عام طور پر پروپيگنڈہ کا اثر بلا تامل قبول کر ليا جاتا ہے ۔ بہت کم لوگ جانتے ہيں يا احساس رکھتے ہيں کہ پروپيگنڈہ کا اثر لينے کا مطلب کسی دوسرے کے ہاتھ ميں کھيلنا ہوتا ہے ۔ اسی طرح لطيفے سُن کر دوسروں کو سُنانا عام انسان کا معمول بن چکا ہے يہاں تک کہ کئی لطيفے کسی انسان کی دل آزاری يا اللہ يا رسول کے حضور ميں گُستاخی کے موجب ہوتے ہيں
انٹرنيٹ سے تعلق رکھنے والے جانتے ہوں گے کہ کبھی کبھی ای ميل آتی ہے کہ فلاں فلاں ويب سائٹ نہ پڑھيں اور اپنے سب دوستوں کو يہ ای ميل فارورڈ کريں ۔ کبھی کسی نے تحقيق کی کہ ايسی ای ميل کا منبع کہاں ہے ؟ ايسی ای ميلز کا مقصد زيادہ سے زيادہ قارئين کو اس غلط ويب سائٹ سے متعارف کروانا ہوتا ہے ۔ منصوبہ يہ ہوتا ہے کہ اگر 5 فيصد قارئين بھی وہاں لکھی عبارت کا اثر لے ليں يا اصل عبارت کو مشکوک سمجھنے لگ جائيں تو يہ تحريک شروع کرنے والے کی 100 فيصد کاميابی ہو گی
پروپيگنڈہ اس طرح نہيں ہوتا جيسے بہار يا برسات کے موسم ميں اچانک کونپليں پھوٹ پڑتی ہيں بلکہ اس کيلئے باقاعدہ اور لمبی منصوبہ بندی کی جاتی ہے اور ان کی نمُو کيلئے لمبی لمبی رقميں خرچ کی جاتی ہيں ۔ پروپيگنڈہ کے دو منفرد جزو ہيں ۔ ايک من گھڑت واقعات پھيلانا اور دوسرا لطيفے ۔ مقصود کسی گروہ يا قوم کے ذہن بدلنا ہوتا ہے
برطانيہ اُنيسویں صدی کے آخر اور بيسويں صدی ميں اُردن اور ہندوستان ميں ذہن بدلنے کی کامياب کوشش کر چکا تھا مگر دوسری جنگِ عظيم کے بعد محسوس کيا گيا کہ جنگ اور قبضہ کے بعد ايسا کرنے ميں جيتنے والے کا بھی کافی نقصان ہوتا ہے چنانچہ ايسا طريقہ نکالا جائے جس سے سانپ مر جائے اور لاٹھی بھی سلامت رہے ۔ اس میں پہل سووئٹ رشيا [USSR] نے کی اور يہ کام کے جی بی کے سپرد کيا ۔ امريکا [USA] کو بھی بھِنَک پڑ گئی اور اس نے يہ کام سی آئی اے کے سپرد کر ديا ۔ چنانچہ جسمانی جنگ کی بجائے ذہنی جنگ کا آغاز ہو گيا جس ميں اپنا مال خرچ کر کے دوسری قوموں کی زمينوں کی بجائے اُن کے ذہنوں پر قبضہ کرنے کی مُہمات شروع ہو گئيں ۔ اس پروپيگنڈہ کی جنگ کی دو شاخيں بنائی گئیں ۔ ايک لطيفے اور دوسرا من گھڑت واقعات ۔ جس ملک پر قبضہ کرنا مقصود ہو ان ميں سے ايک يا دونو اُس ملک ميں پھيلا کر وہاں کے باشندوں کے ذہنوں کو پراگندہ کرنا بنيادی مقصد قرار پايا ۔ مفکرين [Think Tanks] اس کام پر لگ گئے پھر لطيفوں اور من گھڑت واقعات کی قيمت لگنے لگی ۔ کئی ايسے لطيفے بھی تھے جن ميں سے ہر ايک کا معاوضہ 5 لاکھ روبل يا ڈالر ديا گيا ۔ ان منصوبوں ميں يگانگت يہ ہے کہ ان کا حدف صرف مسلم ممالک تھے جن ميں ہمارے مُلک [پہلے ہندوستان اور پھر پاکستان] کو ترجیح دی گئی
کچھ پرانے واقعات
پاکستان بننے کے بعد ايک لطيفہ مشہور کيا گيا کہ انگريزوں نے کچھ کشميری جوان فوج ميں بھرتی کر لئے ۔ جب اُنہيں بندوقيں دی گئیں تو اُنہوں نے کہا “تُپے رکھدا سُو ٹھُس کردا سُو” [اسے دھوپ ميں رکھو خود ہی چلے گی] يعنی کشميری اتنے بزدل ہوتے ہيں ۔ حقيقت يہ تھی کہ کشميريوں نے بغير کسی کی مدد کے ستمبر اکتوبر 1947ء ميں گلگت بلتستان وغيرہ آزاد کرا ليا تھا اور پرانے ہتھياروں کو استعمال کر کے منظم بھارتی فوج سے لڑ کر جنوری 1948ء تک وہ علاقہ جسے آزاد جموں کشمير کہا جاتا ہے بھی آزاد کرا ليا تھا
پاکستان کے پہلے وزيرِ اعظم نوابزادہ لياقت علی خان کی بيوی بيگم رعنا لياقت علی کے متعلق مشہور کيا گيا کہ ہندو ہے ۔ نوابزادہ لياقت علی خان کے قتل کے بعد جب لوگوں نے اپنی آنکھوں سے بيگم رعنا لياقت علی کو قرآن شريف کی تلاوت کرتے ديکھا تو پشيمان ہوئے
قائد اعظم محمد علی جناح کے متعلق کئی بار مشہور کيا جا چکا ہے کہ وہ اچھے مسلمان نہيں تھے جبکہ قائد اعظم نے بارہا اپنی تقريروں ميں دين اسلام اور اس پر عمل کی بات کی اور اُن کے قريب رہنے والے شہادت دے چکے ہيں کہ اُنہوں نے قائد اعظم کو نماز پڑھتے اور مصلے پر دعا کے دوران آنسو بہاتے ديکھا تھا
نوابزادہ لياقت علی خان امريکا کی دعوت پر امريکا گئے ۔ اُن کے واپس آنے پر مشہور کر ديا گيا کہ وہ امريکا کے دستِ نگر بن گئے ہيں ۔ کئی سال بعد سرکاری ريکارڈ سے ظاہر ہوا کہ امريکا نے بُلايا تو اپنی تابعداری کيلئے تھا مگر نوابزادہ لياقت علی خان نے کہا ” ہم ايک خود مُختار رياست ہيں”۔ اور يہی بات اُن کے قتل کا سبب بنی
جب جنرل ايوب خان نے امير محمد خان نواب کالا باغ کو پنجاب کا گورنر بنايا تو مشہور کيا گيا کہ امير محمد خان قاتل اور غُنڈا ہے ۔ حقيقت يہ ہے کہ امير محمد خان صرف ايک روپيہ ماہانہ تنخواہ ليتے تھے ۔ اپنے بيوی بچوں کو کبھی گورنر ہاؤس ميں نہيں رکھا ۔ اُن کا کھانا اُن کے گھر سے آتا تھا ۔ اپنا بستر بھی وہ اپنے گھر سے لائے ہوئے تھے ۔ جب وہ گورنر تھے تو اُن کے دو بيٹے لاہور ميں پڑھ رہے تھے جو کرائے کے مکان ميں کچھ اور لڑکوں کے ساتھ رہتے تھے روزانہ اپنے بائيساکلوں پر کالج جاتے تھے ۔ ايک دن چھوٹا بيٹا جو لاء کالج ميں پڑھتا تھا کا بائيسائکل خراب تھا تو صبح سويرے پيدل کالج جا رہا تھا کہ چڑيا گھر کے قريب گورنر کی سرکاری کار آ کر رُکی ۔ ڈرائيور نے حال احوال پوچھا اور کہا “ميں سيکريٹريٹ جا رہا ہوں ۔ بيٹھ جائيں راستہ ميں اُتر جانا “۔ وہ بيٹھ گيا ۔ دو دن بعد گورنر امير محمد خان نے بُلا بھيجا ۔ وہ گيا تو اُسے باپ نے بہت ڈانٹا
ايک بزرگ ريٹائرڈ اعلٰی اہلکار نے مجھے بتايا تھا کہ ايک نيک بزرگ لاہور ميں فوت ہو گئے ۔ اُن کی وصيت تھی کہ نمازِ جنازہ وہ پڑھائے جس نے کبھی نماز قضا نہ کی ہو ۔ بڑے بڑے مسلمان جنازہ پڑھنے آئے ہوئے تھے سب خاموش سر جھکائے کھڑے تھے پانچ سات منٹ بعد امير محمد خان جو پچھلی صفوں ميں کھڑے تھے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے آگے آئے اور نمازِ جنازہ پڑھائی ۔ کوئی ليڈی ڈاکٹر ميانوالی ميں تعينات ہونا پسند نہ کرتی تھی ۔ ايک ليڈی ڈاکٹر وہاں تعينات کی گئی ۔ وہاں ايک عورت کا غلط معائنہ سرٹيفيکيٹ مانگا گيا جو اُس نے نہ ديا ۔ دوسرے دن وہ اغواء ہو گئی ۔ اُس کے خاوند نے گورنر کو درخواست دی اور بتايا کہ ڈاکٹر کو نيو خان بس سروس کی بس پر ليجايا گيا تھا جس پر گورنر کے حُکم سے نيو خان کی تمام بسیں جہاں جہاں تھیں روک دی گئيں ۔ يہ بسيں ايک بہت بڑے شخص کے خاندان کی بسيں تھيں جس کی بيٹی گورنر کی بہو تھی ۔ تين دن بعد ڈاکٹر بحفاظت اُس کے گھر پہنچا دی گئی
جب ذوالفقار علی بھٹو وزير اعظم بنے تو چوہدری فضل الٰہی صاحب کو صدر بنايا گيا ۔ اُن کے متعلق ايک لطيفہ مشہور ہوا کہ وزير اعظم دساور سے وطن واپس آ رہے تھے تو صدر نے اپنے سيکريٹری سے کہا “بھٹو صاحب آ رہے ہيں ۔ اُن کا استقبال کرنے ايئر پورٹ چليں” ۔ سيکريٹری نے کہا “سر ۔ آپ صدر ہيں ۔ صدر وزير اعظم کا استقبال کرنے نہيں جاتے”۔ تو چوہدری فضل الٰہی صاحب نے کہا ” مياں ۔ اچھی طرح پتہ کر لو ۔ کہيں مروا نہ دينا”
مطلب يہ کہ چوہدری فضل الٰہی صاحب صدارت کے اوصاف سے ناواقف اور بزدل تھے ۔ مگر جب ريٹائرڈ جنرل ٹکا خان کی تجويز کہ” دو تين لاکھ لوگ مار ديئے جائيں تو پھر بھٹو کی کوئی مخالفت نہ کرے گا” بھٹو صاحب نے منظور کر کے صدر صاحب کو دستخط کليئے بھيجی تو چوہدری فضل الٰہی صاحب نے بھٹو اور اُن کے ساتھوں کو قيد کروا ديا ۔ اس طرح اُن کی حکومت جاتی رہی [اسے ضياء الحق کا مارشل لاء کہا جاتا ہے ۔ يہ لمبی کہانی ہے ميں نے صرف نتيجہ لکھ ديا ہے]