Monthly Archives: May 2011

کيا اُسامہ بن لادن ايبٹ آباد ميں مارا گيا ؟

ڈان نيوز کے طلعت حسين کہتے ہيں کہ اُسامہ پہلے مر چکا تھا يا مارا جا چکا تھا ۔ ايبٹ آباد کا ڈرامہ صرف اوباما اور اس کی پارٹی کی ريٹِنگ بڑھانے کيلئے تھا جس ميں امريکا کی خفيہ ايجنسياں کامياب رہی ہيں

مندرجہ ذيل ٹی چينل کا دعوٰی ہے کہ اُسامہ بن لادن کو مارنے کا دعوٰی نويں بار کيا گيا ہے ۔ ديکھيئے وڈيو

اُسامہ مر گيا ۔ اب کيا ؟

آج صبح سويرے ميری بيگم بوليں “ٹی وی بتا رہا ہے کہ اُسامہ بن لادن کو ايبٹ آباد کے قريب ہلاک کر ديا گيا ہے ۔ ميرے مُسکرانے پر بيگم نے ڈانٹ پلاتے ہوئے کہا “توبہ کرو ۔ إِنَّا لِلَّہِ وَإِنَّا إِلَيْہِ رَاجِعُونَ کہو”۔ ميں نے اسی وقت إِنَّا لِلَّہِ وَإِنَّا إِلَيْہِ رَاجِعُونَ پڑھا اور بيگم سے کہا “يہ امريکا والے جھوٹ بول رہے ہيں اپنی عوام کو وقفے وقفے سے اسپرين کی گولی ديتے رہتے ہيں تاکہ انہيں درد کا افاقہ رہے”

ميں کچھ لکھنا چاہتا تھا مگر ميں نے کمپيوٹر چلا کر ای ميلز پڑھی تھيں کہ بجلی غائب ۔ ايک گھنٹے بعد بجلی آئی تو ميں سوچ چکا تھا کہ دوسرے خواتين و حضرات کا ردِ عمل ديکھا جائے ۔ صرف ايک تحرير آئی ۔ وہ بھی بطور خبر کے ۔ اس تحرير پر جو لکھنے گيا تھا اُس کی بجائے لکھاری کو دلاسہ دے کر آ گيا ۔ پھر اپنے مخزن مضامين کيلئے کچھ اور تحرير لکھنے ميں مشغول ہو گيا ۔ بجلی پھر چلی گئی ۔ پھر نيچلی منزل جا کے سارا اخبار پڑھ ڈالا ۔ ظہر کی نماز کے بعد کھانا کھايا ۔ قيلولہ کيا ۔ اوپر کی منزل پر آ کر کمپيوٹر چلايا اور خُرم صاحب کی متذکرہ بالا تحرير کو دوبارہ کھولا تو وہاں کئی تبصرے ديکھے جس سے محسوس ہوا کہ ميرے ساتھ اور لوگ بھی ہيں جو اس خبر پر يقين نہيں رکھتے ۔ ابھی ميں نے اپنے خيالات قلمبند کرنا شروع کئے تھے کہ بجلی پھر چلی گئی ۔ بجلی آئی ہے تو لکھنے بيٹھا ہوں

ميرا موت ميں اتنا ہی يقين ہے جتنا اس ميں کہ ميں اس وقت لکھ رہا ہوں ۔ إِنَّا لِلَّہِ وَإِنَّا إِلَيْہِ رَاجِعُونَ ۔ سورت ۔ 2 ۔ البقرہ ۔ آيت 156 ۔ ترجمہ ۔ ہم اللہ کی ملکیت ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں۔‏ مرنا بر حق ہے ۔ سوال صرف يہ ہے کہ کيا اُسامہ بن لادن مر گيا اور کب اور کہاں مرا ؟ ميرا جواب ہے کہ سوائے اللہ کے اور کوئی نہيں جانتا کہ اُسامہ بن لادن زندہ ہے يا مر گيا ۔ رہا اُس کا پاکستان ميں ہونا يا مرنا تو يہ قرينِ قياس نہيں ہے ۔ اگر وہ پاکستان ميں ہوتا يا مرتا تو اس کی خبر بالخصوص موجودہ حالات ميں پاکستان آرمی کے آئی ايس پی آر سے آتی نہ کہ امريکا سے ۔ آئی ايس پی آر خاموش ہے اور حکومتی بيان مُبہم آيا ہے

امريکا کو افغانستان ميں شکست کا سامنا ہے جہاں فتح کا اعلان امريکی اہلکار کئی بار کر چکے ہيں ۔ دسمبر 2001ء ميں جب تورا بورا پر ڈيزی کٹر پھينک کر کارپٹ بومبنگ کی گئی تھی ۔ اُس وقت کے امريکی صدر جارج بُش نے اُسامہ کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کيا تھا ۔ دراصل امريکی حکومت اپنی عوام کے درد کو کم کرنے کيلئے وقفوں سے اسپرين کی گولی ديتی رہتی ہے ۔ اُسامہ کی موت کی اس وقت خبر دينا بھی اسپرين کی ايک گولی سے زيادہ کچھ نہيں يا پھر ايسے وقت جب پاکستان کی فوج صرف اپنی شرائط پر مزيد تعاون کرنا چاہتی ہے پاکستانی حکومت يا فوج کو دباؤ ميں لانا مقصود ہو سکتا ہے ۔ امريکی حکمرانوں ميں عقل کی کمی ہے يا وہ بوکھلائے ہوئے ہيں کہ اپنے ہی مختلف بيانات سے خبر کو مکمل مشکوک بنا ديا ہے ۔ امريکی حکمرانوں کو چاہيئے کہ بات کرنے کا ڈھنگ ق ليگ پنجاب کے صدر چوہدری پرويز الٰہی سے سيکھ ليں ۔ کس طرح اُس نے ہمارے ملک کے چالاک ترين آدمی آصف علی زرداری کو چاروں شانے چِت کر ديا ہے

حقيقت تو اللہ کو معلوم ہے اور امريکی بڑوں کو بھی معلوم ہو گی ۔ فرض کر ليتے ہيں کہ جس طرح اوبامہ نے کہا ہے امريکی ايجنسی نے کل کاروائی کر کے اُسامہ کو ايبٹ آباد ميں ہلاک کيا اور اس کاروائی ميں 2 ہيلی کاپٹروں نے حصہ ليا جن ميں سے ايک گر گيا يا گرا ليا گيا ۔ اب ان سوالوں کا کون جواب دے گا ؟

1 ۔ ايک دفاعی اہميت کے شہر “ايبٹ آباد” ميں اُسامہ قيام پذرير تھا ۔ اُسے خوراک اللہ کے فرشتے نہيں پہنچاتے تھے ۔ مگر وہ شخص جس کی شکل ٹی وی چينلز پر ديکھ ديکھ کر بوڑھوں سے بچوں تک سب کو ازبر ہو چکی ہے جان نہ سکے کہ اُسامہ اُن کے درميان رہ رہا ہے

2 ۔ حالانکہ عمارت بڑی تھی اور اس ميں کئی لوگ رہتے تھے پھر بھی فرض کر ليتے ہيں کہ کوئی نہ کبھی اس عمارت کے اندر گيا اور نہ کبھی باہر آيا ۔ پھر بھی يہ ممکن نہيں ہے کہ ايبٹ آباد کے لوگوں نے جستجو نہ کی ہو کہ اس بڑی عمارت ميں کون رہتا ہے جبکہ اگر ہميں پتہ نہ چلے کہ فلاں عمارت ميں کون رہتا ہے ؟ تو ہماری نينديں حرام ہو جاتی ہيں

3 ۔ پاکستان کی خفيہ ايجنسياں جو گڑے مُردے بھی سونگھ ليتی ہيں ۔ جہاں ان کی ذمہ دارياں سخت تھيں اسی علاقے ميں سب سے بڑا دہشتگرد مزے لُوٹ رہا تھا اور اُنہيں اس کی بھِنک نہ پڑی

4 ۔ کيا اس بات کی اجازت ہماری حکومت نے دے رکھی ہے کہ جس کا جی چاہے جہاں چاہے خُفيہ فوجی کاروائی کرے اور جسے چاہے جتنوں کو چاہے ہلاک کر دے اور اُن کے جسم بھی اُٹھا کر ليجائے ؟

5 ۔ بقول امريکی اہلکاروں کے جسم کو سمندر ميں پھينک ديا گيا ۔ کيوں ؟ اسے محفوظ کر کے امريکا ليجا کر اور اسے وہاں کے ٹی وی چينلز کو کيوں نہ دکھايا ؟ جبکہ عراق اور افغانستان ميں مارے جانے والے سينکڑوں بلکہ ہزاروں امريکی فوجيوں کی نعشوں کو اپنی عوام کے غيظ و غضب سے بچنے کيلئے کئی کئی سال تک عراق اور افغانستان محفوظ رکھا گيا اور تھوڑی تھوڑی نعشيں امريکا ليجائی جاتی رہيں

6 ۔ کيا پاکستانی حکومت اور ايجنسياں بالکل نااہل ہيں کہ ان کے ملک کے دفاعی اہميت کے شہر ميں ہيلی کاپٹروں کی مدد سے کاروائی ہوئی جو کم از کم 35 يا شايد 45 منٹ تک جاری رہی اور انہيں خبر تک نہ ہوئی ؟

7 ۔ لازمی امر ہے کہ ہيلی کاپٹر پاکستانی فضا ميں سينکڑوں کلوميٹر لمبا سفر طے کر کے ايبٹ آباد پہنچے ہوں گے ۔ کيا کسی ايجنسی کسی آرمی يا رينجرز فارميشن نے اُنہيں نہيں ديکھا ؟ گويا وہ سب بھی نشہ پی کر سوئے ہوئے تھے ؟

8 ۔ امريکا نے بقول امريکا افغانستان پر 2001ء ميں اسلئے حملہ کيا تھا کہ وہاں اُسامہ تھا جسے طالبان نے امريکا کے حوالے کرنے سے انکار کر ديا تھا اور وہ اُسامہ کو ہلاک کرنا چاہتے تھے ۔ اُسامہ ہلاک ہو گيا ۔ اب امريکا اپنا بوريا بستر گول کر کے افغانستان سے کيوں نہيں چلا جاتا ؟

بات آخر ميں يوں بنتی ہے کہ اب پاکستان کے عوام اپنے ۔ اپنے پياروں اور اپنی املاک کی حفاظت خود اپنے ہاتھ ميں لے ليں کيونکہ حکمران ۔ فوج ۔ رينجرز ۔ پوليس سب نااہل ہيں يا دشمن کے ايجنٹ ہيں ۔ ايسا نہيں ہو سکتا ايسا کبھی نہيں ہو سکتا

کيا اللہ کا کلام جھُٹلايا جا سکتا ہے ؟ نعوذ باللہ من ذالک

جب فرانسسکو مِترا 1981ء ميں فرانس کا صدر بنا تو فرانس نے مصر سے درخواست کی کہ فرعون [Ramesses II ] کی حنوط شدہ لاش تعليمی تحقيق کيلئے اُنہيں دی جائے

فرعون کی حنوط شدہ لاش فرانس پہنچی تو آثارِ قديمہ اور علم الاعضاء کے ماہرين سائنسدانوں نے اُس پر تحقيق شروع کی جن کا سربراہ پروفيسر مَورِيس بُوکيل [Professor Maurice Bucaille] تھا ۔ پروفيسر مَوريس کو صرف يہ دلچسپی تھی کہ اس فرعون کی موت کيسے واقع ہوئی تھی ۔ تحقيق کے بعد سب سائنسدان اس نتيجہ پر پہنچے کہ نعش کی کھال ميں نمک کی زيادتی اس بات کا کھُلا ثبوت ہے کہ موت کی وجہ سمندر ميں ڈوبنا تھی جہاں گلنے سڑنے سے قبل نعش کو نکال کر محفوظ کيا گيا ہو گا ليکن ايک حقيقت پروفيسر مَورائس کو پريشان کر رہی تھی کہ يہ نعش باقی سب حنوط شدہ نعشوں سے بہت زيادہ صحيح حالت ميں کيوں ہے جبکہ يہ تو سمندر سے نکالی گئی جس کی وجہ سے اسے زيادہ خراب ہونا چاہيئے تھا

سائنسدان اپنی تحقيق مکمل کر چکے تو فرعون کی نعش مصر واپس بھيج دی گئی ۔ پروفيسر مَورائس اپنی اور اپنی ٹيم کی تحقيقات پر مبنی حقائق کتاب کی صورت ميں تيار کر رہا تھا تو وہاں کسی نے اُس سے کہا کہ “مسلمان دعوٰی کرتے ہيں کہ اُنہيں فرعون کے ڈوبنے اور اسے محفوظ کرنے کے متعلق کچھ معلوم ہے”۔ پروفيسر مَورائس نے اس کی سختی سے نفی کی اور کہا کہ “سائنسی ترقی ۔ ہائی ٹيک ليبارٹری اور کمپيوٹر کے بغير اس قسم کی کوئی بھی معلومات حاصل کرنا ناممکن ہے” ۔ پھر اُسے بتايا گيا کہ مسلمان قرآن نامی ايک کتاب ميں يقين رکھتے ہيں اور اس کتاب ميں فرعون کے ڈوبنے اور اس کی لاش کو انسانوں کيلئے نشانی بنانے کا ذکر ہے ۔ پروفيسر مَورائس بولا “يہ کس طرح ممکن ہے کہ 14 صدياں قبل لکھی گئی کتاب اُس نعش کی بات کرے جو 2 صدياں قبل ملی ۔ پروفيسر مَورائس سوچ ميں پڑ گيا “کيا يہ وہی شخص ہے انجيل کے مطابق جس نے موسٰی [عليہ السلام] کا پيچھا کيا تھا ؟ کيا يہ ممکن ہے کہ محمد [صلی اللہ عليہ و آلہ و سّلم] کو 14 صدياں قبل پتہ تھا ؟” پروفيسر مَورائس کی نيند حرام ہو چکی تھی ۔ اُس نے فيصلہ کيا کہ وہ سفر کرے اور جا کر عِلم الاعضاء کے مسلمان سائنسدانوں سے ملے ۔ جب اُس نے ايک مسلمان سائنسدان کے پاس جا کر اپنا سوال دہرايا تو بغير بولے وہ قرآن شريف اُٹھا لايا

سورت 10 ۔ يونس ۔ آيات 90 تا 92
اور ہم نے بنی اسرائیل کو دریا سے پار کر دیا تو فرعون اور اس کے لشکر نے سرکشی اور تعدی سے ان کا تعاقب کیا۔ یہاں تک کہ جب اس کو غرق (کے عذاب) نے آ پکڑا تو کہنے لگا میں ایمان لایا کہ جس (خدا) پر بنی اسرائیل ایمان لائے ہیں۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں فرمانبرداروں میں ہوں۔ (جواب ملا) کہ اب (ایمان لاتا ہے) حالانکہ تو پہلے نافرمانی کرتا رہا اور مفسد بنا رہا؟ تو آج ہم تیرے بدن کو (دریا سے) نکال لیں گے تاکہ تو پچھلوں کیلئے عبرت ہو۔ اور بہت سے لوگ ہماری نشانیوں سے بےخبر ہیں

پروفيسر مَورائس نے جونہی مسلمان سائنسدان کی دکھائی ہوئی قرآن شريف کی آيت پڑھی وہاں موجود تمام لوگوں کو مخاطب کر کے بلند آواز ميں کہا
“ميں اسلام پر ايمان لاتا ہوں ميں قرآن پر ايمان لاتا ہوں”[سةبحان اللہ]
اس کے بعد وہ ملک واپس جا کر ايک دہائی تک قرآن شريف اور سائنس کا موازنہ کرتا رہا ۔ جو چيز قرآن شريف کے مخالف ہوتی اُسے رد کر ديتا ۔ آخر اس نے اپنا فيصلہ دے ديا

سورت 41 ۔ حٓم السجدہ [فُصلت]۔ آيات 41 و 42
جن لوگوں نے اپنے پاس قرآن پہنچ جانے کے باوجود اس سے کفر کیا ۔ (وہ بھی ہم سے پوشیدہ نہیں) یہ با وقعت کتاب ہے ۔ جس کے پاس باطل پھٹک نہیں سکتا نہ اس کے آگے سے اور نہ اس کے پیچھے سے ۔ یہ ہے نازل کردہ حکمتوں والے خوبیوں والے (اللہ) کی طرف سے

پروفيسر مَورائس نے ايک کتاب لکھی جس نے سارے يورپ کو ہلا کے رکھ ديا

“Quran, Torah, Bible and Science: A Study of the Holy Books in the Light of Modern Science”

مواد مہياء کرنے کيلئے ميں تحريم صاحبہ کا مشکور ہوں ۔ اللہ اُنہيں سدا خوش رکھے