Daily Archives: July 1, 2010

آج کی اہم ملکی جبريں

ہم دنيا کی بہترين قوم ہيں اسلئے ہماری ہر چيز بہترين اور اچھوتی ہے
دوسرے مُلکوں کی خبريں ہوتی ہيں مگر ہمارے مُلک ميں جبريں ہوتی ہيں
حاضر ہيں آج کی اہم جبريں ۔ ہر جبر کے 2 حصے ہوں گے ۔ پہلا ۔ جو کہا گيا اور دوسرا ۔ جو مطلب ہے

صدرِ محترم کا گلا پھاڑ اعلان
“عوام دستی کو چاہتے ہیں تو تم کیا کر سکتے ہو”
مطلب ۔ عوام دھوکے باز ہيں تو کيا وہ ديانتدار شخص کو پسند کريں گے ؟

عدلیہ سے مخاطب ہو کر ” آپ مان لیں کہ عوام اصل طاقت ہیں”
مطلب ۔ اعلٰی عدالتوں کو ميں ياد دہانی کراتا ہوں کہ ہمارے جيالوں کا جتھہ جس سڑک سے گذرتا ہے اس سڑک پر کوئی چيز سلامت نہيں رہتی ۔ ديکھتے نہيں ہم کراچی ميں بولنے والوں کو کتنی صفائی سے راستہ سے ہٹا رہے ہيں

” اپنے دوستوں کو صبر کی تلقین کرتا ہوں”
مطلب ۔ ابھی تو ميں نے ايک ارب ڈالر سے کچھ اُوپر جمع کيا ہے ۔ صبر سے کام ليں ۔ کم از کم 10 ارب ڈالر تو کر لينے ديں پھر اگر کچھ بچ گيا تو تم لے لينا

حکومت کا اعلان
حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کے تحت بجلی کے نرخوں میں آج بروز جمعرات یکم جولائی سے 7.6 فیصد فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ گزشتہ روز کے 14 پيسے فی يونٹ اضافے سے الگ ہے
مطلب ۔ ہميں ووٹ دو گے تو ايسے ہی مزے پاؤ گے ۔ ہم سے کچھ تو سيکھو ۔ بِل ادا کرنا ہے تو مال بناؤ ۔ تمہارے ہاتھ پاؤں نہيں ہيں کيا ؟

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کا اعلان
جن علاقوں میں چوری کی شرح 10 فیصد سے کم ہے وہاں لوڈشیڈنگ 3 سے 2 گھنٹے کر دی جائے گی۔ وقت پر بل ادا کرنے والوں کو کچھ فری یونٹ دیئے جائیں گے
مطلب ۔ بجلی ضرور چوری کرو بھائی مگر کچھ ہماری اِجت کا بھی کھيال رکھو ۔ بھائی تھوڑا سا بِل تو ادا کر دو ۔ ہم اُس ميں سے بھی کچھ يونٹ مُفت کر ديں گے ۔ بھائی جرا کھيال کرو ہماری اِجت کا

عوام کا اعلان
چنيوٹ ميں غربت سے تنگ آکر خاتون نے 2 بچوں سمیت دریا میں کود کر خودکشی کرلی
مطلب ۔ عوام کے پاس اب ايک ہی طاقت رہ گئی ہے اس جمہوريت ميں ۔ سُنا تو تھا کہ جمہوريت کی طاقت کا سرچشمہ عوام ہوتے ہيں

جانتے ہيں يہ کيا ہے ؟

عصرِ حاضر ميں معلومات بہت زيادہ ہو گئی ہيں مگر ماہرين کہتے ہيں کہ تاريخ کمزور ہے ۔ صرف 5 سے زيادہ اور 6 سے کم دہائياں پرانی بات تو سب کو معلوم ہونا چاہيئے

نيچے تصوير ديکھ کر بتايئے کہ ہوائی جہاز پر کيا لادا جا رہا ہے ؟

چلئے کچھ اشارہ ديتا ہوں کہ يہ 1956ء کا واقعہ ہے ۔ آيا کچھ سمجھ ميں ؟
*
*
*
جواب نيچے ہے
*
*
*
يہ 5 ميگا بائٹ [5MB] کی ہارڈ ڈسک ڈرائيو ہے آئی بی ايم کے پہلے سُپر کمپيوٹر 305 رامَک کی جس کا اجراء ستمبر 1956ء ميں کيا گيا تھا ۔ اس ہارڈ ڈسک ڈرائيو کا وزن 1000 کلو گرام سے زيادہ تھا

حيران ہونے کی ضرورت نہيں ۔ 1980ء ميں ہمارے ادارے ميں آئی بی ايم کا مين فريم کمپيوٹر تھا اُس کی ہارڈ ڈِسک ڈرائيو 50 ميگابائيٹ کی تھی ۔ جب ميں نے اپنے دفتر کيلئے 1987ء ميں 20 ميگا بائٹ ہارڈ ڈِسک ڈرائيو والا پی سی خريدا تو لوگ اُسے ديکھنے کيلئے آتے تھے اور حيران ہوتے تھے ۔ اس وقت ميں 250 جی بی والے کمپيوٹر پر کام کر رہا ہوں ۔ آجکل 8 جی بی کی يو ايس بی فليش ڈرائيو عام ملتی ہے اور آئی فون 32 جی بی والا ملتا ہے