں دورِ حاضر سے قبل ہی اس دنيا سے چلا جاتا

پچھلے چند ہفتوں ميں منظرِ عام پر آنے والے اخروٹ آباد اور کراچی کے واقعات کو ذہن ميں رکھ کر بلوچستان ۔ مالاکنڈ ۔ سوات اور باجوڑ وغيرہ پر غور کيا جائے تو ايک واضح تصوير سامنے آتی ہے کہ دہشتگرد کيسے اور کيونکر پيدا ہوئے ؟ اگر ايک کمسِن لڑکے کے ماں باپ اور بہن بھائی گھر ميں بيٹھے يا سوئے ہوئے اچانک کسی فوجی کاروائی يا ڈرون سے پھينکے گئے مزائل کے نتيجہ ميں ہلاک ہو جائيں تو کيا وہ بچہ پھولوں کے ہار لے کر دوسروں کو پہنانے جائے گا يا پہلا موقع ملتے ہی جس کسی کو دشمن سمجھے گا ہلاک کر دے گا خواہ اس کيلئے اُسے اپنے جسم کو ہی بم بنانا پڑے ؟

صرف حکومت کو بُرا کہنے سے کوئی آدمی بری الذمہ نہيں ہو جاتا ۔ گو ہمارے ہاں رواج ہو گيا ہے کہ حکومت ميں شامل ہوتے ہوئے عوام کو بيوقوف بنانے کيلئے ذرائع ابلاغ کے سامنے تقارير کی جاتی ہيں کہ “ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہيں ۔ يہ وہ يہ ۔ وغيرہ”۔ [My Foot] ۔ جس عمل کا مطالبہ عوام کے سامنے کرتے ہيں وہ اگر حکومت ميں ہوتے ہوئے پورا نہيں کر سکتے تو حکومت ميں کس لئے شامل ہيں ؟ وزاتيں چھوڑيں اور حزبِ اختلاف ميں شامل ہو کر مطالبات کريں

درست کہ 3 کروڑ 70 لاکھ جعلی ووٹوں کا اندراج کر کے پرويز مشرف نے کيو ليگ ۔ پی پی پی اور ايم کيو ايم کو زيادہ نشستيں حاصل کرنے کے قابل بنايا ۔ [ن ليگ ميرے چچا کی نہيں ہے ۔ وہ ان دنوں زيرِ عتاب تھی] مگر سب لوگ تو جعلی ووٹوں سے کامياب نہيں ہوئے ہونگے ۔ جن اصلی ووٹروں نے کامياب ہونے والے حکمرانوں کو ووٹ ديئے وہ بھی موجودہ حالات کے ذمہ دار ہيں ۔ بات صرف اتنی نہيں ہے ۔ جن ووٹروں نے ووٹ ڈالنے کی زحمت گوارہ نہيں کی وہ سب سے بڑے مجرم ہيں موجودہ حالات کے کيونکہ وہ اکثريت ميں ہيں

حکومت اور انتخابِ حکومت کے علاوہ بھی تو عوام کے روز مرّرہ کے فرائض ہيں مگر حالت يہ ہے کہ اپنے جائز حقوق اور ناجائز خواہشات حاصل کرنے کيلئے ناجائز ذرائع کو درست سمجھا جاتا ہے مگر دوسرے کے حق کو نہ صرف نظر انداز کيا جاتا ہے بلکہ دوسرے کا حق چھيننے کو ہوشياری اور عقلمندی [Tactfulnees & wisdom] کا نام ديا جاتا ہے ۔ معاشرے ميں بے حِسی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ سامنے ايک آدمی ظلم کا شکار ہو رہا ہو تو اُسے بچانے کی بجائے کھڑے ہو کر اس ظُلم سے محظوظ ہونے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ ايسی بھيڑ ميں کچھ لوگ ٹھٹھا کرتے بھی ديکھے جاتے ہيں ۔ دوسری طرف حالت يہ ہے کہ ذرا ذرا سی بات پر ايک تا ايک درجن بسيں جلا دی جاتی ہيں اور دوسری املاک کو بھی نقصان پہنچايا جاتا ہے ۔ مگر دعوے انسان دوستی اور حق پرستی کے کئے جاتے ہيں

يا ميرے مالک و خالق ۔ اے مجھ پر ہميشہ اپنا کرم کرنے والے ميرے اللہ ۔ قبل اس کے کہ ميں ايسے خبيث معاشرے کا حصہ بن جاؤں مجھے اس دنيا سے اُٹھا لينا

تُو رحيم و کريم ہے مگر تيرے جہاں ميں
ہيں تلخ بہت تيرے غلاموں کے اوقات